ریاض الصالحین — حدیث نمبر 1224
باب: نصف شعبان کے بعد روزہ رکھ کر رمضان سے پہلے (استقبال کرنے) کی ممانعت، سوائے اس شخص کے جو اسے پہلے (کے روزوں) سے ملا دے یا اس کی عادت کے موافق ہو جائے، مثلاً اس کی عادت پیر اور جمعرات کا روزہ رکھنے کی ہو اور وہ دن آ جائے
باب النهي عن تقدم رمضان بصوم بعد نصف شعبان إِلاَّ لمن وصله بما قبله أَوْ وافق عادة لَهُ بأن كَانَ عادته صوم الإثنين والخميس فوافقه
عن أَبي هريرة - رضي الله عنه - عن النبيِّ - صلى الله عليه وسلم - قَالَ: «لاَ يَتَقَدَّمَنَّ أَحَدُكُم رَمَضَانَ بِصَوْمِ يَوْمٍ أَوْ يَوْمَيْنِ، إِلاَّ أَنْ يَكُونَ رَجُلٌ كَانَ يَصُومُ صَومَهُ، فَليَصُمْ ذَلِكَ اليَوْمَ». متفقٌ عَلَيْهِ.سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نبی کریم ﷺ سے روایت کرتے ہیں کہ آپ ﷺ نے فرمایا: ”تم میں سے کوئی بھی رمضان سے ایک یا دو دن پہلے روزہ رکھ کر (اس کا استقبال) ہرگز نہ کرے، سوائے اس آدمی کے جو (پہلے سے) اپنا (معمول کا) روزہ رکھتا ہو تو وہ اس دن روزہ رکھ لے۔“
(متفق علیہ)
تشریح، فوائد و مسائل
اغمي، غمي، غم: سب کا مقصد یہ ہے کہ رؤیت کے درمیان۔
ابر، یا گردوغبار حائل ہو جائے۔
فوائد ومسائل: 1۔
اسلام میں رمضان کے شروع ہونے اور ختم ہونے کا دارومدار رؤیت ہلال (چاند دیکھنا)
پر رکھا گیا ہے کسی علم وفن اورآلات یا قرینہ وقیاس پر نہیں رکھا تاکہ ہر علاقہ اور ہر دور کے لوگوں کے لیے سہولت اور آسانی رہے۔
یہی آپﷺ کے اس فرمان کا مقصد ہے کہ ہم امی لوگ ہیں۔
حساب کتاب نہیں جانتے۔
2۔
چاند ہر فرد کے لیے دیکھنا ضروری نہیں ہے کہ جس کو چاند نظر نہ آئے وہ روزہ نہ رکھے یا اس وقت روزہ رکھنا نہ چھوڑے۔
جب تک مہینہ تیس کا نہ ہو جائے۔
اور نہ یہ مقصد ہے کہ چاند دیکھتے ہی روزہ شروع ہو جائے گا اور چاند دیکھتے ہی روزہ چھوڑ دیا جائے گا۔
روزہ کا آغاز سحری سے ہو گا اور افطار کا آغاز سورج کے غروب سے ہو گا۔
3۔
جمہور کے نزدیک اگرچاند نظر نہ آئے بادل ہوں یا مطلع صاف ہو۔
دونوں صورتوں میں مہینہ شعبان تیس کا شمار ہو گا۔
حنابلہ کے نزدیک اگر مطلع صاف ہو تو حکم یہی ہے لیکن اگر مطلع ابرآلود ہو یا گردوغبار ہو، تو پھر حنابلہ کے تین قول ہیں۔
1۔
رمضان کی حیثیت سے روزہ رکھنا فرض ہے۔
2۔
فرض یا نفل کوئی روزہ جائز نہیں ہے ہاں قضاء، کفارۃ، نذر یا اگر یہ عادت کے مطابق ہو۔
تو پھر جائز ہے۔
امام شافعی رحمۃ اللہ علیہ کا بھی یہی قول ہے، امام ابوحنیفہ رحمۃ اللہ علیہ۔
امام مالک رحمۃ اللہ علیہ کے نزدیک رمضان کی حیثیت سے نہیں رکھا جا سکتا ایسے جائز ہے۔
3۔
امام وقت کی رائے کا لحاظ ہے اگر امام روزہ رکھ لے۔
تو لوگ بھی رکھیں اگر امام روزہ نہ رکھے تو لوگ بھی روزہ نہ رکھیں۔
4۔
روزہ رکھنے کے لیے جمہور کا قول یہ ہے کہ ایک دیندار اورقابل اعتماد آدمی کا دیکھنا کافی ہے۔
لیکن امام مالک رحمۃ اللہ علیہ کے نزدیک دو آدمیوں کی روئیت کا اعتبار ہو گا۔
امام ابوحنیفہ رحمۃ اللہ علیہ کا ایک قول جمہور والا ہے لیکن مشہور اور معروف قول یہ ہے کہ اگر مطلع ابرآلود ہے تو پھر تو ایک آدمی کی گواہی کافی ہے لیکن اگر مطلع صاف وشفاف تو پھر اتنے لوگ گواہی دیں کہ ان کی خبر سے یقین حاصل ہو جائے۔
حالانکہ حدیث میں یہ فرق وامتیاز وارد نہیں ہے۔
5۔
اگر ایک انسان مثلاً سعودی عرب سے ایک یا دو روز پہلے روزے رکھ کر آخری دنوں میں پاکستان آ گیا اب اس کے روزے تیس ہو گئے ہیں لیکن پاکستان میں چاند نظر نہیں آیا تو بعض حضرات کے نزدیک اس کو پاکستانیوں کے ساتھ روزہ رکھنا ہو گا۔
کیونکہ یہاں پر چاند نظر نہیں آیا۔
اور آپﷺ کا فرمان ہے: (الصوم يوم تصومون والفطر يوم تفطرون)
جس دن لوگ روزہ رکھیں اس دن روزہ ہے اور جس دن لوگ عید کریں اس دن عید ہے اور ظاہر ہے اس حدیث کا تعلق تو اس فرد سے ہے جو ابتداء اور انتہاء دونوں میں لوگوں کے ساتھ تھا۔
اور مہینہ تیس دن سے زائد نہیں ہوتا اور روزے تو ایک ماہ کے رکھے جاتے ہیں۔
ہاں یہ بات ہے اسے اس دن کھلم کھلا نہیں کھانا چاہیے یا نفلی روزہ رکھ لے۔
اگر وہ یہاں پاکستان سے روزے رکھ کر سعودی عرب گیا ہے اور ابھی اس کے اٹھائیس روزے ہوئے تھے کہ وہاں عید ہو گئی تو وہاں عید کر لے گا اوربعد میں وہاں کے حساب سے روزے پورے کرے گا۔
ابوہریرہ رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " اس ماہ (رمضان) سے ایک یا دو دن پہلے (رمضان کے استقبال کی نیت سے) روزے نہ رکھو ۱؎، سوائے اس کے کہ اس دن ایسا روزہ آ پڑے جسے تم پہلے سے رکھتے آ رہے ہو ۲؎ اور (رمضان کا) چاند دیکھ کر روزہ رکھو اور (شوال کا) چاند دیکھ کر ہی روزہ رکھنا بند کرو۔ اگر آسمان ابر آلود ہو جائے تو مہینے کے تیس دن شمار کر لو، پھر روزہ رکھنا بند کرو۔" [سنن ترمذي/كتاب الصيام/حدیث: 684]
1؎:
اس ممانعت کی حکمت یہ ہے کہ فرض روزے نفلی روزوں کے ساتھ خلط ملط نہ ہو جائیں اور کچھ لوگ انھیں فرض نہ سمجھ بیٹھیں، لہذا تحفظ حدود کے لیے نبی اکرم ﷺ نے جانبین سے روزہ منع کر دیا کیونکہ امم سابقہ میں اس قسم کے تغیر و تبدل ہوا کرتے تھے جس سے زیادتی فی الدین کی راہ کھلتی تھی، اس لیے اس سے منع کر دیا۔
2؎:
مثلاً پہلے سے جمعرات یا پیر یا ایام بیض کے روزے رکھنے کا معمول ہو اور یہ دن اتفاق سے رمضان سے دو یا ایک دن پہلے آ جائے تو اس کا روزہ رکھا جائے کہ یہ استقبال رمضان میں سے نہیں ہے۔
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " رمضان سے ایک دن یا دو دن پہلے روزہ نہ رکھو، ہاں اگر کوئی آدمی پہلے سے روزہ رکھتا آ رہا ہے تو وہ ان دنوں کا روزہ رکھے۔" [سنن ابي داود/كتاب الصيام /حدیث: 2335]
(1) شعبان کو رمضان کے ساتھ ملانے کا مفہوم یہ ہے کہ شعبان میں روزے رکھے حتی کہ رمضان شروع ہو جائے۔
(2) شریعت کی حکمت یہ معلوم ہوتی ہے کہ عبادت اور عادت میں فرق کیا جانا چاہیے، اس لیے کہ اگر کسی نے یہ عادت بنائی ہو کہ وہ سوموار اور جمعرات کو مسنون روزے رکھتا ہو یا اتفاقا کوئی نذر مان لی یا کوئی قضا کا روزہ باقی ہو تو اس کے لیے رخصت ہے کہ رمضان شروع ہونے سے ایک دو دن پہلے روزہ رکھ لے۔
ابوہریرہ رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " چاند دیکھ کر روزے رکھو، اور چاند دیکھ کر افطار کرو، اگر مطلع ابر آلود ہو تو تیس (دن) پورے کرو " ۱؎۔ [سنن نسائي/كتاب الصيام/حدیث: 2119]
(2) مہینہ کوئی بھی ہو، حکم یہی ہے۔ بعض روایات میں شعبان کا لفظ صرف اس لیے ہے کہ روزوں کا تعلق شعبان کے اختتام سے ہے، ورنہ خود رمضان بھی اس صورت حال میں (یعنی جب شوال کا چاند نظر نہ آئے) تیس دن ہی کا شمار کیا جائے گا۔
ابوہریرہ رضی الله عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " رمضان کا مہینہ (شروع ہونے) سے پہلے تم روزہ نہ رکھو، سوائے اس آدمی کے جو کسی خاص دن روزہ رکھتا ہو، اور (اتفاق سے) وہ دن رمضان کے روزہ سے پہلے آ پڑے۔" [سنن نسائي/كتاب الصيام/حدیث: 2174]
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " رمضان سے ایک دن یا دو دن پہلے روزہ نہ رکھو، الا یہ کہ کوئی آدمی پہلے سے روزے رکھ رہا ہو تو وہ اسے رکھے " ۱؎۔ [سنن ابن ماجه/كتاب الصيام/حدیث: 1650]
فوائد و مسائل:
(1)
رمضان شروع ہونے سے ایک دن پہلے روزہ رکھنے کی ایک صورت شک کا روزہ ہے۔
جس کی تفصیل گزشتہ باب میں بیان ہوئی یعنی جس دن مطلع ابر آلود ہونے یا کسی اور وجہ سے چاند نظر آنے کی شرعی گواہی نہ مل سکی ہو۔
اور لوگوں کو اس کی بابت شک ہو کہ تیس شعبان ہے۔
یا یکم رمضان تو اس دن اس نیت سے روزہ رکھنا کہ اگر بعد میں ثابت ہوگیا کہ رمضان شروع ہوچکا تھا تو یہ رمضان کا روزہ شمار ہوگا ورنہ نفلی روزہ ہوجائے گا۔
یہ صورت جائز نہیں۔
(2)
رمضان سے پہلے روزہ رکھنے کی دوسری صورت یہ ہے کہ رمضان شروع نہ ہونے کا یقینی علم ہونے کے باوجود روزہ رکھا جائے اس طرح نفل اور فرض کو باہم ملا دیا جائے تو یہ بھی جائز نہیں بلکہ یہ عمل ظاہری طور پر فرضی عبادت میں اضافے سے مشابہ ہے۔
(3)
رمضان سے پہلے روزہ رکھنے کی تیسری صورت یہ ہے مثلاً ایک شخص کا معمول سنت کے مطابق سوموار اور جمعرات کا روزہ رکھنا ہے۔
اتفاقاً 29 یا 30 شعبان کو سوموار یا جمعرات کا دن تھا اور اس سے اگلے دن یکم رمضان ہوگیا۔
تو یہ روزہ رمضان سے پہلے اس سے متصل ہے۔
یا کسی کے ذمے قضاء وغیرہ کے روزے تھے۔
وہ 29 یا 30 شعبان کو ختم ہوئے۔
ان صورتوں میں یا ایسی ہی کسی اور صورت میں اس کا ارادہ رمضان کے ساتھ دوسرے روزے ملانے کا نہیں تھا بلکہ اتفاقاً یہ روزے رمضان کے روزوں سے آ ملے۔
تو یہ صورت جائز ہے اس میں کوئی حرج نہیں۔
الغرض ہر ہر قدم پر شریعت کے امر و نہی کو سامنے رکھنا یہی دین اور یہی عبادت اور یہی اسلام ہے اور یہی ایمان، ہر ہر جگہ اپنی عقل کا دخل ہرگز ہرگز نہ ہونا چاہئے۔
(1)
استقبال رمضان کے پیش نظر اس ماہ مبارک سے ایک یا دو دن پہلے روزہ جائز نہیں۔
مخصوص حالات کے پیش نظر ان دنوں کے روزے رکھے جا سکتے ہیں جن کی تفصیل حسب ذیل ہے: ٭ ایک شخص پیر یا جمعرات کا روزہ رکھتا ہے۔
اتفاق سے شعبان کا آخری دن پیر یا جمعرات ہو تو اس دن کا روزہ رکھنا جائز ہے۔
٭ کسی کے ذمے قضا کے روزے تھے وہ رمضان سے ایک یا دو دن قبل انہیں رکھ سکتا ہے۔
٭ کفارے اور نذر کا روزہ بھی ان دنوں میں رکھا جا سکتا ہے، البتہ رمضان کے استقبال کی نیت سے ایک یا دو دن پہلے روزہ رکھنا درست نہیں کیونکہ رسول اللہ ﷺ نے رمضان کے روزوں کو رؤیت ہلال سے مقید فرمایا ہے۔
گویا رؤیت ہلال رمضان کے روزوں کی علت ہے اور جس نے بطور استقبال رمضان سے ایک یا دو دن پہلے روزہ رکھا اس نے علت میں طعن کیا اور اسے معیوب قرار دیا ہے۔
(2)
حافظ ابن حجر ؒ لکھتے ہیں کہ احتیاط کے پیش نظر رمضان سے ایک یا دو دن پہلے استقبالی روزہ رکھنا منع ہے۔
امام ترمذی ؒ نے بھی اس حدیث کا یہی مفہوم بیان کیا ہے۔
(فتح الباري: 165/4)
اس حکم امتناعی کی وجہ یہ ہے کہ آئندہ رمضان کے روزے رکھنے میں قوت اور نشاط حاصل ہو، نیز نفلی روزہ، فرض روزے کے ساتھ مل کر لوگوں میں شک نہ پیدا کر دے۔
ابوہریرہ رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " ماہ رمضان سے ایک دن یا دو دن پہلے کوئی روزہ نہ رکھے، البتہ جو اس سے پہلے (اس دن) روزہ رکھتا رہا ہو تو وہ رکھے " ۱؎۔ [سنن نسائي/كتاب الصيام/حدیث: 2175]
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا " تم میں سے کوئی بھی رمضان سے پہلے ایک یا دو روزے نہ رکھے، مگر جو شخص پہلے سے روزہ رکھتا آ رہا ہو اسے چاہیئے کہ اس دن کا روزہ رکھ لے۔ " (بخاری و مسلم) [بلوغ المرام/حدیث: 527]
کِتَابُ الصِّیَامِ أَلصِّیَام کے لغوی معنی ہیں: أَلْاِمسَاک، یعنی رک جانا۔ شرعی طور پر اس کے معنی ہیں: طلوعِ فجر سے لے کر غروبِ آفتاب تک کھانے پینے اور جماع کرنے سے شرعی طریقے کے مطابق رک جانا، نیز لغویات، بے ہودہ گوئی اور مکروہ و حرام کلام سے رک جانا بھی اس میں شامل ہے۔ روزہ 2 ہجری میں فرض ہوا تھا۔
لَاتَقَدِّمُو یہ اصل میں لَا تَتَقَدَّمُو تھا، یعنی رمضان کے استقبال کے لیے رمضان سے پہلے ایک یا دو روزے مت رکھو۔
کَانَ یَصُومُ صَومًا یعنی معمول کے مطابق کچھ مخصوص دنوں میں وہ روزے رکھتا تھا اور وہ دن شعبان کے آخری دنوں میں واقع ہو گئے، مثلًا: ایک آدمی معمول کے مطابق ہر ہفتے میں سوموار کا روزہ رکھتا ہے اور یہ سوموار کا دن شعبان کے آخر میں آگیا تو اس شخص کے لیے اس دن روزہ رکھنے میں کوئی مضائقہ نہیں، وہ حسبِ معمول روزہ رکھ سکتا ہے۔
فَلیَصُمہُ اس میں لامِ امر، بیانِ جواز کے لیے ہے، یعنی وہ شخص معمول کے مطابق رمضان سے پہلے ایک یا دو روزے رکھ سکتا ہے۔
فائدہ 527:
مذکورہ حدیث سے معلوم ہوا کہ استقبالِ رمضان سے پہلے روزے رکھنا جائز نہیں، سوائے اس شخص کے جس کا معمول، سنت کے مطابق، سوموار اور جمعرات کا روزہ رکھنا ہو، اور سوموار یا جمعرات کا دن 29 یا 30 شعبان کو آ جائے، یا کوئی قضا وغیرہ کے روزے رکھتا آ رہا ہے جو 29 یا 30 شعبان کو ختم ہو رہے ہوں، ان صورتوں میں یا ایسی ہی کسی اور اتفاقی صورت میں روزے رکھے تو اس میں کوئی حرج نہیں۔ واللہ اعلم۔