حدیث نمبر: 1659
أَخْبَرَنَا قُتَيْبَةُ ، عَنْ مَالِكٍ ، عَنِ ابْنِ شِهَابٍ ، عَنِ السَّائِبِ بْنِ يَزِيدَ ، عَنِ الْمُطَّلِبِ بْنِ أَبِي وَدَاعَةَ ، عَنْ حَفْصَةَ ، قَالَتْ : " مَا رَأَيْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ صَلَّى فِي سُبْحَتِهِ قَاعِدًا قَطُّ حَتَّى كَانَ قَبْلَ وَفَاتِهِ بِعَامٍ ، فَكَانَ يُصَلِّي قَاعِدًا يَقْرَأُ بِالسُّورَةِ فَيُرَتِّلُهَا حَتَّى تَكُونَ أَطْوَلَ مِنْ أَطْوَلَ مِنْهَا " .
ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی

´ام المؤمنین حفصہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ` میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو کبھی بیٹھ کر نفل پڑھتے نہیں دیکھا یہاں تک کہ اپنی وفات سے ایک سال قبل آپ بیٹھ کر نماز پڑھنے لگے تھے ، آپ سورت پڑھتے تو اتنا ٹھہر ٹھہر کر پڑھتے کہ وہ طویل سے طویل تر ہو جاتی ۔

حوالہ حدیث سنن نسائي / كتاب قيام الليل وتطوع النهار / حدیث: 1659
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح , شیخ زبیر علی زئی: صحيح مسلم
تخریج حدیث «صحیح مسلم/المسافرین 16 (733)، سنن الترمذی/الصلاة 159 (373)، (تحفة الأشراف: 15812)، موطا امام مالک/الجماعة 7 (21) ، مسند احمد 6/285، سنن الدارمی/الصلاة 109 (1425، 1426) (صحیح)»
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح مسلم: 733 | سنن ترمذي: 373 | موطا امام مالك رواية ابن القاسم: 70

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 733 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
حضرت حفصہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا بیان کرتی ہیں کہ میں نے کبھی رسول اللہ ﷺ کو نفلی نماز بیٹھ کر پڑھتے نہیں دیکھا، حتیٰ کہ وفات سےایک سال پہلے تو آپﷺ نفلی نماز بیٹھ کر پڑھنے لگے کہ آپﷺ سورہ پڑھتے اور اسے ٹھہر ٹھہر کر پڑھتے حتیٰ کہ وہ اپنے سے طویل سورت سے بھی لمبی ہو جاتی۔ [صحيح مسلم، حديث نمبر:1712]
حدیث حاشیہ: مفردات الحدیث:
يُرَتِّلُهَا: اس كو آہستہ آہستہ، ٹھہرٹھہر کر پڑھتے۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 1712 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 373 کی شرح از ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی ✍️
´بیٹھ کر نفل نماز پڑھنے کا بیان۔`
ام المؤمنین حفصہ رضی الله عنہا کہتی ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو کبھی بیٹھ کر نفل نماز پڑھتے نہیں دیکھا، یہاں تک کہ جب وفات میں ایک سال رہ گیا تو آپ بیٹھ کر نفلی نماز پڑھنے لگے۔ اور سورت پڑھتے تو اس طرح ٹھہر ٹھہر کر پڑھتے کہ وہ لمبی سے لمبی ہو جاتی۔ [سنن ترمذي/كتاب الصلاة/حدیث: 373]
اردو حاشہ:
1؎:
لیکن نفل نماز بیٹھ کر پڑھنے سے آپ ﷺ کا اجر امتیوں کی طرح آدھا نہیں ہے، یہ آپ کی خصوصیات میں سے ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 373 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: موطا امام مالك رواية ابن القاسم / حدیث: 70 کی شرح از حافظ زبیر علی زئی ✍️
´نوافل کا قیام حتی الوسع طویل ہونا`
«. . . عن حفصة ام المؤمنين انها قالت: ما رايت رسول الله صلى الله عليه وسلم يصلي فى سبحته قاعدا قط، حتى كان قبل وفاته بعام، فكان يصلي فى سبحته قاعدا، ويقرا بالسورة فيرتلها حتى تكون اطول من اطول منها»
"ام المؤمنین سیدہ حفصہ رضی اللہ عنہا نے فرمایا: میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو بیٹھ کر نفل پڑھتے ہوئے کبھی نہیں دیکھا حتٰی کہ آپ اپنی وفات سے ایک سال پہلے بیٹھ کر نوافل پڑھنے لگے، آپ ترتیل سے (ٹھہر ٹھہر کر) سورت پڑھتے تھے حتیٰ کہ آپ کی ترتیل کے سبب وہ سورت اپنے سے طویل سورت سے بھی طویل تر ہو جاتی۔"[موطا امام مالك رواية ابن القاسم: 70]
تخریج الحدیث:
[الموطأ رواية يحييٰ بن يحييٰ 137/1، ح 307، ك 8، ب 7، ح 21، التمهيد 220/6، الاستذكار: 277 ● أخرجه مسلم فواد عبدالباقی ترقیم 733، دارالسلام ترقیم 1712، من حديث مالك به]
تفقه:
➊ حافظ ابن عبدالبر نے کہا: «وَفِي اللُّغَةِ أَنَّ الصَّلَاةَ أَصْلُهَا الدُّعَاءُ لَكِنَّ الْأَسْمَاءَ الشَّرْعِيَّةَ أَوْلَى لِأَنَّهَا قَاضِيَةٌ عَلَى اللُّغَوِيَّةِ» لغت میں نماز کی اصل دعا ہے لیکن شرعی نام اَولٰی (بہتر) ہیں کیونکہ وہ لغوی ناموں پر قاضی ہیں۔ [التمهيد 221/6]
➋ نفل نماز کھڑے ہو کر پڑھنا افضل ہے اور بغیر کسی شرع عذر کے نفل نماز قصداً بیٹھ کر پڑھنا قرینَ صواب نہیں ہے۔
➌ قرآن مجید کی تلاوت ٹھہر ٹھہر کی اچھے طریقے سے اور غور و فکر اور تدبر کے ساتھ کرنی چاہئے۔
➍ نوافل کا قیام حتی الوسع طویل ہونا چاہئے۔
➎ نوافل میں کثرت سے قرآن مجید کی تلاوت مستحب ہے۔
➏ اگر شرعی عذر ہو تو بیٹھ کر نماز پڑھنی جائز ہے۔
➐ بیٹھ کر نماز پڑھنے سے آدھا ثواب ملتا ہے لیکن نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو بیٹھ کر نماز پڑھنے سے بھی پورا ثواب ملتا تھا۔
درج بالا اقتباس موطا امام مالک روایۃ ابن القاسم شرح از زبیر علی زئی، حدیث/صفحہ نمبر: 7 سے ماخوذ ہے۔