ریاض الصالحین — حدیث نمبر 1138

باب: نماز وتر کی ترغیب، اس کے سنت مؤکدہ ہونے اور اس کے وقت کا بیان

باب الحث عَلَى صلاة الوتر وبيان أنه سنة مؤكدة وبيان وقته

حدیث نمبر: 1138
وعن جابر - رضي الله عنه - قَالَ: قَالَ رسولُ الله - صلى الله عليه وسلم: «مَنْ خَافَ أَنْ لاَ يَقُومَ مِنْ آخِرِ اللَّيْلِ، فَلْيُوتِرْ أوَّلَهُ، وَمَنْ طَمِعَ أَنْ يَقُومَ آخِرَهُ فَلْيُوتِرْ آخِرَ اللَّيلِ، فَإنَّ صَلاَةَ آخِرِ اللَّيْلِ مَشْهُودَةٌ، وذَلِكَ أفْضَلُ». رواه مسلم.
ترجمہ

سیدنا جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”جسے اندیشہ ہو کہ وہ رات کے آخری حصے میں نہیں اٹھ سکے گا وہ رات کے شروع میں وتر پڑھ لے، اور جسے امید ہو کہ وہ رات کے آخری حصے میں اٹھ جائے گا وہ رات کے آخر میں وتر پڑھے، کیونکہ رات کے آخری حصے کی نماز میں (فرشتے) حاضر ہوتے ہیں، اور یہ افضل ہے۔“
(اسے مسلم نے روایت کیا ہے)

وضاحت:
«مَشْهُودَةٌ» : امام نووی رحمہ اللہ فرماتے ہیں: (اس کا مطلب ہے کہ) رحمت کے فرشتے اس میں حاضر ہوتے ہیں، اور یہی افضل ہے۔ اور اس (حدیث) میں وتر اور دیگر نمازوں کو رات کے آخری حصے میں پڑھنے کی فضیلت پر دو صریح دلیلیں ہیں۔ (شرح صحیح مسلم للنووی 3/232)
حوالہ حدیث رياض الصالحين / كتاب الفضائل / حدیث: 1138
درجۂ حدیث محدثین: صحيح (رواه مسلم)
تخریج حدیث أخرجه: مسلم 2/ 174 (755) (162).
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح مسلم: 755 | سنن ترمذي: 455 | سنن ابن ماجه: 1187
قال النووي في شرح صحيح مسلم ٣/ ٢٣٢ عقيب (٧٥٥): «وذلك أفضل أن يشهدها ملائكة الرحمة، وفيه دليلان صريحان على تفضيل صلاة الوتر وغيرها آخر الليل» .

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 755 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
حضرت جابر رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نےفرمایا: ’’جسے تم میں سے خدشہ ہو کہ وہ رات کے آخر میں نہیں اٹھ سکے گا تو وہ وتر پڑھ لے، پھر سو جائے اور جسے رات کو اٹھنے وثوق و اعتماد ہو، وہ اس کے آخر میں وتر پڑھے کیونکہ رات کے آخری حصے میں قراءت کے وقت رحمت کے فرشتے حاضر ہوتے ہیں یا دل حاضر ہوتا ہے اور یہ بہتر ہے۔‘‘ [صحيح مسلم، حديث نمبر:1767]
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: رات کو اٹھنے والے کے لیے یہی بہتر ہے کہ وہ وتر رات کی نماز کے آخر میں پڑھے۔
لیکن جس کا یہ معمول نہیں ہے کہ وہ رات کو اٹھے اسے وتر سونے سے پہلے پڑھ لینا چاہئے اگر اسے کسی دن جاگ آ جائے تو وہ رات کی نماز پڑھ سکتا ہے دوبارہ وتر پڑھنے کی ضرورت نہیں ہے۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 1767 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابن ماجه / حدیث: 1187 کی شرح از مولانا عطا اللہ ساجد ✍️
´رات کے آخری حصے میں وتر پڑھنے کا بیان۔`
جابر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " جس شخص کو یہ ڈر ہو کہ وہ رات کے آخری حصے میں بیدار نہ ہو سکے گا تو رات کی ابتداء ہی میں وتر پڑھ لے اور سو جائے، اور جس کو امید ہو کہ وہ رات کے آخری حصہ میں بیدار ہو جائے گا تو رات کے آخری حصہ میں وتر پڑھے کیونکہ آخر رات کی قراءت میں فرشتے حاضر ہوتے ہیں اور یہ افضل ہے۔‏‏‏‏" [سنن ابن ماجه/كتاب إقامة الصلاة والسنة/حدیث: 1187]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
رات کے آخری حصے میں وتر پڑھنا افضل ہے۔

(2)
اس وقت وتر سے پہلے بھی کچھ نوافل پڑھ لینا افضل ہے۔

(3)
فرشتے تلاوت قرآن مجید سے بہت محبت رکھتے ہیں۔
اس لئے مومن کی تلاوت سننے کے لئے خاص طور پر جمع ہوجاتے ہیں۔

(4)
فرشتوں کا یہ اجتماع رات کے آخری حصے میں ہوتا ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 1187 سے ماخوذ ہے۔