سنن نسائي
كتاب السهو— کتاب: نماز میں سہو کے احکام و مسائل
بَابُ : الرُّخْصَةِ لِلإِمَامِ فِي تَخَطِّي رِقَابِ النَّاسِ باب: امام کے لیے لوگوں کی گردنیں پھلانگنے کی رخصت کا بیان۔
أَخْبَرَنَا أَحْمَدُ بْنُ بَكَّارٍ الْحَرَّانِيُّ ، قَالَ : حَدَّثَنَا بِشْرُ بْنُ السَّرِيِّ ، عَنْ عُمَرَ بْنِ سَعِيدِ بْنِ أَبِي حُسَيْنٍ النَّوْفَلِيِّ ، عَنِ ابْنِ أَبِي مُلَيْكَةَ ، عَنْ عُقْبَةَ بْنِ الْحَارِثِ ، قَالَ : صَلَّيْتُ مَعَ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ الْعَصْرَ بِالْمَدِينَةِ ، ثُمَّ انْصَرَفَ يَتَخَطَّى رِقَابَ النَّاسِ سَرِيعًا حَتَّى تَعَجَّبَ النَّاسُ لِسُرْعَتِهِ , فَتَبِعَهُ بَعْضُ أَصْحَابِهِ , فَدَخَلَ عَلَى بَعْضِ أَزْوَاجِهِ ، ثُمَّ خَرَجَ , فَقَالَ : " إِنِّي ذَكَرْتُ وَأَنَا فِي الْعَصْرِ شَيْئًا مِنْ تِبْرٍ كَانَ عِنْدَنَا , فَكَرِهْتُ أَنْ يَبِيتَ عِنْدَنَا فَأَمَرْتُ بِقِسْمَتِهِ " .
´عقبہ بن حارث رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` میں نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ مدینہ میں نماز عصر پڑھی ، پھر آپ تیزی سے لوگوں کی گردنیں پھلانگتے ہوئے گئے یہاں تک کہ لوگ آپ کی تیزی سے تعجب میں پڑ گئے ، کچھ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم آپ کے پیچھے گئے ( کہ کیا معاملہ ہے ) آپ اپنی ایک بیوی کے حجرہ میں داخل ہوئے ، پھر باہر نکلے اور فرمایا : ” میں نماز عصر میں تھا کہ مجھے سونے کا وہ ڈلا یاد آ گیا جو ہمارے پاس تھا ، تو مجھے یہ بات اچھی نہیں لگی کہ رات بھر وہ ہمارے پاس پڑا رہے ، لہٰذا جا کر میں نے اسے تقسیم کرنے کا حکم دے دیا “ ۔
تشریح، فوائد و مسائل
عقبہ بن حارث رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ مدینہ میں نماز عصر پڑھی، پھر آپ تیزی سے لوگوں کی گردنیں پھلانگتے ہوئے گئے یہاں تک کہ لوگ آپ کی تیزی سے تعجب میں پڑ گئے، کچھ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم آپ کے پیچھے گئے (کہ کیا معاملہ ہے) آپ اپنی ایک بیوی کے حجرہ میں داخل ہوئے، پھر باہر نکلے اور فرمایا: ” میں نماز عصر میں تھا کہ مجھے سونے کا وہ ڈلا یاد آ گیا جو ہمارے پاس تھا، تو مجھے یہ بات اچھی نہیں لگی کہ رات بھر وہ ہمارے پاس پڑا رہے، لہٰذا جا کر میں نے اسے تقسیم کرنے کا حکم دے دیا۔“ [سنن نسائي/كتاب السهو/حدیث: 1366]
➋ معلوم ہوا کہ نماز کے اندر اتفاقاً کسی خیال کا آجانا نماز کو ختم نہیں کرتا۔
➌ اس حدیث مبارکہ سے یہ بھی معلوم ہوا کہ آپ کی عادت مبارکہ نماز کے بعد کچھ دیر بیٹھنے ہی کی تھی ورنہ صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم کو تعجب نہ ہوتا، نیز کسی عذر کی بنا پر ایسے کرسکتے ہیں، اسے عادت نہیں بنانا چاہیے۔
➍ امام جب کوئی خلاف معمول کام کرے تو اسے اپنے ساتھیوں کے سامنے اس کی وضاحت کر دینی چاہیے تاکہ ان کے دلوں میں شکوک و شبہات جنم نہ لیں۔
اس واقعہ سے یہ بھی معلوم ہوا کہ آں حضرت ﷺ کو اپنی پیغمبرانہ ذمہ داریوں کا کس شدت سے احساس رہتا تھا کہ سونے کا ایک تولا بھی گھر میں محض بطور امانت ہی ایک رات کے لیے رکھ لینا ناگوار معلوم ہوا۔
پھر ان معاندین پر پھٹکار ہو جو ایسے پاک پیغمبر فداہ ابی وامی کی شان میں گستاخی کرتے اور نعوذباللہ آپ ﷺ پر دنیاداری کاغلط الزام لگاتے رہتے ہیں۔
ھداھم اللہ۔
اس حدیث سے مندرجہ ذیل احکام ثابت ہوتے ہیں: ٭ نماز سے فراغت کے بعد مصلے پر ٹھہرنا ضروری نہیں، ضرورت کے وقت فوراً اٹھ کر جانا جائز ہے۔
٭ گردنیں پھلانگ کر آنے جانے میں اگر لوگوں کو کوئی تکلیف نہ ہو تو اس میں کوئی حرج نہیں۔
عام حالات میں اس کی ممانعت ہے۔
(مسند أحمد: 424/3)
٭ دوران نماز میں جائز امور کو بجا لانے کا عزم کیا جا سکتا ہے۔
٭ جو کام خود کر سکتا ہے اگر کسی دوسرے کو اس کے متعلق کہہ دیا جائے تو جائز ہے۔
(فتح الباري: 436/2)
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ دوران نماز میں کسی چیز کا خیال آ جانا نماز کے منافی نہیں کیونکہ رسول اللہ ﷺ کو دوران نماز میں سونے کے ٹکڑے کا خیال آیا جو تقسیم نہیں کیا گیا تھا، پھر آپ نے نماز کے بعد اس کے متعلق عمل درآمد کرنے میں جلدی کی لیکن نماز کا اعادہ نہیں فرمایا، کیونکہ ایسا کرنا نماز کے منافی نہیں تھا۔
اس سے یہ بھی معلوم ہوا کہ نیکی کے کاموں میں جلدی کرنی چاہیے۔
(فتح الباري: 118/3)
خیرات اور صدقہ کرنے میں جلدی کرنا بہتر ہے۔
ایسا نہ ہو کہ موت آجائے یا مال باقی نہ رہے اور ثواب سے محروم رہ جائے۔
باب کا ایک مفہوم یہ بھی ہوسکتا ہے کہ صاحب نصاب سال تمام ہونے سے پہلے ہی اپنے مال کی زکوٰۃ ادا کردے۔
اس بارے میں مزید وضاحت اس حدیث میں ہے۔
عَنْ عَلِيٍّ، «أَنَّ الْعَبَّاسَ سَأَلَ النَّبِيَّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فِي تَعْجِيلِ صَدَقَتِهِ قَبْلَ أَنْ تَحِلَّ، فَرَخَّصَ لَهُ فِي ذَلِكَ» (رواہ أبوداود، والترمذي وابن ماجة والدارمي)
یعنی حضرت عباس ؓ نے رسول کریم ﷺ سے پوچھا کہ کیاوہ اپنی زکوٰۃ سال گزرنے سے پہلے بھی ادا کرسکتے ہیں؟ اس پر آپ نے ان کو اجازت بخش دی۔
قال ابن مالك هذا یدل علی جواز تعجیل الزکوة بعد حصول النصاب قبل تمام الحول الخ (مرعاۃ)
یعنی ابن مالک نے کہا کہ یہ حدیث دلالت کرتی ہے کہ نصاب مقررہ حاصل ہونے کے بعد سال پورا ہونے سے پہلے بھی زکوٰۃ ادا کی جاسکتی ہے۔
(1)
اس حدیث سے ثابت ہوا کہ خیرات اور صدقہ کرنے میں جلدی کرنا بہتر ہے، مبادا موت آ جائے یا مال باقی نہ رہے اور انسان اسے روک کر ثواب سے محروم رہ جائے، اس لیے نیکی کے کام میں جلدی کرنی چاہیے۔
(2)
امام بخاری ؒ نے عنوان میں صدقہ کرنے میں جلدی کرنے کے استحباب کو بیان کیا ہے، حالانکہ حدیث سے واضح طور پر تو تاخیر کی کراہت معلوم ہو رہی ہے، لہذا امام صاحب کو کراہت تاخیر کا عنوان قائم کرنا چاہیے تھا جو کہ حدیث سے واضح طور پر معلوم ہو رہا ہے۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ امام بخاری ؒ حسب عادت دقیق نظری کو پسند کرتے اور باریک بینی کو ظاہر بات پر ترجیح دیتے ہیں، اس بنا پر امام بخاری نے استحبابِ تعجیل کا عنوان قائم کیا ہے۔
(فتح الباري: 377/3)