ریاض الصالحین — حدیث نمبر 1560

باب: مسلمان کو ناحق گالی دینے کی حرمت

باب تحريم سب المسلم بغير حق

حدیث نمبر: 1560
وعن أَبي ذرٍ - رضي الله عنه: أنهُ سَمِعَ رسُولَ اللهِ - صلى الله عليه وسلم - يقول: «لاَ يَرْمِي رَجُلٌ رَجُلًا بِالفِسْقِ أَوِ الكُفْرِ، إِلاَّ ارْتَدَّتْ عَلَيْهِ، إنْ لَمْ يَكُنْ صَاحِبُهُ كذَلِكَ». رواه البخاري.
ترجمہ

سیدنا ابوذر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ انہوں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا: ”کوئی آدمی کسی آدمی پر فسق یا کفر کی تہمت نہیں لگاتا مگر وہ (تہمت) اسی پر لوٹ آتی ہے، اگر اس کا ساتھی ایسا نہ ہو۔“
(اسے بخاری نے روایت کیا ہے)

حوالہ حدیث رياض الصالحين / كتاب الأمور المنهي عنها / حدیث: 1560
درجۂ حدیث محدثین: صحيح (رواه البخاري)
تخریج حدیث أخرجه: البخاري 8/ 18 (6045).
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح البخاري: 6045 | رياض الصالحين: 1733

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 6045 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
6045. حضرت ابو ذر ؓ سے روایت ہے انہوں نے نبی ﷺ سے سنا، آپ نے فرمایا: "اگر کوئی شخص دوسرے کو فسق اور کفر سے مہتم کرتا ہے اور وہ در حقیقت فاسق یا کافر نہ ہو تو یہ (فسق اور کفر) کہنے والے پر لوٹ آتا ہے۔"[صحيح بخاري، حديث نمبر:6045]
حدیث حاشیہ:
(1)
فسق وکفر سے متہم کرنے سے مراد دوسرے کو اے فاسق اور اے کافر کہنا ہے۔
اگر تہمت زدہ انسان حقیقتاً فاسق یا کافر نہیں تو فسق وکفر کہنے والے پر لوٹ آتا ہے، یعنی وہ فاسق اور کافر بن جاتا ہے۔
کسی کی طرف فسق اور کفر کی نسبت کرنا اسے گالی دینا ہے۔
اس کی سنگینی کا اندازہ اس امر سے لگایا جا سکتا ہے کہ اگر اس میں فسق یا کفر نہیں پایا جاتا تو کہنے والا خود فاسق یا کافر بن جاتا ہے۔
(2)
اس کا مطلب یہ قطعاً نہیں کہ اگر کسی میں کفرو فسق کا سبب پایا جاتا ہے تو اسے فاسق یا کافر کہنے میں کوئی گناہ نہیں بلکہ حافظ ابن حجر رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ اس میں کچھ تفصیل ہے: ’’اگر اس سے مراد اسے شرمندہ کرنا ہے یا اس کی بری شہرت مقصود ہے اور اسے اذیت دینے کا ارادہ ہے تو ایسا کرنا حرام ہے کیونکہ انسان کو پردہ پوشی کا حکم دیا گیا ہے۔
جب تک کسی کے ساتھ نرم برتاؤ ممکن ہو اس پر سختی کرنا حرام ہے۔
بسا اوقات ایسا اقدام اس کی گمراہی اور اس پر اصرار کا سبب بن جاتا ہے اور اگر اسے یا کسی دوسرے کو اس کاحال بیان کرنے سے اخلاص اور نصیحت مطلوب ہے تو ایسا کرنا جائز ہے۔
(فتح الباري: 572/10)
واللہ أعلم
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 6045 سے ماخوذ ہے۔