ریاض الصالحین — حدیث نمبر 1408
باب: ذکر کی فضیلت اور اس کی ترغیب
باب فَضلِ الذِّكْرِ وَالحَثِّ عليه
قَالَ الله تَعَالَى: ﴿وَلذِكْرُ الله أكْبَرُ﴾ [العنكبوت: ٤٥]، وقال تَعَالَى: ﴿فَاذْكُرُونِي أذْكُرْكُمْ﴾ [البقرة: ١٥٢]، وقال تَعَالَى: ﴿وَاذْكُرْ رَبَّكَ فِي نَفْسِكَ تَضَرُّعًا وَخِيفَةً وَدُونَ الجَهْرِ مِنَ القَوْلِ بِالغُدُوِّ والآصَالِ وَلاَ تَكُنْ مِنَ الغَافِلِينَ﴾ [الأعراف: ٢٠٥]، وقال تَعَالَى: ﴿وَاذْكُرُوا اللهَ كَثِيرًا لَعَلَّكُمْ تُفْلِحُونَ﴾ [الجمعة: ١٠]، وقال تَعَالَى: ﴿إنَّ المُسْلِمِينَ وَالمُسْلِمَاتِ﴾ ... إِلَى قَوْله تَعَالَى: ﴿وَالذَّاكِرِينَ اللهَ كَثِيرًا وَالذَّاكِرَاتِ أَعَدَّ اللهُ لَهُمْ مَغْفِرَةً وَأجْرًا عَظِيمًا﴾ [الأحزاب: ٣٥]، وقال تَعَالَى: ﴿يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا اذْكُرُوا اللهَ ذِكْرًا كَثِيرًا وَسَبِّحُوهُ بُكْرَةً وَأصِيلًا﴾ [الأحزاب: ٤١ - ٤٢] الآية. والآيات في الباب كثيرةٌ معلومةٌ.اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ”اور اللہ کا ذکر سب سے بڑی چیز ہے۔“ (سورۃ العنکبوت: 45)
اور فرمایا: ”پس تم مجھے یاد کرو، میں تمہیں یاد کروں گا۔“ (سورۃ البقرہ: 152)
اور فرمایا: ”اور اپنے رب کو اپنے دل میں عاجزی اور خوف کے ساتھ اور بلند آواز کے بغیر، صبح و شام یاد کیا کرو، اور غافلوں میں سے نہ ہو جاؤ۔“ (سورۃ الاعراف: 205)
اور فرمایا: ”اور اللہ کو کثرت سے یاد کرو تاکہ تم فلاح پاؤ۔“ (سورۃ الجمعہ: 10)
اور فرمایا: ”بے شک مسلمان مرد اور مسلمان عورتیں …“ یہاں تک کہ فرمایا: ”اور اللہ کو کثرت سے یاد کرنے والے مرد اور یاد کرنے والی عورتیں، اللہ نے ان کے لیے مغفرت اور بڑا اجر تیار کر رکھا ہے۔“ (سورۃ الاحزاب: 35)
اور فرمایا: ”اے ایمان والو! اللہ کو کثرت سے یاد کرو، اور صبح و شام اس کی تسبیح کرو۔“ (سورۃ الاحزاب: 41-42) (آخر آیت تک)۔
اور اس باب میں آیات بہت زیادہ اور معروف ہیں۔
وعن أَبي هريرة - رضي الله عنه - قَالَ: قَالَ رسُولُ الله - صلى الله عليه وسلم: «كَلِمَتَانِ خَفِيفَتَانِ عَلَى اللِّسَانِ، ثَقِيلَتَانِ فِي المِيزَانِ، حَبِيبَتَانِ إِلَى الرَّحْمانِ: سُبْحَانَ اللهِ وَبِحَمْدِهِ، سُبْحَانَ اللهِ العظيمِ». متفقٌ عَلَيْهِ.سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”دو کلمے ایسے ہیں جو زبان پر ہلکے، ترازو میں بھاری اور رحمٰن کو محبوب ہیں: «سُبْحَانَ اللهِ وَبِحَمْدِهِ، سُبْحَانَ اللهِ الْعَظِيمِ» (اللہ پاک ہے اپنی تعریف کے ساتھ، اللہ پاک ہے جو عظمت والا ہے)۔“
(متفق علیہ)
تشریح، فوائد و مسائل
حضرت امام کا یہاں اس حدیث سے یہ مقصد ہے۔
(1)
زبان پر ہلکے ہونے کا مطلب یہ ہے کہ وہ آسانی سے ادا ہو جاتے ہیں۔
ان کا ترازو میں بھاری ہونا حقیقت پر مبنی ہے کیونکہ آخرت میں میزان میں اعمال کو تولنے کے لیے انہیں جسم دیا جائے گا، اس میزان کے دو بڑے پاٹ اور ایک ڈنڈی کا ذکر بھی احادیث میں ملتا ہے۔
(2)
سبحان اللہ کی تکرار سے اللہ تعالیٰ کی مطلق تنريه اور پاکی مطلوب ہے۔
حضرت ابوذر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے دریافت کیا گیا کہ کون سا کلام افضل ہے تو آپ نے فرمایا: ’’جو اللہ تعالیٰ نے اپنے فرشتوں یا خاص بندوں کے لیے منتخب فرمایا، وہ سبحان الله و بحمده ہے۔
‘‘ (صحیح مسلم، الذکر والدعاء، حدیث: 6925 (2731)
حافظ ابن حجر رحمہ اللہ لکھتے ہیں کہ اس میں اشارہ فرشتوں کے درج ذیل قول کی طرف ہے: ’’اے اللہ! ہم تیری حمد کے ساتھ تیری تسبیح بیان کرتے ہیں اور تیری پاکیزگی کا اظہار کرتے ہیں۔
‘‘ (البقرة: 30، و فتح الباري: 248/11)
حضرت جویریہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نماز فجر پڑھنے کے لیے ان کے پاس سے تشریف لے گئے جبکہ وہ اپنی جائے نماز پر بیٹھی ہوئی تھیں، پھر آپ چاشت کے وقت ان کے پاس تشریف لائے تو وہ اسی جگہ بیٹھی تھیں، آپ نے فرمایا: ’’تم اسی حالت میں ہو جس حالت پر میں نے تمہیں چھوڑا تھا؟‘‘ انہوں نے کہا: جی ہاں! نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’تمہارے ہاں سے جانے کے بعد میں نے چار کلمے تین بار کہے ہیں اگر ان کا وزن تمہارے کہے ہوئے کلمات سے کیا جائے تو وہ ان پر بھاری ہوں گے، وہ یہ ہیں: (سُبْحَانَ اللهِ وَبِحَمْدِهِ عَدَدَ خَلْقِهِ، وَرِضَا نَفْسِهِ وَزِنَةَ عَرْشِهِ، وَمِدَادَ كَلِمَاتِهِ)
’’پاک ہے اللہ تعالیٰ اپنی حمد کے ساتھ مخلوق کی تعداد، اپنے نفس کی رضا، اپنے عرش کے وزن اور اپنے کلمات کی سیاہی کے برابر۔
‘‘ (صحیح مسلم، الذکر والدعاء، حدیث: 6913 (2726)
اس حدیث کی مزید تشریح صحیح بخاری کی آخری حدیث کے فوائد میں بیان ہو گی۔
بإذن اللہ تعالیٰ
«. . . عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ، قَالَ قَالَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ:" كَلِمَتَانِ حَبِيبَتَانِ إِلَى الرَّحْمَنِ خَفِيفَتَانِ عَلَى اللِّسَانِ، ثَقِيلَتَانِ فِي الْمِيزَانِ، سُبْحَانَ اللَّهِ وَبِحَمْدِهِ، سُبْحَانَ اللَّهِ الْعَظِيمِ . . .»
". . . ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "دو کلمے ایسے ہیں جو اللہ تبارک و تعالیٰ کو بہت ہی پسند ہیں جو زبان پر ہلکے ہیں اور قیامت کے دن اعمال کے ترازو میں بوجھل اور باوزن ہوں گے، وہ کلمات مبارکہ یہ ہیں «سبحان الله وبحمده، سبحان الله العظيم» ۔" [صحيح البخاري/كِتَاب التَّوْحِيدِ: 7563]
باب اور حدیث میں مناسبت:
امام بخاری رحمہ اللہ نے اس کتاب «الجامع الصحيح» میں عجیب عجیب لطائف کے نظارے کروائے ہیں، عجیب عجیب طریقے سے استنباط اور اجتہاد کے دروازے کھولے ہیں، امام بخاری رحمہ اللہ نے پہلی حدیث جو کتاب الوحی میں ذکر فرمائی ہے اس میں «إنما الأعمال بالنيات» کو درج فرمایا، تاکہ پڑھنے والا اپنی نیت کو درست کر لے اور یہ ثابت فرمایا کہ ہر عمل کی قبولیت نیت سے ہوا کرتی ہے اور اس کو ثواب بھی اس کی نیت کے موافق ملے گا، پہلی حدیث کی سند میں پہلے اس راوی کو چنا جو قریشی ہے اور امی خدیجہ رضی اللہ عنہا کی نسبت سے تعلق رکھتا ہے، اور سند میں سارے راوی شروع میں مکی ہیں اور مکی کے بعد مدنی ہیں۔ یہاں پر امام بخاری رحمہ اللہ کی غرض یہ ہے کہ دین اسلام مکہ سے شروع ہوا اور مدینہ پہنچا، اس کے بعد ساری دنیا میں، یہاں تک کہ عجم تک پہنچا، اسی لیے مندرجہ بالا آخری حدیث «كلماتان حبيبتان» میں بعض راوی عجمی ہیں، دوسرا تعلق یہ ہے کہ انسان کی راہنمائی کی ابتداء وحی کے ذریعہ ہے اسی لیے کتاب الوحی کا ذکر فرمایا ہے، اور تمام اعمال کرنے کے بعد موت کا معاملہ ہے، اور اعمال کی اصل شرط قبولیت عقیدہ توحید ہے، لہذا آخری میں کتاب التوحید کا ذکر فرمایا، اور آخری امتحان ترازو کا ہے اسی لیے آخری حدیث ترازو کے متعلق قائم فرمائی ہے۔
اس حوالے سے ایک اور نکتہ بھی قابل ذکر ہے کہ امام بخاری رحمہ اللہ نے پہلی حدیث «إنما الأعمال بالنيات» ذکر فرمائی ہے اور آخری حدیث «كلمتان حبيبتان» ذکر فرمائی، سند کے اعتبار سے یہ دونوں احادیث «غريب» ہیں، گویا امام بخاری رحمہ اللہ اس حدیث کی طرف اشارہ فرمارہے ہیں کہ «بداء الإسلام غريبًا و سيعود غريبًا كما بدأ . . . . .» گویا یہاں پر یہ مقصود ہے کہ ان دونوں ابواب میں جتنی احادیث ہیں سب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم تک پہنچتی ہیں۔
چنانچہ سراج الدین البلقینی رحمہ اللہ فرماتے ہیں: «مناسبة أبواب صحيح البخاري الذى نقلته عنه فى أواخر المقدمة مما كان أصل العصمة أولاً و آخرًا هو توحيد الله فختم بكتاب التوحيد.» [فتح الباري لابن حجر: 662/14]
"یعنی شیخ سراج الدین بلقینی رحمہ اللہ نے کہا کہ صحیح بخاری کے ابواب کی مناسبت جسے میں نے اپنے اواخر مقدمہ میں لکھا ہے کہ ان میں اول و آخر عصمت (پاکیزگی) کو ملحوظ رکھا گیا ہے جس کی اصل اللہ کی توحید ہے، اسی لیے آپ نے کتاب کو کتاب التوحید پر ختم کیا ہے اور آخر امر جس سے ناجی و غیر ناجی میں فرق ہو گا، وہ روز حشر میں میزان کا بھاری اور ہلکا ہونا ہے، اس کو اسی لیے کتاب کا آخری باب قرار دیا ہے، پس «إنما الأعمال بالنيات» سے کتاب کو شروع فرمایا اور نیتوں کا تعلق دنیا سے ہے اور اس پر ختم کیا کہ اعمال قیامت کے دن وزن کیے جائیں گے، اس میں ادھر اشارہ ہے کہ وہی اعمال خیر میزان حشر میں وزنی ہوں گے جو خالص نیت کے ساتھ رضائے الٰہی کے لیے کیے گئے ہوں گے، اور حدیث جو اس باب کے تحت مذکور ہوئی، اس میں ترغیب اور تخفیف بھی ہے۔"
لہذا ترجمۃ الباب سے حدیث کی مناسبت اس طرح ہے کہ امام بخاری رحمہ اللہ نے تحت الباب جس حدیث کو پیش فرمایا ہے اس میں میزان کا ذکر ہے، لہٰذا یہیں سے باب اور حدیث میں مناسبت ہے۔
حافظ ابن حجر رحمہ اللہ فرماتے ہیں: «أن البخاري قصد ختم كتابه "الجامع الصحيح" بما دلّ على الوزن، لأنه آخر أثار التكليف، فإنه ليس بعد الوزن إلا الاستقرار فى أحد الدارين، إلى أن يريد الله إخراج من قضىٰ بتعزيبه من الموحّدين، فيخرجون من النار بالشفاعة.» [فتح الباري لابن حجر: 460/14]
"یعنی امام بخاری رحمہ اللہ نے قصد فرمایا کہ اپنی صحیح بخاری کو اس مقام پر ختم کریں جہاں وزن کی دلالت ہو، کیوں کہ آخری تکلیف وزن ہی کی ہے، وزن کے قائم ہونے کے بعد صرف استقرار ہو گا دو جگہوں میں سے ایک جگہ پر۔ پس جسے اللہ تعالیٰ عذاب سے نکالنا چاہے گا موحدین کو تو انہیں آگ کے عذاب سے شفاعت کے ذریعے نکال دیا جائے گا۔"
حضرت امام بخاری � کا کمال ہے کہ آ پ نے کتاب کو حدیث انماالأعمالُ بالنیاتِ سے شروع کیا اس لیے کہ ہرعمل کی مشروعیت نیت ہی سے ہوتی ہے اورنیت ہی پر ثواب ملتا ہے اور اس حدیث پر ختم کیا کیونکہ وزن اعمال کا انتہائی نتیجہ ہے۔
غرض حضرت امام بخاری نےاپنی کتا ب میں عجیب عجیب لطائف اورظرائف رکھے ہیں جو غورکے بعد آپ کی کمال عقل اور وفوفہم اور دقت نظر اور باریکی استنباط پر دلالت کرتے ہیں کوئی شک نہیں کہ حضرت امام بخاری کی یہ کتاب الجامع الصحیح بتلاتی ہے کہ وہ فن فقہ میں امام الفقہاء اور فن حدیث میں امیرالمؤمنین وسید المحدثین تھے۔
روایت اوردرایت ہر دو میں امام فن تھے۔
الجامع الصحیح کو کتاب التوحید پر ختم کرنا بھی حضرت امام کی دقت نظر ہے۔
پھر توحید کے ذیل میں اسماء وصفات الہی کا بیان کرنا اور معتزلہ وجہمیہ وقدریہ وغیرہ فرق باطلہ کا رد کرنا اس طرف اشارہ ہے کہ توحید کاعقیدہ اپنی وسعت کی لحاظ سےاز اول تا آخر مسلک سلف کی طرف رہنمائی کرتا ہے۔
کتاب وسنت میں اللہ پاک کے لیے جو صفات مذکورہ ہوئی ہیں ان کو بغیر تاویل و تکییف بلاچوں وچرا تسلیم کرنا اقتضائے توحید ہے۔
مسئلہ استواء علی العرش نزو ل وصعود وکلام وسمع وبصرہ ویدوکف وساق وجہ ان سب کےلیے ایک ہی اصول مسلک سلف ہےکہ معناه معلوم وكيفيته مجهول والسوال عنه بدعة۔
الغرض کتاب التوحید پر الجامع الصحیح کوختم کرنا اورآخر میں الوزن يومئذن الحق کےتحت حدیث كلمتان حبيبتان الى الرحمن خفيفتان علي اللسان ثقيلتان فى الميزان الخ پر کتاب کاختم عقائد حقہ کی تکمیل پر لطیف اشارہ ہے۔
تعجب ہے دور حاضرہ کے ان محققین پرجن کی نگاہوں میں حضرت امام بخاری درایت حدیث سے محض کورے نظر آتے ہیں جو حضرت امام بخاری مجتہد مطلق تسلیم کرنےکے لیے تیار نہیں سچ ہے۔
1۔
امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ کا اس حدیث سے اصل مقصد یہ ہے کہ اولاد آدم علیہ السلام کے اعمال واقوال اللہ تعالیٰ کے پیدا کیے ہوئے ہیں اور انھی اقوال واعمال کو قیامت کے دن میزان عدل میں رکھا جائےگا، پھراس پر جزا وسزا مرتب ہوگی۔
اسی طرح قرآن کریم کی قراءت بھی انسان کا ذاتی عمل ہے۔
اگرچہ قرآن جو اللہ تعالیٰ کا کلام ہے وہ غیر مخلوق ہے، تاہم انسانی نطق اور تلفظ غیر مخلوق نہیں بلکہ یہ بندے کا کسب اور اللہ تعالیٰ کا پیدا کیا ہوا ہے۔
اسی طرح تسبیح وتحمید اور دیگر اذکار واوراد بھی جب انسان کی زبان سے ادا ہوں گے تو انھیں ترازو میں تولا جائے گا تاکہ مقدار کے بجائے میعار کی اہمیت اجاگر کی جائے۔
چونکہ حدیث میں ہے کہ مجالس کو تسبیح سے ختم کیا جائے، اس لیے امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے بھی اپنی مجلس علم کو اللہ تعالیٰ کی تسبیح سے ختم کیا ہے۔
2۔
واضح رہے کہ دو گروہوں کے اعمال واقوال کا وزن نہیں کیا جائے گا: ایک وہ کفار جن کی سرے سے کوئی نیکی نہ ہوگی۔
قرآن کریم میں ہے: ’’یہی لوگ ہیں جنھوں نے اپنے رب کی آیات اور اس کی ملاقات کا انکار کیا، لہذا ان کے اعمال برباد ہوگئے، قیامت کے دن ہم ان کے لیے میزان ہی نہیں رکھیں گے۔
‘‘ (الکهف: 105)
دوسرے وہ اہل ایمان جن کی برائیاں نہیں ہوں گی اور بے شمار نیکیاں لے کر اللہ تعالیٰ کے حضور پیش ہوں گے، انھیں بھی حساب کتاب کے بغیر جنت میں داخل کردیا جائے گا۔
(صحیح البخاري، الرقاق، حدیث: 6541)
2۔
چونکہ انبیاء علیہم السلام کی دعوت کا محورتوحید باری تعالیٰ ہے، اس لیے امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے کبھی کتاب التوحید پر اپنی"الجامع الصحیح" کو ختم کیا ہے اور دنیا میں اخلاص نیت کے ساتھ اعمال کا اعتبار کیا جاتا ہے، اس لیے آپ نے حدیث (إنما الأعمالُ بالنياتِ)
سے اس کتاب کا آغاز فرمایا اور آخرت میں اعمال کا وزن کیا جائےگا اور اس پر کامیابی کا دارومدار ہوگا، اس لیے حدیث میزان کو آخر کتاب میں بیان فرمایا، نیز تنبیہ فرمائی کہ قیامت کے دن ایسے اعمال کا وزن ہوگا جو سنت کے مطابق اور اخلاص نیت پر مبنی ہوں گے اور ان کی بنیاد"حق" پر ہوگی۔
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں دنیا میں اخلاص کی دولت سے مالا مال فرمائے اور قیامت کے دن ہماری نیکیوں کا پلڑا بھاری کر دے۔
جس دن نہ مال کوئی فائدہ دے گا اور نہ اولاد کام آئے گی۔
الا یہ کہ قلب سلیم لے کر اللہ تعالیٰ کے ہاں حاضر ہو۔
سُبْحَانَكَ اللَّهُمَّ وبَحَمْدكَ أشْهدُ أنْ لا إلهَ إلا أنْتَ أَسْتَغْفِرُكَ وأتُوبُ إِلَيْكَ وصلی الله علی نبيه محمد صلی الله عليه وسلم وآله وأصحابه وأتباعه وإخوانه أجمعين
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " دو کلمے زبان پر بہت ہلکے ہیں ۱؎، اور میزان میں بہت بھاری ہیں، اور رحمن کو بہت پسند ہیں (وہ دو کلمے یہ ہیں) «سبحان الله وبحمده سبحان الله العظيم» " اللہ (ہر عیب و نقص سے) پاک ہے اور ہم اس کی تعریف بیان کرتے ہیں، عظیم (عظمت والا) اللہ (ہر عیب و نقص) سے پاک ہے) " ۱؎۔ [سنن ابن ماجه/كتاب الأدب/حدیث: 3806]
فوائد و مسائل:
(1)
قیامت کے دن اعمال کا وزن ہوگا۔
(2)
اللہ کا ذکر بھی ایک نیک عمل ہے، اس کا بھی وزن ہوگا۔
(3)
اعمال کے وزن کا دارومدار خلوص نیت اور اتباع سنت پر ہے۔
سنت کے مطابق خلوص سے کیا ہوا تھوڑا سا عمل بھی زیادہ وزنی ہوگا لیکن خلوص کے بغیر یا سنت کے خلاف کیا ہوا زیادہ عمل بھی بے وزن ہوگا۔
اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ﴿وَقَدِمنا إِلىٰ ما عَمِلوا مِن عَمَلٍ فَجَعَلناهُ هَباءً مَنثورًا﴾ (الفرقان 25: 23)
’’اور انہوں نے جو (بظاہر نیک)
اعمال کیے ہوں گے، ہم ان کی طرف متوجہ ہو کر انہیں پرا گندہ غبار کی طرح کر دیں گے۔‘‘
(4)
مذکورہ بالا ذکر زیادہ سے زیادہ کرنا چا ہیے۔
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’ دو کلمے ہیں جو رحمن کو بڑے پیارے ہیں۔ زبان پر ہلکے ہیں۔ ترازو میں بھاری ہیں، (وہ یہ ہیں) «سبحان الله وبحمده، سبحان الله العظيم» اللہ پاک ہے، ساتھ اپنی تعریف کے، اللہ پاک ہے، عظمت والا۔ " (بخاری و مسلم) «بلوغ المرام/حدیث: 1358»
«أخرجه البخاري، الدعوات، باب فضل التسبيح، حديث:6406، (7563 آخر البخاري)، ومسلم، الذكروالدعاء، باب فضل التهليل والتسبيح والدعاء، حديث:2694.»
تشریح: 1.مؤلف رحمہ اللہ نے اس کتاب کی ترتیب و تنسیق بہت خوبصورت اور حسین انداز میں کی ہے اور انھوں نے حمد اور تسبیح دونوں کو جمع کر دیا ہے اور وہ اس طرح کہ کتاب کا آغاز بسم اللّٰہ اور الحمدللّٰہ سے کیا اور اختتام تسبیح و تحمید اور تعظیم سے کیا۔
اور غالباً اسی وجہ سے مصنف نے احادیث کے حوالہ جات میں اپنی عام عادت کو چھوڑ کر نیا انداز اختیار کیا ہے۔
انھوں نے اس حدیث کے آخر میں ’’ متفق علیہ‘‘ کہنے کی بجائے شروع میں أَخْرَجَ الشَّیْخَان کہہ دیا تاکہ اس کتاب کے آخری الفاظ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے ہوں‘ یعنی «سُبْحَانَ اللّٰہِ وَبِحَمْدِہٖ ‘ سُبْحَانَ اللّٰہِ الْعَظِیمِ» 2. اس حدیث میں دو کلموں کا ہلکا اور وزنی ہونا یہ معنی رکھتا ہے کہ زبان سے ان کا ادا کرنا سہل و آسان ہے۔
یہ کلمے بڑی آسانی سے ہر ایک کی زبان پر رواں ہو جاتے ہیں‘ کسی دقت کا سامنا نہیں کرنا پڑتا کیونکہ ان میں حروف ثقیلہ کا استعمال نہیں ہوا۔
اور ان کے بھاری ہونے کے معنی یہ ہیں کہ جس طرح نیکی کے مشقت والے اعمال وزن میں بھاری ہوں گے اسی طرح یہ آسانی سے پڑھے جانے والے کلمات بھی میزان اعمال میں بھاری اور ثقیل ہوں گے۔
3.اس حدیث سے ثابت ہوا کہ قیامت کے روز اعمال کا جسم ہوگا اور انھیں تولا جائے گا۔
4.اس حدیث سے اللہ عزوجل کی وسعت رحمت کا بھی پتہ چلتا ہے کہ وہ اپنے نیک و مخلص بندوں کے تھوڑے اعمال کے بدلے میں بہت زیادہ اجر و ثواب عطا فرمائے گا۔
یہ محض اس کا فضل و کرم اور مہربانی ہے۔
اس کی رحمت ہر چیز پر حاوی ہے۔