سنن نسائی — حدیث نمبر 3492
باب: خلع کا بیان۔
بَابُ : مَا جَاءَ فِي الْخُلْعِ
أَخْبَرَنَا مُحَمَّدُ بْنُ سَلَمَةَ ، قَالَ : أَنْبَأَنَا ابْنُ الْقَاسِمِ ، عَنْ مَالِكٍ ، عَنْ يَحْيَى بْنِ سَعِيدٍ ، عَنْ عَمْرَةَ بِنْتِ عَبْدِ الرَّحْمَنِ أَنَّهَا أَخْبَرَتْهُ ، عَنْ حَبِيبَةَ بِنْتِ سَهْلٍ : أَنَّهَا كَانَتْ تَحْتَ ثَابِتِ بْنِ قَيْسِ بْنِ شَمَّاسٍ ، وَأَنّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ خَرَجَ إِلَى الصُّبْحِ ، فَوَجَدَ حَبِيبَةَ بِنْتَ سَهْلٍ عِنْدَ بَابِهِ فِي الْغَلَسِ ، فَقَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " مَنْ هَذِهِ ؟ " قَالَتْ : أَنَا حَبِيبَةُ بِنْتُ سَهْلٍ يَا رَسُولَ اللَّهِ ، قَالَ : " مَا شَأْنُكِ ؟ " قَالَتْ : لَا أَنَا ، وَلَا ثَابِتُ بْنُ قَيْسٍ لِزَوْجِهَا ، فَلَمَّا جَاءَ ثَابِتُ بْنُ قَيْسٍ ، قَالَ لَهُ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " هَذِهِ حَبِيبَةُ بِنْتُ سَهْلٍ ، قَدْ ذَكَرَتْ مَا شَاءَ اللَّهُ أَنْ تَذْكُرَ " ، فَقَالَتْ حَبِيبَةُ : يَا رَسُولَ اللَّهِ ، كُلُّ مَا أَعْطَانِي عِنْدِي ، فَقَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ لِثَابِتٍ : " خُذْ مِنْهَا ، فَأَخَذَ مِنْهَا ، وَجَلَسَتْ فِي أَهْلِهَا " .
´حبیبہ بنت سہل رضی الله عنہا کہتی ہیں کہ` وہ ثابت بن قیس بن شماس کی بیوی تھیں ، ایک دن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ( نماز کے لیے ) صبح صادق میں نکلے تو ان کو اپنے دروازے پر تاریکی میں کھڑا ہوا پایا ۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ” کون ہے یہ ؟ “ تو انہوں نے کہا : اللہ کے رسول ! میں حبیبہ بنت سہل ہوں ، آپ نے فرمایا : ” کیا بات ہے ، کیسے آنا ہوا ؟ “ انہوں نے کہا : نہ میں اور نہ ثابت بن قیس ( یعنی دونوں بحیثیت میاں بیوی ایک ساتھ نہیں رہ سکتے ، آپ ہم میں علیحدگی کرا دیجئیے ) پھر جب ثابت بن قیس بھی آ گئے تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان سے فرمایا : ” یہ حبیبہ بنت سہل ہیں ، اللہ کو ان سے جو کہلانا تھا وہ انہوں نے کہا “ حبیبہ رضی اللہ عنہا نے کہا : اللہ کے رسول ! انہوں نے جو کچھ مجھے دیا ہے وہ میرے پاس موجود ہے ( وہ یہ لے سکتے ہیں ) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ثابت رضی اللہ عنہ سے کہا : ” وہ ان سے لے لو ( اور ان کو چھوڑ دو ) “ تو انہوں نے ان سے لے لیا اور وہ ( وہاں سے آ کر ) اپنے گھر والوں کے ساتھ رہنے لگیں ۔
حضرت حبیبہ بنت سہل رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ وہ حضرت ثابت بن قیس بن شماس رضی اللہ عنہ کے نکاح میں تھیں، رسول اللہ ﷺ صبح کی نماز کے لیے نکلے تو حبیبہ بنت سہل رضی اللہ عنہا کو اندھیرے میں اپنے دروازے کے پاس کھڑے پایا، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”کون ہے؟“ اس نے کہا: اے اللہ کے رسول! میں حبیبہ بنت سہل ہوں، آپ نے فرمایا: ”تم کیسی؟“ اس نے کہا: اے اللہ کے رسول! میں نہیں اور ثابت بن قیس نہیں، اپنے شوہر کے متعلق کہا (مطلب یہ تھا کہ اب میں اور میرا خاوند ثابت بن قیس اکٹھے نہیں رہ سکتے)۔ جب حضرت ثابت بن قیس رضی اللہ عنہ آئے تو رسول اللہ ﷺ نے ان سے کہا: ”یہ حبیبہ بنت سہل (آئی) ہے اور اللہ تعالیٰ کو جو کچھ منظور تھا اس نے (مجھ سے) بیان کیا۔“ حبیبہ رضی اللہ عنہا نے کہا: اے اللہ کے رسول! انہوں نے جو کچھ (حق مہر) مجھے دیا تھا، میرے پاس موجود ہے، رسول اللہ ﷺ نے ثابت رضی اللہ عنہ سے کہا: ”اپنا مال اس سے واپس لے لے۔“ چنانچہ انہوں نے واپس لے لیا اور حبیبہ رضی اللہ عنہا اپنے گھر والوں کے ہاں (میکے میں) بیٹھ رہیں۔
تشریح، فوائد و مسائل
حبیبہ بنت سہل رضی الله عنہا کہتی ہیں کہ وہ ثابت بن قیس بن شماس کی بیوی تھیں، ایک دن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم (نماز کے لیے) صبح صادق میں نکلے تو ان کو اپنے دروازے پر تاریکی میں کھڑا ہوا پایا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا " کون ہے یہ؟ " تو انہوں نے کہا: اللہ کے رسول! میں حبیبہ بنت سہل ہوں، آپ نے فرمایا: " کیا بات ہے، کیسے آنا ہوا؟ " انہوں نے کہا: نہ میں اور نہ ثابت بن قیس (یعنی دونوں بحیثیت میاں بیوی ایک ساتھ نہیں رہ سکتے، آپ ہم میں علیحدگی کرا دیجئیے۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن نسائي/كتاب الطلاق/حدیث: 3492]
(2) خلع کی ظاہری صورت اگرچہ طلاق کے مشابہ ہے کہ عورت کے مطالبے پر خاوند طلاق دیتا ہے‘ تاہم خلع حقیقت میں فسخ نکاح ہے‘ اس لیے اس کی عدت تین حیض نہیں بلکہ ایک حیض ہے۔ اس کا مقصد اسبراءے رحم ہے‘ یعنی یہ معلوم ہوسکے کہ کہیں عورت امید سے تو نہیں۔ اگر حیض آگیا تو اس کا مطلب ہے کہ وہ حاملہ نہیں‘ لہٰذا وہ آگے نکاح کر سکتی ہے۔ اگر حیض نہیں آئے گا تو اسکا مطلب ہے کہ وہ حمل سے ہے۔ اس صورت میں وہ بچے کی ولادت تک آگے نکاح نہیں کرسکتی۔ دیکھیے: (حدیث:3527،3528) احناف کے نزدیک خلع طلاق ہے‘ اس لیے اس کی عدت تین حیض ہے لیکن یہ موقف درست نہیں۔