حدیث نمبر: 5632
أَخْبَرَنَا قُتَيْبَةُ ، قَالَ : حَدَّثَنَا اللَّيْثُ ، عَنْ ابْنِ شِهَابٍ ، عَنْ أَنَسِ بْنِ مَالِكٍ أَنَّهُ أَخْبَرَهُ ، أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " نَهَى عَنِ الدُّبَّاءِ ، وَالْمُزَفَّتِ أَنْ يُنْبَذَ فِيهِمَا " .
ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی

´انس بن مالک رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کدو کی تونبی اور روغنی برتن میں نبیذ بنانے سے روکا ہے ۔

حوالہ حدیث سنن نسائي / كتاب الأشربة / حدیث: 5632
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح , شیخ زبیر علی زئی: صحيح مسلم
تخریج حدیث «صحیح مسلم/الٔنشربة 6 (1992)، (تحفة الأشراف: 1524)، مسند احمد (3/110، 165) (صحیح)»
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح البخاري: 5587 | صحيح مسلم: 1992 | سنن نسائي: 5645 | سنن ابن ماجه: 3404 | مسند الحميدي: 1219

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 5587 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
5587. سیدنا انس ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: "کدو اور تارکول کے برتنوں میں نبیذ نہ بناؤ۔" سیدنا ابو ہریرہ ؓ ان دو برتنوں کے ساتھ روغنی مرتبان اور کھجور کے تنے کو کھود کر تیار کردہ برتن کا بھی اضافہ کیا کرتے تھے۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:5587]
حدیث حاشیہ: اس حدیث سے معلوم ہوا کہ چار ایسے برتن ہیں جن کے استعمال سے آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم نے منع فرمایا ہے۔
''دباء'' یعنی کدو کے توبنے سے۔
''مزفت'' یعنی روغن دار رال کے برتن سے۔
''حنتم'' یعنی لاکھی ٹھلیا یا لاکھی مرتبان سے۔
''نقیر'' یعنی لکڑی کے بنے ہوئے برتن سے۔
یہی وہ چار برتن ہیں جن میں نبیذ بنانے سے روکا گیا ہے۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 5587 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 5587 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
5587. سیدنا انس ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: "کدو اور تارکول کے برتنوں میں نبیذ نہ بناؤ۔" سیدنا ابو ہریرہ ؓ ان دو برتنوں کے ساتھ روغنی مرتبان اور کھجور کے تنے کو کھود کر تیار کردہ برتن کا بھی اضافہ کیا کرتے تھے۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:5587]
حدیث حاشیہ:
قبل از اسلام لوگ جن برتنوں میں شراب بنایا کرتے تھے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان میں نبیذ بنانے سے بھی منع کر دیا۔
اس غرض سے عموماً چار قسم کے برتن استعمال ہوتے تھے جن کی تفصیل ہم آئندہ بیان کریں۔
اس حدیث میں ان چار برتنوں کا بیان ہے۔
حرمت شراب کی ابتدا میں ان برتنوں کے استعمال سے بھی منع فرما دیا گیا مگر بعد میں ان کی اجازت دے دی گئی۔
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 5587 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: مسند الحميدي / حدیث: 1219 کی شرح از محمد ابراہیم بن بشیر ✍️
1219- سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں، نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا ہے: "دباء (کدو) اور مزفت میں نبیذ تیار نہ کرو۔‏‏‏‏" [مسند الحمیدی/حدیث نمبر:1219]
فائدہ:
یہ حدیث منسوخ ہے، اس کی ناسخ حدیث صحیح مسلم میں ہے، اب جس مرضی برتن میں نبیذ بنائی جا سکتی ہے۔
درج بالا اقتباس مسند الحمیدی شرح از محمد ابراهيم بن بشير، حدیث/صفحہ نمبر: 1217 سے ماخوذ ہے۔