ریاض الصالحین — حدیث نمبر 1509

باب: اولیاء کی کرامات اور ان کی فضیلت

باب كرامات الأولياء وفضلهم

حدیث نمبر: 1509
وعن أَبي هريرة - رضي الله عنه - قَالَ: بعث رسول الله - صلى الله عليه وسلم - عَشْرَة رَهْطٍ عَيْنًا سَرِيَّة، وأمَّرَ عَلَيْهَا عاصِمَ بنَ ثَابِتٍ الأنْصَارِيَّ - رضي الله عنه - فانْطلقوا حَتَّى إِذَا كَانُوا بالهَدْأةِ؛ بَيْنَ عُسْفَانَ وَمَكَّةَ؛ ذُكِرُوا لِحَيٍّ مِنْ هُذَيْل يُقالُ لَهُمْ: بَنُو لحيانَ، فَنَفَرُوا لَهُمْ بِقَريبٍ مِنْ مِئَةِ رَجُلٍ رَامٍ، فَاقْتَصُّوا آثَارَهُمْ، فَلَمَّا أحَسَّ بِهِمْ عَاصِمٌ وأصْحَابُهُ، لَجَأُوا إِلَى مَوْضِعٍ، فَأَحاطَ بِهِمُ القَوْمُ، فَقَالُوا: انْزِلُوا فَأَعْطُوا بِأيْدِيكُمْ وَلَكُمُ العَهْدُ وَالمِيثَاقُ أَنْ لا نَقْتُلَ مِنْكُمْ أحَدًا. فَقَالَ عَاصِمُ بنُ ثَابِتٍ: أَيُّهَا القَوْمُ، أَمَّا أنا، فَلاَ أنْزِلُ عَلَى ذِمَّةِ كَافِرٍ: اللَّهُمَّ أَخْبِرْ عَنَّا نَبِيَّكَ - صلى الله عليه وسلم - فَرَمُوهُمْ بِالنّبْلِ فَقَتلُوا عَاصِمًا، وَنَزَلَ إلَيْهِمْ ثَلاَثَةُ نَفَرٍ عَلَى العَهْدِ والمِيثاقِ، مِنْهُمْ خُبَيْبٌ، وَزَيدُ بنُ الدَّثِنَةِ وَرَجُلٌ آخَرُ. فَلَمَّا اسْتَمْكَنُوا مِنْهُمْ أطْلَقُوا أوْتَارَ قِسِيِّهِمْ، فَرَبطُوهُمْ بِهَا. قَالَ الرَّجُلُ الثَّالِثُ: هَذَا أوَّلُ الغَدْرِ واللهِ لا أصْحَبُكُمْ إنَّ لِي بِهؤُلاءِ أُسْوَةً، يُريدُ القَتْلَى، فَجَرُّوهُ وعَالَجُوهُ، فأبى أَنْ يَصْحَبَهُمْ، فَقَتَلُوهُ، وانْطَلَقُوا بِخُبَيبٍ، وزَيْدِ بنِ الدَّثِنَةِ، حَتَّى بَاعُوهُما بِمَكَّةَ بَعْدَ وَقْعَةِ بَدْرٍ؛ فابْتَاعَ بَنُو الحارِثِ بن عامِرِ بنِ نَوْفَلِ بنِ عبدِ مَنَافٍ خُبيبًا، وكان خُبَيْبٌ هُوَ قَتَلَ الحَارِثَ يَوْمَ بَدْرٍ. فَلِبثَ خُبَيْبٌ عِنْدَهُمْ أسيرًا حَتَّى أجْمَعُوا عَلَى قَتْلِهِ، فاسْتَعَارَ مِنْ بَعْضِ بَنَاتِ الحَارثِ مُوسَى يَسْتَحِدُّ بِهَا فَأعَارَتْهُ، فَدَرَجَ بُنَيٌّ لَهَا وَهِيَ غَافِلَةٌ حَتَّى أَتَاهُ، فَوَجَدتهُ مُجْلِسَهُ عَلَى فَخْذِهِ وَالموسَى بِيَدِهِ، فَفَزِعَتْ فَزْعَةً عَرَفَهَا خُبَيْبٌ. فَقَالَ: أَتَخَشَيْنَ أن أقْتُلَهُ مَا كُنْتُ لأَفْعَلَ ذَلِكَ! قالت: واللهِ مَا رَأيْتُ أسيرًا خَيرًا مِنْ خُبَيْبٍ، فواللهِ لَقَدْ وَجَدْتُهُ يَومًا يَأكُلُ قِطْفًا مِنْ عِنَبٍ في يَدِهِ وإنَّهُ لَمُوثَقٌ بِالحَدِيدِ وَمَا بِمَكَّةَ مِنْ ثَمَرَةٍ، وَكَانَتْ تَقُولُ: إنَّهُ لَرِزْقٌ رَزَقَهُ اللهُ خُبَيْبًا. فَلَمَّا خَرَجُوا بِهِ مِنَ الحَرَمِ لِيَقْتُلُوهُ في الحِلِّ، قَالَ لَهُمْ خُبَيْبٌ: دَعُونِي أُصَلِّي رَكْعَتَيْنِ، فَتَرَكُوهُ، فَرَكَعَ رَكْعَتَيْنِ فَقَالَ: واللهِ لَوْلاَ أَنْ تَحْسَبُوا أنَّ مَا بِي جَزَعٌ لَزِدْتُ: اللَّهُمَّ أحْصِهِمْ عَدَدًا، وَاقْتُلهُمْ بِدَدًا، وَلاَ تُبْقِ مِنْهُمْ أَحَدًا. وقال:
فَلَسْتُ أُبَالِي حِيْنَ أُقْتَلُ مُسْلِمًا ... عَلَى أيِّ جَنْبٍ كَانَ للهِ مَصْرَعِي
وَذَلِكَ في ذَاتِ الإلَهِ وإنْ يَشَأْ ... يُبَارِكْ عَلَى أوْصَالِ شِلْوٍ مُمَزَّعِ
وكان خُبَيبٌ هُوَ سَنَّ لِكُلِّ مُسْلِمٍ قُتِلَ صَبْرًا الصَّلاَةَ. وأخْبَرَ - يعني: النبيّ - صلى الله عليه وسلم - أصْحَابَهُ يَوْمَ أُصِيبُوا خَبَرَهُمْ، وَبَعَثَ نَاسٌ مِنْ قُرَيْشٍ إِلَى عَاصِمِ بنِ ثَابتٍ حِيْنَ حُدِّثُوا أَنَّهُ قُتِلَ أن يُؤْتَوا بِشَيءٍ مِنْهُ يُعْرَفُ، وكَانَ قَتَلَ رَجُلًا مِنْ عُظَمائِهِمْ، فَبَعَثَ الله لِعَاصِمٍ مِثْلَ الظُّلَّةِ مِنَ الدَّبْرِ فَحَمَتْهُ مِنْ رُسُلِهِمْ، فَلَمْ يَقْدِروا أَنْ يَقْطَعُوا مِنْهُ شَيْئًا. رواه البخاري.
قولُهُ: «الهَدْأَةُ»: مَوْضِعٌ، «والظُّلَّةُ»: السَّحَابُ. «والدَّبْرُ»: النَّحْلُ. وَقَوْلُهُ: «اقْتُلْهُمْ بِدَدًا» بِكَسْرِ الباءِ وفتحِهَا، فَمَنْ كَسَرَ قَالَ هُوَ جمع بِدَّةٍ بكسر الباء وهي النصيب ومعناه: اقْتُلْهُمْ حِصَصًا مُنْقَسِمَةً لِكُلِّ واحدٍ مِنْهُمْ نَصيبٌ، وَمَنْ فَتَحَ قَالَ معناهُ: مُتَفَرِّقِينَ في القَتْلِ واحدًا بَعْدَ واحِدٍ مِنَ التَّبْدِيد.
وفي الباب أحاديث كثيرةٌ صَحيحةٌ سَبَقَتْ في مَوَاضِعِها مِنْ هَذَا الكِتَابِ، مِنْهَا حديثُ الغُلامِ الَّذِي كَانَ يأتِي الرَّاهِبَ والسَّاحِرَ، ومنْها حَدِيثُ جُرَيْج، وحديثُ أصْحابِ الغَارِ الذين أطْبِقَتْ عَلَيْهِم الصَّخْرَةُ، وَحديثُ الرَّجُلِ الَّذِي سَمِعَ صَوْتًا في السَّحَابِ يَقُولُ: اسْقِ حَدِيقَةَ فُلاَنٍ، وَغَيْرُ ذَلِكَ. وَالدلائِل في البابِ كثيرةٌ مشهُورةٌ، وباللهِ التَّوفيقِ.
ترجمہ

سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے دس آدمیوں کا ایک دستہ جاسوسی کے لیے بھیجا اور ان پر سیدنا عاصم بن ثابت انصاری رضی اللہ عنہ کو امیر مقرر کیا۔ وہ روانہ ہوئے یہاں تک کہ جب وہ ہدأہ میں پہنچے، جو عسفان اور مکہ کے درمیان ہے، تو قبیلۂ ہذیل کی ایک شاخ کو جسے بنو لحیان کہا جاتا تھا، ان کی خبر دی گئی۔ چنانچہ وہ تقریباً سو تیر انداز آدمیوں کے ساتھ ان (کے تعاقب) کے لیے نکل کھڑے ہوئے اور ان کے نقشِ قدم کا پیچھا کرنے لگے۔ جب سیدنا عاصم اور ان کے ساتھیوں نے انہیں محسوس کیا تو ایک جگہ پناہ لی، تو ان لوگوں نے انہیں گھیر لیا اور کہا: نیچے اتر آؤ اور اپنے آپ کو ہمارے حوالے کر دو، تمہارے لیے عہد و پیمان ہے کہ ہم تم میں سے کسی کو قتل نہیں کریں گے۔ سیدنا عاصم بن ثابت (رضی اللہ عنہ) نے کہا: اے لوگو! رہا میں، تو میں کسی کافر کی پناہ (اور عہد) پر نہیں اتروں گا۔ اے اللہ! ہماری خبر اپنے نبی ﷺ کو پہنچا دے۔ چنانچہ انہوں نے ان پر تیر برسائے اور سیدنا عاصم (رضی اللہ عنہ) کو شہید کر دیا، اور تین آدمی عہد و پیمان پر ان کے پاس اتر آئے، جن میں سیدنا خبیب، سیدنا زید بن دثنہ اور ایک اور آدمی تھے۔ جب انہوں نے ان پر قابو پا لیا تو اپنی کمانوں کی تانتیں کھول کر انہیں ان سے باندھ دیا۔ تیسرے آدمی نے کہا: یہ پہلی غداری ہے، اللہ کی قسم! میں تمہارے ساتھ نہیں جاؤں گا، میرے لیے ان (شہیدوں) میں نمونہ ہے، اس کی مراد مقتول (ساتھی) تھے۔ انہوں نے اسے گھسیٹا اور (ساتھ لے جانے کی) کوشش کی، مگر اس نے ان کے ساتھ جانے سے انکار کر دیا، تو انہوں نے اسے قتل کر دیا۔ اور وہ سیدنا خبیب اور سیدنا زید بن دثنہ کو لے گئے یہاں تک کہ (غزوۂ) بدر کے بعد انہیں مکہ میں بیچ دیا۔ سیدنا خبیب (رضی اللہ عنہ) کو حارث بن عامر بن نوفل بن عبدمناف کے بیٹوں نے خرید لیا، اور سیدنا خبیب ہی نے بدر کے دن حارث کو قتل کیا تھا۔ چنانچہ سیدنا خبیب ان کے پاس قیدی بن کر رہے یہاں تک کہ انہوں نے ان کے قتل کا پختہ ارادہ کر لیا۔ تو انہوں نے حارث کی کسی بیٹی سے استرا مانگا تاکہ (زیرِ ناف) بال صاف کریں، اس نے انہیں دے دیا۔ پھر اس کا ایک چھوٹا بچہ اس کی بے خبری میں چلتا ہوا ان کے پاس جا پہنچا، تو اس نے دیکھا کہ انہوں نے اسے اپنی ران پر بٹھا رکھا ہے اور استرا ان کے ہاتھ میں ہے۔ وہ اس قدر گھبرا گئی کہ سیدنا خبیب نے اس کی گھبراہٹ پہچان لی۔ انہوں نے کہا: کیا تم ڈرتی ہو کہ میں اسے قتل کر دوں گا؟ میں ایسا کرنے والا نہیں! وہ کہتی تھی: اللہ کی قسم! میں نے خبیب سے بہتر کوئی قیدی نہیں دیکھا۔ اللہ کی قسم! میں نے ایک دن انہیں دیکھا کہ وہ اپنے ہاتھ میں انگور کا ایک خوشہ لیے کھا رہے تھے، حالانکہ وہ لوہے (کی زنجیروں) میں جکڑے ہوئے تھے اور مکہ میں (اس وقت) کوئی پھل نہیں تھا۔ اور وہ کہا کرتی تھی: یقیناً یہ رزق تھا جو اللہ نے خبیب کو عطا فرمایا تھا۔ پھر جب وہ انہیں حرم سے باہر لے کر نکلے تاکہ حِل میں انہیں قتل کریں تو سیدنا خبیب نے ان سے کہا: مجھے چھوڑ دو کہ میں دو رکعتیں پڑھ لوں۔ انہوں نے انہیں چھوڑ دیا تو انہوں نے دو رکعتیں پڑھیں، پھر کہا: اللہ کی قسم! اگر یہ خیال نہ ہوتا کہ تم سمجھو گے کہ مجھے (موت کی) گھبراہٹ ہے تو میں (رکعتیں) اور زیادہ کرتا۔ (پھر کہا:) اے اللہ! ان کی تعداد گن لے، انہیں الگ الگ کر کے ہلاک کر اور ان میں سے کسی کو باقی نہ چھوڑ۔ اور (یہ اشعار) کہے: ”جب میں مسلمان ہونے کی حالت میں قتل کیا جا رہا ہوں تو مجھے کوئی پروا نہیں کہ اللہ کی خاطر میں کس پہلو پر گرتا ہوں۔ اور یہ (سب) اللہ کی ذات کے لیے ہے، اور اگر وہ چاہے تو ٹکڑے ٹکڑے کیے ہوئے جسم کے جوڑوں میں برکت ڈال دے۔“ اور سیدنا خبیب ہی وہ ہیں جنہوں نے ہر اس مسلمان کے لیے جسے باندھ کر قتل کیا جائے، (قتل سے پہلے) نماز (پڑھنے) کا طریقہ جاری کیا۔ اور جس دن وہ (صحابہ) شہید کیے گئے، اسی دن آپ -یعنی نبی کریم ﷺ- نے اپنے صحابہ کو ان کی خبر دے دی۔ اور قریش کے کچھ لوگوں کو جب بتایا گیا کہ سیدنا عاصم بن ثابت قتل کر دیے گئے ہیں تو انہوں نے (کچھ آدمی) بھیجے کہ ان کے جسم کا کوئی ایسا حصہ لایا جائے جس سے انہیں پہچانا جا سکے، کیونکہ انہوں نے ان کے سرداروں میں سے ایک بڑے آدمی کو قتل کیا تھا۔ تو اللہ تعالیٰ نے سیدنا عاصم (رضی اللہ عنہ) کے لیے بادل کی طرح (شہد کی) مکھیوں کا ایک جھنڈ بھیج دیا، جس نے ان کے قاصدوں سے ان کی حفاظت کی، چنانچہ وہ ان کے جسم میں سے کچھ بھی نہ کاٹ سکے۔
(اسے بخاری نے روایت کیا ہے)
«الْهَدْأَةُ»: ایک جگہ کا نام ہے۔
«الظُّلَّةُ»: بادل۔
«الدَّبْرُ»: (شہد کی) مکھیاں۔
«اقْتُلْهُمْ بِدَدًا»: باء کے کسرہ اور فتحہ دونوں کے ساتھ ہے۔ جس نے کسرہ پڑھا اس نے کہا: یہ «بِدَّة» (باء کے کسرہ کے ساتھ) کی جمع ہے جس کا معنی حصہ ہے، اور مطلب یہ ہے: انہیں تقسیم شدہ حصوں کی صورت میں قتل کر کہ ان میں سے ہر ایک کا (ہلاکت میں) حصہ ہو۔ اور جس نے فتحہ پڑھا اس نے کہا: اس کا معنی ہے: انہیں الگ الگ، ایک کے بعد ایک قتل کر، یہ «التَّبْدِيد» (بکھیرنے) سے ہے۔
اس باب میں بہت سی صحیح احادیث ہیں جو اس کتاب میں اپنے اپنے مقامات پر گزر چکی ہیں، ان میں سے اس لڑکے کی حدیث ہے جو راہب اور جادوگر کے پاس آتا جاتا تھا، اور جریج کی حدیث، اور ان غار والوں کی حدیث جن پر چٹان (آ کر غار کا منہ) بند ہو گیا تھا، اور اس آدمی کی حدیث جس نے بادل میں ایک آواز سنی جو کہہ رہی تھی: فلاں کے باغ کو سیراب کرو، اور ان کے علاوہ (دیگر احادیث)۔ اور اس باب میں دلائل بہت زیادہ اور مشہور ہیں، اور توفیق اللہ ہی کی طرف سے ہے۔

وضاحت:
«أَوْصَالِ شِلْوٍ مُمَزَّعِ» : حافظ ابن حجر رحمہ اللہ فرماتے ہیں: "«الْأَوْصَالُ» «وَصْل» کی جمع ہے اور اس سے مراد عضو ہے، اور «الشِّلْوُ» (شین کے کسرہ کے ساتھ) جسم کو کہتے ہیں، اور کبھی عضو پر بھی بولا جاتا ہے لیکن یہاں اس سے مراد جسم ہے، اور «الْمُمَزَّعُ» کا معنی ٹکڑے ٹکڑے کیا ہوا ہے، اور کلام کا مطلب ہے: ٹکڑے ٹکڑے کیے ہوئے جسم کے اعضاء۔" (فتح الباری 7/479)
«الدَّبْرِ» : حافظ ابن حجر رحمہ اللہ فرماتے ہیں: "«الظُّلَّةُ» بادل کو اور «الدَّبْرُ» بھڑوں کو کہتے ہیں۔ اور اس حدیث میں (یہ مسئلہ) ہے کہ قیدی کو اختیار ہے کہ وہ امان قبول کرنے سے انکار کر دے اور اپنے آپ کو (دشمن کے) قابو میں نہ دے، اگرچہ قتل کر دیا جائے، اس بات سے غیرت کرتے ہوئے کہ اس پر کسی کافر کا حکم جاری ہو۔ یہ (اس صورت میں ہے) جب وہ عزیمت پر عمل کرنا چاہے، اور اگر رخصت پر عمل کرنا چاہے تو اس کے لیے امان طلب کرنا جائز ہے۔" (فتح الباری 7/479)
یہ احادیث نمبر 12، 30، 259، 560 اور 967 پر گزر چکی ہیں۔
حوالہ حدیث رياض الصالحين / كتاب الدعوات / حدیث: 1509
درجۂ حدیث محدثین: صحيح (رواه البخاري)
تخریج حدیث أخرجه: البخاري 5/ 100 (3989).
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح البخاري: 3989 | صحيح البخاري: 4086 | سنن ابي داود: 2660
قال الحافظ ابن حجر في الفتح ٧/ ٤٧٩: «الأوصال جمع وصل وهو العضو، والشلو بكسر المعجمة الجسد، وقد يطلق على العضو ولكن المراد به هنا الجسد، والممزع المقطع ومعنى الكلام أعضاء جسد يقطع» .
قال الحافظ ابن حجر ٧/ ٤٧٩: «الظلة السحابة والدبر الزنابير، قال: وفي الحديث أن للأسير أن يمتنع من قبول الأمان ولا يمكن من نفسه ولو قتل، أنفة من أنه يجري عليه حكم كافر، وهذا إذا أراد الأخذ بالشدة، فإن أراد الأخذ بالرخصة له أن يستأمن» .
انظر الأحاديث: (١٢) و(٣٠) و(٢٥٩) و(٥٦٠) و(٩٦٧).

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 3989 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
3989. حضرت ابوہریرہ ؓ کے شاگرد اور بنوزہرہ کے حلیف حضرت عمرو بن جاریہ ثقفی حضرت ابوہریرہ ؓ سے روایت کرتے ہیں کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے دس جاسوس بھیجے اور ان پر حضرت عاصم بن ثابت انصاری ؓ کو امیر مقرر فرمایا جو عاصم بن عمر بن خطاب کے نانا ہیں۔ جب یہ لوگ عسفان اور مکہ کے درمیان مقام ہدہ پر پہنچے تو بنو ہذیل کے ایک قبیلے کو ان کے آنے کی اطلاع مل گئی۔ اس قبیلے کا نام بنو لحیان تھا۔ اس قبیلے کے سو تیر انداز ان صحابہ کرام ؓ کی تلاش میں نکلے اور ان کے نشانات قدم کو دیکھتے ہوئے روانہ ہوئے۔ آخر کار اس جگہ پہنچ گئے جہاں بیٹھ کر صحابہ کرام ؓ نے کھجوریں کھائی تھیں۔ انہوں نے گٹھلیاں دیکھ کر کہا: یہ تو یثرب کی کھجوریں ہیں۔ اب وہ ان کے نشانات قدم پر چلتے رہے۔ جب حضرت عاصم ؓ اور ان کے ساتھیوں نے انہیں دیکھا تو انہوں نے ایک اونچی جگہ پر پناہ لی۔ انہوں نے ان کا محاصرہ کر لیا اور کہا کہ۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔)[صحيح بخاري، حديث نمبر:3989]
حدیث حاشیہ: اس طویل حدیث میں جن دس آ دمیوں کا ذکر ہے، ان میں سات کے نام یہ ہیں۔
مر ثد غنوی، خالد بن بکیر، خبیب بن عدی، زید بن دثنہ، عبد اللہ بن طارق، معتب بن عبید ؓ ان کے امیر عاصم بن ثابت ؓ تھے۔
باقی تینوں کے نام مذکور نہیں ہیں۔
راستے میں کفار بنو لحیان ان کے پیچھے لگ گئے۔
آخر ان کو پالیا اور ان میں سے سردار سمیت سات مسلمانوں کو ان کافروں نے شہید کر دیا اور تین مسلمانوں کو گرفتار کر لیا، جن کے نام یہ ہیں، خبیب بن عدی، زید بن دثنہ اور عبد اللہ بن طارق ؓ۔
راستے میں حضرت حضرت عبد اللہ کو بھی شہید کر دیا اور پچھلے دو کو مکہ میں لے جاکر غلام بناکر فروخت کر دیا۔
زید بن دثنہ ؓ کو صفوان بن امیہ نے خریدا اور حضرت خبیب ؓ کو حارث بن عامر کے بیٹوں نے۔
خبیب ؓ نے بدر کے دن حارث مذکور کو قتل کیا تھا۔
اب ا س کے بیٹوں نے مفت میں بدلہ لینے کی غرض سے حضرت خبیب ؓ کو خرید لیا اورپر حرمت کے مہینے کو گزار کر ان کو شہید کرڈالنے کا فیصلہ کر لیا ان ایام میں حضرت خبیب ؓ کے کرامات کو ان لوگوں نے دیکھا کہ بے موسم کے پھل اللہ تعالی غیب سے ان کو کھلا رہا ہے جیسے حضرت مریم ؑ کو بے موسم کے پھل ملا کرتے تھے۔
آخری دنوں میں شہادت کی تیاری کے واسطے صفائی ستھرائی حاصل کرنے کے لیے حضرت خبیب ؓ نے ان کی ایک لڑکی سے استرہ مانگا مگر جب کہ ان کا ایک شیر خوار بچہ حضرت خبیب ؓ کے پاس جاکر کھیلنے لگا تو اس عورت کو خطرہ ہوا کہ شاید خبیب ؓ اس استرہ سے اس معصوم بچے کو ذبح نہ کر ڈالیں جس پر حضرت خبیب ؓ نے خود بڑھ کر اس عورت کو اطمینان دلایا کہ ایک سچے مسلمان سے ایسا قتل ناحق ہو نانا ممکن ہے۔
آ خر میں دو رکعت نماز کے بعد جب ان کو قتل گاہ میں لایا گیا تو انہوں نے یہ اشعار پڑھے جنکا یہاں ذکر موجود ہے۔
حضرت مولانا وحید الزماں مرحوم نے ان شعروں کا شعروں ہی میں ترجمہ کیا ہے۔
جب مسلماں ہو کے دنیا سے چلوں مجھ کو کیا غم کون سی کرو ٹ گروں میر ا مر نا ہے خدا کی ذات میں وہ اگر چا ہے نہ ہوں گا میں زبوں تن جو ٹکڑے ٹکڑے اب ہو جا ئے گا اس کے جوڑوں پر وہ برکت دے فزوںبیہقی نے روایت کی ہے کہ خبیب ؓ نے مرتے وقت دعا کی تھی کہ یا اللہ! ہما رے حال کی خبر اپنے حبیب ﷺ کو پہنچا دے۔
اسی وقت حضرت جبرئیل ؑ آ نحضرت ﷺ کی خدمت میں آئے اور سارے حالات کی خبر دے دی۔
روایت کے آ خر میں دو بدری صحابیوں کا ذکر ہے جس سے دمیا طی کا رد ہوا۔
جس نے ان ہردو کے بدری ہونے کا انکار کیا ہے۔
اثبات نفی پر مقدم ہے۔
یہ مضمون ایک حدیث کا ٹکڑا ہے جسے حضرت امام بخاری ؒ نے غزوئہ تبوک میں ذکر کیا ہے۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 3989 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 3989 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
3989. حضرت ابوہریرہ ؓ کے شاگرد اور بنوزہرہ کے حلیف حضرت عمرو بن جاریہ ثقفی حضرت ابوہریرہ ؓ سے روایت کرتے ہیں کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے دس جاسوس بھیجے اور ان پر حضرت عاصم بن ثابت انصاری ؓ کو امیر مقرر فرمایا جو عاصم بن عمر بن خطاب کے نانا ہیں۔ جب یہ لوگ عسفان اور مکہ کے درمیان مقام ہدہ پر پہنچے تو بنو ہذیل کے ایک قبیلے کو ان کے آنے کی اطلاع مل گئی۔ اس قبیلے کا نام بنو لحیان تھا۔ اس قبیلے کے سو تیر انداز ان صحابہ کرام ؓ کی تلاش میں نکلے اور ان کے نشانات قدم کو دیکھتے ہوئے روانہ ہوئے۔ آخر کار اس جگہ پہنچ گئے جہاں بیٹھ کر صحابہ کرام ؓ نے کھجوریں کھائی تھیں۔ انہوں نے گٹھلیاں دیکھ کر کہا: یہ تو یثرب کی کھجوریں ہیں۔ اب وہ ان کے نشانات قدم پر چلتے رہے۔ جب حضرت عاصم ؓ اور ان کے ساتھیوں نے انہیں دیکھا تو انہوں نے ایک اونچی جگہ پر پناہ لی۔ انہوں نے ان کا محاصرہ کر لیا اور کہا کہ۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔)[صحيح بخاري، حديث نمبر:3989]
حدیث حاشیہ:
1۔
رسول اللہ ﷺ نے جن دس آدمیوں کو بطور جاسوس بھیجا ان میں سے سات کے نام یہ ہیں: مرثد بن ابو مرثد غنوی، خالد بن بکیر، معتب بن عبید خبیب بن عدی زید بن دثنہ عبد اللہ بن طارق اور ان کے امیر حضرت عاصم بن ثابت ؓ باقی تین حضرات کے نام معلوم نہیں ہو سکے۔
شاید وہ ان کے خدمت گزار ہوں گے، اس لیے ان ناموں کے متعلق توجہ نہیں دی گئی۔
(فتح الباري: 445/7)
ان میں سے سات تو وہیں شہید ہو گئے اور باقی دو مکہ مکرمہ میں فروخت کردیا گیا۔
زید بن دثنہ کو صفوان بن امیہ نے خرید ااوراپنے باپ کے بدلے میں انھیں شہید کیا اور حضرت خبیب ؓ کو حارث بن عامر کے بیٹوں نے خریدا کیونکہ ان کے باپ حارث کو حضرت خبیب ؓ نے بدر کے دن قتل کیا تھا انھوں نے اپنے باپ کے بدلے میں انھیں شہید کیا۔
(فتح الباري: 447/7)
2۔
چونکہ امام بخاری ؒ کا مقصد شہدائے بدر کے فضائل بیان کرنا ہے اور اس روایت میں ہے کہ حضرت عاصم ؓ نے قریش کے بڑے سرداروں میں سے ایک سردار کو قتل کیا تھا، اس لیے کفار قریش نے ان سے انتقام لیا اور اللہ تعالیٰ نے انھیں محفوظ رکھا۔
ایک روایت میں صراحت ہے کہ بدر کے دن ایک بڑے سردار کوقتل کیا تھا۔
(صحیح البخاري، المغازي، حدیث: 4086)
حافظ ابن حجر ؒ نے لکھا ہے کہ انھوں نے رسول اللہ ﷺ کے حکم سے عقبہ بن ابی معیط کو گرفتا رکر کے قتل کیا تھا۔
(فتح الباري: 387/7)
3۔
حدیث کے آخر میں حضرت کعب بن مالک ؓ کا ذکر خیر ہے اگرچہ اس حصے کا حضرت خبیب ؓ کے واقعے سے کوئی تعلق نہیں تاہم حدیث کے اس حصے سے ان لوگوں کی تردید مقصود ہے جو کہتے ہیں کہ حضرت مرارہ اور حضرت بلال ؓ بدری صحابی نہیں۔
سب سے پہلے جس نے انکار کیا وہ امام احمد بن حنبل ؒ کے شاگرد حضرت اثرم ہیں۔
حافظ ابن قیم ؒ نے بھی اس بنا پر انکار کیا ہے کہ اگر یہ دونوں بدری صحابی ہوتے تو حضرت حاطب بن ابی بلتعہ ؓ کی طرح ان سے چشم پوشی کی جاتی لیکن یہ نص کے مقابلے میں قیاس کو پیش کرنا ہے بہرحال اس حدیث میں صراحت ہے کہ وہ نیک اور بزرگ آدمی تھےجنھوں نے غزوہ بدر میں بھی شرکت کی تھی۔
اس سے ان کی مدح اور منقبت مقصود ہے۔
(فتح الباري: 388/7)
حضرت خبیب ؓ کے متعلق دیگر تفصیلات ہم آئندہ بیان کریں گے۔
ان شاء اللہ۔
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 3989 سے ماخوذ ہے۔