ریاض الصالحین — حدیث نمبر 119

باب: نیکی کے راستوں کی کثرت کا بیان

باب في بيان كثرة طرق الخير

حدیث نمبر: 119
الثالث: عَنْهُ، قَالَ: قَالَ النَّبيُّ - صلى الله عليه وسلم: «عُرِضَتْ عَلَيَّ أَعْمَالُ أُمَّتِي،
حَسَنُهَا وَسَيِّئُهَا فَوَجَدْتُ في مَحَاسِنِ أَعْمَالِهَا الأذَى يُمَاطُ عَنِ الطَّريقِ، وَوَجَدْتُ في مَسَاوِىءِ أعمَالِهَا النُّخَاعَةُ تَكُونُ في المَسْجِدِ لاَ تُدْفَنُ». رواه مسلم.
ترجمہ

انہی (سیدنا ابوذر رضی اللہ عنہ) سے روایت ہے، انہوں نے کہا: نبی کریم ﷺ نے فرمایا: ”مجھ پر میری امت کے اچھے اور برے اعمال پیش کیے گئے، تو میں نے اس کے اچھے اعمال میں راستے سے ہٹائی جانے والی تکلیف دہ چیز کو پایا، اور اس کے برے اعمال میں وہ بلغم پایا جو مسجد میں (پڑا) ہو اور اسے دفن نہ کیا جائے۔“
(اسے مسلم نے روایت کیا ہے)

وضاحت:
«يُمَاطُ» : ہٹائی جائے اور ایک طرف کر دی جائے۔ (النہایہ 4/380)
«مَسَاوِئِ» : امام نووی رحمہ اللہ شرح صحیح مسلم میں فرماتے ہیں: "یہ برائی اور مذمت صرف بلغم والے کے ساتھ خاص نہیں، بلکہ اس میں وہ بھی داخل ہے اور ہر وہ شخص بھی جو اسے دیکھے اور دفن کر کے یا کھرچ کر یا اسی طرح کسی اور طریقے سے اسے زائل نہ کرے۔" (شرح صحیح مسلم للنووی 3/37، حدیث 553)
حوالہ حدیث رياض الصالحين / بداية الكتاب / حدیث: 119
درجۂ حدیث محدثین: صحيح (رواه مسلم)
تخریج حدیث أخرجه: مسلم 2/ 77 (553).
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح مسلم: 553 | سنن ابن ماجه: 3683
يُزال ويُنحى. النهاية ٤/ ٣٨٠.
قال النووي في شرح صحيح مسلم ٣/ ٣٧ (٥٥٣): «هذا القبح والذم لا يختص بصاحب النخاعة، بل يدخل فيه هو وكل من رآها ولا يزيلها بدفن أو حك ونحوه» .

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 553 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
حضرت ابو ذر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’مجھ پر میری امت کے اچھے اور برے اعمال پیش کیے گئے تو میں نے اس کے اچھے اعمال میں راستہ سے تکلیف دہ چیز ہٹانے کو پایا اور میں نے اس کے برے اعمال میں مسجد میں کنگھار کو پایا جس کو دفن نہیں کیا گیا۔‘‘ [صحيح مسلم، حديث نمبر:1233]
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: اس حدیث سے ثابت ہوا کہ آپﷺ کو اپنی زندگی میں امت کے اچھے اور برے عملوں کا مشادہ کروایا گیا تاکہ آپﷺ امت کو اچھے اور برے عملوں سے (عَلیٰ وَجْهِ الْبَصِیْرۃ)
آگاہ فرما دیں اور آپﷺ نے یہ فریضہ سرانجام دے دیا، لیکن یہ کہنا (یہ تصریح ہے)
کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر امت کے تمام اعمال پیش کیے جاتے ہیں۔
حدیث کے مفہوم ومعنی میں اپنی طرف سے اضافہ ہے اور یہ حدیث کا منشا اور مقصد نہیں ہے۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 1233 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابن ماجه / حدیث: 3683 کی شرح از مولانا عطا اللہ ساجد ✍️
´راستے سے تکلیف دہ چیز ہٹانے کا بیان۔`
ابوذر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " میری امت کے اچھے اور برے اعمال میرے سامنے پیش کیے گئے، تو میں نے ان میں سب سے بہتر عمل راستے سے تکلیف دہ چیز کے ہٹانے، اور سب سے برا عمل مسجد میں تھوکنے، اور اس پر مٹی نہ ڈالنے کو پایا۔‏‏‏‏" [سنن ابن ماجه/كتاب الأدب/حدیث: 3683]
اردو حاشہ:
فوائد ومسائل: (1)
ہروه عمل نیکی ہے جس سے لوگوں کو فائدہ یا نقصان سے بچاؤ ہو (بشرطیکہ وہ شریعت کے کسی خاص حکم کے خلاف نہ ہو)
اور ہر وہ عمل برائی ہے جو اس کے برعکس ہو۔

(2)
کسی نیکی کو معمولی سمجھ کر ترک نہیں کرنا چاہیے اور کسی برائی کو معمولی سمجھ کر اس کا ارتکاب نہیں کرنا چاہیے۔

(3)
مسجد کی صفائی کا اہتمام زیادہ ہونا چاہیے۔

(4)
اس زمانے میں فرش کچا ہوتا تھا، اس لیے بلغم وغیرہ پر مٹی ڈال دینے سے وہ جذب ہو کر ختم ہو جاتا تھا۔
آج کل کے حالات کے مطابق پانی سے صفائی ضروری ہے۔

(5)
اگر تھوکنے کی ضرورت پیش آئے تو وضو کی جگہ جا کر تھو کا جائے یا رومال میں تھوک لیا جائے، کراہت ہو تو بعد میں رومال دھولیا جائے۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 3683 سے ماخوذ ہے۔