ریاض الصالحین — حدیث نمبر 1007

باب: قرآن کو خوش آوازی سے پڑھنے، خوش آواز شخص سے قراءت کی فرمائش کرنے اور اسے سننے کا استحباب

باب استحباب تحسين الصوت بالقرآن وطلب القراءة من حسن الصوت والاستماع لها

حدیث نمبر: 1007
وعن أَبي لُبَابَةَ بشير بن عبد المنذر - رضي الله عنه: أنَّ النبيَّ - صلى الله عليه وسلم - قَالَ: «مَنْ لَمْ يَتَغَنَّ بِالقُرْآنِ فَلَيْسَ مِنَّا». رواه أَبُو داود بإسنادٍ جيدٍ.
معنى «يَتَغَنَّى»: يُحَسِّنُ صَوْتَهُ بِالقُرْآنِ.
ترجمہ

سیدنا ابولبابہ بشیر بن عبدالمنذر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: ”جو قرآن کو خوش آوازی سے نہ پڑھے وہ ہم میں سے نہیں۔“
(اسے ابوداود نے عمدہ سند کے ساتھ روایت کیا ہے)
«يَتَغَنَّى» کا معنی ہے: قرآن (پڑھنے) میں اپنی آواز کو خوبصورت بناتا ہے۔

حوالہ حدیث رياض الصالحين / كتاب الفضائل / حدیث: 1007
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: حسن صحيح (أبو داود 1471) , شیخ زبیر علی زئی: إسناده صحيح, وله شواھد عند البخاري (7527) وغيره
تخریج حدیث أخرجه: أبو داود (1471).
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن ابي داود: 1471

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابي داود / حدیث: 1471 کی شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی ✍️
´قرآت میں ترتیل کے مستحب ہونے کا بیان۔`
عبیداللہ بن ابی یزید کہتے ہیں ہمارے پاس سے ابولبابہ رضی اللہ عنہ کا گزر ہوا تو ہم ان کے پیچھے ہو لیے یہاں تک کہ وہ اپنے گھر کے اندر داخل ہو گئے تو ہم بھی داخل ہو گئے تو دیکھا کہ ایک شخص بیٹھا ہوا ہے۔ بوسیدہ سا گھر ہے اور وہ بھی خستہ حال ہے، میں نے سنا: وہ کہہ رہا تھا کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو کہتے ہوئے سنا ہے: " جو قرآن کو خوش الحانی سے نہ پڑھے وہ ہم میں سے نہیں ہے۔‏‏‏‏" عبدالجبار کہتے ہیں: میں نے ابن ابی ملیکہ سے کہا: اے ابو محمد! اگر کسی کی آواز اچھی نہ ہو تو کیا کرے؟ انہوں نے جواب دیا: جہاں تک ہو سکے اسے اچھی بنائے۔ [سنن ابي داود/كتاب تفريع أبواب الوتر /حدیث: 1471]
1471. اردو حاشیہ: جناب ابن ابی ملیکہ نے حدیث کے الفاظ کو خوش الحانی پر محمول کیا ہے۔ جبکہ حضرت ابو لبابہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا ظاہر حال ذاتی اور گھر بار کا یہ تھا۔ کہ انہوں نے اس طرف کوئی توجہ ہی نہیں رکھی تھی۔ غالباً انہوں نے الفاظ حدیث کے معنی استغنا مراد لے رکھے تھے۔ واللہ اعلم۔ [بذل المجهود]
درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 1471 سے ماخوذ ہے۔