حدیث نمبر: 1067
أَخْبَرَنَا أَبُو دَاوُدَ سُلَيْمَانُ بْنُ سَيْفٍ الْحَرَّانِيُّ ، قال : حَدَّثَنَا سَعِيدُ بْنُ عَامِرٍ ، قال : حَدَّثَنَا هِشَامُ بْنُ حَسَّانَ ، عَنْ قَيْسِ بْنِ سَعْدٍ ، عَنْ عَطَاءٍ ، عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ ، أَنّ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ كَانَ إِذَا قَالَ : " سَمِعَ اللَّهُ لِمَنْ حَمِدَهُ قَالَ : اللَّهُمَّ لَكَ الْحَمْدُ مِلْءَ السَّمَوَاتِ وَمِلْءَ الْأَرْضِ وَمِلْءَ مَا شِئْتَ مِنْ شَيْءٍ بَعْدُ " .
ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی

´عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہم سے روایت ہے کہ` نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم جب «سمع اللہ لمن حمده‏» کہتے ، تو «‏اللہم ربنا لك الحمد ملء السموات وملء الأرض وملء ما شئت من شىء بعد» ” اے اللہ ! تیری تعریف ہے ، آسمانوں بھر ، زمین بھر اور اس کے بعد تو جس چیز بھر چاہے “ کہتے ۔

حوالہ حدیث سنن نسائي / كتاب التطبيق / حدیث: 1067
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح , شیخ زبیر علی زئی: صحيح مسلم
تخریج حدیث «صحیح مسلم/الصلاة 40 (478)، (تحفة الأشراف: 5954) ، مسند احمد 1/270، 276، 277، 333، 370 (صحیح)»

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ حافظ محمد امین
´رکوع سے کھڑے ہونے کے بعد قیام میں کیا پڑھے؟`
عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہم سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم جب «سمع اللہ لمن حمده‏» کہتے، تو «‏اللہم ربنا لك الحمد ملء السموات وملء الأرض وملء ما شئت من شىء بعد» اے اللہ! تیری تعریف ہے، آسمانوں بھر، زمین بھر اور اس کے بعد تو جس چیز بھر چاہے کہتے۔ [سنن نسائي/كتاب التطبيق/حدیث: 1067]
1067۔ اردو حاشیہ: ➊ یعنی وہ تعریف اگر مجسم ہو جائے تو سب کچھ سے بڑھ جائے۔ ممکن ہے ثواب کی طرف اشارہ ہو۔
➋ رکوع کے بعد قومے میں یہ دعا پڑھنا مسنون ہے۔
➌ رکوع کے بعد اعتدال و اطمینان ضروری ہے کیونکہ اعتدال کے بغیر اس دعا کا قومے میں پڑھنا ممکن نہیں۔
➍ ہر نمازی کے لیے یہ دعا مستحب ہے، خواہ وہ امام ہو یا مقتدی یا منفرد کیونکہ نبیٔ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ دعا پڑھی ہے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلمنے صحابۂ کرام رضی اللہ عنھم کو حکم دیا کہ نماز اس طرح پڑھو جس طرح تم نے مجھے پڑھتے دیکھا ہے۔ [صحیح البخاري، الأذان، حدیث: 631] آپ کا یہ فرمان پوری امت کے لیے ہے۔
➎ ہر نماز میں یہ دعا پڑھی جا سکتی ہے، خواہ وہ فرض ہو یا نفل۔ بعض علماء اسے نفلی نماز کے ساتھ خاص کرتے ہیں لیکن تخصیص کی کوئی دلیل نہیں۔ واللہ أعلم۔
درج بالا اقتباس سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 1067 سے ماخوذ ہے۔