ریاض الصالحین — حدیث نمبر 15
باب: توبہ کا بیان
باب التوبة
وعن أبي حمزةَ أَنسِ بنِ مالكٍ الأنصاريِّ - خادِمِ رسولِ الله - صلى الله عليه وسلم - رضي الله عنه - قَالَ: قَالَ رَسُولُ الله - صلى الله عليه وسلم: «للهُ أفْرَحُ بِتَوْبَةِ عَبْدِهِ مِنْ أَحَدِكُمْ سَقَطَ عَلَى بَعِيرهِ وقد أضلَّهُ في أرضٍ فَلاةٍ». مُتَّفَقٌ عليه. وفي رواية لمُسْلمٍ: «للهُ أَشَدُّ فَرَحًا بِتَوبَةِ عَبْدِهِ حِينَ يتوبُ إِلَيْهِ مِنْ أَحَدِكُمْ كَانَ عَلَى رَاحِلَتهِ بأرضٍ فَلاةٍ، فَانْفَلَتَتْ مِنْهُ، وَعَلَيْهَا طَعَامُهُ وَشَرَابهُ فأَيِسَ مِنْهَا، فَأَتى شَجَرَةً فاضطَجَعَ في ظِلِّهَا وقد أيِسَ مِنْ رَاحلَتهِ، فَبَينَما هُوَ كَذَلِكَ إِذْ هُوَ بِها قائِمَةً عِندَهُ، فَأَخَذَ بِخِطامِهَا، ثُمَّ قَالَ مِنْ شِدَّةِ الفَرَحِ: اللَّهُمَّ أَنْتَ عَبدِي وأنا رَبُّكَ! أَخْطَأَ مِنْ شِدَّةِ الفَرَحِ».ابو حمزہ سیدنا انس بن مالک انصاری رضی اللہ عنہ سے، جو رسول اللہ ﷺ کے خادم تھے، روایت ہے، انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”اللہ اپنے بندے کی توبہ پر تم میں سے اس شخص سے زیادہ خوش ہوتا ہے جو (اچانک) اپنے اونٹ کو پا لے جبکہ وہ اسے ایک چٹیل بیابان میں گم کر چکا ہو۔“
(متفق علیہ)
اور مسلم کی ایک روایت میں ہے: ”اللہ اپنے بندے کی توبہ پر، جب وہ اس کی طرف توبہ کرتا ہے، تم میں سے اس شخص سے بھی زیادہ خوش ہوتا ہے جو ایک چٹیل بیابان میں اپنی سواری پر تھا، پھر وہ اس سے چھوٹ کر بھاگ گئی، اور اسی پر اس کا کھانا اور پانی تھا، تو وہ اس سے مایوس ہو گیا، پھر وہ ایک درخت کے پاس آیا اور اس کے سائے میں لیٹ گیا، اور وہ اپنی سواری سے ناامید ہو چکا تھا، وہ اسی حالت میں تھا کہ اچانک کیا دیکھتا ہے کہ وہ (سواری) اس کے پاس کھڑی ہے، اس نے اس کی نکیل پکڑ لی، پھر شدتِ خوشی سے کہہ اٹھا: اے اللہ! تو میرا بندہ ہے اور میں تیرا رب ہوں! وہ شدتِ خوشی کی وجہ سے غلطی کر گیا۔“
«بِخِطَامِهَا» : «الخطام» وہ رسی ہے جس کے ذریعے اونٹ کو کھینچ کر چلایا جاتا ہے (یعنی نکیل)۔ (لسان العرب 4/145)
الخطام: الحبل الذي يقاد به البعير. اللسان ٤/ ١٤٥ (خطم).
تشریح، فوائد و مسائل
خواہ اس نے جوا کھیل کر برائیاں جمع کی ہوں یا شراب و کباب میں گناہوں کو اکٹھا کیا ہو یا چوری، بے ایمانی، یا ظلم وستم یا جھوٹ وفریب میں گناہ کھائے ہوں وہ سب توبہ کرنے سے نیکیوں میں بدل جائیں گے اورخدا اس شخص سے خوش ہو جائے گا۔
(1)
مومن آدمی گناہوں کے تصور کو بہت بھاری خیال کرتا ہے گویا گناہ پہاڑ ہے جو اس پر گر پڑے گا، اس کے برعکس فاجر انسان گناہوں کو بہت ہلکا سمجھتا ہے گویا ایک مکھی جو اس کے ناک پر بیٹھ جاتی ہے وہ اسے اپنے ہاتھ سے اڑا دیتا ہے۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے بندے کی توبہ سے اللہ تعالیٰ کی خوشی کو ایک تمثیلی انداز میں بیان کیا ہے کہ ایک اونت سوار جو جنگل سے گزر رہا ہو، جب تھک کر ایک درخت کے سائے میں ٹھہر جائے اور سو جائے، جب بیدار ہو تو اپنے اونٹ کو سازوسامان سمیت ہی گم پائے۔
اِدھر اُدھر تلاش کرنے کے بعد جب نہ ملے تو اسی درخت کے نیچے اس خیال سے سو جائے کہ اب میں مر جاؤں گا، لیکن جب بیدار ہو تو اپنے اونٹ کو سامان سمیت وہاں کھڑا دیکھے، ایسے شخص کے دل میں انتہائی خوشی کی لہر اٹھتی ہے جو موت کے منہ سے بچ نکلا ہو۔
اللہ تعالیٰ اپنے بندے کی توبہ پر اس شخص سے بھی زیادہ خوش ہوتا ہے۔
(2)
بہرحال بندے کی سچی توبہ سے اس کے گناہ نیکیوں میں بدل جاتے ہیں اور اللہ تعالیٰ اس بندے سے بہت خوش ہوتا ہے۔
حضرت انس رضی اللہ عنہ سے مروی اس حدیث کے آخر میں یہ الفاظ ہیں: ’’جب اس شخص نے اپنے گم شدہ اونٹ کی مہار پکڑی تو خوشی کی شدت میں یہ الفاظ کہہ ڈالے: ’’اے اللہ! تو میرا بندہ ہے اور میں تیرا رب ہوں وہ شخص شدتِ فرحت کی وجہ سے غلط الفاظ کہہ بیٹھا۔
‘‘ (صحیح مسلم، التوبة، حدیث: 6960 (2747)
بہرحال انسان کو اپنے گناہوں سے توبہ کرتے رہنا چاہیے۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے: ’’لوگو! اللہ کے حضور توبہ کرو، میں خود دن میں سو مرتبہ اللہ کے حضور توبہ کرتا ہوں۔
‘‘ (صحیح مسلم، الذکر والدعاء، حدیث: 6859 (2702)