ریاض الصالحین — حدیث نمبر 1002

باب: قرآن کی مسلسل نگہداشت (دہرائی) کا حکم اور اسے بھلا دینے کے درپے ہونے سے ڈرانا

باب الأمر بتعهد القرآن والتحذير عن تعريضه للنسيان

حدیث نمبر: 1002
عن أَبي موسى - رضي الله عنه - عن النبيِّ - صلى الله عليه وسلم - قَالَ: «تعاهدوا هَذَا القُرْآنَ، فَوَالَّذِي نَفْسُ مُحَمَّدٍ بِيَدِهِ لَهُوَ أشَدُّ تَفَلُّتًا مِنَ الإبلِ فِي عُقُلِهَا». متفقٌ عَلَيْهِ.
ترجمہ

سیدنا ابوموسیٰ (اشعری) رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: ”اس قرآن کی نگہداشت کرتے رہو (بار بار دہراتے رہو)، اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں محمد کی جان ہے! یہ (سینوں سے) نکل جانے میں اپنی رسیوں میں بندھے اونٹوں سے بھی زیادہ تیز ہے۔“
(متفق علیہ)

حوالہ حدیث رياض الصالحين / كتاب الفضائل / حدیث: 1002
درجۂ حدیث محدثین: صحيح (متفق عليه)
تخریج حدیث أخرجه: البخاري 6/ 238 (5033)، ومسلم 2/ 192 (791) (231).
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح البخاري: 5033 | صحيح مسلم: 791

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 5033 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
5033. سیدنا موسٰی ؓ سے روایت ہے، وہ نبی ﷺ سے بیان کرتے ہیں کہ آپ نے فرمایا: "قرآن مجید ہمیشہ پڑھتے رہو اور دَور کرتے رہو، مجھے اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے! یہ قرآن اونٹ کے اپنی رسی تڑوا کر بھاگ جانے سے زیادہ تیزی سے نکل جاتا ہے۔"[صحيح بخاري، حديث نمبر:5033]
حدیث حاشیہ: کتنے حافظ ایسے دیکھے گئے جنہوں نے تلاوت کرنا چھوڑ دیا اور قرآن مجید ان کے ذہنوں سے نکل گیا۔
صدق رسول اللہ صلی اللہ علیه و سلم۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 5033 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 5033 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
5033. سیدنا موسٰی ؓ سے روایت ہے، وہ نبی ﷺ سے بیان کرتے ہیں کہ آپ نے فرمایا: "قرآن مجید ہمیشہ پڑھتے رہو اور دَور کرتے رہو، مجھے اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے! یہ قرآن اونٹ کے اپنی رسی تڑوا کر بھاگ جانے سے زیادہ تیزی سے نکل جاتا ہے۔"[صحيح بخاري، حديث نمبر:5033]
حدیث حاشیہ:
1۔
بہت سے ایسے حافظ دیکھے گئے ہیں۔
جنھوں نے قرآن کے دَور اور اس کی تلاوت سے رو گردانی کی، پھر قرآن مجید ان کے سینوں سے نکل گیا۔
2۔
اس حدیث میں قرآن بھول جانے کی نسبت انسان اپنی طرف کرے اس سے منع کیا گیا ہے کیونکہ اسے تو اللہ تعالیٰ نے قرآن بھلایا ہے اور وہی ہر چیز کی تقدیربناتا ہے، نیز نسیان ترک ہے اس لیے یہ کہنا کہ میں نے ترک کیا اور نسیان کا قصد کیا ناپسندیدہ فعل ہے۔
اس کے علاوہ نسیان کی نسبت اپنی طرف کرنا گویا تساہل اور تغافل کی نسبت اپنی طرف کرنا ہے اس لیے منع کی گیا ہے۔
3۔
بہر حال نسیان کی نسبت اللہ تعالیٰ کی طرف اس لیے ہے کہ وہ تمام افعال کا خالق ہے اور انسان کی طرف اس بنا پر جائز ہے کہ وہ اس کا سبب ہے اور اس کی نسبت شیطان کی طرف بھی ہے کیونکہ اس کی وسوسہ اندازی سے انسان غفلت کا شکار ہوا ہے، بہر حال انسان کو قرآن کریم کی تلاوت کرتے رہنا چاہیے تاکہ یہ بھول کا شکار نہ ہو۔
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 5033 سے ماخوذ ہے۔