سنن نسائي
كتاب البيوع— کتاب: خرید و فروخت کے احکام و مسائل
بَابُ : السَّلَمِ فِي الزَّبِيبِ باب: کشمش میں بیع سلم کرنے کا بیان۔
أَخْبَرَنَا مَحْمُودُ بْنُ غَيْلَانَ , قَالَ : حَدَّثَنَا أَبُو دَاوُدَ , قَالَ : أَنْبَأَنَا شُعْبَةُ , قَالَ : حَدَّثَنَا ابْنُ أَبِي الْمُجَالِدِ , وَقَالَ مَرَّةً : عَبْدُ اللَّهِ , وَقَالَ مَرَّةً : مُحَمَّدٌ , قَالَ : تَمَارَى أَبُو بُرْدَةَ , وَعَبْدُ اللَّهِ بْنُ شَدَّادٍ فِي السَّلَمِ , فَأَرْسَلُونِي إِلَى ابْنِ أَبِي أَوْفَى فَسَأَلْتُهُ , فَقَالَ : " كُنَّا نُسْلِمُ عَلَى عَهْدِ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ , وَعَلَى عَهْدِ أَبِي بَكْرٍ , وَعَلَى عَهْدِ عُمَرَ فِي الْبُرِّ , وَالشَّعِيرِ , وَالزَّبِيبِ , وَالتَّمْرِ إِلَى قَوْمٍ مَا نُرَى عِنْدَهُمْ " , وَسَأَلْتُ ابْنَ أَبْزَى , فَقَالَ : مِثْلَ ذَلِكَ .
´ابن ابی مجالد بیان کرتے ہیں کہ` ابوبردہ اور عبداللہ بن شداد میں سلم کے سلسلے میں بحث ہو گئی تو انہوں نے مجھے ابن ابی اوفی رضی اللہ عنہ کے پاس بھیجا ، میں نے ان سے پوچھا تو انہوں نے کہا : ہم لوگ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانے میں اور ابوبکر و عمر رضی اللہ عنہما کے زمانے میں گیہوں ، جَو ، کشمش اور کھجور میں بیع سلم کیا کرتے تھے ، ایسے لوگوں سے جن کے پاس ہم یہ چیزیں نہیں پاتے اور ( ابن ابی المجالد کہتے ہیں کہ میں نے ابن ابزیٰ سے پوچھا تو انہوں نے اسی طرح کہا ۔
ابن ابی مجالد رحمہ اللہ سے روایت ہے کہ حضرت ابو بردہ اور حضرت عبداللہ بن شداد رحمہما اللہ کا بیع سلم کی بابت اختلاف ہو گیا، انہوں نے مجھے حضرت ابن ابی اوفی رضی اللہ عنہ کے پاس بھیجا، میں نے ان سے پوچھا تو انہوں نے فرمایا: ہم رسول اللہ ﷺ کے زمانے میں، حضرت ابوبکر اور حضرت عمر رضی اللہ عنہما کے زمانے میں گندم، جو، منقٰی اور کھجوروں میں ایسے لوگوں سے بیع سلم کیا کرتے تھے جن کے پاس ہمارے خیال کے مطابق یہ چیزیں نہیں ہوتی تھیں، پھر میں نے حضرت ابن ابزی رضی اللہ عنہ سے پوچھا تو انہوں نے بھی ایسا ہی فرمایا۔
تشریح، فوائد و مسائل
(1)
سلف اور سلم دونوں الفاظ کے ایک ہی معنی ہیں، یعنی کسی چیز کے متعلق پیشگی سودا کرلیا، قیمت پہلے ادا کردی، پھر معین مدت کے بعد معلوم وزن یا ناپ یا تعداد کے اعتبار سے وہ چیز لے لی۔
(2)
جن لوگوں سے غلہ وغیرہ خریدا جاتا ان سے یہ نہیں پوچھا جاتا تھا کہ وہ کھیتی باڑی کرتے ہیں یا نہیں۔
اس سے کوئی غرض نہیں۔
وہ جہاں سے چاہیں مال مہیا کرکے وقت مقررہ پر حوالے کردیں، ہاں اگر متعین طریقے پر یوں معاملہ کیا جائے کہ فلاں کھیت کی گندم اتنے من مطلوب ہے جو وہاں موجود نہیں تو ایسا معاملہ شرعاً درست نہیں۔
عبداللہ بن ابی مجالد کہتے ہیں کہ میں نے ابن ابی اوفی سے بیع سلم کے متعلق پوچھا تو انہوں نے کہا: ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم، ابوبکر اور عمر رضی اللہ عنہما کے زمانے میں گی ہوں، جَو اور کھجور میں ایسے لوگوں سے بیع سلم کرتے تھے کہ مجھے نہیں معلوم، آیا ان کے یہاں یہ چیزیں ہوتی بھی تھیں یا نہیں۔ اور ابن ابزیٰ نے (سوال کرنے پر) اسی طرح کہا۔ [سنن نسائي/كتاب البيوع/حدیث: 4618]
(2) بیع کرتے وقت جو چیز موجود ہی نہ ہو اس میں بیع سلم ہو سکتی ہے تاہم یہ ضروری ہے کہ ادائیگی کے وقت وہ چیز بہر صورت مو جو د ہو۔
(3) ذمی اوردیگر غیر مسلم لوگوں کے ساتھ جس طرح عام تجارت اور خرید و فروخت کرنا جائز ہے، اسی طر ح ان کے ساتھ بیع سلم کرنا بھی درست ہے۔
4) بیع سلم یا سلف ایک ہی چیز ہے کہ خریدار بائع کو رقم پہلے دے دے اور اس سے غلہ (جوکچھ خریدنا مقصود ہو) کی مقدار، جنس و نوع اور بھاؤ طے کرلے اورغلے کی ادائیگی کا وقت متعین کر لے، خواہ ابھی تک وہ غلہ منڈی میں نہ آیا ہو یا بیچا بھی نہ گیا ہو۔ سال دوسال پہلے بھی رقم دی جاسکتی ہے۔ اس قسم کی بیع لوگو ں کی مجبوری ہے کیونکہ زمیندار کاشتکاروں کو فصل کے اخراجات کے لیے رقم کی پیشگی ضرورت ہوتی ہے، لہٰذا اس بیع کو جائز رکھا گیا۔ جو شخص جس سے سودا ہوا ہے، کاشتکار بھی ہو سکتا ہے غیرکاشتکار بھی کیو نکہ وہ خرید کر بھی مہیا کر سکتا ہے۔ اس مسئلے کی کچھ تفصیل حدیث نمبر 4615، فائدہ نمبر 5 اور حدیث نمبر4617 میں بیان ہوچکی ہے۔
عبداللہ بن ابی مجالد کہتے ہیں کہ عبداللہ بن شداد اور ابوبرزہ رضی اللہ عنہما کے درمیان بیع سلم کے سلسلہ میں جھگڑا ہو گیا، انہوں نے مجھے عبداللہ ابن ابی اوفی رضی اللہ عنہ کے پاس بھیجا، میں نے جا کر ان سے اس کے سلسلے میں سوال کیا تو انہوں نے کہا: ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے عہد میں اور ابوبکرو عمر رضی اللہ عنہما کے عہد میں گیہوں، جو، کشمش اور کھجور میں ایسے لوگوں سے بیع سلم کرتے تھے جن کے پاس اس وقت مال نہ ہوتا، پھر میں نے ابن ابزیٰ رضی اللہ عنہ سے سوال کیا، تو انہوں نے بھی ایسے ہی کہا۔ [سنن ابن ماجه/كتاب التجارات/حدیث: 2282]
فوائد و مسائل: (1)
بیع سلم اور بیع سلف ایک ہی چیز ہے کے دو نام ہیں۔
(2)
بیع سلم جائز ہے۔
(3)
کسی مسئلے میں اختلاف ہو جائے تو اپنے سے بڑے عالم سے مسئلہ پوچھ لینا چاہیے۔
(4)
جب صحیح مسئلہ معلوم ہو جائے تو اختلاف ختم کر دینا چاہیے۔