ریاض الصالحین — حدیث نمبر 1556

باب: کسی متعین انسان یا جانور پر لعنت کرنے کی حرمت

باب تحريم لعن إنسان بعينه أَوْ دابة

حدیث نمبر: 1556
وعن أَبي الدرداء - رضي الله عنه - قَالَ: قَالَ رسُولُ الله - صلى الله عليه وسلم: «إنَّ العَبْدَ إِذَا لَعَنَ شَيْئًا، صَعدَتِ اللَّعْنَةُ إِلَى السَّماءِ، فَتُغْلَقُ أبْوابُ السَّمَاءِ دُونَهَا، ثُمَّ تَهْبِطُ إِلَى الأرْضِ، فَتُغْلَقُ أبْوابُهَا دُونَها، ثُمَّ تَأخُذُ يَمينًا وَشِمالًا، فَإذا لَمْ تَجِدْ مَسَاغًا رَجَعَتْ إِلَى الَّذِي لُعِنَ، فإنْ كَانَ أهْلًا لِذلِكَ، وإلاَّ رَجَعَتْ إِلَى قَائِلِهَا». رواه أَبُو داود.
ترجمہ

سیدنا ابودرداء رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”بندہ جب کسی چیز پر لعنت کرتا ہے تو لعنت آسمان کی طرف چڑھتی ہے، تو آسمان کے دروازے اس کے آگے بند کر دیے جاتے ہیں، پھر وہ زمین کی طرف اترتی ہے تو زمین کے دروازے اس کے آگے بند کر دیے جاتے ہیں، پھر وہ دائیں بائیں جاتی ہے، جب اسے کوئی راستہ نہیں ملتا تو وہ اس کی طرف لوٹتی ہے جس پر لعنت کی گئی تھی، پس اگر وہ اس کا اہل ہو (تو اس پر پڑتی ہے)، ورنہ لعنت کرنے والے ہی کی طرف لوٹ آتی ہے۔“
(اسے ابوداود نے روایت کیا ہے)

حوالہ حدیث رياض الصالحين / كتاب الأمور المنهي عنها / حدیث: 1556
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: حسن (أبو داود 4905) , شیخ زبیر علی زئی: ضعيف, إسناده ضعيف, نمران بن عتبة الذماري : مجهول (التحرير : 7188), انوار الصحيفه، صفحه نمبر 171
تخریج حدیث أخرجه: أبو داود (4905).
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن ابي داود: 4905

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابي داود / حدیث: 4905 کی شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی ✍️
´لعنت کرنے کا بیان۔`
ام الدرداء رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ میں نے ابو الدرداء کو کہتے ہوئے سنا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " بندہ جب کسی چیز پر لعنت کرتا ہے، تو یہ لعنت آسمان پر چڑھتی ہے، تو آسمان کے دروازے اس کے سامنے بند ہو جاتے ہیں پھر وہ اتر کر زمین پر آتی ہے، تو اس کے دروازے بھی بند ہو جاتے ہیں پھر وہ دائیں بائیں گھومتی ہے، پھر جب اسے کوئی راستہ نہیں ملتا تو وہ اس کی طرف پلٹ آتی ہے جس پر لعنت کی گئی تھی، اب اگر وہ اس کا مستحق ہوتا ہے تو ٹھیک ہے، ورنہ وہ کہنے والے کی طرف ہی پلٹ آتی ہے۔ [سنن ابي داود/كتاب الأدب /حدیث: 4905]
فوائد ومسائل:
یہ روایت ہمارے فاضل محقق کے نزدیک ضعیف ہے۔
لیکن معناَ صحیح ہے، یعنی لعنت کرنا بہت برا عمل ہے۔
اگر لعنت کردہ چیز اس کی مستحق نہ ہو تو لعنت کرنے والا خود ملعون ہو جاتا ہے۔
علاوہ ازیں شیخ البانی ؒ نے اس روایت کو حسن قرار دیا ہے۔
تفصیل کے لیئے دیکھئے: (الصحیحة، حدیث: 1269) لعنت کے لغوی معنی ہیں اللہ کی رحمت سے دور ہونا۔
درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 4905 سے ماخوذ ہے۔