ریاض الصالحین — حدیث نمبر 1232

باب: سحری کی فضیلت اور جب تک طلوعِ فجر کا اندیشہ نہ ہو اسے مؤخر کرنا

باب فضل السحور وتأخيره مَا لَمْ يخش طلوع الفجر

حدیث نمبر: 1232
وعن عمرو بن العاص - رضي الله عنه: أنَّ رسول الله - صلى الله عليه وسلم - قَالَ: «فَصْلُ مَا بَيْنَ صِيَامِنَا وصِيَامِ أهْلِ الكِتَابِ، أكْلَةُ السَّحَرِ». رواه مسلم.
ترجمہ

سیدنا عمرو بن عاص رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”ہمارے روزوں اور اہلِ کتاب کے روزوں کے درمیان فرق سحری کا کھانا ہے۔“
(اسے مسلم نے روایت کیا ہے)

وضاحت:
«أَكْلَةُ السَّحَرِ» : امام نووی رحمہ اللہ فرماتے ہیں: اس کا معنی یہ ہے کہ ہمارے روزوں اور ان کے روزوں کے درمیان فرق اور امتیاز کرنے والی چیز سحری ہے، کیونکہ وہ سحری نہیں کھاتے اور ہمارے لیے سحری کھانا مستحب ہے۔ اور «أكلة السحر» سے مراد سحری ہے، اور یہ ہمزہ کے فتحہ کے ساتھ ہے، ہم نے اسے اسی طرح ضبط کیا ہے اور جمہور نے بھی اسی طرح ضبط کیا ہے، اور ہمارے علاقوں کی روایات میں یہی مشہور ہے۔ اس سے مراد ایک بار کا کھانا ہے، جیسے «غدوة» (صبح کا کھانا) اور «عشوة» (شام کا کھانا)، خواہ اس میں کھانا زیادہ ہو۔ رہا «الأُكلة» ضمہ کے ساتھ تو اس کا معنی لقمہ ہے۔ (شرح صحیح مسلم للنووی 4/198)
حوالہ حدیث رياض الصالحين / كتاب الفضائل / حدیث: 1232
درجۂ حدیث محدثین: صحيح (رواه مسلم)
تخریج حدیث أخرجه: مسلم 3/ 130 - 131 (1096) (46).
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن نسائي: 2168 | صحيح مسلم: 1096 | سنن ترمذي: 709 | سنن ابي داود: 2343
قال النووي في شرح صحيح مسلم ٤/ ١٩٨ عقيب (١٠٩٩): «معناه: الفارق والمميز بين صيامنا وصيامهم السحور؛ فإنهم لا يتسحرون ونحن يستحب لنا السحور، وأكلة السحر هي السحور، وهي بفتح الهمزة، هكذا ضبطناه، وهكذا ضبطه الجمهور، وهو المشهور في روايات بلادنا، وهي عبارة عن المرة الواحدة من الأكل كالغدوة والعشوة، وإن كثر المأكول فيها. وأما «الأُكلة» بالضم فهي اللقمة» .

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: سنن نسائي / حدیث: 2168 کی شرح از حافظ محمد امین ✍️
´ہمارے (مسلمانوں) اور اہل کتاب کے روزہ میں فرق کا بیان۔`
عمرو بن العاص رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " ہمارے اور اہل کتاب کے صیام میں جو فرق ہے، (وہ ہے) سحری کھانا۔‏‏‏‏" [سنن نسائي/كتاب الصيام/حدیث: 2168]
اردو حاشہ: فوائد کے لیے دیکھیے‘حدیث:2164۔
درج بالا اقتباس سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 2168 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابي داود / حدیث: 2343 کی شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی ✍️
´سحری کھانے کی تاکید کا بیان۔`
عمرو بن العاص رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " ہمارے اور اہل کتاب کے روزے میں سحری کھانے کا فرق ہے۔‏‏‏‏" [سنن ابي داود/كتاب الصيام /حدیث: 2343]
فوائد ومسائل:
مسلمان کی زندگی کے تمام امور... عبادات و معاملات... نیت صالحہ پر مبنی ہونے چاہئیں۔
روزے میں صبح کا کھانا محض اس فکر سے نہیں کھانا چاہیے کہ سارا دن بھوک اور پیاس برداشت کرنی ہے۔
بلکہ اس نیت سے کھانا چاہیے کہ اللہ کی اطاعت اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت ہے، نیز اہل کتاب سے امتیاز بھی ہے۔
اور یہی شرح ہے اس معروف حدیث کی یعنی (إنَّمَا الأَعْمالُ بِالنياتِ) نیت صالحہ و طیبہ سے عمل کے اجر میں بہت اضافہ ہو جاتا ہے۔
اور شریعت کا اہم مطالبہ بھی ہے کہ مسلمان ملی طور پر دوسری امتون سے اپنی امتوں سے اپنی عبادات میں بھی منفرد ہوں اور عادات میں بھی۔

درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 2343 سے ماخوذ ہے۔