مرکزی مواد پر جائیں
19 شعبان، 1447 ہجری
حدیث نمبر: 2769
أَخْبَرَنَا إِسْحَاق بْنُ إِبْرَاهِيمَ ، قَالَ : أَنْبَأَنَا عَبْدُ الرَّزَّاقِ ، قَالَ : أَنْبَأَنَا مَعْمَرٌ ، عَنْ الزُّهْرِيِّ ، عَنْ عُرْوَةَ ، عَنْ عَائِشَةَ ، وَعَنْ هِشَامِ بْنِ عُرْوَةَ ، عَنْ أَبِيهِ ، عَنْ عَائِشَةَ ، قَالَتْ : دَخَلَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ عَلَى ضُبَاعَةَ فَقَالَتْ : يَا رَسُولَ اللَّهِ إِنِّي شَاكِيَةٌ ، وَإِنِّي أُرِيدُ الْحَجَّ ، فَقَالَ لَهَا النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " حُجِّي وَاشْتَرِطِي ، إِنَّ مَحِلِّي حَيْثُ تَحْبِسُنِي " , قَالَ إِسْحَاق : قُلْتُ لِعَبْدِ الرَّزَّاقِ : كِلَاهُمَا عَنْ عَائِشَةَ , هِشَامٌ وَالزُّهْرِيُّ ، قَالَ : نَعَمْ ، قَالَ أَبُو عَبْد الرَّحْمَنِ : لَا أَعْلَمُ أَحَدًا أَسْنَدَ هَذَا الْحَدِيثَ عَنْ الزُّهْرِيِّ ، غَيْرَ مَعْمَرٍ وَاللَّهُ سُبْحَانَهُ وَتَعَالَى أَعْلَمُ .
ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی

´ام المؤمنین عائشہ رضی الله عنہا کہتی ہیں کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ضباعہ رضی اللہ عنہا کے پاس آئے ، تو انہوں نے عرض کیا : اللہ کے رسول ! میں بیمار ہوں اور میں حج کرنا چاہتی ہوں ؟ ، آپ نے فرمایا : ” حج کرو اور شرط لگا لو کہ ( اے اللہ ) تو جہاں مجھے روک دے گا میں وہیں حلال ہو جاؤں گی “ ۔ اسحاق کہتے ہیں : میں نے ( اپنے استاد ) عبدالرزاق سے کہا : ہشام اور زہری دونوں عائشہ ہی سے روایت کرتے ہیں : انہوں نے کہا : ہاں ( ایسا ہی ہے ) ۔ ابوعبدالرحمٰن نسائی کہتے ہیں : میں نہیں جانتا کہ اس حدیث کو معمر کے سوا کسی اور نے بھی زہری سے مسنداً روایت کیا ہے ۔ واللہ سبحانہ وتعالیٰ اعلم ۔

حوالہ حدیث سنن نسائي / كتاب مناسك الحج / حدیث: 2769
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح , شیخ زبیر علی زئی: صحيح مسلم
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح البخاري: 5089 | صحيح مسلم: 1207 | بلوغ المرام: 646

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 5089 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
5089. سیدہ عائشہ‬ ؓ س‬ے روایت ہے، انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ سیدنا ضباعہ، بنت زبیر‬ ؓ ک‬ے پاس گئے اور ان سے فرمایا: شاید تمہارا حج کرنے کا ارادہ ہے؟ انہوں نے عرض کی: اللہ کی قسم! میں تو خود کو بیمار پاتی ہوں۔ آپ ﷺ نے فرمایا: تم حج کا احرام باندھ لو، البتہ شرط لگا کر یوں کہہ دو: اے اللہ! میں اس وقت حلال ہو جاؤں گی جب تو مجھے روک لے گا۔ اور یہ خاتون سیدنا مقداد بن اسود ؓ کے نکاح میں تھیں.[صحيح بخاري، حديث نمبر:5089]
حدیث حاشیہ: جو قریشی نہ تھے انہوں نے ایسا ہی کیا معلوم ہوا کہ اصل کفائت دنیاوی ہے اور باب و حدیث میں یہی مطابقت ہے۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 5089 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 5089 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
5089. سیدہ عائشہ‬ ؓ س‬ے روایت ہے، انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ سیدنا ضباعہ، بنت زبیر‬ ؓ ک‬ے پاس گئے اور ان سے فرمایا: شاید تمہارا حج کرنے کا ارادہ ہے؟ انہوں نے عرض کی: اللہ کی قسم! میں تو خود کو بیمار پاتی ہوں۔ آپ ﷺ نے فرمایا: تم حج کا احرام باندھ لو، البتہ شرط لگا کر یوں کہہ دو: اے اللہ! میں اس وقت حلال ہو جاؤں گی جب تو مجھے روک لے گا۔ اور یہ خاتون سیدنا مقداد بن اسود ؓ کے نکاح میں تھیں.[صحيح بخاري، حديث نمبر:5089]
حدیث حاشیہ:
(1)
حضرت مقداد رضی اللہ عنہ نسبی اعتبار سے عمرو کندی کے بیٹے تھے لیکن اسود بن عبد یغوث نے انھیں لے پالک بنایا تھا، اس لیے انھیں مقداد بن اسود کہا جانے لگا۔
انھوں نے قریش سے عہد و پیمان کر رکھا تھا اس بنا پر حلیف قریش تھے، البتہ ان کی شادی ایک ہاشمی خاتون حضرت ضباعہ بنت زبیر رضی اللہ عنہما سے ہوئی جو حسب ونسب کے اعتبار سے حضرت مقداد رضی اللہ عنہ سے کہیں بڑھ کر تھیں۔
چونکہ اسلام میں حسب و نسب کی ثانوی حیثیت ہے، اس لیے اس کی پروا نہ کرتے ہوئے ان کی شادی حضرت مقداد رضی اللہ عنہ سے کر دی گئی۔
(2)
اس میں تنبیہ ہے کہ حسب و نسب پر دین کو ترجیح دی جائے، چنانچہ حدیث میں ہے: ’’جب تمہارے پاس کوئی ایسا شخص نکاح کا پیغام بھیجے جس کا دین اور اخلاق تم پسند کرتے ہو تو اس سے نکاح کردو، اگر تم ایسا نہیں کرو گے تو زمین میں فتنہ اور بہت بڑا فساد ہوگا۔
‘‘ (جامع الترمذي، النكاح، حديث: 1084)
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ نکاح کے لیے دین و اخلاقی کو ترجیح دی جائے اور نسب و خاندان کی ثانوی حیثیت ہے۔
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 5089 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 1207 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا بیان کرتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ضباعہ بنت زبیر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے ہاں تشریف لے گئے اور اس سے پوچھا: ’’کیا تو نے حج کا ارادہ کیا ہے؟‘‘ اس نے جواب دیا، اللہ کی قسم! میں تو اپنے آپ کو بیمار پاتی ہوں، (میں بیمار ہوں) تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے فرمایا: ’’حج کا ارادہ کر لے اور شرط لگا لے اور یوں کہہ لے، اے اللہ! میں اس جگہ حلال ہو جاؤں گی، جہاں تو مجھے روک لے گا۔‘‘ وہ حضرت مقداد رضی اللہ... (مکمل حدیث اس نمبر پر دیکھیں) [صحيح مسلم، حديث نمبر:2902]
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: اس حدیث سے ثابت ہوتا ہے کہ حج اور عمرہ کے لیے احرام باندھنے والا یہ شرط لگا سکتا ہے کہ اگر میں راستہ میں بیمار پڑ گیا تو میں جہاں بیمار پڑ گیا وہیں احرام کھول دوں گا۔
امام شافعی رحمۃ اللہ علیہ۔
امام احمد رحمۃ اللہ علیہ اور محدثین کا یہی نظریہ ہے۔
امام ابوحنیفہ رحمۃ اللہ علیہ۔
اور اما مالک رحمۃ اللہ علیہ کے نزدیک یہ شرط لگانا درست نہیں ہے۔
کیونکہ یہ اجازت صرف حضرت ضباعہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کے لیے مختص تھی لیکن اس کی تخصیص کی کوئی دلیل موجود نہیں ہے۔
علامہ سعیدی کا اس حدیث کے بخاری میں ہونے کا انکار درست نہیں ہے۔
یہ حدیث کتاب النکاح باب الاکفاء فی الدین میں موجود ہے۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 1207 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: بلوغ المرام / حدیث: 646 کی شرح از الشیخ صفی الرحمن مبارکپوری ✍️
´حج سے محروم رہ جانے اور روکے جانے کا بیان`
سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم ضباعہ بنت زبیر بن عبدالمطلب رضی اللہ عنہا کے ہاں تشریف لے گئے۔ اس نے عرض کیا اے اللہ کے رسول! میں حج کرنے کا ارادہ رکھتی ہوں مگر میں بیمار ہوں۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے فرمایا کہ حج کر مگر یہ شرط کر لے کہ میرے احرام کھولنے کی جگہ وہی ہو گی جہاں اے اللہ! تو نے مجھے روکا۔ (بخاری و مسلم) [بلوغ المرام/حدیث: 646]
646لغوی تشریح:
«شاكيه» بیمار۔
«محلي» میم پر فتحہ اور حا کے نیچے کسرہ ہے، یعنی حج سے خروج کا مکان اور احرام کھول کر میرے حلال ہو جانے کی جگہ۔ مقصود اس سے وقت اور مقام دونوں کا بیان ہے۔ اور یہ ظرف زمان اور ظرف مکان دونوں کے معنی دے رہا ہے۔
«حبستني» صیغئہ مخاطب، یعنی اے اللہ! جہاں تو مجھے روک لے گا۔ اس حدیث سے معلوم ہوا کہ احرام میں شرط لگانا صحیح ہے۔ شرط لگانے والے کو جب کوئی مانع پیش ہو جائے تو محصر کی طرح اس پر قربانی وغیرہ کرنا لازم نہیں۔

وضاحت:
حضرت ضباعہ بنت زبیر رضی اللہ عنہما، ان کی کنیت ام حکیم ہے۔ ضباعہ کے 'ضاد پر ضمہ ہے۔ نسب نامہ ضباعہ بنت زبیر بن عبدالمطلب بن ہاشم بن عبد مناف ہے۔ وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی چچازاد بہن ہیں۔ مقداد بن اسود رضی اللہ عنہ کی اہلیہ تھیں اور ان کے دو بچے عبداللہ اور کریمہ تھے۔ حضرت علی رضی اللہ عنہ کی خلافت میں فوت ہوئیں۔
درج بالا اقتباس بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث/صفحہ نمبر: 646 سے ماخوذ ہے۔

اہم: ویب سائٹ یا موبائل ایپ پر کوئی خرابی نظر آئے تو براہِ کرم فوری طور پر واٹس اپ پر اطلاع دیں یا ای میل کریں۔