حدیث نمبر: 1001
أَخْبَرَنَا قُتَيْبَةُ ، عَنْ مَالِكٍ ، عَنْ يَحْيَى بْنِ سَعِيدٍ ، عَنْ عَدِيِّ بْنِ ثَابِتٍ ، عَنِ الْبَرَاءِ بْنِ عَازِبٍ ، قال : " صَلَّيْتُ مَعَ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ الْعَتَمَةَ فَقَرَأَ فِيهَا بِ التِّينِ وَالزَّيْتُونِ " .
ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی

´براء بن عازب رضی اللہ عنہم کہتے ہیں کہ` میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ عشاء پڑھی ، تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس میں «والتین والزیتون» پڑھی ۔

حوالہ حدیث سنن نسائي / باب سجود القرآن / حدیث: 1001
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح , شیخ زبیر علی زئی: متفق عليه
تخریج حدیث «صحیح البخاری/الأذان 100 (767) ، 102 (769) ، تفسیر ’’التین‘‘ 1 (4952) ، التوحید 52 (7546) ، صحیح مسلم/الصلاة 36 (464) ، سنن ابی داود/الصلاة 275 (1221) ، سنن الترمذی/الصلاة 231 (310) ، سنن ابن ماجہ/الإقامة 10 (834، 835) ، (تحفة الأشراف: 1791) ، موطا امام مالک/الصلاة 5 (27) ، مسند احمد 4/284، 286، 291، 298، 302، 303 (صحیح)»

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 7546 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
7546. سیدنا براء ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ سے سنا، آپ نماز عشاء میں (والتین والزیتون) پڑھ رہے تھے۔ میں نے آپ سے زیادہ خوبصورت آواز میں قرآن پڑھتے ہوئے کسی کو نہیں سنا۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:7546]
حدیث حاشیہ: حضرت براء بن عازب ابوعمارہ انصاری حارثی ہیں۔
انہوں نے سنہ 24ھ میں رے کو فتح کیا۔
حضرت علی کے ساتھ جنگ نہروان میں شریک ہوئے۔
بہ زمانہ مصعب بن زبیر کوفہ میں وفات پائی۔
رضي اللہ عنه و أرضاہ۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 7546 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 7546 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
7546. سیدنا براء ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ سے سنا، آپ نماز عشاء میں (والتین والزیتون) پڑھ رہے تھے۔ میں نے آپ سے زیادہ خوبصورت آواز میں قرآن پڑھتے ہوئے کسی کو نہیں سنا۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:7546]
حدیث حاشیہ:

اس حدیث سے معلوم ہوا کہ نماز میں دوران جماعت میں امام کو چاہیے کہ وہ خوش الحانی سے قرآن کریم کی تلاوت کرے اور تجوید کے قواعد کے مطابق اسے پڑھے۔
ہمارے علمائے کرام کو اس طرف خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم بلند آواز اور خوش الحانی سے قرآن پڑھتے تھے۔

امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے اس سے ثابت کیا ہے کہ آواز اور تلاوت بندے کا اپنا فعل ہے جو اللہ تعالیٰ کی طرف سے پیدا کیا ہوا ہے جبکہ جسے پڑھا جا رہا ہے وہ اللہ تعالیٰ کا کلام غیر مخلوق ہے۔
چونکہ امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ کو خلق قرآن کے حوالے سے سخت آزمائش سے گزرنا پڑتا تھا، اس لیے اس مسئلے کو دلائل وبراہین سے بیان کیا ہے اور ہر دلیل پر عنوان بندی بھی کی ہے جیسا کہ آئندہ ابواب سے ظاہر ہے۔
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 7546 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 769 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
769. حضرت براء بن عازب ؓ سے روایت ہے، انہوں نے کہا کہ میں نے نبی ﷺ کو نماز عشاء میں ﴿وَالتِّينِ وَالزَّيْتُونِ ﴿١﴾) پڑھتے سنا اور میں نے رسول اللہ ﷺ سے زیادہ خوش الحان یا اچھا پڑھنے والا کوئی نہیں سنا۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:769]
حدیث حاشیہ:
(1)
یہ (حدیث: 767)
پہلے گزر چکی ہے۔
اس میں وضاحت ہے کہ یہ دورانِ سفر کا واقعہ ہے۔
حافظ ابن حجر ؒ نے لکھا ہے کہ اکثر لوگ یہ سوال کرتے ہیں: آیا رسول اللہ ﷺ نے سورۂ والتین کو نماز عشاء کی پہلی رکعت میں تلاوت کیا تھا یا دوسری رکعت میں؟ یا اسے دونوں رکعات میں پڑھا؟ یعنی دوسری رکعت میں بھی اس کا اعادہ کیا، اگر کوئی دوسری سورت پڑھی تو وہ کون سی تھی؟ مجھے اس کا استحضار نہیں تھا یہاں تک میں نے علامہ ابو علی ابن السکن کی تالیف "کتاب الصحابة" دیکھی۔
اس میں زرعہ بن خلیفہ ؓ کے حالات میں لکھا ہے، وہ کہتے ہیں کہ ہم نے اپنے علاقے یمامہ میں رسول اللہ ﷺ کا تذکرہ سنا تو آپ کے پاس مدینہ منورہ میں حاضر ہوئے۔
آپ نے ہم پر اسلام پیش کیا تو ہم مسلمان ہو گئے۔
اس وقت آپ نے نماز میں ﴿وَالتِّينِ﴾ اور ﴿إِنَّا أَنزَلْنَاهُ فِي لَيْلَةِ الْقَدْرِ﴾ کی تلاوت فرمائی۔
اگر حضرت براء بن عازب ؓ کی تعین کردہ نماز عشاء یہی ہے تو ممکن ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے اس نماز کی پہلی رکعت میں ﴿وَالتِّينِ وَالزَّيْتُونِ﴾ اور دوسری رکعت میں سورۂ قدر کی تلاوت فرمائی ہو۔
لیکن حضرت براء بن عازب کی صراحت کے مطابق یہ واقعہ دوران سفر میں پیش آیا جبکہ حضرت زرعہ بن خلیفہ کا واقعہ مدینہ منورہ میں پیش آیا ہے۔
والله أعلم (2)
حافظ ابن حجر ؒ نے اس مقام پر لکھا ہے کہ ہم اس حدیث کی تشریح کتاب التوحید کے آخر میں کریں گے۔
لیکن کتاب سجود القرآن اور کتاب التوحید میں لکھا ہے کہ اس حدیث کی تشریح کتاب الصلاة میں گزرچکی ہے۔
(فتح الباري: 911/8)
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 769 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 767 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
767. حضرت براء بن عازب ؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے دوران سفر میں نماز عشاء کی دو رکعات میں سے ایک میں سورہ ﴿وَالتِّينِ وَالزَّيْتُونِ ﴿١﴾) پڑھی[صحيح بخاري، حديث نمبر:767]
حدیث حاشیہ:
(1)
سنن نسائی کی روایت میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے پہلی رکعت میں سورۂ والتین کی تلاوت فرمائی۔
چونکہ آپ سفر میں تھے اور دوران سفر میں تخفیف مطلوب ہوتی ہے، اس لیے آپ نے نماز عشاء میں چھوٹی چھوٹی سورتوں کی تلاوت فرمائی۔
اس سے پہلے حدیث ابو ہریرہ حضر پر محمول ہوگی کہ رسول اللہ ﷺ نے نماز عشاء میں اوساط مفصل سورتیں تلاوت کی تھیں۔
(فتح الباري: 324/2) (2)
یہ احادیث اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ نمازوں میں قراءت کی کوئی طے شدہ مقدار مقرر نہیں۔
امام کو چاہیے کہ وہ حالات وظروف کا لحاظ رکھتے قراءت کا تعین کرے، بہر حال مقتدی حضرات کا خیال رکھنا انتہائی ضروری ہے۔
(عمدة القاري: 472/4)
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 767 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 4952 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
4952. حضرت براء ؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ ایک سفر میں تھے، آپ نے نماز عشاء کی ایک رکعت میں سورہ والتین تلاوت فرمائی تھی۔ تقويم کے معنی ہیں: پیدائش اور بناوٹ۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:4952]
حدیث حاشیہ:

ایک روایت میں ہے،حضرت براء بن عازب رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے فرمایا: میں نے آپ سے زیادہ خوبصورت آواز والا کوئی نہیں دیکھا۔
(صحیح البخاري، التوحید، حدیث: 7546)

حافظ ابن حجر رحمۃ اللہ علیہ لکھتے ہیں کہ دوسری آیات سے معلوم ہوتا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے عشاء کی دوسری رکعت میں سورۃ القدر کی تلاوت کی تھی۔
(فتح الباري: 911/8)
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 4952 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابي داود / حدیث: 1221 کی شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی ✍️
´سفر کی نماز میں قرآت مختصر کرنے کا بیان۔`
براء رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ ہم لوگ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ ایک سفر میں نکلے آپ نے ہمیں عشاء پڑھائی اور دونوں رکعتوں میں سے کسی ایک رکعت میں «والتين والزيتون» پڑھی۔ [سنن ابي داود/كتاب صلاة السفر /حدیث: 1221]
1221۔ اردو حاشیہ:
امام کو چاہیے کہ اپنے مقتدیوں کے احوال کا خاص خیال رکھے ایسے ہی سفر میں نماز کی قرأت کو مختصر رکھنا مستحب ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 1221 سے ماخوذ ہے۔