حدیث نمبر: 5739
أَخْبَرَنَا عِيسَى بْنُ مُحَمَّدٍ أَبُو عُمَيْرِ بْنِ النَّحَّاسِ , عَنْ ضَمْرَةَ , عَنْ الشَّيْبَانِيِّ , عَنْ ابْنِ الدَّيْلَمِيِّ , عَنْ أَبِيهِ , قَالَ : قُلْنَا : يَا رَسُولَ اللَّهِ , إِنَّ لَنَا أَعْنَابًا فَمَاذَا نَصْنَعُ بِهَا ؟ قَالَ : " زَبِّبُوهَا " , قُلْنَا : فَمَا نَصْنَعُ بِالزَّبِيبِ ؟ قَالَ : " انْبِذُوهُ عَلَى غَدَائِكُمْ وَاشْرَبُوهُ عَلَى عَشَائِكُمْ , وَانْبِذُوهُ عَلَى عَشَائِكُمْ وَاشْرَبُوهُ عَلَى غَدَائِكُمْ , وَانْبِذُوهُ فِي الشِّنَانِ وَلَا تَنْبِذُوهُ فِي الْقِلَالِ فَإِنَّهُ إِنْ تَأَخَّرَ صَارَ خَلًّا " .
ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی

´فیروز دیلمی رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` ہم نے عرض کیا : اللہ کے رسول ! ہمارے انگور کے باغات ہیں ہم ان کا کیا کریں ؟ آپ نے فرمایا : ” ان کا منقیٰ اور کشمش بنا لو “ ، ہم نے عرض کیا : پھر منقے اور کشمش کا کیا کریں ، آپ نے فرمایا : ” صبح کو بھگاؤ اور شام کو پی لو ، اور شام کو بھگاؤ صبح کو پی لو ، اور اسے مشکیزوں میں بھگاؤ ، گھڑوں میں نہ بھگانا ، اس لیے کہ اگر اس میں وہ ( مشروب ) دیر تک رہ گیا تو سرکہ بن جائے گا “ ۔

حوالہ حدیث سنن نسائي / كتاب الأشربة / حدیث: 5739
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: حسن صحيح الإسناد , شیخ زبیر علی زئی: حسن
تخریج حدیث «انظر ما قبلہ (حسن، صحیح الإسناد)»
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن ابي داود: 3710 | سنن نسائي: 5738

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابي داود / حدیث: 3710 کی شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی ✍️
´نبیذ کا وصف کہ وہ کب تک پی جائے۔`
دیلمی رضی اللہ عنہ کہتے ہیں ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آئے اور ہم نے عرض کیا: اللہ کے رسول! آپ کو معلوم ہے کہ ہم کون ہیں اور کہاں سے آئے ہیں، لیکن کس کے پاس آئے ہیں؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " اللہ اور اس کے رسول کے پاس " پھر ہم نے عرض کیا: اے رسول اللہ! ہمارے یہاں انگور ہوتا ہے ہم اس کا کیا کریں؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " اسے خشک لو " ہم نے عرض کیا: اس زبیب (سوکھے ہوئے انگور) کو کیا کریں؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " صبح کو اسے بھگو دو، اور شام کو پی لو، اور جو شام کو بھگوؤ اسے صبح کو پی لو اور چمڑوں کے ب۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ابي داود/كتاب الأشربة /حدیث: 3710]
فوائد ومسائل:
فائدہ: اصل نبیذ جو حلال ہے وہی ہے جس کی وضاحت خود رسول اللہ کے الفاظ میں آگئی ہے۔
یعنی خشک پھل کے گودے کا پانی میں ملا کر بنایا ہوا مشروب آپ کے الفاظ سے پتہ چلتا ہے کہ اصل اور حلال نبیذ بغیرابالے یا دھوپ میں رکھے استعمال ہوتی تھی۔
اور بنائے جانے کے بعد اتنے وقت کے اندر کے اس میں تخمیر یا ترشی پیدا ہونے کا عمل بھی شروع نہ ہوتا تھا۔
یہی مشروب زیادہ دیر رکھ کر اور نشہ آور بنا کر پینے والے اسے بھی نبیذ ہی کہتے ہیں۔
بعض فقہاء نے اس طرح کے مشروب کو بھی حلال قرار دیا ہے۔
ان کے نزدیک خمر وہی شراب ہے۔
جو انگور کے رس سے بنائی جاتی ہے۔
ان کے خیال میں باقی سب مشروب حلال ہیں۔
امام ابودائود نے اس باب میں اصل نبیذ کا تعارف اصل نبیذ کی کیفیت اور بننے کے بعد اس کے استعمال کےلئے وقت کی زیادہ سے زیادہ کیا حد ہے۔
سب کچھ تفصیل سے بیان کردیا ہے۔
انہوں نے ان احادیث کے ذریعے واضح کردیا ہے۔
کہ انگور کے رس کے علاوہ دوسرے پھلوں کےگودے سے بنایا جانے والا مشروب جب اس میں تخمیر کا عمل شروع ہوجائے یا اس عمل کے آغاز کےلئے اس میں خامرے شامل ہوجایئں تو وہ حرام ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 3710 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن نسائي / حدیث: 5738 کی شرح از حافظ محمد امین ✍️
´کون سی نبیذ پینی جائز ہے اور کون سی ناجائز۔`
عبداللہ دیلمی کے والد فیروز رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آیا، میں نے عرض کیا: اللہ کے رسول! ہم انگور والے لوگ ہیں، اور اللہ تعالیٰ نے شراب کی حرمت نازل فرما دی ہے، اب ہم کیا کریں؟ آپ نے فرمایا: " اسے سکھا کر منقیٰ بنا لو۔‏‏‏‏" میں نے کہا: تب ہم منقیٰ کا کیا کریں؟ آپ نے فرمایا: " اسے صبح کے وقت بھگوؤ دو اور شام کو پیو، اور شام کو بھگوؤ صبح کو پیو۔‏‏‏‏" میں نے کہا: دیر تک نہ رہنے دیں یہاں تک کہ اس۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن نسائي/كتاب الأشربة/حدیث: 5738]
اردو حاشہ: (1) حدیث سے چمرے کے مشکیزوں میں نبیذ بنانے کا جواز ثابت ہوتا ہے۔
(2) اس حدیث سے یہ مسئلہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ صبح اور شام کے کھانے کے ساتھ نبیذ وغیرہ پینا یا کوئی دوسری "ڈش" استعمال کرنا شرعاً جائز ہے۔ یہ اسراف میں شامل نہیں۔
(3) "ہم کیا کریں؟" مقصد یہ تھا کہ انگور زیادہ دیر تک رکھے نہیں جا سکتے خراب ہو جاتے ہیں۔ فوراً اتنے انگور کھائے بھی نہیں جا سکتے۔ شراب بنانے سے روک دیا گیا ورنہ ہم ان سے شراب تیار کر کے رکھ لیتے اور بیچتے رہتے۔ گویا معاشی مشکل کی طرف اشارہ کیا کہ اس طرح ہماری فصل ضائع ہو جائے گی تو آپ نے یہ حل تجویز فرمایا کہ انگوروں کو خشک کرکے منقیٰ بنالو۔ پھر جب تک چاہو کھاؤ۔ جب چاہو بیچو۔
(4) "منقیٰ کو ہم کیا کریں؟" اس سوال کا مقصد یہ ہے کہ ہمارے لیے کھانے کے علاوہ اس کا اور کون سا استعمال جائز ہے؟ آپ نے فرمایا: اس سے نبیذ تیار کرکے پی سکتے ہو لیکن اس احتیاط کے ساتھ کہ اس میں نشہ پیدا نہ ہو۔
(5) "سرکہ بن جائے گا" یہ علت ہے مٹکے میں نبیذ نہ بنانے کی کہ مٹکے میں نبیذ زیادہ دیر تک پڑا رہا تو اس میں نشہ پیدا ہوجائے گا اور وہ حرام ہوجائے گا جبکہ مشکیزے میں دیر تک پڑا بھی رہا تو زیادہ سے زیادہ ترش ہوجائے گا اور سرکہ بن جائے گا، یعنی سرکے کی طرح استعمال ہوسکے گا۔ نشہ پیدا نہ ہوگا لہٰذا وہ ضائع نہیں ہوگا۔
درج بالا اقتباس سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 5738 سے ماخوذ ہے۔