ریاض الصالحین — حدیث نمبر 151
باب: عبادت میں میانہ روی (کا بیان)
باب في الاقتصاد في العبادة
وعن أبي رِبعِي حنظلة بنِ الربيعِ الأُسَيِّدِيِّ الكاتب أحدِ كتّاب رَسُول الله - صلى الله عليه وسلم - قَالَ: لَقِيَنِي أَبُو بَكر - رضي الله عنه - فَقَالَ: كَيْفَ أنْتَ يَا حنْظَلَةُ؟ قُلْتُ: نَافَقَ حَنْظَلَةُ! قَالَ: سُبْحَانَ الله مَا تَقُولُ؟! قُلْتُ: نَكُونُ عِنْدَ رَسُول الله - صلى الله عليه وسلم - يُذَكِّرُنَا بالجَنَّةِ وَالنَّارِ كأنَّا رَأيَ عَيْنٍ فإِذَا خَرَجْنَا مِنْ عِنْدِ رَسُول الله - صلى الله عليه وسلم - عَافَسْنَا الأَزْواجَ وَالأَوْلاَدَ وَالضَّيْعَاتِ نَسينَا كَثِيرًا، قَالَ أَبُو بكر - رضي الله عنه: فَوَالله إنَّا لَنَلْقَى مِثْلَ هَذَا، فانْطَلَقْتُ أَنَا وأبُو بَكْر حَتَّى دَخَلْنَا عَلَى رَسُول الله - صلى الله عليه وسلم. فقُلْتُ: نَافَقَ حَنْظَلَةُ يَا رَسُول اللهِ! فَقَالَ رَسُول الله - صلى الله عليه وسلم: «وَمَا ذَاكَ؟» قُلْتُ: يَا رَسُول اللهِ، نَكُونُ عِنْدَكَ تُذَكِّرُنَا بِالنَّارِ والجَنَّةِ كأنَّا رَأيَ العَيْن فإِذَا خَرَجْنَا مِنْ عِنْدِكَ عَافَسْنَا الأَزْواجَ وَالأَوْلاَدَ وَالضَّيْعَاتِ نَسينَا كَثِيرًا. فَقَالَ رَسُول الله - صلى الله عليه وسلم: «وَالَّذِي نَفْسي بِيَدِهِ، لَوْ تَدُومُونَ عَلَى مَا تَكُونونَ عِنْدِي، وَفي الذِّكْر، لصَافَحَتْكُمُ الملائِكَةُ عَلَى فُرُشِكُمْ وَفي طُرُقِكُمْ، لَكِنْ يَا حَنْظَلَةُ سَاعَةً وسَاعَةً» ثَلاَثَ مَرَات. رواه مسلم.
قولُهُ: «رِبْعِيٌّ» بِكسر الراء. وَ«الأُسَيِّدِي» بضم الهمزة وفتح السين وبعدها ياء مكسورة مشددة. وقوله: «عَافَسْنَا» هُوَ بِالعينِ والسينِ المهملتين أي: عالجنا ولاعبنا. وَ«الضَّيْعاتُ»: المعايش.سیدنا ابو ربعی حنظلہ بن ربیع اسیدی کاتب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، جو رسول اللہ ﷺ کے کاتبوں میں سے ایک تھے، انہوں نے کہا: مجھے ابوبکر رضی اللہ عنہ ملے اور کہا: اے حنظلہ! تم کیسے ہو؟ میں نے کہا: حنظلہ منافق ہو گیا! انہوں نے کہا: سبحان اللہ! تم کیا کہہ رہے ہو؟! میں نے کہا: ہم رسول اللہ ﷺ کے پاس ہوتے ہیں، آپ ہمیں جنت اور جہنم کی یاد دلاتے ہیں گویا ہم انہیں آنکھوں سے دیکھ رہے ہوں، پھر جب ہم رسول اللہ ﷺ کے پاس سے نکلتے ہیں تو بیویوں، بچوں اور کاروبار میں مشغول ہو جاتے ہیں اور بہت کچھ بھول جاتے ہیں۔ ابوبکر رضی اللہ عنہ نے کہا: اللہ کی قسم! ہمیں بھی ایسا ہی پیش آتا ہے۔ چنانچہ میں اور ابوبکر چلے یہاں تک کہ رسول اللہ ﷺ کے پاس پہنچے، تو میں نے عرض کیا: اے اللہ کے رسول! حنظلہ منافق ہو گیا! رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”وہ کیا بات ہے؟“ میں نے عرض کیا: اے اللہ کے رسول! ہم آپ کے پاس ہوتے ہیں، آپ ہمیں جہنم اور جنت کی یاد دلاتے ہیں گویا ہم انہیں آنکھوں سے دیکھ رہے ہوں، پھر جب ہم آپ کے پاس سے نکلتے ہیں تو بیویوں، بچوں اور کاروبار میں مشغول ہو جاتے ہیں اور بہت کچھ بھول جاتے ہیں۔ تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے! اگر تم ہمیشہ اسی حالت پر رہو جس پر تم میرے پاس اور ذکر میں ہوتے ہو تو فرشتے تمہارے بستروں پر اور تمہارے راستوں میں تم سے مصافحہ کریں، لیکن اے حنظلہ! کچھ گھڑی (اس طرح) اور کچھ گھڑی (اس طرح)۔“ آپ ﷺ نے یہ تین بار فرمایا۔
(اسے مسلم نے روایت کیا ہے)
آپ کا قول: «رِبْعِيٌّ» راء کے کسرہ کے ساتھ ہے۔ اور «الأُسَيِّدِي» ہمزہ کے ضمہ اور سین کے فتحہ کے ساتھ، اور اس کے بعد مشدد مکسور یاء ہے۔ اور ان کا قول: «عَافَسْنَا» عین اور سین (دونوں بغیر نقطوں والے حروف) کے ساتھ ہے، یعنی ہم مشغول ہو گئے اور کھیل کود کیا۔ اور «الضَّيْعاتُ»: روزگار (کے ذرائع)۔
تشریح، فوائد و مسائل
عافسنا: ہم گھل مل جاتے ہیں، مشغول ہوجاتے ہیں، الضيعات، ضيعة کی جمع ہے، جاگیر، زمین یا کاروبار۔
فوائد ومسائل: فرشتوں کا وظیفہ اور کام ہر وقت بغیر کسی سستی اور کمزوری کے ذکروفکر میں مشغول رہنا ہے اور شیطان کا وظیفہ اور کام ہر وقت شرو فساد میں لگے رہنا ہےاور انسان بسا اوقات ذکر و فکر میں مشغول رہتا ہے اور بعض اوقات ضروریات زندگی کے حصول میں وقت گزارتا ہے، ہر وقت ذکرو فکر میں مشغول رہنا اس کے لیے ممکن نہیں ہے، اس لیے ہر وقت ایک کیفیت اور حالت کا نہ رہنا، نفاق نہیں ہے، کاروبار حیات میں مشغول ہونا بھی اس کا فطرتی اور طبعی تقاضا ہے، بلکہ امور زندگی میں ہدایات الہٰی کو ملحوظ رکھنا بھی ذکر ہے، ہاں اسباب زندگی کے حصول کے وقت اللہ کی نافرمانی سے بچنا ضروری ہے۔
حنظلہ اسیدی رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " اگر تمہاری وہی کیفیت رہے، جیسی میرے سامنے ہوتی ہے تو فرشتے اپنے پروں سے تم پر سایہ کریں " ۱؎۔ [سنن ترمذي/كتاب صفة القيامة والرقائق والورع/حدیث: 2452]
وضاحت:
1؎:
اس حدیث سے معلوم ہواکہ نیک لوگوں کی مجلس میں رہنے سے دلوں میں اللہ کا خوف پیدا ہوتاہے، آخرت یاد آتی ہے، اور دنیا کی چاہت کم ہوجاتی ہے۔
حنظلہ اسیدی رضی الله عنہ سے روایت ہے (یہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے کاتبوں میں سے ایک کاتب تھے)، وہ کہتے ہیں کہ میں ابوبکر رضی الله عنہ کے پاس سے روتے ہوئے گزرا تو انہوں نے کہا: حنظلہ! تمہیں کیا ہو گیا ہے؟ میں نے کہا: ابوبکر! حنظلہ تو منافق ہو گیا ہے (بات یہ ہے) کہ جب ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس ہوتے ہیں، اور آپ ہمیں جہنم اور جنت کی یاد اس طرح دلاتے ہیں گویا ہم اسے اپنی آنکھوں سے دیکھ رہے ہیں، لیکن جب ہم دنیاوی کاروبار اور اپنے بچوں میں واپس چلے آتے ہیں تو اس نصیحت میں سے بہت کچھ بھول جاتے ہیں، ابوبکر رضی الله عنہ نے کہا: اللہ کی قسم! ہمارا بھی یہی۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ترمذي/كتاب صفة القيامة والرقائق والورع/حدیث: 2514]
وضاحت:
1؎:
اس حدیث میں صحابہ کرام کے زہد و ورع اور تقوی کا ذکر ہے، معلوم ہواکہ انسان کی حالت و کیفیت ہمیشہ یکساں نہیں رہتی، بلکہ اس میں تغیر ہوتا رہتا ہے، اس لیے انسان جب بھی غفلت کا شکار ہو تو اسے بکثرت ذکر الٰہی کرنا چاہیے، اور اس حالت کو جس میں غفلت طاری ہو نفاق پرنہیں محمول کرنا چاہیے، کیوں کہ انسان ہمیشہ ایک ہی حالت و کیفیت کا اپنے آپ کو مکلف بنا کر رکھے یہ ممکن نہیں ہے، نیز اس سے یہ بھی معلوم ہوا کہ خود ایک ہی آدمی کی ایمانی کیفیت وقتا فوقتا گھٹتی بڑھتی رہتی ہے۔
نوٹ:
(اس حدیث کے شاہد کے لیے ملاحظہ ہو: 2526)
حنظلہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس تھے اور ہم نے جنت اور جہنم کا ذکر اس طرح کیا گویا ہم اپنی آنکھوں سے اس کو دیکھ رہے ہیں، پھر میں اپنے اہل و عیال کے پاس چلا گیا، اور ان کے ساتھ ہنسا کھیلا، پھر مجھے وہ کیفیت یاد آئی جو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس تھی، میں گھر سے نکلا، راستے میں مجھے ابوبکر رضی اللہ عنہ مل گئے، میں نے کہا: میں منافق ہو گیا، میں منافق ہو گیا، ابوبکر رضی اللہ عنہ نے کہا: یہی ہمارا بھی حال ہے، حنظلہ رضی اللہ عنہ گئے اور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے اس کیفیت کا ذکر کیا، تو آ۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ابن ماجه/كتاب الزهد/حدیث: 4239]
فوائد و مسائل:
(1)
صحابہ کرام رضوان اللہ عنہم اجمعین اپنے ایمان اور قلبی کیفیات کے بارے میں بہت محتاط رہتے تھے اور ڈرتے تھے کہ کسی نادانستہ غلطی کی وجہ سے ان کے درجات میں کمی نہ آجائے۔
(2)
دل کی کیفیات تبدیل ہوتی رہتی ہیں۔
(3)
بیوی بچوں کے حقوق ادا کرنا اور شرعی حدود کے اندر رہتے ہوئے دنیا کے معاملات میں مثغول ہونا شرعا مطلوب ہے۔
(4)
انسان کو فرشتوں سے (بعض لحاظ سے)
افضل قراردیا گیا ہے۔
تو اس کی وجہ یہ ہے کہ انسان ایسے حالات میں گھرا ہوا ہے۔
جو اسے اللہ سے غافل کرتے ہیں۔
پھر بھی وہ اللہ کو یاد کرتا اور اس کی عبادت کرتا ہے۔