ریاض الصالحین — حدیث نمبر 1069
باب: باجماعت نماز کی فضیلت
باب فضل صلاة الجماعة
وعن ابن مسعود - رضي الله عنه - قَالَ: مَنْ سَرَّهُ أَنْ يَلْقَى اللهَ تَعَالَى غدًا مُسْلِمًا، فَلْيُحَافِظْ عَلَى هؤُلاَءِ الصَّلَوَاتِ حَيْثُ يُنَادَى بِهِنَّ، فَإنَّ اللهَ شَرَعَ لِنَبِيِّكم - صلى الله عليه وسلم - سُنَنَ الهُدَى، وَإنَّهُنَّ مِنْ سُنَنِ الهُدَى، وَلَوْ أنَّكُمْ صَلَّيْتُمْ في بُيُوتِكم كَمَا يُصَلِّي هذا المُتَخَلِّفُ فِي بَيْتِهِ لَتَرَكْتُمْ سُنَّةَ نَبِيِّكُمْ، وَلَوْ تَرَكْتُمْ سُنَّة نَبِيِّكُم لَضَلَلْتُمْ، وَلَقَدْ رَأيْتُنَا وَمَا يَتَخَلَّفُ عَنْهَا إلاَّ مُنَافِقٌ مَعْلُومُ النِّفَاقِ، وَلَقَدْ كَانَ الرَّجُلُ يُؤتَى بهِ، يُهَادَى بَيْنَ الرَّجُلَيْنِ حَتَّى يُقَامَ في الصَّفِّ. رَوَاهُ مُسلِم.
وفي رواية لَهُ قَالَ: إنّ رَسُول اللهِ - صلى الله عليه وسلم - عَلَّمَنَا سُنَنَ الهُدَى؛ وإنَّ مِنْ سُنَنِ الهُدَى الصَّلاَةَ في المَسْجِدِ الَّذِي يُؤَذَّنُ فِيهِ.سیدنا ابن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے کہا: جسے یہ بات خوش کرے کہ وہ کل (قیامت کے دن) اللہ تعالیٰ سے مسلمان ہونے کی حالت میں ملے تو وہ ان نمازوں کی حفاظت کرے جہاں ان کے لیے اذان دی جاتی ہے، کیونکہ اللہ نے تمہارے نبی ﷺ کے لیے ہدایت کے طریقے مقرر فرمائے ہیں، اور یہ (نمازیں) ہدایت کے طریقوں میں سے ہیں۔ اور اگر تم اپنے گھروں میں نماز پڑھو جیسا کہ یہ پیچھے رہنے والا اپنے گھر میں پڑھتا ہے تو تم اپنے نبی کی سنت کو چھوڑ دو گے، اور اگر تم اپنے نبی کی سنت کو چھوڑ دو گے تو گمراہ ہو جاؤ گے۔ اور ہم نے اپنے آپ کو دیکھا ہے کہ اس (باجماعت نماز) سے صرف وہی منافق پیچھے رہتا تھا جس کا نفاق معلوم (اور واضح) ہوتا، اور (بیمار) آدمی کو دو آدمیوں کے درمیان سہارا دے کر لایا جاتا یہاں تک کہ اسے صف میں کھڑا کر دیا جاتا۔
(اسے مسلم نے روایت کیا ہے)
اور مسلم ہی کی ایک روایت میں ہے، انہوں نے کہا: بے شک رسول اللہ ﷺ نے ہمیں ہدایت کے طریقے سکھائے، اور ہدایت کے طریقوں میں سے اس مسجد میں نماز پڑھنا ہے جس میں اذان دی جاتی ہو۔
تشریح، فوائد و مسائل
نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے عہد زریں میں تمام صحابہ کرام رضوان اللہ عنھم اجمعین جماعت کا اہتمام کرتے تھے کوئی بھی صحیح مسلمان جماعت سے پیچھے رہنے کا تصور نہیں کرتا تھا حتی کہ بیمار ہونے کی صورت میں اگر انسان دو آدمیوں کے سہارے چل کر مسجد پہنچ سکتا تھا تو وہ اس کا بھی انتظام کرتے تھے اور بیماری کو بہانہ بنا کر شدت میں بھی جماعت سے پیچھے نہیں رہتے تھے صرف ایسے لوگ ہی پیچھے رہتے تھے جن کا نفاق معروف و مشہور تھا یا وہ ایسے بیمار ہوتے کہ دو آدمیوں کے سہارے پر چل کر بھی نہیں آ سکتے تھے اس لیے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت عبداللہ بن ام مکتوم رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو نابینا ہونے کے باوجود جماعت سے پیچھے رہنے کی اجازت نہیں دی تھی۔
(بقول عبداللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ جماعت کا اہتمام کرنا مسلمان کی علامت و شناخت ہے)
اور ہدایت کا راستہ اور رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا لائحہ عمل ہے جماعت کو نظر انداز کرنا ہدایت اور نبی کے راستہ کو چھوڑ کر گمراہی کا راستہ اختیار کرنا ہے۔
(3)
جماعت کی حاضری کی خاطر مسجد میں جانے والے کو ہر قدم کے بدلہ میں ایک نیکی ملتی ہے ایک برائی مٹتی ہے اور اس کا ایک درجہ بلند ہوتا ہے اور جماعت سے پیچھے رہنے والا ان تینوں خیرات و برکات سے محروم رہتا ہے۔
(4)
جماعت سے پیچھے رہنا منافق کی علامت ہے اور ہر ایک مسلمان کو ہر حالت میں اس دھبہ سے محفوظ رہنے کی کوشش کرنی چاہیے اگر ایک نابینے آدمی کو گھر میں نماز پڑھنے کی اجازت نہیں ہے تو آنکھوں والا کس طرح گھر میں نماز پڑھ سکتا ہے۔
عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ کہتے ہیں تم لوگ ان پانچوں نمازوں کی پابندی کرو جہاں ان کی اذان دی جائے، کیونکہ یہ ہدایت کی راہیں ہیں، اللہ تعالیٰ نے اپنے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے ہدایت کے طریقے اور راستے مقرر کر دئیے ہیں، اور ہم تو یہ سمجھتے تھے کہ نماز باجماعت سے وہی غیر حاضر رہتا تھا جو کھلا ہوا منافق ہوتا تھا، اور ہم یہ بھی دیکھتے تھے کہ آدمی دو شخصوں کے کندھوں پر ہاتھ رکھ کر چلایا جاتا، یہاں تک کہ اس آدمی کو صف میں لا کر کھڑا کر دیا جاتا تھا، تم میں سے ایسا کوئی شخص نہیں ہے، جس کی مسجد اس کے گھر میں نہ ہو، لیکن اگر تم اپنے گھروں میں نماز پڑھتے رہے اور مسجدوں میں نماز پڑھنا چھوڑ دیا، تو تم نے اپنے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا طریقہ ترک کر دیا اور اگر تم نے اپنے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا طریقہ ترک کر دیا تو کافروں جیسا کام کیا۔ [سنن ابي داود/كتاب الصلاة /حدیث: 550]
➊ جماعت سے پیچھے رہنا منافقین کی علامات سے بتایا گیا ہے اور یہ اس کے کبیرہ گناہ ہونے سے بھی بڑھ کر ہے۔
➋ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سنتوں سے اعراض کا نتیجہ بالآخر کفر تک پہنچا سکتا ہے۔ «أعاذنا الله منه»