حدیث نمبر: 3457
أَخْبَرَنَا عَمْرُو بْنُ عَلِيٍّ ، قَالَ : سَمِعْتُ يَحْيَى ، قَالَ : حَدَّثَنَا عَلِيُّ بْنُ الْمُبَارَكِ ، قَالَ : حَدَّثَنَا يَحْيَى بْنُ أَبِي كَثِيرٍ ، عَنْ عُمَرَ بْنِ مُعَتِّبٍ ، أَنَّ أَبَا حَسَنٍ مَوْلَى بَنِي نَوْفَلٍ أَخْبَرَهُ , قَالَ : " كُنْتُ أَنَا وَامْرَأَتِي مَمْلُوكَيْنِ ، فَطَلَّقْتُهَا تَطْلِيقَتَيْنِ ، ثُمَّ أُعْتِقْنَا جَمِيعًا ، فَسَأَلْتُ ابْنَ عَبَّاسٍ ، فَقَالَ : إِنْ رَاجَعْتَهَا كَانَتْ عِنْدَكَ عَلَى وَاحِدَةٍ ، قَضَى بِذَلِكَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ " ، خَالَفَهُ مَعْمَرٌ .
ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی

´ابوالحسن مولیٰ بنی نوفل کہتے ہیں کہ` میں اور میری بیوی دونوں غلام تھے ، میں نے اسے دو طلاقیں دے دی ، پھر ہم دونوں اکٹھے ہی آزاد کر دیے گئے ۔ میں نے ابن عباس سے مسئلہ پوچھا ، تو انہوں نے کہا : اگر تم اس سے رجوع کر لو تو وہ تمہارے پاس رہے گی اور تمہیں ایک طلاق کا حق حاصل رہے گا ، یہی فیصلہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کیا ہے ۔ معمر نے اس کے خلاف ذکر کیا ہے ۔

حوالہ حدیث سنن نسائي / كتاب الطلاق / حدیث: 3457
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: ضعيف , شیخ زبیر علی زئی: ضعيف، إسناده ضعيف، ابو داود (2187) ابن ماجه (2082) انوار الصحيفه، صفحه نمبر 347
تخریج حدیث «سنن ابی داود/الطلاق 6 (2187)، سنن ابن ماجہ/الطلاق 32 (2082)، (تحفة الأشراف: 6561)، مسند احمد (1/229) (ضعیف) (اس کے راوی ’’ عمر بن معتب ‘‘ ضعیف ہیں )»
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن ابي داود: 2187 | سنن ابن ماجه: 2082

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ حافظ محمد امین
´غلام کے طلاق دینے کا بیان۔`
ابوالحسن مولیٰ بنی نوفل کہتے ہیں کہ میں اور میری بیوی دونوں غلام تھے، میں نے اسے دو طلاقیں دے دی، پھر ہم دونوں اکٹھے ہی آزاد کر دیے گئے۔ میں نے ابن عباس سے مسئلہ پوچھا، تو انہوں نے کہا: اگر تم اس سے رجوع کر لو تو وہ تمہارے پاس رہے گی اور تمہیں ایک طلاق کا حق حاصل رہے گا، یہی فیصلہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کیا ہے۔ معمر نے اس کے خلاف ذکر کیا ہے۔ [سنن نسائي/كتاب الطلاق/حدیث: 3457]
اردو حاشہ: (1) یہ مخالفت سند اور متن دونوں میں موجود ہے۔ متن میں مخالفت تو واضح ہے‘ سند میں مخالفت یہ ہے کہ معمر نے عن الحسن مولیٰ بنی نوفل کہا ہے جو کہ وہم ہے۔ صحیح ابو الحسن مولیٰ بنی نوفل ہے جیسا کہ علی بن مبارک کی سابقہ راویت میں ہے۔
(2) مذکورہ وہم کی نسبت معمر کی طرف کرنا محل نظر ہے۔ امام مزی رحمہ اللہ تحفۃ الاشراف میں لکھتے ہیں: اس وہم کی نسبت معمر یا ان کے شاگرد عبدالرزاق کی طرف کرنا محل نظر ہے کیونکہ امام احمد بن حنبل اور محمد بن عبدالملک بن زنجویہ اور دیگر کئی لوگ اس راویت کو عن عبدالرزاق عن معمر کی سند سے بیان کرتے ہیں لیکن ان تمام نے عن ابی الحسن ہی کہا ہے۔ (جو کہ صحیح ہے صرف نسائی میں عن الحسن ہے‘ لہٰذا یہ سہو یا توخود امام نسائی رحمہ اللہ کو لگا ہے یا ان کے استاد محمد بن رافع کو۔) واللہ أعلم۔ دیکھیے: (تحفة الأشراف بمعرفة الاأطراف: 5/274) یعنی معمر کی راویت بھی علی بن مبارک کی طرح عن ابی الحسن ہی ہے۔ معمر نے علی بن مبارک کی مخالفت نہیں کی اور مصنف رحمہ اللہ کا ان کے وہم کی طرف اشارہ درست نہیں بلکہ وہم کسی اور کو لگا ہے‘ امام نسائی رحمہ اللہ کو یا ان کے استاد محمد بن رافع کو۔ تفصیل کے لیے دیکھیے: (ذخیرة العقبیٰ شرح سنن النسائي: 28/337،338)
(3) آزاد مرد کو تین طلاقوں کا اختیار ہے مگر غلام کو دو طلاقوں کا۔ راوئ حدیث کا حق بھی حاصل ہوگیا‘ لہٰذا وہ رجوع کرسکتے تھے۔ اور اگر عدت گزر چکی ہو تو وہ نیا نکاح بھی کرسکتے ہیں۔ ممکن ہے انہوں نے دو طلاقیں اکٹھی دی ہوں۔ اس صورت میں وہ ایک کے قائم مقام تھیں اور انہیں رجوع کا حق حاصل تھا۔ پھر معنیٰ ہوں گے‘ اگر تو اس سے رجوع کرے تو وہ تیرے پاس آجائے گی اور اسے ایک طلاق پڑ گئی۔ واللہ أعلم۔ ویسے یہ اور اگلی دونوں روایات ضعیف ہیں۔
درج بالا اقتباس سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 3457 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابن ماجه / حدیث: 2082 کی شرح از مولانا عطا اللہ ساجد ✍️
´دو طلاق دینے کے بعد لونڈی کے خریدنے کا بیان۔`
ابوالحسن مولی بنی نوفل کہتے ہیں کہ عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے اس غلام کے بارے میں پوچھا گیا جس نے اپنی بیوی کو دو طلاق دے دی ہو پھر دونوں آزاد ہو جائیں، کیا وہ اس سے نکاح کر سکتا ہے؟ ابن عباس رضی اللہ عنہما نے جواب دیا: ہاں، کر سکتا ہے، ان سے پوچھا گیا: یہ فیصلہ کس کا ہے؟ تو وہ بولے: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کا فیصلہ کیا۔ عبدالرزاق کہتے ہیں کہ عبداللہ بن مبارک نے کہا: ابوالحسن نے یہ حدیث روایت کر کے گویا ایک بڑا پتھر اپنی گردن پہ اٹھا لیا ہے۔ [سنن ابن ماجه/كتاب الطلاق/حدیث: 2082]
اردو حاشہ:
فائدہ: چٹان اٹھانےکا مطلب یہ ہے کہ انھوں نے یہ روایت کر کے اپنےسر پر بڑی ذمہ داری کا بوجھ اٹھا لیا ہے۔
یہ روایت ضعیف اور نا قابل استدلال ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 2082 سے ماخوذ ہے۔