116- وبه قال: كان أبو طلحة أكثر الأنصار بالمدينة مالا من نخل، وكان أحب أمواله إليه بيرحاء وكانت مستقبلة المسجد، وكان رسول الله صلى الله عليه وسلم يدخلها ويشرب من ماء فيها طيب. قال أنس: فلما أنزلت هذه الآية: {لن تنالوا البر حتى تنفقوا مما تحبون} قام أبو طلحة إلى رسول الله صلى الله عليه وسلم فقال: يا رسول الله إن الله يقول فى كتابه: {لن تنالوا البر حتى تنفقوا مما تحبون} وإن أحب أموالي إلى بيرحاء، وإنها صدقة لله أرجو برها وذخرها عند الله، فضعها يا رسول الله حيث شئت. قال: فقال رسول الله صلى الله عليه وسلم بخ، ذلك مال رابح، ذلك مال رابح قد سمعت ما قلت فيها، وإني أرى أن تجعلها فى الأقربين.“ فقال أبو طلحة: أفعل يا رسول الله، فقسمها أبو طلحة فى أقاربه وبني عمه.اور اسی سند کے ساتھ روایت ہے کہ (سیدنا) انس رضی اللہ عنہ نے فرمایا : انصار مدینہ میں سے (سیدنا) ابوطلحہ رضی اللہ عنہ سب سے زیادہ مالدار تھے کہ ان کے کھجور کے باغات تھے اور انہیں ان میں سے بیرحاء کا باغ سب سے زیادہ پسند تھا جو مسجد کے سامنے تھا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اس (باغ) میں تشریف لے جاتے اور اس کا میٹھا پانی پیتے تھے، سیدنا انس رضی اللہ عنہ نے فرمایا : جب یہ آیت نازل ہوئی « لَنْ تَنَالُوا الْبِرَّ حَتَّى تُنْفِقُوا مِمَّا تُحِبُّونَ» [ آل عمران: 92] ” تم اس وقت نیکی (کے درجے) تک نہیں پہنچ سکتے جب تک (اس کے راستے میں) وہ نہ خرچ کر دو جسے تم پسند کرتے ہو“ ابوطلحہ رضی اللہ عنہ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آ کر کہا: یا رسول اللہ ! اللہ اپنی کتاب میں فرماتا ہے : « لَنْ تَنَالُوا الْبِرَّ حَتَّى تُنْفِقُوا مِمَّا تُحِبُّونَ» اور مجھے اپنے اموال میں سے بیرحاء (کا باغ) سب سے زیادہ پسند ہے اور یہ (اب) اللہ کے لئے صدقہ ہے ، مجھے امید ہے کہ یہ اللہ کے دربار میں میرے لئے نیکی اور ذخیرہ ہو گا ، یا رسول اللہ ! آ پ جیسے چاہیں اسے استعمال کریں انہوں نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ”واہ ! یہ نفع بخش مال ہے، یہ نفع بخش مال ہے ، میں نے تمہاری بات سنی ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ تم اسے اپنے رشتہ داروں میں خرچ کرو “، تو ابوطلحہ رضی اللہ عنہ نے فرمایا : یا رسول اللہ ! میں اسی طرح کرتا ہوں ، پھر اسے ابوطلحہ رضی اللہ عنہ نے اپنے رشتہ داروں اور اپنے چچا کی اولاد میں تقسیم کر دیا ۔
تشریح، فوائد و مسائل
«. . . رسول الله صلى الله عليه وسلم بخ، ذلك مال رابح، ذلك مال رابح قد سمعت ما قلت فيها، وإني ارى ان تجعلها فى الاقربين . . .»
”. . . رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”واہ! یہ نفع بخش مال ہے، یہ نفع بخش مال ہے، میں نے تمہاری بات سنی ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ تم اسے اپنے رشتہ داروں میں خرچ کرو . . .“ [موطا امام مالك رواية ابن القاسم: 287]
[وأخرجه البخاري 1461، 2752، و مسلم 2315/998، من حديث مالك به]
تفقه:
➊اس حدیث میں سیدنا ابوطلحہ رضی اللہ عنہ کی زبردست فضیلت ہے جنہوں نے اپنا محبوب ترین مال اللہ کے راستے میں خرچ کر دیا۔
➋ صحابہ کرام ہر وقت قرآن و حدیث پر اپنے اموال اور اپنی جانیں قربان کرنے کے لئے تیار رہتے تھے۔
➌ نیکی، صلہ رحمی، حسن سلوک اور صدقات میں سب سے پہلے رشتہ داروں کو ترجیح دینی چاہئے اور یہی افضل ہے۔
➍ مال سے محبت فطری امر ہے بشرطیکہ شریعت کے خلاف نہ ہو۔ اسی طرح باغات وغیرہ بنانا اور علمائے کرام کا ان سے استفادہ کرنا سب جائز ہے۔
➎ عموم پر عمل جائز ہے اِلا یہ کہ تخصیص کی دلیل ہو۔
➏ جو شخص کوئی چیز صدقہ کر دے تو پھر اسے رجوع کا حق حاصل نہیں ہے۔
➐ اللہ تعالیٰ کے راستے میں بہترین چیز خرچ کرنی چاہئے، وہ خواہ مال ہو یا جان، اس لئے دینی تعلیم کے حصول کے لئے اپنی اولاد میں سے محبوب ترین اور ذہین ترین افراد کا انتخاب کرنا چاہئے۔
➑ سیدنا ابوطلحہ رضی اللہ عنہ کا عمل آیت مبارکہ: «لَنْ تَنَالُوا البِرَّ» کی بہترین تفسیر ہے۔ «سبحان الله»
➒ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ابوطلحہ رضی اللہ عنہ کا مال انھی کے اقرباء میں تقسیم کرنے کا حکم دیا، اس سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا کمال استغناء ثابت ہوتا ہے۔
(لغات الحدیث، کتاب، ص: 4)
میٹھا پانی اللہ کی بڑی بھاری نعمت ہے۔
جیسا کہ حدیث ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے وارد ہے کہ (إِنَّ أَوَّلَ مَا يُسْأَلُ عَنْهُ يَوْمَ الْقِيَامَةِ يَعْنِي الْعَبْدَ مِنْ النَّعِيمِ أَنْ يُقَالَ لَهُ: أَلَمْ نُصِحَّ لَكَ جِسْمَكَ وَنُرْوِيَكَ مِنْ الْمَاءِ الْبَارِدِ)
یعنی قیامت کے روز اللہ پہلے ہی حساب میں فرمائے گا کہ اے بندے! کیا میں نے تجھ کو تندرستی نہیں دی تھی اور کیا میں نے تجھے ٹھنڈے میٹھے پانی سے سیراب نہیں کیا تھا۔
﴿وَأَمَّا بِنِعْمَةِ رَبِّكَ فَحَدِّثْ﴾ (الضحیٰ: 11)
کی تعمیل میں یہ نوٹ لکھا گیا ﴿وَاللہُ عَلیم بِذاتِ الصُدُور﴾ الحمد للہ خادم نے اپنے کھیتوں واقع موضع رہپواہ میں دو کنوئیں تعمیر کرائے ہیں جس میں بہترین میٹھا پانی ہے۔
پہلا کنواں حضرت ڈاکٹر عبدالوحید صاحب کوٹہ راجستھان کا تعمیر کردہ ہے جس کا پانی بہت ہی میٹھا ہے جزاہ اللہ خیر الجزاء في الدارین (خادم راز عفي عنه)
(1)
میٹھا اور شیریں پانی اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم حضرت ابو طلحہ رضی اللہ عنہ کے باغ میں میٹھا پانی پینے کے لیے تشریف لے جاتے۔
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے میٹھا پانی "سُقیا" کے گھروں میں لایا جاتا تھا۔
راوئ حدیث حضرت قتیبہ کہتے ہیں کہ سقیا ایک چشمے کا نام ہے جو مدینہ طیبہ سے دو دن کی مسافت پر تھا۔
(سنن أبي داود، الأشربة، حدیث: 3735) (2)
حافظ ابن حجر رحمہ اللہ لکھتے ہیں کہ حضرت انس، ہند اور حارثہ جو اسماء کے بیٹے ہیں بیوت السقیا سے پانی لایا کرتے تھے اور ازواج مطہرات رضی اللہ عنہن کے گھروں میں پہنچاتے تھے۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا غلام حضرت رباح بھی میٹھا پانی لانے کا اہتمام کرتا تھا، کبھی بئر عرس سے اور کبھی بیوت السقیا سے لاتا تھا۔
جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت ابو ایوب رضی اللہ عنہ کے گھر میں پڑاؤ کیا تو وہ بھی مالک بن نضر رضی اللہ عنہ کے کنویں سے میٹھا پانی آپ کے لیے لایا کرتے تھے۔
صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم بھی اس کا اہتمام کرتے تھے۔
(فتح الباري: 94/10)
(1)
امام بخاری ؒ نے یہاں تین روایات کو یکجا بیان کیا ہے۔
پہلی روایت انتہائی مختصر ہے، آئندہ تفصیل سے بیان ہو گی کہ حضرت ابو طلحہ ؓ انصار میں باغات کے اعتبار سے زیادہ مال دار تھے۔
ان کا ایک باغ مسجد نبوی کے سامنے تھا جہاں رسول اللہ ﷺ تشریف لے جاتے اور وہاں قدرتی چشموں سے میٹھا پانی پیا کرتے۔
اس باغ کو انہوں نے اپنے رشتے داروں حضرت ابی بن کعبؓ، حضرت حسان بن ثابتؓ، ان کے بھائی حضرت شداد بن اوس ؓ اور نبیط بن جابر ؓ میں تقسیم کر دیا تھا۔
حضرت حسان ؓ نے اپنا حصہ ایک لاکھ درہم کے عوض حضرت معاویہ ؓ کو فروخت کر دیا تھا۔
(فتح الباري: 486/5) (2)
دوسری اور تیسری روایت حضرت ابن عباس ؓاور حضرت ابو ہریرہ ؓ سے مختصر طور پر بیان ہوئی ہے۔
تفصیلی روایت سے پتہ چلتا ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے بنو عبد مناف، حضرت عباسؓ، حضرت صفیہ ؓاور اپنی لخت جگر حضرت فاطمہ ؓ کو آواز دے کر پکارا اور کہا: ’’میں تمہیں اللہ کے عذاب سے نہیں بچا سکوں گا۔
اس دنیا میں رہتے ہوئے اپنا تحفظ خود کر لو۔
‘‘ (صحیح البخاري، التفسیر، حدیث: 4771) (3)
امام بخاری ؒ کا مطلب یہ ہے کہ رشتے داروں میں مرد اور عورتیں سب شامل ہوتے ہیں، نیز یہ بھی بتانا چاہتے ہیں کہ اگر قریبی رشتے داروں کے لیے وصیت ہو تو تمام قریبی رشتے داروں کو دینا ضروری نہیں ہوتا کیونکہ بنو حرام جس میں ابو طلحہ اور حسان ؓ جمع ہوئے ہیں وہ مدینہ طیبہ میں بکثرت آباد تھے اور عمرو بن مالک کے قرابت دار جس میں ابو طلحہ اور ابی بن کعب ؓ جمع ہوئے تھے وہ تو بے حد و شمار تھے لیکن ان سب میں باغ تقسیم نہیں کیا بلکہ صرف ابی بن کعب اور حضرت حسان ؓ میں تقسیم کر دیا گیا۔
اسی سے ترجمۃ الباب ثابت ہوا۔
چونکہ رشتہ داروں کا حق مقدم ہے اور وہی صاحب میراث بھی ہوتے ہیں۔
اس لیے آنحضرت ﷺ نے ان ہی کو ترجیح دی۔
جو رسول کریم ﷺ کی بہت ہی بڑی دور اندیشی کا ثبوت ہے۔
یہ کنواں مدینہ شریف میں حرم نبوی کے قریب اب بھی موجود ہے اور میں نے بھی وہاں حاضری کا شرف حاصل کیا ہے۔
و الحمد للہ علی ذلك۔
(1)
اس عنوان كا مقصد یہ ہے کہ وکالت کا معاملہ اس وقت تک پورا نہیں ہوتا جب تک وکیل اس وکالت کو قبول نہ کرلے۔
’’جو تونے کہا اسے میں نے سن لیا ہے۔
‘‘ اس سے مراد وکیل کا قبول کرنا اور اس کا اظہار آمادگی ہے۔
حضرت ابو طلحہ ؓ نے رسول اللہ ﷺ کو بیر حاء کے متعلق اپنا وکیل ٹھہرایا تو آپ نے اس وکالت کو قبول فرمایا۔
آپ نے اسے رائے دی کہ اسے اپنی قریبی رشتہ داروں میں تقسیم کردیں۔
چونکہ رشتہ داروں کا حق مقدم ہے اور وہی وراثت میں حصہ پاتے ہیں، اس لیے رسول اللہ ﷺ نے ان کے حق کو ترجیح دی۔
یہ رسول اللہ ﷺ کی دور اندیشی تھی۔
(2)
حافظ ابن حجر ؒ لکھتے ہیں کہ عقد وکالت اس وقت مکمل ہوگا جب وکیل اسے قبول کرلے۔
(فتح الباري: 621/4)
والله أعلم. (3)
اسماعیل کی متابعت کو امام بخاری ؒ نے خود ہی متصل سند سے بیان کیا ہے۔
(صحیح البخاري، التفسیر، حدیث: 4554)
ایک روایت میں ہے کہ حضرت ابو طلحہ ؓ نے وہ باغ حضرت حسان بن ثابت اور ابی بن کعب ؓ میں تقسیم کیا۔
حضرت انس ؓ کہتے ہیں کہ مجھے اس باغ سے کچھ نہیں ملا۔
(صحیح البخاري، التفسیر، حدیث: 4555)
بعض صحابہ ؓ ناقص کھجور اصحاب صفہ کو دیتے، اس پر اللہ تعالیٰ نے یہ آیت نازل فرمائی۔
اچھا مال موجود ہوتے ہوئے راہ خدا میں ناقص مال دینا اچھا نہیں ہے جیسا مال ہو ویسا ہی دینا چاہیے۔
1۔
حضرت ابوطلحہ ؓ نے اپنا پسندیدہ باغ اللہ کی راہ میں وقف کرکے دنیا وآخرت کی سعادتوں کو حاصل کرلیا۔
مذکورہ آیت کریمہ پر فوری عمل کرنے والوں میں حضرت عبداللہ بن عمر ؓ بھی شامل ہیں، چنانچہ حافظ ابن حجرؒ نے مسند بزار کے حوالے سے لکھا ہے کہ حضرت عبداللہ بن عمر ؓ نے اس آیت مبارکہ کو تلاوت فرمایا اور کہا: میری رومی لونڈی مرجانہ سے بڑھ کوئی مجھے کوئی چیز محبوب نہیں، میں نے اسے اللہ کی راہ میں آذاد کردیا ہے، اگرمیرا یہ دستور نہ ہوتا کہ جو چیز میں اللہ کی راہ میں دیتا ہوں اس کی طرف کسی صورت میں پلٹتا نہیں ہوں تو میں اس سے نکاح کرلیتا۔
(مسند البزار، رقم: 2194، وفتح الباري: 282/8)
اس کے حدود بیان نہیں کئے کیونکہ بیرحاءباغ مشہورو معروف تھا‘ ہر کوئی اس کو جانتا تھا اگر کوئی ایسی زمین وقف کرے کہ وہ معروف و مشہور نہ ہو تب تو اس کی حدود بیان کرنی ضروری ہیں لفظ بیرحاءدو کلموں سے مرکب ہے پہلا کلمہ بیئر ہے جس کے معنی کنویں کے ہیں دوسرا کلمہ حاءہے اس کے بارے میں اختلاف ہے کہ کسی مرد یا عورت کا نام ہے یا کسی جگہ کا نام جس کی طرف یہ کنواں منسوب کیا گیا ہے یا یہ کلمہ اونٹوں کے ڈانٹنے کے لئے بولا جاتا تھا اور اس جگہ اونٹ بکثرت چرائے جاتے تھے‘ لوگ ان کو ڈانٹنے کیلئے لفظ حاءکا استعمال کرتے۔
اسی سے یہ لفظ بیرحاءمل کر ایک کلمہ بن گیا۔
پھر حضرت ابو طلحہ ؓ کا سارا باغ ہی اس نام سے موسوم ہوگیا کیونکہ یہ کنواں اس کے اندر تھا لفظ بخ بخواہ واہ کی جگہ بولا جاتا تھا۔
(1)
وقف کرنے والے کو چاہیے کہ وہ اپنی وقف کی ہوئی چیز کی حدود کو متعین کرے، مثلاً: بہت سے باغات ہیں تو جب تک وقف کے لیے کسی باغ کا تعین نہیں کرے گا وقف صحیح نہیں ہو گا۔
اسی طرح جب کوئی زمین وقف کرے اور اس کی حدود اربعہ کا ذکر نہ کرے تو وقف جائز ہے بشرطیکہ لوگوں میں اس کی حدود اربعہ معروف ہوں، بصورت دیگر اس کی حدود اربعہ متعین کرنا ضروری ہے۔
اس کے بغیر وقف صحیح نہیں ہو گا کیونکہ حدود متعین نہ ہونے کی صورت میں دوسری حدود سے التباس کا اندیشہ ہے۔
اس سے دوسروں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
بہرحاء کا باغ ممتاز اور اس کی حدود متعین تھیں، اس کے التباس کا اندیشہ نہیں تھا، اس لیے حدود ذکر نہیں کی گئیں۔
(2)
حکم کے اعتبار سے صدقہ اور وقف ملتے جلتے ہیں اور ان کا ایک ہی حکم ہے۔
(3)
امام بخاری ؒ نے اسماعیل بن ابی اویس کی روایت کو "کتاب التفسیر" میں، عبداللہ بن یوسف کی روایت کو "کتاب الزکاۃ" میں اور یحییٰ بن یحییٰ کی روایت کو "کتاب الوکالۃ" میں متصل سند سے بیان کیا ہے۔
(فتح الباري: 486/5)
یہاں تک کہ بیوی بھی اپنے مفلس خاوند اور مفلس بیٹے پر خیرات کرسکتی ہے۔
اور گویہ صدقہ فرض زکوٰۃ نہ تھا۔
مگر فرض زکوٰۃ کو بھی اس پر قیاس کیاہے۔
بعضوں نے کہا جس کا نفقہ آدمی پر واجب ہوجیسے بیوی کا یا چھوٹے لڑکے کا تو اس کو زکوٰۃ دینا درست نہیں۔
اور چونکہ عبداللہ بن مسعود ؓ زندہ تھے‘ اس لیے ان کے ہوتے ہوئے بچے کا خرچ ماں پر واجب نہ تھا۔
لہٰذا ماں کو اس پر خیرات خرچ کرنا جائز ہوا۔
واللہ أعلم۔
(وحیدی)
(1)
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ اپنے رشتہ داروں پر خرچ کرنا زیادہ فضیلت کا باعث ہے، کیونکہ اس کے متعلق رسول اللہ ﷺ نے مشورہ دیا تھا، خاص طور پر جب رشتہ دار محتاج اور نادار ہوں تو انہیں ترجیح دینی چاہیے، تاہم جن رشتہ داروں کی کفالت انسان کی ذمہ داری میں شامل ہو ان پر فرض زکاۃ خرچ نہیں کی جا سکتی۔
(2)
اس حدیث سے یہ بھی معلوم ہوا کہ اپنا پسندیدہ مال اللہ کی راہ میں خرچ کرنا بہت فضیلت کا باعث اور حصول نیکی کا ذریعہ ہے، نیز صدقات و خیرات کے وقت اہل فضل سے مشورہ کر لینا چاہیے۔
(3)
راوی حدیث روح بن عبادہ کی متابعت کو امام بخاری ؒ نے خود ہی اپنی متصل سند سے بیان کیا ہے۔
(صحیح البخاري، تفسیرالقرآن، حدیث: 4554) (4)
دوسری روایات جن میں رايح کے الفاظ ہیں، اس کے معنی ہیں: یہ تو چلتا ہوا مال ہے، یعنی نفع خوب دینے والا ہے اور بھرپور فائدہ پہنچانے والا ہے۔
اس سلسلے میں یحییٰ بن یحییٰ کی روایت کو کتاب الوکالۃ اور اسماعیل بن ابی اویس کی روایت کو کتاب التفسیر میں متصل سند سے بیان کیا گیا ہے۔
(صحیح البخاري، الوکالة، حدیث: 2318، و کتاب التفسیر، حدیث: 4554، وفتح الباري: 411/3)
انس رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ جب یہ آیت: «لن تنالوا البر حتى تنفقوا مما تحبون» ۱؎ یا «من ذا الذي يقرض الله قرضا حسنا» ۲؎ نازل ہوئی۔ اس وقت ابوطلحہ رضی الله عنہ کے پاس ایک باغ تھا، انہوں نے کہا: اللہ کے رسول! میرا باغ اللہ کی رضا کے لیے صدقہ ہے، اگر میں اسے چھپا سکتا (تو چھپاتا) اعلان نہ کرتا ۳؎ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ” اسے اپنے رشتہ داروں کے لیے وقف کر دو۔“ [سنن ترمذي/كتاب تفسير القرآن/حدیث: 2997]
وضاحت:
1؎:
جب تک تم اپنی پسندیدہ چیز سے اللہ کی راہ میں خرچ نہ کرو گے ہرگز بھلائی نہ پاؤ گے۔
(آل عمران: 92)
2؎:
ایسا بھی کوئی ہے جو اللہ تعالیٰ کو اچھا قرض دے (البقرۃ: 245)
3؎:
کیونکہ چھپا کر صدقہ وخیرات کرنا اللہ کو زیادہ پسند ہے۔
انس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں جب «لن تنالوا البر حتى تنفقوا مما تحبون» کی آیت نازل ہوئی تو ابوطلحہ رضی اللہ عنہ نے کہا: اللہ کے رسول! میرا خیال ہے کہ ہمارا رب ہم سے ہمارے مال مانگ رہا ہے، میں آپ کو گواہ بناتا ہوں کہ میں نے اریحاء نامی اپنی زمین اسے دے دی، اس پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان سے فرمایا: ” اسے اپنے قرابت داروں میں تقسیم کر دو “، تو انہوں نے اسے حسان بن ثابت اور ابی بن کعب رضی اللہ عنہما کے درمیان تقسیم کر دیا۔ ابوداؤد کہتے ہیں: مجھے محمد بن عبداللہ انصاری سے یہ بات معلوم ہوئی کہ ابوطلحہ کا نام: زید بن سہل بن اسود بن حرام بن عمرو ابن زید مناۃ بن عدی بن عمرو بن مالک بن النجار ہے، اور حسان: ثابت بن منذر بن حرام کے بیٹے ہیں، اس طرح ابوطلحہ رضی اللہ عنہ اور حسان رضی اللہ عنہ کا سلسلہ نسب حرام پر مل جاتا ہے وہی دونوں کے تیسرے باپ (پردادا) ہیں، اور ابی رضی اللہ عنہ کا سلسلہ نسب اس طرح ہے: ابی بن کعب بن قیس بن عتیک بن زید بن معاویہ بن عمرو بن مالک بن نجار، اس طرح عمرو: حسان، ابوطلحہ اور ابی تینوں کو سمیٹ لیتے ہیں یعنی تینوں کے جد اعلیٰ ہیں، انصاری (محمد بن عبداللہ) کہتے ہیں: ابی رضی اللہ عنہ اور ابوطلحہ رضی اللہ عنہ کے نسب میں چھ آباء کا فاصلہ ہے۔ [سنن ابي داود/كتاب الزكاة /حدیث: 1689]
➋ 63)
انس رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ جب آیت «لن تنالوا البر حتى تنفقوا مما تحبون» ” تم «بِر» (بھلائی) کو حاصل نہیں کر سکتے جب تک کہ تم اس میں سے خرچ نہ کرو جسے تم پسند کرتے ہو “ (آل عمران: ۹۲) نازل ہوئی تو ابوطلحہ نے کہا: اللہ تعالیٰ ہم سے ہمارے اچھے مال میں سے مانگتا ہے، تو اللہ کے رسول! میں آپ کو گواہ بنا کر کہتا ہوں کہ میں نے اپنی زمین اللہ کی راہ میں وقف کی، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن نسائي/كتاب الاحباس/حدیث: 3632]
(2) ”تقسیم کردو“ معلوم ہوا کہ یہ مشہور معنیٰ میں وقف نہیں تھا ورنہ کسی کو مالک نہ بناتے‘ البتہ حضرت ابوطلحہ رضی اللہ عنہ کے ابتدئی الفاظ: جَعَلْتُ أَرْضيَ لِلّٰہِ وقف پر دلالت کرتے ہیں۔ شاید ان الفاظ کی بنا پر ہی اس راویت کو ”وقف“ کے باب میں لایا گیا ہے۔ ممکن ہے رسول اللہ ﷺ نے وقف کے بجائے تقسیم کو مناسب خیال فرمایا ہو‘ لہٰذا یہ حکم فرمایا۔
(3) اقرباء میں سے سب سے زیادہ قرابت دار کو دینا واجب نہیں بلکہ جسے مناسب ہو اسے دے دیا جائے۔
(4) آدمی اپنے باغ کے گرد چار دیواری بنا سکتا ہے۔ نیک اور اہل علم لوگوں کا باغ میں تفریح کرنے اور اس کا پانی اور پھل استعمال کرنے میں کوئی حرج نہیں۔ یہ باغ مالک کے لیے نیکیاں شمار ہوں گی۔
(5) آدمی مرض الموت میں نہ ہو تو ثلث مال سے زائد کی وصیت کرسکتا ہے نبی اکرم ﷺ نے ابوطلحہ رضی اللہ عنہ سے یہ نہیں پوچھا کہ کتنے مال کا صدقہ کیا ہے۔