ریاض الصالحین — حدیث نمبر 11
باب: تمام اعمال، اقوال اور ظاہری و پوشیدہ احوال میں اخلاص اور نیت کو حاضر رکھنے کا بیان
باب الإخلاص وإحضار النية في جميع الأعمال والأقوال والأحوال البارزة والخفية
وعن أبي العبَّاسِ عبدِ اللهِ بنِ عباسِ بنِ عبد المطلب رضي الله عنهم، عن رَسُول الله - صلى الله عليه وسلم - فيما يروي عن ربهِ، تبارك وتعالى، قَالَ: «إنَّ اللهَ كَتَبَ الحَسَنَاتِ والسَّيِّئَاتِ ثُمَّ بَيَّنَ ذلِكَ، فَمَنْ هَمَّ بحَسَنَةٍ فَلَمْ يَعْمَلْهَا كَتَبَها اللهُ تبارك وتعالى عِنْدَهُ حَسَنَةً كامِلَةً، وَإنْ هَمَّ بهَا فَعَمِلَهَا كَتَبَهَا اللهُ عَشْرَ حَسَناتٍ إِلى سَبْعمئةِ ضِعْفٍ إِلى أَضعَافٍ كَثيرةٍ، وإنْ هَمَّ بِسَيِّئَةٍ فَلَمْ يَعْمَلْهَا كَتَبَهَا اللهُ تَعَالَى عِنْدَهُ حَسَنَةً كَامِلةً، وَإنْ هَمَّ بِهَا فَعَمِلَهَا كَتَبَهَا اللهُ سَيِّئَةً وَاحِدَةً». مُتَّفَقٌ عليهِ.ابو العباس سیدنا عبداللہ بن عباس بن عبدالمطلب رضی اللہ عنہما سے روایت ہے، وہ رسول اللہ ﷺ سے ان (باتوں) میں روایت کرتے ہیں جو آپ ﷺ اپنے رب تبارک و تعالیٰ سے روایت کرتے ہیں، آپ ﷺ نے فرمایا: ”بے شک اللہ نے نیکیاں اور برائیاں لکھ دیں، پھر اس کی وضاحت فرما دی، تو جس نے کسی نیکی کا ارادہ کیا اور اسے نہ کیا، اللہ تبارک و تعالیٰ اسے اپنے پاس ایک مکمل نیکی لکھ دیتا ہے، اور اگر اس نے اس کا ارادہ کیا اور اسے کر لیا تو اللہ اسے دس نیکیوں سے سات سو گنا تک بلکہ اس سے بھی کئی گنا زیادہ تک لکھ دیتا ہے، اور اگر اس نے کسی برائی کا ارادہ کیا اور اسے نہ کیا تو اللہ تعالیٰ اسے اپنے پاس ایک مکمل نیکی لکھ دیتا ہے، اور اگر اس نے اس کا ارادہ کیا اور اسے کر لیا تو اللہ اسے ایک ہی برائی لکھتا ہے۔“
(متفق علیہ)
تشریح، فوائد و مسائل
«. . . عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فِيمَا يَرْوِي عَنْ رَبِّهِ عَزَّ وَجَلَّ، قَالَ: قَالَ:" إِنَّ اللَّهَ كَتَبَ الْحَسَنَاتِ وَالسَّيِّئَاتِ، ثُمَّ بَيَّنَ ذَلِكَ فَمَنْ هَمَّ بِحَسَنَةٍ فَلَمْ يَعْمَلْهَا، كَتَبَهَا اللَّهُ لَهُ عِنْدَهُ حَسَنَةً كَامِلَةً، فَإِنْ هُوَ هَمَّ بِهَا فَعَمِلَهَا كَتَبَهَا اللَّهُ لَهُ عِنْدَهُ عَشْرَ حَسَنَاتٍ إِلَى سَبْعِ مِائَةِ ضِعْفٍ إِلَى أَضْعَافٍ كَثِيرَةٍ، وَمَنْ هَمَّ بِسَيِّئَةٍ فَلَمْ يَعْمَلْهَا، كَتَبَهَا اللَّهُ لَهُ عِنْدَهُ حَسَنَةً كَامِلَةً فَإِنْ هُوَ هَمَّ بِهَا فَعَمِلَهَا كَتَبَهَا اللَّهُ لَهُ سَيِّئَةً وَاحِدَةً . . .»
". . . رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک حدیث قدسی میں فرمایا "اللہ تعالیٰ نے نیکیاں اور برائیاں مقدر کر دی ہیں اور پھر انہیں صاف صاف بیان کر دیا ہے۔ پس جس نے کسی نیکی کا ارادہ کیا لیکن اس پر عمل نہ کر سکا تو اللہ تعالیٰ نے اس کے لیے ایک مکمل نیکی کا بدلہ لکھا ہے اور اگر اس نے ارادہ کے بعد اس پر عمل بھی کر لیا تو اللہ تعالیٰ نے اس کے لیے اپنے یہاں دس گنا سے سات سو گنا تک نیکیاں لکھی ہیں اور اس سے بڑھ کر اور جس نے کسی برائی کا ارادہ کیا اور پھر اس پر عمل نہیں کیا تو اللہ تعالیٰ نے اس کے لیے اپنے یہاں نیکی لکھی ہے اور اگر اس نے ارادہ کے بعد اس پر عمل بھی کر لیا تو اپنے یہاں اس کے لیے ایک برائی لکھی ہے . . ." [صحيح البخاري/كِتَاب الرِّقَاقِ: 6491]
یہ حدیث ثبوت ہے کہ اللہ کی رحمت اس کے غضب پر غالب ہے [بخاري: كتاب التوحيد: باب وكان عرشه على الماء: 7422]
جیسا کہ نیکی کے ارادے پر ہی ایک نیکی لکھ لی جاتی ہے جبکہ برائی کے ارادے پر کچھ نہیں لکھا جاتا اور نیکی کرنے پر دس سے سات سو گنا تک نیکیاں لکھ لی جاتی ہے جبکہ برائی کرنے پر صرف ایک ہی برائی لکھی جاتی ہے۔
(1)
یہ اللہ تعالیٰ کا بے انتہا فضل و کرم ہے کہ اگر انسان نیکی کا صرف ارادہ کر لے تو بھی کامل نیکی کا ثواب لکھا جاتا ہے اور اگر برائی کا ارادہ کرے لیکن اس پر عمل نہ کرے تو کچھ بھی نہیں لکھا جاتا اور اگر برائی کا ارادہ کرے اور اس کے مطابق عمل بھی کرے تو صرف ایک برائی لکھی جاتی ہے۔
اس کے برعکس اگر نیکی کا ارادہ کرے اور اس کے مطابق عمل بھی کر لے تو اللہ تعالیٰ کے ہاں اس کے بدلے کئی نیکیوں کا اندراج ہوتا ہے۔
اگر اللہ تعالیٰ کا یہ فضل و کرم نہ ہوتا تو کوئی بھی جنت میں نہ جا سکتا کیونکہ انسانوں کی نیکیوں کے مقابلے میں ان کے گناہ اور نافرمانیاں زیادہ ہیں۔
ٰ (2)
واضح رہے کہ اگر کوئی برائی کا ارادہ کر لے لیکن اللہ تعالیٰ سے ڈرتے ہوئے اس پر عمل سے باز رہے تو اس کی نیکی لکھی جاتی ہے کیونکہ برائی سے رک جانا بذات خود ایک نیکی ہے لیکن اگر کوئی اپنی مجبوری کی وجہ سے برائی پر عمل نہ کر سکے یا اسے کوشش کے باوجود اس پر عمل کرنے کا موقع نہ ملے تو اسے نیت کی خرابی کا ضرور بدلہ ملے گا جیسا کہ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی حدیث میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے: اگر میرا بندہ برائی کا ارادہ کر کے میری خاطر اسے چھوڑ دیتا ہے تو اس کے لیے ایک نیکی لکھ دو۔
‘‘ (صحیح البخاري، التوحید، حدیث: 7501)
ایک روایت میں ہے: ’’جب بندہ برائی کرنے کا ارادہ کرتا ہے تو اللہ تعالیٰ فرشتے سے کہتا ہے: انتظار کرو، اگر اس کے مطابق عمل کرتا ہے تو ایک برائی اور اگر اسے چھوڑ دیتا ہے تو ایک نیکی لکھو کیونکہ اس نے میری وجہ سے اس برائی کو چھوڑا ہے۔
‘‘ (صحیح مسلم، الإیمان، حدیث: 336 (129)