حدیث نمبر: 4878
أَخْبَرَنَا إِسْحَاق بْنُ إِبْرَاهِيمَ ، قَالَ : حَدَّثَنَا بَقِيَّةُ بْنُ الْوَلِيدِ ، قَالَ حَدَّثَنِي صَفْوَانُ بْنُ عَمْرٍو ، قَالَ : حَدَّثَنِي أَزْهَرُ بْنُ عَبْدِ اللَّهِ الْحَرَازِيُّ ، عَنْ النُّعْمَانِ بْنِ بَشِيرٍ أَنَّهُ : " رَفَعَ إِلَيْهِ نَفَرٌ مِنْ الْكَلَاعِيِّينَ ، أَنَّ حَاكَةً سَرَقُوا مَتَاعًا فَحَبَسَهُمْ أَيَّامًا ، ثُمَّ خَلَّى سَبِيلَهُمْ فَأَتَوْهُ ، فَقَالُوا : خَلَّيْتَ سَبِيلَ هَؤُلَاءِ بِلَا امْتِحَانٍ وَلَا ضَرْبٍ ، فَقَالَ النُّعْمَانُ : مَا شِئْتُمْ , إِنْ شِئْتُمْ أَضْرِبْهُمْ ، فَإِنْ أَخْرَجَ اللَّهُ مَتَاعَكُمْ فَذَاكَ , وَإِلَّا أَخَذْتُ مِنْ ظُهُورِكُمْ مِثْلَهُ ، قَالُوا : هَذَا حُكْمُكَ ؟ ، قَالَ : هَذَا حُكْمُ اللَّهِ عَزَّ وَجَلَّ , وَرَسُولِهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْه وَسَلَّمَ " .
ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی

´نعمان بن بشیر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ` ان کے پاس قبیلہ کلاع کے کچھ لوگ مقدمہ لائے کہ کچھ بنکروں نے سامان چرا لیا ہے ، انہوں نے کچھ دنوں تک ان کو قید میں رکھا پھر چھوڑ دیا ، تو وہ لوگ ان کے پاس آئے اور کہا : آپ نے انہیں کوئی تکلیف پہنچائے اور مارے بغیر چھوڑ دیا ؟ نعمان رضی اللہ عنہ نے کہا : تم کیا چاہتے ہو ؟ کہو تو ان کو ماروں ؟ اگر ان کے پاس تمہارا مال نکل آیا تو بہتر ہے ورنہ اسی قدر میں تمہاری پیٹھ پر ماروں گا ؟ وہ بولے : کیا یہ آپ کا حکم ہے ؟ انہوں نے کہا : یہ اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا حکم ہے ۱؎ ۔

وضاحت:
۱؎: گویا شک و شبہ اور گمان کی بنیاد پر کچھ دنوں تک مجرم کو قید رکھنا کہ ممکن ہے وہ اعتراف جرم کر لے صحیح ہے، البتہ اعتراف سے پہلے اسے سزا دینا صحیح نہیں۔
حوالہ حدیث سنن نسائي / كتاب قطع السارق / حدیث: 4878
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: حسن , شیخ زبیر علی زئی: ضعيف، إسناده ضعيف، ابو داود (4382) انوار الصحيفه، صفحه نمبر 358
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن ابي داود: 4382

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ حافظ محمد امین
´اعتراف جرم کی خاطر چور کو مارنے یا قید میں ڈالنے کا بیان۔`
نعمان بن بشیر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ ان کے پاس قبیلہ کلاع کے کچھ لوگ مقدمہ لائے کہ کچھ بنکروں نے سامان چرا لیا ہے، انہوں نے کچھ دنوں تک ان کو قید میں رکھا پھر چھوڑ دیا، تو وہ لوگ ان کے پاس آئے اور کہا: آپ نے انہیں کوئی تکلیف پہنچائے اور مارے بغیر چھوڑ دیا؟ نعمان رضی اللہ عنہ نے کہا: تم کیا چاہتے ہو؟ کہو تو ان کو ماروں؟ اگر ان کے پاس تمہارا مال نکل آیا تو بہتر ہے ورنہ اسی قدر میں تمہاری پیٹھ پر ماروں گا؟ وہ بولے: کیا ی [سنن نسائي/كتاب قطع السارق/حدیث: 4878]
اردو حاشہ: (1) محقق کتاب کا اس روایت کی سند کو ضعیف کہنا درست نہیں۔ ان کے نزدیک وجہ ضعف یہ ہے کہ ازہر بن عبداللہ کے حضرت نعمان بن بشیر سے سماع میں نظر ہے لیکن انہوں نے اس نظر کی کوئی دلیل ذکر نہیں کی اور اصولی بات یہ ہے کہ جب ثقہ یا صدوق راوی عن سے بیان کرے اور وہ متہم بالتدلیس بھی نہ ہو تو اس کی روایت سماع پر محمول ہو گی۔ اور ازہر کو کسی نے مدلس نہیں کہا۔ شاید اسی لیے شیخ البانی اور دیگر محققین نے اس روایت کو حسن کہا ہے۔
(2) اس باب میں چور سے مراد وہ شخص ہے جس پر چوری کا الزام ہو مگر کوئی گواہ نہ ہو اور نہ مال مسروقہ اس سے برآمد ہوا ہو۔ ایسے شخص کو جس پر چور ہونے کے قرائن ہوں تحقیق کی غرض سے قید کیا جاسکتا ہے۔ اگر وہ تسلیم کر لے یا اس سے مال مسروقہ برآمد ہو جائے تو اس کو چوری کی سزا لازم ہے۔ اگر کچھ بھی ثابت نہ ہو تو اسے چھوڑ دیا جائے گا جیسا کہ حضرت نعمان بن بشیر رضی اللہ عنہ کے طرز عمل سے ثابت ہوتا ہے نیز اسے مارنے کی اجازت نہیں ہوگی کیونکہ مارپیٹ سے تو کسی بھی بے گناہ سے اعتراف کروایا جاسکتا ہے۔ کسی بے گناہ یا مشکوک شخص کو مارنا ظلم ہے۔ ہاں البتہ یہ درست ہے کہ دانائی اور حکمت سے سچ اگلوایا جائے یا دھمکیوں وغیرہ سے مرعوب کر کے حقیقت معلوم کی جائے۔
درج بالا اقتباس سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 4878 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابي داود / حدیث: 4382 کی شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی ✍️
´جرم کی تفتیش میں مجرم کو مارنا پیٹنا کیسا ہے؟`
ازہر بن عبداللہ حرازی کا بیان ہے کہ کلاع کے کچھ لوگوں کا مال چرایا گیا تو انہوں نے کچھ کپڑا بننے والوں پر الزام لگایا اور انہیں صحابی رسول نعمان بن بشیر رضی اللہ عنہما کے پاس لے کر آئے، تو آپ نے انہیں چند دنوں تک قید میں رکھا پھر چھوڑ دیا، پھر وہ سب نعمان رضی اللہ عنہ کے پاس آئے، اور کہا کہ آپ نے انہیں بغیر مارے اور بغیر پوچھ تاچھ کئے چھوڑ دیا، نعمان رضی اللہ عنہ نے کہا: تم کیا چاہتے ہو اگر تمہاری یہی خواہش ہے تو میں ان کی پٹائی کرتا ہوں، اگر تمہارا سامان ان کے پاس نکلا تو ٹھیک ہے ورنہ اتنا ہی تمہاری پٹائی ہو گی جتنا ان کو مارا تھا، تو۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ابي داود/كتاب الحدود /حدیث: 4382]
فوائد ومسائل:
کسی ملزم یا متہم کو تحقیق کی غرض سے مارنا پیٹنا فقہاء کے نزدیک اختلافی مسئلہ ہے۔
احناف اور شوافع اس کا انکار کرتے ہیں، ممکن ہےکہ یہ شخص حقیقتًا بری الذمہ ہوتوسزا دینا ظلم ہوگا، البتہ مالکیہ اسے جائزکہتے ہیں۔
بہرحال قاضی یا حاکم کو چاہئےکہ احوال وظروف کی روشنی میں تحقیق کرے، جیسے کہ غزوہ بدر میں صحابہ رضی اللہ عنہ نے قریش کے غلام کو مارا اور اس سے خبر اگلوانے کی کوشش کی تھی۔
(صحيح مسلم، الجهاد، باب غزوة بدر، حديث:١٧٧٩)
درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 4382 سے ماخوذ ہے۔