حدیث نمبر: 4456
أَخْبَرَنَا يُوسُفُ بْنُ عِيسَى ، قَالَ : أَنْبَأَنَا الْفَضْلُ بْنُ مُوسَى ، قَالَ : أَنْبَأَنَا الْأَعْمَشُ ، عَنْ إِبْرَاهِيمَ ، عَنِ الْأَسْوَدِ ، عَنْ عَائِشَةَ ، قَالَتْ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " إِنَّ أَطْيَبَ مَا أَكَلَ الرَّجُلُ مِنْ كَسْبِهِ ، وَوَلَدُهُ مِنْ كَسْبِهِ " .
ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی

´ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” سب سے پاکیزہ کھانا وہ ہے جو آدمی اپنی کمائی سے کھائے اور اس کی اولاد بھی اس کی کمائی ہے “ ۔

حوالہ حدیث سنن نسائي / كتاب البيوع / حدیث: 4456
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح , شیخ زبیر علی زئی: صحيح
تخریج حدیث «سنن ابن ماجہ/التجارات 1 (2137)، (تحفة الأشراف: 15961)، مسند احمد (6/42، 220) (صحیح)»

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ حافظ محمد امین
´روزی کمانے کی ترغیب۔`
ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: سب سے پاکیزہ کھانا وہ ہے جو آدمی اپنی کمائی سے کھائے اور اس کی اولاد بھی اس کی کمائی ہے۔‏‏‏‏ [سنن نسائي/كتاب البيوع/حدیث: 4456]
اردو حاشہ: بہترین محنب اور کمائی کیا ہے؟ علماء نے اپنے اپنے نقطۂ نظر سے اس کا تعین کیا ہے۔ بعض نے تجارت کو افضل پیشہ قرار دیا ہے کیونکہ یہ صاف ستھرا اور معزز پیشہ ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے اسے اختیار فرمایا تھا۔ بعض علماء نے ہاتھ کی محنت کو افضل کہا ہے کیونکہ انبیاء علیہم السلام عموماً ہاتھ کی کوئی نہ کوئی محنت فرماتے تھے۔ بعض نے زراعت کو بہترین کمائی کہا ہے کیونکہ زراعت سے تمام مخلوقات اپنی اپنی خوراک حاصل کرتی ہیں۔ ظاہر ہے ان کی خوراک کا ثواب زراعت کرنے والے کو ملتا ہے اور اس کی کمائی سے پرندے، جانور، کیڑے مکوڑے اور غریب انسان مفت خوراک حاصل کرتے ہیں۔ بعض نے مال غنیمت کو افضل کمائی سمجھا ہے مگر یہ تو صرف فوج کو حاصل ہو سکتی ہے۔ آج کل کے دور میں فوج کے لیے بھی ممکن نہیں، لہٰذا یہ قول کمزور ہے۔ اور نہ ہر وقت لڑائی ہو سکتی ہے، نہ ہر شخص لڑ سکتا ہے اور نہ ہر لڑائی سے غنیمت حاصل ہو سکتی ہے۔ اصل بات یہ ہے کہ ہر شخص اپنی ذہنی استعداد اور رجحان کے ساتھ کوئی بھی پیشہ اختیار کر سکتا ہے۔ اس سے حلال کمائے تو وہی اس کے لیے افضل ہے۔
درج بالا اقتباس سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 4456 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 1358 کی شرح از ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی ✍️
´باپ بیٹے کے مال میں سے لے سکتا ہے۔`
ام المؤمنین عائشہ رضی الله عنہا کہتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: سب سے پاکیزہ چیز جس کو تم کھاتے ہو تمہاری اپنی کمائی ہے اور تمہاری اولاد بھی تمہاری کمائی میں سے ہے ۱؎۔ [سنن ترمذي/كتاب الأحكام/حدیث: 1358]
اردو حاشہ: 1؎: عبد اللہ بن عمرو رضی اللہ عنہ سے اسی معنی کی ایک حدیث مروی ہے، 'أَنْتَ وَ مَالُكَ لأَبِيْكَ' (یعنی تم اور تیرا مال تیرے باپ کا ہے) (سنن ابی داود رقم: 3530/صحیح) اس میں بھی عموم ہے، ضرورت کی قید نہیں ہے، اور عائشہ رضی اللہ عنہا کی اس حدیث میں سنن أبی داود میں (برقم: 3529) جو 'إذا احتجتم' (جب تم ضرورت مند ہو) کی 'زیادتی' ہے وہ بقول ابوداود 'منکر' ہے، لیکن لڑکے کی وفات پر (پوتا کی موجودگی میں) باپ کو صرف چھٹا حصہ ملتا ہے، اس سے حدیث کی تخصیص ہوجاتی ہے۔
یعنی بیٹے کا کل مال باپ کی ملکیت نہیں، صرف بقدر ضرورت ہی لے سکتا ہے۔
واللہ اعلم۔
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 1358 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابن ماجه / حدیث: 2137 کی شرح از مولانا عطا اللہ ساجد ✍️
´روزی کمانے کی ترغیب۔`
ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: آدمی کا سب سے عمدہ کھانا وہ ہے جو اس کی اپنی کمائی کا ہو، اور اس کی اولاد بھی اس کی کمائی ہے ۱؎۔ [سنن ابن ماجه/كتاب التجارات/حدیث: 2137]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
اسلام رہبانیت کا دین نہیں اور نہ وہ ترک دنیا کی دعوت دیتا ہے بلکہ دنیا میں اس طریقے سے رہنا سکھاتا ہے جس میں ایثار، خیر خواہی اور تعاون کو پیش نظر رکھا جائے۔
دنیا میں امن و مان اس طرح پیدا ہوا سکتا ہے۔

(2)
  محنت سے حاصل ہونے والی کمائی حلال کمائی ہے بشرطیکہ اس میں شرعی احکام کو ملحوظ رکھا گیا ہو۔
یہ محنت جسمانی بھی ہو سکتی ہے، کوئی فنی مہارت یا دستکاری بھی ہو سکتی ہے، ذہنی اور دماغی بھی ہو سکتی ہے۔

(3)
  انسان اپنے پچوں کی پرورش کرتا ہے اور ان پر خرچ کرتا ہے لہٰذا اولاد کا فرض ہے کہ والدین کی زیادہ سے زیادہ خدمت کرے۔

(4)
والدین اپنی اولاد سے حسب ضرورت مال لے سکتے ہیں تاہم انہیں چاہیے کہ اولاد کی جائز ضرویات کو نظر انداز نہ کریں۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 2137 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابن ماجه / حدیث: 2290 کی شرح از مولانا عطا اللہ ساجد ✍️
´اولاد کے مال میں والدین کے حق کا بیان۔`
ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تمہارے کھانوں میں سب سے پاکیزہ کھانا وہ ہے جو تمہارے ہاتھ کی کمائی کا ہو، اور تمہاری اولاد بھی تمہاری ایک قسم کی کمائی ہے۔‏‏‏‏ [سنن ابن ماجه/كتاب التجارات/حدیث: 2290]
اردو حاشہ: دیکھیے ‘ حدیث: 2137کے فوائد۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 2290 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن نسائي / حدیث: 4454 کی شرح از حافظ محمد امین ✍️
´روزی کمانے کی ترغیب۔`
ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: سب سے پاکیزہ کھانا وہ ہے جو آدمی اپنی (محنت کی) کمائی سے کھائے، اور آدمی کی اولاد اس کی کمائی ہے ۱؎۔ [سنن نسائي/كتاب البيوع/حدیث: 4454]
اردو حاشہ: (1) محنت سے کما کر کھانے کو رسول اللہ ﷺ نے بہترین اور پاکیزہ کمائی قرار دیا ہے۔
(2) اس حدیث مبارکہ سے یہ مسئلہ بھی معلوم ہوا کہ اولاد کی کمائی میں والد کو، اولاد کی اجازت کے بغیر بھی، تصرف کرنے کا حق اور اختیار ہے۔ امام خطابی رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ اگر اولاد صاحب استطاعت ہو تو ان پر والدین کا نان و نفقہ واجب ہے۔ تمام فقہاء نے اولاد پر والدین کا خرچہ واجب اور ضروری قرار دیا ہے۔
(3) اولاد بھی آدمی کی اپنی کمائی ہے گویا انسان کو یا تو اپنی محنت سے کما کر کھانا چاہیے یا اپنی اولاد کی کمائی سے کیونکہ وہ بھی غیر نہیں۔ اور اپنی اولاد کا مال کھانا عار بھی نہیں جبکہ اور کسی سے لے کر کھانا عار ہے، خواہ وہ سگا بھائی ہی ہو۔ اسلام کا منشا یہ ہے کہ کوئی شخص مفت خور یا منگتا نہیں ہونا چاہیے الا یہ کہ کوئی معذور ہو۔ کمائی کے قابل نہ ہو ورنہ کسی پر بوجھ بننا صدقہ لینے کے مترادف ہے۔ واللہ أعلم۔
درج بالا اقتباس سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 4454 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن نسائي / حدیث: 4455 کی شرح از حافظ محمد امین ✍️
´روزی کمانے کی ترغیب۔`
ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تمہاری اولاد سب سے پاکیزہ کمائی ہے، لہٰذا تم اپنی اولاد کی کمائی میں سے کھاؤ۔‏‏‏‏ [سنن نسائي/كتاب البيوع/حدیث: 4455]
اردو حاشہ: کھا سکتے ہو لیکن ضرورت کے مطابق۔ یہ نہیں کہ اولاد کے مال کو ضائع کرتا پھرے یا انہیں بلاوجہ تنگ کرے۔ احادیث میں کھانے کا لفظ ہے۔ مراد تمام ضروریات ہیں، خواہ وہ خوراک سے متعلق ہوں یا لباس سے۔ علاج سے متعلق ہوں یا رہن سہن سے لیکن ضرورت اور احتیاج کے وقت اور مطابق۔ چونکہ خوراک انسان کا سب سے بڑا مسئلہ ہے، اس لیے اس کا خصوصاً ذکر فرمایا۔
درج بالا اقتباس سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 4455 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن نسائي / حدیث: 4457 کی شرح از حافظ محمد امین ✍️
´روزی کمانے کی ترغیب۔`
ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: سب سے پاکیزہ کھانا وہ ہے جو آدمی اپنی کمائی سے کھائے اور اس کی اولاد بھی اس کی کمائی ہے۔‏‏‏‏ [سنن نسائي/كتاب البيوع/حدیث: 4457]
اردو حاشہ: اس کی کمائی ہے کیونکہ اس نے بڑی محنت اور مشقت سے ان کو پال پوس کر جوان کیا ہے۔
درج بالا اقتباس سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 4457 سے ماخوذ ہے۔