حدیث نمبر: 317
أَخْبَرَنَا النَّضْرُ، نا شُعْبَةُ، عَنْ إِبْرَاهِيمَ بْنِ الْمُهَاجِرِ، عَنْ أَبِي بَكْرِ بْنِ عَبْدِ الرَّحْمَنِ بْنِ الْحَارِثِ بْنِ هِشَامٍ، عَنِ امْرَأَةٍ مِنْ أَشْجَعَ، أَنَّهَا أَرَادَتْ أَنْ تَعْتَمِرَ فِي رَمَضَانَ، وَكَانَ زَوْجُهَا جَعَلَ بَعِيرًا لَهُ فِي سَبِيلِ اللَّهِ، فَذَكَرْتُ ذَلِكَ لِرَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، فَقَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: ((أَعْطِهَا، فَإِنَّ عُمْرَةً فِي رَمَضَانَ تَعْدِلُ حِجَّةً)).
ترجمہ: محمد سرور گوہر

ابوبکر بن عبدالرحمن بن حارث بن ہشام نے اشجع قبیلے کی ایک خاتون (ام معقل رضی اللہ عنہا) سے روایت کیا کہ اس نے رمضان میں عمرہ کرنے کا ارادہ کیا، جبکہ ان کے شوہر کا ایک اونٹ تھا، انہوں نے اسے اللہ کی راہ میں دے دیا تھا، انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے اس کا ذکر کیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”(وہ اونٹ) اسے دے دو، کیونکہ رمضان میں عمرہ کرنا حج کرنے کے برابر ہے۔“

حوالہ حدیث مسند اسحاق بن راهويه / كتاب المناسك / حدیث: 317
تخریج حدیث «السابق»

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ حافظ عبدالشکور ترمذی
ابوبکر بن عبدالرحمن بن حارث بن ہشام نے اشجع قبیلے کی ایک خاتون (ام معقل) (رضی اللہ عنہا) سے روایت کیا کہ اس نے رمضان میں عمرہ کرنے کا ارادہ کیا، جبکہ ان کے شوہر کا ایک اونٹ تھا، انہوں نے اسے اللہ کی راہ میں دے دیا تھا، انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے اس کا ذکر کیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’(وہ اونٹ) اسے دے دو، کیونکہ رمضان میں عمرہ کرنا حج کرنے کے برابر ہے۔‘‘
[مسند اسحاق بن راهويه/حدیث:317]
فوائد:
مذکورہ احادیث سے معلوم ہوا رمضان المبارک میں عمرہ کرنا حج کے برابر ہے، مطلب یہ کہ اس کو ثواب اللہ ذوالجلال حج جتنا عطا کریں گے۔ نہ کہ یہ مطلب ہے کہ حج کا فریضہ ساقط ہوجائے گا، بلکہ جس پر حج فرض ہوجائے تو اس کو حج ادا کرنا ہے۔
صحیح بخاری میں ہے کہ ام سنان رضی اللہ عنہا سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے دریافت کیا: تم نے ہمارے ساتھ حج کیوں نہیں کیا؟ تو اس نے سواری کے نہ ہونے کا عذر پیش کیا، اس پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ((فَاِنَّ عُمْرَةً فِیْ رَمَضَانَ تَقْضِیْ حَجَّةً اَوْ حَجَّةً مَعِیَ۔)) (بخاري، کتاب العمرة، رقم: 1863) .... ’’رمضان میں عمرہ کرنا میرے ساتھ حج کرنے کے برابر ہے۔‘‘
درج بالا اقتباس مسند اسحاق بن راھویہ، حدیث/صفحہ نمبر: 317 سے ماخوذ ہے۔