حدیث نمبر: 5661
أَخْبَرَنَا مُحَمَّدُ بْنُ عَبْدِ الْأَعْلَى ، عَنْ خَالِدٍ وَهُوَ ابْنُ الْحَارِثِ ، عَنْ شُعْبَةَ ، قَالَ : سَمِعْتُ أَبَا بَكْرِ بْنَ حَفْصٍ ، يَقُولُ : سَمِعْتُ ابْنَ مُحَيْرِيزٍ يُحَدِّثُ ، عَنْ رَجُلٍ مَنْ أَصْحَابِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، قَالَ : " يَشْرَبُ نَاسٌ مِنْ أُمَّتِي الْخَمْرَ يُسَمُّونَهَا بِغَيْرِ اسْمِهَا " .
ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی

´ایک صحابی رسول رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” میری امت کے کچھ لوگ شراب پئیں گے اور وہ اس کا نام کچھ اور رکھ دیں گے “ ۔

حوالہ حدیث سنن نسائي / كتاب الأشربة / حدیث: 5661
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح , شیخ زبیر علی زئی: إسناده صحيح
تخریج حدیث «تفرد بہ النسائي (تحفة الأشراف: 15617)، مسند احمد (4/237) (صحیح)»
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن ابي داود: 3689

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ حافظ محمد امین
´شراب کی حیثیت کا بیان۔`
ایک صحابی رسول رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: میری امت کے کچھ لوگ شراب پئیں گے اور وہ اس کا نام کچھ اور رکھ دیں گے۔‏‏‏‏ [سنن نسائي/كتاب الأشربة/حدیث: 5661]
اردو حاشہ: (1) یہ حدیث مبارکہ اعلام نبوت میں سے ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے جس طرح خبر دی بعد ازاں بعینہ اسی طر ح ہوا۔ آج بھی بہت سے لوگ ایسے ہیں جو مختلف ناموں سے شراب پیتے ہیں۔ أعاذنا اللہ منھا۔
(2) یہ حدیث مبارکہ ہر قسم کی شراب کی حرمت کی صریح دلیل ہے۔ اس کی حرمت پر امت مسلمہ کا اجماع ہے۔ والحمد للہ علی ذلك۔ ہاں! البتہ ایک فرقہ ایسا ہے جو صرف انگور سے کشید کردہ شراب کو شراب مانتا ہے، اس کے علاوہ دیگر مسکرات کو شراب نہیں کہتا ہے۔ اس فرقے نے صرف اسی پر بس نہیں کی بلکہ اس فرقے کا کہنا یہ بھی ہے کہ تھوڑی سی پی لینے سے کچھ نہیں ہوتا، اتنی سی مقدار حلال ہے۔ حرام صرف وہ مقدار ہے جو نشہ چڑھا دے۔ فإنّا للهِ وإنّا إليه راجِعونَ.
(3) یہ حدیث اس اہم مسئلے پر بھی دلالت کرتی ہے کہ جو شخص یا گروہ اللہ تعالیٰ کی حرام کردہ اشیاء کو حیلوں بہانوں سے حلال کرے اس کے لیے شدید وعید ہے، خواہ وہ اس کا نام بدل دے یا کوئی اور حیلہ تراشے۔ حرمت شراب کی اصل علت اور سبب خمار اور نشہ ہے، لہٰذا جس چیز سے خمار اور نشہ چڑھ جائے وہ حرام قرار پائے گی، چاہے کوئی مانے یا نہ مانے۔
درج بالا اقتباس سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 5661 سے ماخوذ ہے۔