حدیث نمبر: 4288
أَخْبَرَنَا مُحَمَّدُ بْنُ خَالِدِ بْنِ خَلِيٍّ ، قَالَ : حَدَّثَنَا بِشْرُ بْنُ شُعَيْبٍ ، عَنْ أَبِيهِ ، عَنِ الزُّهْرِيِّ ، قَالَ : أَخْبَرَنِي ابْنُ السَّبَّاقِ ، عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ ، قَالَ : أَخْبَرَتْنِي مَيْمُونَةُ زَوْجُ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ أَصْبَحَ يَوْمًا وَاجِمًا ، فَقَالَتْ لَهُ مَيْمُونَةُ : أَيْ رَسُولَ اللَّهِ لَقَدِ اسْتَنْكَرْتُ هَيْئَتَكَ مُنْذُ الْيَوْمَ . فَقَالَ : " إِنَّ جِبْرِيلَ عَلَيْهِ السَّلَام كَانَ وَعَدَنِي أَنْ يَلْقَانِي اللَّيْلَةَ فَلَمْ يَلْقَنِي ، أَمَا وَاللَّهِ مَا أَخْلَفَنِي " . قَالَ : فَظَلَّ يَوْمَهُ كَذَلِكَ ، ثُمَّ وَقَعَ فِي نَفْسِهِ جَرْوُ كَلْبٍ تَحْتَ نَضَدٍ لَنَا ، فَأَمَرَ بِهِ , فَأُخْرِجَ ، ثُمَّ أَخَذَ بِيَدِهِ مَاءً فَنَضَحَ بِهِ مَكَانَهُ ، فَلَمَّا أَمْسَى لَقِيَهُ جِبْرِيلُ عَلَيْهِ السَّلَام ، فَقَالَ لَهُ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " قَدْ كُنْتَ وَعَدْتَنِي أَنْ تَلْقَانِي الْبَارِحَةَ . قَالَ : أَجَلْ ، وَلَكِنَّا لَا نَدْخُلُ بَيْتًا فِيهِ كَلْبٌ ، وَلَا صُورَةٌ " . قَالَ : فَأَصْبَحَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ مِنْ ذَلِكَ الْيَوْمِ فَأَمَرَ بِقَتْلِ الْكِلَابِ .
ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی

´ام المؤمنین میمونہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ` ایک روز صبح کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم بہت غمگین اور اداس اٹھے ، میمونہ رضی اللہ عنہا نے آپ سے عرض کیا : اللہ کے رسول ! مجھے آپ کی حالت آج کچھ بدلی بدلی عجیب و غریب لگ رہی ہے ، آپ نے فرمایا : ” جبرائیل نے مجھ سے رات میں ملنے کا وعدہ کیا تھا ، لیکن وہ ملنے نہیں آئے ، اللہ کی قسم ! انہوں نے کبھی وعدہ خلافی نہیں کی “ ، آپ اس دن اسی طرح ( غمزدہ ) رہے ، پھر آپ کو کتے کے ایک بچے ( پلے ) کا خیال آیا جو ہمارے تخت کے نیچے تھا ، آپ نے حکم دیا تو اسے نکالا گیا پھر آپ نے اپنے ہاتھ میں پانی لے کر اس سے اس جگہ پر چھینٹے مارے ، پھر جب شام ہوئی تو آپ کو جبرائیل علیہ السلام ملے ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان سے فرمایا : ” آپ نے مجھ سے گزشتہ رات ملنے کا وعدہ کیا تھا ؟ “ انہوں نے فرمایا : جی ہاں ، لیکن ہم ایسے گھر میں داخل نہیں ہوتے جہاں کتا ہو یا تصویر ( مجسمہ ) ہو ، پھر جب صبح ہوئی تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کتوں کو مار ڈالنے کا حکم دیا ۔

حوالہ حدیث سنن نسائي / كتاب الصيد والذبائح / حدیث: 4288
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح , شیخ زبیر علی زئی: صحيح مسلم
تخریج حدیث «صحیح مسلم/اللباس 26 (2105)، سنن ابی داود/اللباس 48 (4157)، (تحفة الأشراف: 18068)، مسند احمد (6/330) (صحیح)»
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح البخاري: 3351 | سنن ابي داود: 4157 | معجم صغير للطبراني: 684

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ حافظ محمد امین
´جس گھر میں کتا ہو وہاں فرشتے داخل نہیں ہوتے۔`
ام المؤمنین میمونہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ ایک روز صبح کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم بہت غمگین اور اداس اٹھے، میمونہ رضی اللہ عنہا نے آپ سے عرض کیا: اللہ کے رسول! مجھے آپ کی حالت آج کچھ بدلی بدلی عجیب و غریب لگ رہی ہے، آپ نے فرمایا: جبرائیل نے مجھ سے رات میں ملنے کا وعدہ کیا تھا، لیکن وہ ملنے نہیں آئے، اللہ کی قسم! انہوں نے کبھی وعدہ خلافی نہیں کی ، آپ اس دن اسی طرح (غمزدہ) رہے، پھر آپ کو کتے کے ایک بچے (پلے) کا خیال آیا ج۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن نسائي/كتاب الصيد والذبائح/حدیث: 4288]
اردو حاشہ: (1) مسئلہ واضح ہے کہ رحمت کے فرشتے اس گھر میں داخل نہیں ہوتے جس میں کتا ہو۔ لیکن یہ بات ضرور یاد رہنی چاہیے کہ جس گھر میں بوجہ ضرورت کتا رکھا جائے وہ اس سے مستثنی ہے کیونکہ اس کی اجازت شارع علیہ السلام نے خود دی ہے۔ اور آپ علیہ السلام کا ہر کام منشائے الہٰی کے مطابق ہی ہوتا ہے۔
(2) اس حدیث مبارکہ سے وعدہ وفا کرنے کی اہمیت بھی معلوم ہوتی ہے۔ وعدہ وفائی ضروری ہے۔ جس سے وعدہ کیا جاتا ہے وہ وعدے کا منتظر رہتا ہے۔ اندازہ لگایئے ایک بار جبریل امین علیہ السلام وعدے کے مطابق نہیں آئے تو رسول اللہ ﷺ سارا دن پریشان رہے۔
(3) معلوم ہوا فرشتے بھی قوانین الہٰی کے پابند ہیں، نیز انبیاء کے لیے بھی قانون بدلا نہیں جاتا ورنہ رسول اکرم ﷺ کے لیے قانون بدل دیا جاتا۔ واللہ أعلم
درج بالا اقتباس سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 4288 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 3351 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
3351. حضرت ابن عباس ؓسے روایت ہے، انھوں نے کہا: نبی ﷺ بیت اللہ میں داخل ہوئے تو اس میں حضرت ابراہیم ؑ اور حضرت مریم ؑ کی تصویریں دیکھیں۔ آپ نے فرمایا: ’’کیا انھوں نے نہیں سنا کہ فرشتے اس گھر میں داخل نہیں ہوتے جس میں تصویریں رکھی ہوں۔ یہ حضرت ابراہیم ؑ کی تصویر، انھیں تیروں کے ذریعے سے قرعہ اندازی کرنے کی کیا ضرورت تھی؟‘‘[صحيح بخاري، حديث نمبر:3351]
حدیث حاشیہ: عرب کے مشرکوں نے حضرت ابراہیم ؑ کی مورتی بناکر ان کے ہاتھ میں پانسے کا تیر دیا تھا۔
آنحضرت ﷺ نے فرمایا کہ تیر کو پانسہ بنانا، اس سے جوا کھیلنا یا فال نکالنا کسی بھی پیغمبر کی شان نہیں ہوسکتی۔
قسطلانی نے کہا کہ مکہ کے کافر جب سفر وغیرہ پر نکلتے تو ان پانسوں سے فال نکالا کرتے تھے۔
اس حدیث سے یہ بھی معلوم ہوا کہ بطور معبود کسی بت کو پوجا جائے یا کسی نبی اور ولی کی قبر یا مورت کو، شرک ہونے میں ہر دو برابر ہیں۔
جونادان مسلمان کہتے ہیں کہ قرآن شریف میں جس شرک کی مذمت ہے وہ کافروں کی بت پرستی مراد ہے۔
ہم مسلمان اولیاءاللہ کو محض بطور وسیلہ پوجتے ہیں۔
ان نادانوں کا یہ کہنا سراسر فریب نفس ہے۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 3351 سے ماخوذ ہے۔