حدیث نمبر: 1110
أَخْبَرَنَا قُتَيْبَةُ ، قال : حَدَّثَنَا سُفْيَانُ ، عَنْ عُبَيْدِ اللَّهِ وَهُوَ ابْنُ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ الْأَصَمِّ ، عَنْ عَمِّهِ يَزِيدَ وَهُوَ ابْنُ الْأَصَمِّ ، عَنْ مَيْمُونَةَ أَنَّ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ " كَانَ إِذَا سَجَدَ جَافَى يَدَيْهِ حَتَّى لَوْ أَنَّ بَهْمَةً أَرَادَتْ أَنْ تَمُرَّ تَحْتَ يَدَيْهِ مَرَّتْ " .
ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی

´ام المؤمنین میمونہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ` نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم جب سجدہ کرتے تو اپنے ہاتھ اپنے پہلو سے جدا رکھتے یہاں تک کہ اگر کوئی بکری کا بچہ آپ کے ہاتھوں کے نیچے سے گزرنا چاہتا تو گزر جاتا ۔

حوالہ حدیث سنن نسائي / كتاب التطبيق / حدیث: 1110
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح , شیخ زبیر علی زئی: صحيح مسلم
تخریج حدیث «صحیح مسلم/الصلاة 46 (496، 497)، سنن ابی داود/الصلاة 158 (898)، سنن ابن ماجہ/الإقامة 19 (880)، (تحفة الأشراف: 18083) ، مسند احمد 6/331، 332، 335، سنن الدارمی/الصلاة 79 (1369، 1370، 1371)، ویأتی عند المؤلف برقم: 1148 (صحیح)»
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن نسائي: 1148 | صحيح مسلم: 496 | صحيح مسلم: 497 | سنن ابي داود: 898 | سنن ابن ماجه: 880 | مسند الحميدي: 316

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ حافظ محمد امین
´سجدہ میں بازو کو پہلو سے الگ رکھنے کا بیان۔`
ام المؤمنین میمونہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم جب سجدہ کرتے تو اپنے ہاتھ اپنے پہلو سے جدا رکھتے یہاں تک کہ اگر کوئی بکری کا بچہ آپ کے ہاتھوں کے نیچے سے گزرنا چاہتا تو گزر جاتا۔ [سنن نسائي/كتاب التطبيق/حدیث: 1110]
1110۔ اردو حاشیہ: ➊ ہاتھوں کو پہلوؤں سے خوب دور رکھنا چاہیے، اسی طرح پیٹ کو رانوں سے اٹھا کر رکھنا چاہیے۔
➋ یہ ہیئت خشوع و خضوع اور تواضع کے زیادہ قریب ہے۔
➌ امہات المؤمنین کی فضیلت کہ انہوں نے نبیٔ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے طریقۂ عبادت کو بغور دیکھا اور سمجھا، بعد ازاں امت تک ایسے واضح انداز سے پہنچایا کہ کسی قسم کا ابہام باقی نہ رہا……… رضي اللہ عنھن………
درج بالا اقتباس سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 1110 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن نسائي / حدیث: 1148 کی شرح از حافظ محمد امین ✍️
´دونوں سجدوں کے درمیان بیٹھنے کی کیفیت کا بیان؟`
ام المؤمنین میمونہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب سجدہ کرتے تو اپنے دونوں ہاتھ اپنے پہلو سے جدا رکھتے یہاں تک کہ آپ کے پیچھے آپ کے بغل کی سفیدی نظر آتی، اور جب بیٹھتے تو اپنی بائیں ران زمین پر لگا کر بیٹھتے۔ [سنن نسائي/كتاب التطبيق/حدیث: 1148]
1148۔ اردو حاشیہ: اس حدیث سے ثابت ہوتا ہے کہ نماز میں بائیں ران پر بیٹھنا مسنون ہے۔ یہ حکم عام ہے اور نماز کے تمام جلسات کو شامل ہے، سوائے اس جلسے کے جسے دلیل کے ساتھ مستثنیٰ کیا گیا ہو جیسا کہ آخری تشہد ہے۔ دوسری روایت سے اس کا استثنا ثابت ہے اور اس میں تورک مسنون ہے، یعنی بائیں پاؤں کو دائیں پنڈلی کے نیچے سے گزار کر بائیں سرین پر بیٹھنا۔ امام صاحب کا اس حدیث سے استدلال واضح ہے کہ دو سجدوں کے درمیان بائیں ران پر بیٹھنا چاہیے کیونکہ یہ جلسہ بھی ان جلسات میں سے ہے جس کے بارے میں کوئی خاص روایت وارد نہیں ہوئی، سوائے اس روایت کے، لہٰذا اس روایت پر عمل کرتے ہوئے دو سجدوں کے درمیان بائیں ران پر بیٹھنا چاہیے۔ صحیح مسلم کی ایک روایت (536) میں ایڑیوں پر بیٹھنے کو مسنون قرار دیا گیا ہے اور علمائے کرام نے اس سے دو سجدوں کے درمیان بیٹھنا مراد لیا ہے۔ اس اعتبار سے وہ روایت اس روایت کے خلاف ہے۔ ان کے درمیان تطبیق اس طرح ہے کہ دو سجدوں کے درمیان دونوں طرح بیٹھنا درست ہے لیکن پہلا طریقہ افضل ہے کیونکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا اکثر عمل یہی ہے۔ بخلاف آخری تشہد کے کہ اس میں دونوں طرح درست نہیں بلکہ تورک ہی مسنون ہے کیونکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا عمل یہی ہے۔ واللہ أعلم۔ مزید دیکھیے حدیث نمبر: 1106، 1107۔
درج بالا اقتباس سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 1148 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 496 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
حضرت میمونہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے روایت ہے کہ جب رسول اللہ ﷺ سجدہ کرتے تو اگر بکری کا بچہ آپﷺ کی بغلوں کے درمیان سے گزرنا چاہتا تو گزر جاتا (گزر سکتا) [صحيح مسلم، حديث نمبر:1107]
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: آپﷺ اپنے ہاتھوں کو بغلوں سے اس قدر دور رکھتے تھے کہ نیچے سے بکری کا بچہ گزر سکتا تھا۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 496 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابن ماجه / حدیث: 880 کی شرح از مولانا عطا اللہ ساجد ✍️
´نماز میں سجدے کا بیان۔`
ام المؤمنین میمونہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم جب سجدہ کرتے تو اپنے دونوں ہاتھوں کو پہلو سے الگ رکھتے کہ اگر ہاتھ کے بیچ سے کوئی بکری کا بچہ گزرنا چاہتا تو گزر جاتا۔ [سنن ابن ماجه/كتاب إقامة الصلاة والسنة/حدیث: 880]
اردو حاشہ:
فائدہ: سجدہ کرتےوقت بازو پہلووں سے اور پیٹ رانوں سے الگ ہونا چاہیے۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 880 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: مسند الحميدي / حدیث: 316 کی شرح از محمد ابراہیم بن بشیر ✍️
فائدہ:
اس حدیث میں سجدے کی کیفیت کا بیان ہے کہ سجدہ میں پیٹ کو اس قدر رانوں سے جدا رکھنا چاہیے کہ اگر نیچے سے بکری کا بچہ بھی گزرنا چا ہے تو گزر جائے۔ مرد وعورت کے سجدہ کرنے کے طریقے میں کوئی فرق نہیں ہے۔
درج بالا اقتباس مسند الحمیدی شرح از محمد ابراهيم بن بشير، حدیث/صفحہ نمبر: 316 سے ماخوذ ہے۔