سنن نسائی — حدیث نمبر 1005
باب: ایک رکعت میں دو سورتیں پڑھنے کا بیان۔
بَابُ : قِرَاءَةِ سُورَتَيْنِ فِي رَكْعَةٍ
أَخْبَرَنَا إِسْحَاقُ بْنُ إِبْرَاهِيمَ ، قال : أَنْبَأَنَا عِيسَى بْنُ يُونُسَ ، عَنِ الْأَعْمَشِ ، عَنْ شَقِيقٍ ، عَنْ عَبْدِ اللَّهِ ، قال : " إِنِّي لَأَعْرِفُ النَّظَائِرَ الَّتِي كَانَ يَقْرَأُ بِهِنَّ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ عِشْرِينَ سُورَةً فِي عَشْرِ رَكَعَاتٍ ، ثُمَّ أَخَذَ بِيَدِ عَلْقَمَةَ فَدَخَلَ ، ثُمَّ خَرَجَ إِلَيْنَا عَلْقَمَةُ فَسَأَلْنَاهُ فَأَخْبَرَنَا بِهِنَّ " .
´عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` میں ان سورتوں کو جانتا ہوں جو ایک دوسرے کے مشابہ ہیں ، وہ بیس سورتیں ہیں جنہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم دس رکعتوں میں پڑھتے تھے ، پھر انہوں نے علقمہ رحمہ اللہ کا ہاتھ پکڑا ، اور اندر لے گئے ، پھر علقمہ رحمہ اللہ نکل کر باہر ہمارے پاس آئے ، تو ہم نے ان سے پوچھا ، تو انہوں نے ہمیں وہ سورتیں بتائیں ۔
حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ ”بے شک میں ان ملتی جلتی بیس سورتوں کو بخوبی جانتا ہوں جنہیں رسول اللہ ﷺ دس رکعات میں پڑھتے تھے۔“ پھر وہ علقمہ رحمہ اللہ کا ہاتھ پکڑ کر اندر چلے گئے، پھر علقمہ رحمہ اللہ باہر آئے تو ہم نے ان سے ان سورتوں کے بارے میں پوچھا تو انہوں نے ہمیں ان کی تفصیل بتائی۔
تشریح، فوائد و مسائل
عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں ان سورتوں کو جانتا ہوں جو ایک دوسرے کے مشابہ ہیں، وہ بیس سورتیں ہیں جنہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم دس رکعتوں میں پڑھتے تھے، پھر انہوں نے علقمہ رضی اللہ عنہ کا ہاتھ پکڑا، اور اندر لے گئے، پھر علقمہ رضی اللہ عنہ نکل کر باہر ہمارے پاس آئے، تو ہم نے ان سے پوچھا، تو انہوں نے ہمیں وہ سورتیں بتائیں۔ [سنن نسائي/باب سجود القرآن/حدیث: 1005]
➋ قرآن مجید کی قرأت کرتے ہوئے سورتوں کی ترتیب ملحوظ رکھنا ضروری نہیں ہے، یعنی اگر کوئی پہلے سورۂ کہف پھر سورۂ بقرہ کی قرأت کرتا ہے تو اس میں کوئی حرج نہیں، البتہ ترتیب سے پڑھنا بہتر اور افضل ہے کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا بیشتر عمل اسی پر تھا۔
➌ اس حدیث مبارکہ سے حضرت عائشہ اور ابن عباس رضی اللہ عنھم کے قول کی موافقت ہو گئی کہ نبیٔ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی رات کی نماز وتر کے علاوہ دس رکعات تھی۔
➍ قرآن مجید کی تلاوت معانی پر تدبر و تفکر کر کے کرنی چاہیے۔ بغیر سوچے سمجھے بہت زیادہ تیز پڑھنا مناسب نہیں۔
➎ بسا اوقات دوسری رکعت پہلی سے لمبی پڑھنا جائز ہے کیونکہ ان سورتوں میں سے بعض بعد والی سورتیں پہلی سورتوں سے زیادہ لمبی ہیں، نیز رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نماز جمعہ میں پہلی رکعت میں سورۂ اعلی اور دوسری رکعت میں سورہ غاشیہ پڑھتے تھے۔ اور یہ بات معلوم ہے کہ سورۂ غاشیہ، سورۂ اعلیٰ سے لمبی ہے۔