حدیث نمبر: 1714
قَالَ الْحَارِثُ بْنُ مِسْكِينٍ ، قِرَاءَةً عَلَيْهِ وَأَنَا أَسْمَعُ ، عَنْ سُفْيَانَ ، عَنِ الزُّهْرِيِّ ، عَنْ عَطَاءِ بْنِ يَزِيدَ ، عَنْ أَبِي أَيُّوبَ ، قال : " مَنْ شَاءَ أَوْتَرَ بِسَبْعٍ , وَمَنْ شَاءَ أَوْتَرَ بِخَمْسٍ , وَمَنْ شَاءَ أَوْتَرَ بِثَلَاثٍ , وَمَنْ شَاءَ أَوْتَرَ بِوَاحِدَةٍ , وَمَنْ شَاءَ أَوْمَأَ إِيمَاءً " .
ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی

´سفیان زھری سے روایت کرتے ہیں ، اور زہری عطاء بن یزید سے ، اور عطاء ابوایوب سے ، ابوایوب رضی اللہ عنہ کہتے ہیں` جو چاہے وتر سات رکعت پڑھے ، جو چاہے پانچ پڑھے ، جو چاہے تین پڑھے ، اور جو چاہے ایک پڑھے ، اور جو اشارے سے پڑھنا چاہے اشارے سے پڑھے ( یعنی بیمار آدمی ) ۔

حوالہ حدیث سنن نسائي / كتاب قيام الليل وتطوع النهار / حدیث: 1714
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح الإسناد , شیخ زبیر علی زئی: حسن
تخریج حدیث «انظر حدیث رقم: 1711 (صحیح الإسناد)»

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ حافظ محمد امین
´وتر کے سلسلے میں ابوایوب رضی اللہ عنہ کی حدیث میں زہری سے روایت کرنے والے راویوں کے اختلاف کا بیان۔`
سفیان زھری سے روایت کرتے ہیں، اور زہری عطاء بن یزید سے، اور عطاء ابوایوب سے، ابوایوب رضی اللہ عنہ کہتے ہیں جو چاہے وتر سات رکعت پڑھے، جو چاہے پانچ پڑھے، جو چاہے تین پڑھے، اور جو چاہے ایک پڑھے، اور جو اشارے سے پڑھنا چاہے اشارے سے پڑھے (یعنی بیمار آدمی)۔ [سنن نسائي/كتاب قيام الليل وتطوع النهار/حدیث: 1714]
1714۔ اردو حاشیہ: ➊ اختلاف یہ ہے کہ پہلی دو روایات میں مذکورہ الفاظ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف منسوب ہیں اور آخری دو روایات میں حضرت ابوایوب رضی اللہ عنہ کی طرف۔ حضرت ابوایوب انصاری رضی اللہ عنہ نے اسے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کیا اور پھر سائلین کو حدیث کے مطابق فتویٰ دیا، لہٰذا ان میں کوئی تعارض نہیں۔ اس طرح حدیث موقوفاً اور مرفوعاً دونوں طرح صحیح ہے۔
➋ ’’وتر حق ہے" احناف اس لفظ سے وتر کے وجوب پر استدلال کرتے ہیں جبکہ حق کے معنی مؤکد بھی ہوتے ہیں اور یہاں یہی معنی مناسب ہیں تاک دوسری احادیث کے خلاف نہ پڑیں جو پیچھے گزر چکی ہیں، نیز لطیفہ یہ ہے کہ اسی روایت میں وتر کے ایک ہونے کا بھی صریح جواز ہے مگر احناف اس کے قائل نہیں۔ متحمل الفاظ سے استدلال اور صریح الفاظ سے اعراض حق پسندی نہیں۔
➌ ’’اشارے سے پڑھ لے" ایک نسخے میں «من شاء» کے بجائے «من غلب» کے لفظ ہیں، یعنی جو قیام و قعود سے مغلوب ہو، وہ اشارے سے پڑھ لے۔ جمہور علماء اسے مریض پر محمول کرتے ہیں کہ جو کھڑا ہونے اور بیٹھنے کی طاقت نہ رکھت ہو۔ واللہ اعلم۔ مزید دیکھیے: (ذخیرۃ العقبٰی شرح سنن النسائی: 18؍86)
درج بالا اقتباس سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 1714 سے ماخوذ ہے۔