حدیث نمبر: 444
أَخْبَرَنَا النَّضْرُ، نا شُعْبَةُ، عَنْ عَدِيِّ بْنِ ثَابِتٍ، قَالَ: سَمِعْتُ أَبَا حَازِمٍ، يُحَدِّثُ عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ، عَنْ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ: ((مَنْ تَرَكَ مَالًا فَلِوَرِثَتِهِ، وَمَنْ تَرَكَ كَلًّا فَإِلَيْنَا)) .
ترجمہ: محمد سرور گوہر

سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جو مال چھوڑ کر فوت ہو تو وہ اس کے وارثوں کے لیے ہے اور جو قرض چھوڑ جائے تو وہ ہمارے ذمے ہے۔“

حوالہ حدیث مسند اسحاق بن راهويه / كتاب البيوع / حدیث: 444
تخریج حدیث «بخاري ، كتاب الكفالة ، باب الدين ، رقم : 2298 . سنن ابوداود ، رقم : 2900 . مسند احمد : 287/2 . صحيح ابن حبان ، رقم : 5054 .»

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ حافظ عبدالشکور ترمذی
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہا، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’جو مال چھوڑ کر فوت ہو تو وہ اس کے وارثوں کے لیے ہے اور جو قرض چھوڑ جائے تو وہ ہمارے ذمے ہے۔‘‘
[مسند اسحاق بن راهويه/حدیث:444]
فوائد:
(1) مذکورہ حدیث سے معلوم ہوا جو میت مال چھوڑ کر جائے، وہ اس کے ورثاء میں ہی تقسیم کیا جائے گا۔
(2).... مذکورہ حدیث سے نبی مکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی امت پر شفقت اور مہربانی کا بھی اثبات ہوتا ہے، فرمایا: جس نے قرض یا اولاد چھوڑی تو وہ ہمارے ذمہ ہے۔ معلوم ہوا حکومت کی ذمہ داری ہے کہ اگر کوئی مقروض مر جائے تو اس کا قرض ادا کرے اور بے سہارا چھوٹے بچوں اور بیواؤں کی کفالت کرے۔ لیکن اگر حکومت قرض ادا نہ کرے تو جو اس کی وراثت ہے، پہلے اس سے قرض ادا کیا جائے، بعد میں اس کی وراثت تقسیم کی جائے۔
جیسا کہ ایک روایت میں ہے سیدنا سعد بن اطول جہنی رضی اللہ عنہ کا بھائی تین سو درہم ترکہ چھوڑ کر فوت ہوگیا، چونکہ میت کے اہل وعیال بھی تھے تو سیدنا سعد رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے اس کے عیال پر یہ درہم خرچ کرنے کا ارادہ کیا تو نبی معظم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’بے شک تمہارا بھائی اپنے قرض کی وجہ سے روک دیا گیا ہے اس کی طرف سے (پہلے) قرض ادا کرو۔‘‘ (سنن ابن ماجة، رقم: 2433۔ مسند احمد: 5؍ 7)
درج بالا اقتباس مسند اسحاق بن راھویہ، حدیث/صفحہ نمبر: 444 سے ماخوذ ہے۔