ریاض الصالحین — حدیث نمبر 1420

باب: ذکر کی فضیلت اور اس کی ترغیب

باب فَضلِ الذِّكْرِ وَالحَثِّ عليه

حدیث نمبر: 1420
وعن كعب بن عُجْرَةَ - رضي الله عنه - عن رسولِ الله - صلى الله عليه وسلم - قَالَ:
«مُعَقِّباتٌ لاَ يَخِيبُ قَائِلُهُنَّ - أَوْ فَاعِلُهُنَّ - دُبُرَ كُلِّ صَلاَةٍ مَكْتُوبَةٍ: ثَلاثٌ وَثَلاثونَ تَسْبِيحَةً، وَثَلاثٌ وثَلاَثونَ تَحْمِيدَةً، وَأرْبَعٌ وَثَلاَثونَ تَكْبِيرَةً». رواه مسلم.
ترجمہ

سیدنا کعب بن عجرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”(نماز کے) بعد پڑھے جانے والے کچھ کلمات ایسے ہیں کہ ہر فرض نماز کے بعد ان کا کہنے والا — یا (فرمایا:) ان کا کرنے والا — نامراد نہیں ہوتا: تینتیس مرتبہ تسبیح (سبحان اللہ)، تینتیس مرتبہ تحمید (الحمد للہ) اور چونتیس مرتبہ تکبیر (اللہ اکبر)۔“
(اسے مسلم نے روایت کیا ہے)

وضاحت:
«مُعَقِّبَاتٌ» : وہ تسبیحات جو نمازوں کے بعد کی جاتی ہیں۔ اور ابوالہیثم کہتے ہیں: انہیں معقبات اس لیے کہا گیا کہ یہ ایک بار کے بعد دوسری بار کی جاتی ہیں۔ (شرح صحیح مسلم للنووی 3/82)
حوالہ حدیث رياض الصالحين / كتاب الأذكار / حدیث: 1420
درجۂ حدیث محدثین: صحيح (رواه مسلم)
تخریج حدیث أخرجه: مسلم 2/ 98 (596) (144).
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن نسائي: 1350 | صحيح مسلم: 596 | سنن ترمذي: 3412
معقبات: تسبيحات تفعل أعقاب الصلاة. وقال أبو الهشيم: سميت معقبات لأنها تفعل مرة بعد أخرى. شرح النووي ٣/ ٨٢.

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: سنن نسائي / حدیث: 1350 کی شرح از حافظ محمد امین ✍️
´تسبیح کی ایک اور قسم کا بیان۔`
کعب بن عجرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " کچھ ایسے الفاظ ہیں جنہیں ہر نماز کے بعد کہا جاتا ہے ان کا کہنے والا ناکام و نامراد نہیں ہو سکتا، یعنی جو ہر نماز کے بعد تینتیس بار «سبحان اللہ» تینتیس بار «الحمد لله» اور چونتیس بار «اللہ أکبر» کہے۔ [سنن نسائي/كتاب السهو/حدیث: 1350]
1350۔ اردو حاشیہ: "ناکام نہیں ہوتا۔" یعنی جس طرح بھی پڑھے ثواب ضرور ملتا ہے، خواہ کچھ غفلت بھی ہو جائے۔ یا جنت میں ضرور داخل ہو گا۔
درج بالا اقتباس سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 1350 سے ماخوذ ہے۔