سنن نسائي
كتاب الزينة من السنن— کتاب: زیب و زینت اور آرائش کے احکام و مسائل
بَابُ : الْكَرَاهِيَةِ لِلنِّسَاءِ فِي إِظْهَارِ الْحُلِيِّ وَالذَّهَبِ باب: عورتوں کے لیے زیورات اور سونے کی نمائش ممنوع ہے۔
أَخْبَرَنَا إِسْحَاق بْنُ شَاهِينَ الْوَاسِطِيُّ ، قَالَ : أَنْبَأَنَا خَالِدٌ ، عَنْ مُطَرِّفٍ . ح وَأَنْبَأَنَا أَحْمَدُ بْنُ حَرْبٍ ، قَالَ : حَدَّثَنَا أَسْبَاطٌ ، عَنْ مُطَرِّفٍ ، عَنْ أَبِي الْجَهْمِ ، عَنْ أَبِي زَيْدٍ ، عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ، قَالَ : كُنْتُ قَاعِدًا عِنْدَ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، فَأَتَتْهُ امْرَأَةٌ ، فَقَالَتْ : يَا رَسُولَ اللَّهِ , سِوَارَيْنِ مِنْ ذَهَبٍ ، قَالَ : " سِوَارَانِ مِنْ نَارٍ " ، قَالَتْ : يَا رَسُولَ اللَّهِ , طَوْقٌ مِنْ ذَهَبٍ , قَالَ : " طَوْقٌ مِنْ نَارٍ " ، قَالَتْ : قُرْطَيْنِ مِنْ ذَهَبٍ , قَالَ : " قُرْطَيْنِ مِنْ نَارٍ " ، قَالَ : وَكَانَ عَلَيْهِمَا سِوَارَانِ مِنْ ذَهَبٍ ، فَرَمَتْ بِهِمَا ، قَالَتْ : يَا رَسُولَ اللَّهِ , إِنَّ الْمَرْأَةَ إِذَا لَمْ تَتَزَيَّنْ لِزَوْجِهَا صَلِفَتْ عِنْدَهُ ، قَالَ : " مَا يَمْنَعُ إِحْدَاكُنَّ أَنْ تَصْنَعَ قُرْطَيْنِ مِنْ فِضَّةٍ ثُمَّ تُصَفِّرَهُ بِزَعْفَرَانٍ ، أَوْ بِعَبِيرٍ " . اللَّفْظُ لِابْنِ حَرْبٍ .
´ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے ہاں بیٹھا ہوا تھا کہ ایک عورت نے آپ کے پاس آ کر کہا : اللہ کے رسول ! میرے پاس سونے کے دو کنگن ہیں ، آپ نے فرمایا : ” آگ کے دو کنگن ہیں “ وہ بولی : اللہ کے رسول ! سونے کا ہار ہے ، آپ نے فرمایا ” آگ کا ہار ہے “ ، وہ بولی : سونے کی دو بالیاں ہیں ، آپ نے فرمایا : ” آگ کی دو بالیاں ہیں “ ، اس عورت کے پاس سونے کے دو کنگن تھے ، اس نے انہیں اتار کر پھینک دئیے اور بولی : اگر عورت اپنے شوہر کے لیے بناؤ سنگار نہ کرے تو وہ اس کے لیے پھر کس کام کی ؟ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” تمہیں چاندی کی بالیاں بنانے پھر اسے زعفران یا عبیر سے پیلا کرنے سے کون سی چیز مانع ہے “ ۔
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے فرمایا: میں نبی اکرم ﷺ کے پاس بیٹھا تھا کہ ایک عورت آپ کے پاس آئی اور اس نے عرض کیا: اے اللہ کے رسول! کیا میں سونے کے دو کنگن استعمال کر سکتی ہوں؟ آپ ﷺ نے فرمایا: ”یہ آگ کے دو کنگن ہیں۔“ اس نے عرض کیا: اے اللہ کے رسول! سونے کا ہار؟ آپ ﷺ نے فرمایا: ”تیرے گلے میں آگ کا ہار ہو گا۔“ وہ کہنے لگی: سونے کی بالیاں؟ آپ ﷺ نے فرمایا: ”بالیاں بھی آگ کی ہیں۔“ راوی نے کہا: اس عورت نے سونے کے دو کڑے پہن رکھے تھے، اس نے وہ اتار کر پھینک دیے۔ اس نے عرض کیا: اے اللہ کے رسول! اگر عورت اپنے خاوند کے لیے زیب و زینت نہ کرے تو وہ اس کے نزدیک کم مرتبہ ہو جاتی ہے۔ آپ ﷺ نے فرمایا: ”کون سی چیز مانع ہے کہ وہ چاندی کی دو بالیاں بنا لے، پھر اسے زعفران یا عبیر سے رنگ لے۔“ یہ الفاظ (استاد احمد) ابن حرب کے ہیں۔