ریاض الصالحین — حدیث نمبر 1387

باب: اللہ کی رضا کے لیے علم سیکھنے اور سکھانے کی فضیلت

باب فضل العلم تعلمًا وتعليمًا لله

حدیث نمبر: 1387
وعن أَبي أُمَامَة - رضي الله عنه: أنَّ رسول الله - صلى الله عليه وسلم - قَالَ: «فَضْلُ العَالِمِ عَلَى العَابِدِ كَفَضْلِي عَلَى أَدْنَاكُمْ» ثُمَّ قَالَ رسول الله - صلى الله عليه وسلم: «إنَّ اللهَ وَمَلاَئِكَتَهُ وَأهْلَ السَّماوَاتِ وَالأَرْضِ حَتَّى النَّمْلَةَ في جُحْرِهَا وَحَتَّى الحُوتَ لَيُصَلُّونَ عَلَى مُعَلِّمِي النَّاسِ الخَيْرَ». رواه الترمذي، وقال: «حديث حسن».
ترجمہ

سیدنا ابوامامہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”عالم کی فضیلت عابد پر ایسی ہے جیسے میری فضیلت تم میں سے ادنیٰ آدمی پر۔“ پھر رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”بے شک اللہ، اس کے فرشتے اور آسمانوں اور زمین والے، یہاں تک کہ چیونٹی اپنے بل میں اور یہاں تک کہ مچھلی (بھی)، لوگوں کو بھلائی سکھانے والوں کے لیے رحمت کی دعا کرتے ہیں۔“
(اسے ترمذی نے روایت کیا ہے اور کہا ہے: یہ حدیث حسن ہے)

حوالہ حدیث رياض الصالحين / كتاب العلم / حدیث: 1387
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح، المشكاة (213 / التحقيق الثاني) ، التعليق الرغيب (1 / 60) (الترمذي 2685)
تخریج حدیث أخرجه: الترمذي (2685)، وقال: «حديث حسن صحيح غريب».
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن ترمذي: 2685 | مشكوة المصابيح: 213

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: مشكوة المصابيح / حدیث: 213 کی شرح از حافظ زبیر علی زئی ✍️
´اہل علم کی فضیلت`
«. . . ‏‏‏‏وَعَن أبي أُمَامَة الْبَاهِلِيّ قَالَ: " ذُكِرَ لِرَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ رَجُلَانِ أَحَدُهُمَا عَابِدٌ وَالْآخَرُ عَالِمٌ فَقَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: «فَضْلُ الْعَالِمِ عَلَى الْعَابِدِ كَفَضْلِي عَلَى أَدْنَاكُمْ» ثُمَّ قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: «إِنَّ اللَّهَ وَمَلَائِكَتَهُ وَأَهْلَ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ حَتَّى النَّمْلَةَ فِي جُحْرِهَا وَحَتَّى الْحُوتَ لَيُصَلُّونَ عَلَى معلم النَّاس الْخَيْر» . رَوَاهُ التِّرْمِذِيّ وَقَالَ حسن غَرِيب . . .»
". . . سیدنا ابوامامہ باہلی رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے دو آدمیوں کا تذکرہ کیاگیا ہے ایک عبادت گزار کا اور دوسرے عالم کا (یعنی یہ دریافت کیا کیا ہے کہ ان دونوں میں سے کون بہتر ہے عالم یا عابد؟) تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "عالم کی فضیلت عابد پر ایسی ہے جیسے میری فضیلت تمہارے ادنی آدمی پر۔ " پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ تحقیق اللہ اور اس کے فرشتے اور زمین و آسمان والی ساری مخلوق یہاں تک چیونٹیاں اپنے بلوں میں اور مچھلیاں اس شخص کے لیے دعائے خیر کرتی ہیں۔ جو لوگوں کو نیک اور اچھی بات سکھاتا ہے۔ اس حدیث کو ترمذی نے روایت کیا ہے۔ . . ." [مشكوة المصابيح/كِتَاب الْعِلْمِ: 213]
تحقیق الحدیث:
اس حدیث کی سند حسن لذاتہ ہے۔
◈ امام ترمذی نے فرمایا: «حسن غريب صحيح»
◈ ولید بن جمیل جمہور کے نزدیک موثق ہونے کی وجہ سے حسن الحدیث راوی تھے۔ دیکھئے میری کتاب: [تسهيل الحاجه 3725]

فقہ الحدیث:
➊ بچوں کو کتاب و سنت کی تعلیم دینا اور مدارس کے انتظام و انصرام میں حصہ لینا کار خیر ہے۔
➋ صحیح العقیدہ باعمل عالم کو عابد پر ہمیشہ فضیلت حاصل ہے۔
➌ مخلوقات غیر ناطقہ کا استغفار کرنا امور غیب میں سے ہے، جس پر ثبوت کے بعد ایمان لانا ضروری ہے اور اس کی کیفیت سے ہم بےخبر ہیں۔
➍ قاضی فضیل بن عیاض رحمہ اللہ نے فرمایا: «عالم عامل معلم يدعي كبيرا فى ملكوت السموات»
"عالم عامل معلّم آسمانوں کی بادشاہی میں بڑا کہلاتا ہے۔" [سنن الترمذي: 2685 وسنده صحيح]
درج بالا اقتباس اضواء المصابیح فی تحقیق مشکاۃ المصابیح، حدیث/صفحہ نمبر: 213 سے ماخوذ ہے۔