ریاض الصالحین — حدیث نمبر 1484

باب: دعا کا حکم، اس کی فضیلت اور نبی کریم ﷺ کی کچھ دعاؤں کا بیان

باب الأمر بالدعاء وفضله وبيان جمل من أدعيته صلى الله عليه وسلم

حدیث نمبر: 1484
وعن أنس - رضي الله عنه: أنَّ النبيَّ - صلى الله عليه وسلم - كَانَ يقول: «اللَّهُمَّ إنِّي أَعُوذُ بِكَ مِنَ البَرَصِ، والجُنُونِ، والجُذَامِ، وَسَيِّيءِ الأسْقَامِ». رواه أَبُو داود بإسناد صحيحٍ.
ترجمہ

سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ فرمایا کرتے تھے: «اللَّهُمَّ إِنِّي أَعُوذُ بِكَ مِنَ الْبَرَصِ، وَالْجُنُونِ، وَالْجُذَامِ، وَسَيِّئِ الْأَسْقَامِ» (اے اللہ! میں تیری پناہ چاہتا ہوں برص (پھلبہری)، دیوانگی، کوڑھ اور بری بیماریوں سے۔)
(اسے ابوداود نے صحیح سند کے ساتھ روایت کیا ہے)

وضاحت:
«سَيِّئِ الْأَسْقَامِ» : امام خطابی رحمہ اللہ فرماتے ہیں: "آپ ﷺ نے ان بیماریوں سے اس لیے پناہ مانگی کہ یہ ایسی آفتیں ہیں جو جسم کی بناوٹ کو بگاڑ دیتی ہیں اور (ہمیشہ کے لیے) عیب چھوڑ جاتی ہیں، اور ان میں سے بعض عقل پر بھی اثر ڈالتی ہیں۔ یہ دوسری بیماریوں کی طرح نہیں جو محض عارضی تکلیفیں ہیں اور ہمیشہ نہیں رہتیں، جیسے بخار، سر درد اور دیگر بیماریاں جو آفتوں کے حکم میں نہیں آتیں، بلکہ وہ (گناہوں کا) کفارہ ہیں، سزائیں نہیں۔" (معالم السنن 1/258)
حوالہ حدیث رياض الصالحين / كتاب الدعوات / حدیث: 1484
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح (أبو داود 1554) , شیخ زبیر علی زئی: ضعيف, إسناده ضعيف, نسائي (5495), قتادة عنعن, انوار الصحيفه، صفحه نمبر 61
تخریج حدیث أخرجه: أبو داود (1554).
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن ابي داود: 1554 | سنن نسائي: 5495
قال الخطابي في معالم السنن ١/ ٢٥٨: «استعاذ من هذه الأسقام؛ لأنّها عاهات تفسد الخلقة وتبقي الشين وبعضا يؤثر في العقل وليست كسائر الأمراض التي إنما هي أعراض لا تدوم كالحمى والصداع وسائر الأمراض التي لا تجري مجرى العاهات وإنما هي كفارات وليست بعقوبات» .

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابي داود / حدیث: 1554 کی شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی ✍️
´(بری باتوں سے اللہ کی) پناہ مانگنے کا بیان۔`
انس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کہتے تھے: «اللهم إني أعوذ بك من البرص، والجنون، والجذام، ومن سيئ الأسقام» " اے اللہ! میں تیری پناہ مانگتا ہوں برص، دیوانگی، کوڑھ اور تمام بری بیماریوں سے۔‏‏‏‏" [سنن ابي داود/كتاب تفريع أبواب الوتر /حدیث: 1554]
1554. اردو حاشیہ: اس قسم کی بیماریوں میں بعض اوقات انسان اپنے آپ سے بھی بیزار ہو جاتا ہے اور تیمار داروں کو بھی مشقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ [عافانا الله منها]
درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 1554 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن نسائي / حدیث: 5495 کی شرح از حافظ محمد امین ✍️
´جنون اور پاگل پن سے اللہ تعالیٰ کی پناہ مانگنے کا بیان۔`
انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کہتے تھے: «اللہم إني أعوذ بك من الجنون والجذام والبرص وسييء الأسقام» " اے اللہ! جنون (پاگل پن)، جذام، برص اور برے امراض سے تیری پناہ مانگتا ہوں۔‏‏‏‏" [سنن نسائي/كتاب الاستعاذة/حدیث: 5495]
اردو حاشہ: (1) بعض بیماریاں دیرپا ہوتی ہیں اور ان کے اثرات ختم نہیں ہوتے۔ موت تک کے لیے لازمہ بن جاتی ہیں۔ لوگ نفرت کرنے لگتے ہیں۔ جسم عیب دار بن جاتا ہے یا وہ انسانی عقل کے لیے نقصان دہ ہوتی ہیں کہ انسان جانورں جیسے کام کرنے لگ جاتا ہے۔ ایسی بیماریوں کو بری بیماریوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ حدیث میں مذکورہ بیماریوں کے علاوہ دور حاضر کی بیماریاں فالج‘ کینسر‘ ایڈز‘ پولیو وغیرہ ایسی ہی بیماریاں ہیں۔ أعاذنا اللہ منھا۔ جبکہ بعض بیماریاں عارضی ہوتی ہیں‘ برے اثرات نہیں چھوڑتیں بلکہ بسا اوقات جسم کی اصلاح کرتی ہیں‘ مثلاً: معمولی بخار‘ زکام اور سر درد وغیرہ۔ ایسی بیماریاں انسان کے گناہوں کا کفارہ بنتی ہیں اور بڑی بیماریوں سے بچاؤ کا ذریعہ بھی ہوتی ہیں۔
(2) یہ روایت دیگر محققین کے نزدیک صحیح ہے اور انھی کی بات راجح ہے۔ تفصیل کے لیے دیکھیے: (الموسوعة الحدیثیة‘مسند الإمام أحمد:309/20)
درج بالا اقتباس سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 5495 سے ماخوذ ہے۔