سنن نسائي
كتاب الزكاة— کتاب: زکاۃ و صدقات کے احکام و مسائل
بَابُ : زَكَاةِ الْبَقَرِ باب: گائے بیل کی زکاۃ کا بیان۔
أَخْبَرَنَا مُحَمَّدُ بْنُ رَافِعٍ ، قَالَ : حَدَّثَنَا يَحْيَى بْنُ آدَمَ ، قَالَ : حَدَّثَنَا مُفَضَّلٌ وَهُوَ ابْنُ مُهَلْهَلٍ , عَنِ الْأَعْمَشِ ، عَنْ شَقِيقٍ ، عَنْ مَسْرُوقٍ ، عَنْ مُعَاذٍ ، " أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ , بَعَثَهُ إِلَى الْيَمَنِ وَأَمَرَهُ أَنْ يَأْخُذَ مِنْ كُلِّ حَالِمٍ دِينَارًا أَوْ عِدْلَهُ مَعَافِرَ ، وَمِنَ الْبَقَرِ مِنْ ثَلَاثِينَ تَبِيعًا أَوْ تَبِيعَةً ، وَمِنْ كُلِّ أَرْبَعِينَ مُسِنَّةً " .
´معاذ بن جبل رضی الله عنہ سے روایت ہے کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں یمن بھیجا اور حکم دیا کہ ہر بالغ شخص سے ایک دینار ( جزیہ ) لیں یا اتنی قیمت کی یمنی چادریں ، اور ہر تیس گائے بیل میں ایک برس کا بچھوا یا بچھیا لیں ، اور ہر چالیس گائے اور بیل میں دو برس کی ایک گائے ۔
حضرت معاذ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے انھیں (مجھے) یمن کی طرف (حاکم بنا کر) بھیجا اور حکم دیا کہ: ”ہر غیر مسلم بالغ سے ایک دینار (بطور جزیہ) لوں یا اس کے برابر «مَعَافِرِيًّا» ”معافری کپڑا“، اور ہر تیس گایوں میں سے «تَبِيعًا أَوْ تَبِيعَةً» ”تبعیہ (دوسرے سال میں داخل بچھڑا یا بچھڑی)“ اور ہر چالیس گایوں میں سے «مُسِنَّةً» ”دو دانت والا بچھڑا یا بچھڑی“ (بطور زکاۃ) وصول کروں۔“
تشریح، فوائد و مسائل
معاذ بن جبل رضی الله عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں یمن بھیجا اور حکم دیا کہ ہر بالغ شخص سے ایک دینار (جزیہ) لیں یا اتنی قیمت کی یمنی چادریں، اور ہر تیس گائے بیل میں ایک برس کا بچھوا یا بچھیا لیں، اور ہر چالیس گائے اور بیل میں دو برس کی ایک گائے۔ [سنن نسائي/كتاب الزكاة/حدیث: 2452]
(2) "معافری کپڑا۔" یہ ایک مخصوص کپڑا تھا جو یمن میں تیار ہوتا تھا۔ دھاری دار ہوتا تھا۔ پہننے کے لیے بہترین چادریں تھیں۔ اگر کوئی جزیہ رقم کی صورت میں نہ دے سکے تو اس کے عوض دینار کی قیمت کی کوئی اور چیز بھی دے سکتا تھا۔
(3) گایوں کی زکاۃ میں مذکر اور مؤنث برابر ہیں کیونکہ دونوں اپنی اپنی خصوصیات کی بنا پر مساوی قیمت رکھتے ہیں۔ مؤنث بچے دیتی ہے تو مذکر کھیتی باڑی کا اہم کام کرتے ہیں۔ مؤنث اس سے عاجز ہے۔ بخلاف اونٹوں اور بکریوں کے کہ ان میں مؤنث بچے اور دودھ دینے کے علاوہ کام کاج میں مذکر کے برابر ہیں، لہٰذا مؤنث قیمتی ہیں۔
(4) چالیس گایوں سے اوپر ہوں تو ان کے تیس اور چالیس کے حصے بنائے جائیں گے۔ ہر تیس میں ایک سالہ اور ہر چالیس میں دو سالہ بچھڑا یا بچھڑی زکاۃ ہوگی، مثلاً: 60 میں دو ایک سالہ، 70 میں ایک دو سالہ اور ایک ایک سالہ، 80 میں دو دو سالہ، 90 میں تین ایک سالہ، 100 میں دو ایک سالہ اور ایک دو سالہ بچھڑا یا بچھڑی زکاۃ ہوگی۔
معاذ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ جب نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں یمن کی طرف (حاکم بنا کر) بھیجا، تو انہیں حکم دیا کہ ہر بالغ سے ایک دینار یا اس کے برابر قیمت کا معافری کپڑا جو یمن میں تیار ہوتا ہے جزیہ لیں۔ [سنن ابي داود/كتاب الخراج والفيء والإمارة /حدیث: 3038]
زکواۃ، فطرانہ اور دیگر شرعی واجبات میں حسب سہولت عوض اور بدل لینا دینا جائز ہے۔
جیسا کہ یہاں جزیہ کی رقم کی بدلے کپڑا لے لینے کی رخصت دے دی گئی ہے۔
تاہم اصحاب الحدیث کی ایک جماعت اصل جنس کی ادایئگی پر اصرار کرتی ہے۔
سیدنا معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ مجھے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے یمن کی طرف بھیجا اور فرمایا کہ ’’ میں ہر بالغ سے ایک دینار بطور جزیہ وصول کروں یا پھر اس کے برابر معافری کپڑا لوں۔ " اس کی تخریج تینوں نے کی ہے، ابن حبان اور حاکم نے اسے صحیح قرار دیا ہے۔ «بلوغ المرام/حدیث: 1125»
«أخرجه أبوداود، الخراج، باب في أخذ الجزية، حديث:3038، والترمذي، الزكاة، حديث:623، والنسائي، الزكاة، حديث:2452، وابن حبان (الإ حسان):7 /195، حديث4866، والحاكم:1 /398.»
تشریح: 1. اس حدیث سے معلوم ہوا کہ جزیہ کی سالانہ مقدار کم از کم ایک دینار یا اس کے برابر کوئی اور چیز فی کس ہوگی۔
امام شافعی رحمہ اللہ کا یہی مسلک ہے۔
جبکہ امام احمد رحمہ اللہ کا قول ہے کہ جزیہ صرف ایک دینار یا اس کے برابر کوئی اور چیز ہو سکتی ہے، اس سے کم وبیش جزیہ وصول نہیں کیاجاسکتا۔
2. اس حدیث سے یہ بھی ثابت ہوا کہ جزیہ صرف بالغ آزاد مرد ہی سے لیا جائے گا۔
(سبل السلام)