حدیث نمبر: 915
915 - حَدَّثَنَا الْحُمَيْدِيُّ قَالَ: ثنا سُفْيَانُ، قَالَ: ثنا زَكَرِيَّا بْنُ أَبِي زَائِدَةَ، وَمِسْعَرٌ، عَنْ عَلِيِّ بْنِ الْأَقْمَرِ، عَنْ أَبِي جُحَيْفَةَ، أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّي اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، قَالَ: «لَا آكُلُ مُتَّكِئًا»
اردو ترجمہ مسند الحمیدی

سیدنا ابوجحیفہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ”میں ٹیک لگا کر نہیں کھاتا ہوں۔“

حوالہ حدیث مسند الحميدي / حدیث: 915
درجۂ حدیث محدثین: إسناده صحيح
تخریج حدیث «إسناده صحيح وأخرجه البخاري فى «صحيحه» برقم: 5398 ، 5399، وابن حبان فى «صحيحه» برقم: 5240، والنسائي فى «الكبریٰ» برقم: 6709، وأبو داود فى «سننه» برقم: 3769، والترمذي فى «جامعه» برقم: 1830، والدارمي فى «مسنده» برقم: 2115، وابن ماجه فى «سننه» برقم: 3262، والبيهقي فى«سننه الكبير» برقم: 13452 ، 13453، 14767، وأحمد فى «مسنده» برقم: 19056، 19066، وأبو يعلى فى «مسنده» برقم: 884، 888، 889»
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح البخاري: 5398 | صحيح البخاري: 5399 | سنن ترمذي: 1830 | سنن ابي داود: 3769 | سنن ابن ماجه: 3262 | بلوغ المرام: 900

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ محمد ابراہیم بن بشیر
915- سیدنا ابوجحیفہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں: نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: میں ٹیک لگا کر نہیں کھاتا ہوں۔ [مسند الحمیدی/حدیث نمبر:915]
فائدہ:
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ تکیہ لگا کر کھانا نہیں کھانا چا ہیے، کیونکہ اس میں تکبر ہے، بلکہ کھانا عاجزی سے کھانا چاہیے۔
درج بالا اقتباس مسند الحمیدی شرح از محمد ابراهيم بن بشير، حدیث/صفحہ نمبر: 914 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 5399 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
5399. سیدنا ابو حجیفہ ؓ ہی سے روایت ہے انہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ کی خدمت میں تھا کہ آپ نے اپنےپاس موجود ایک آدمی (صحابی) سے فرمایا: میں ٹیک لگا کر نہیں کھاتا۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:5399]
حدیث حاشیہ: ہر دو احادیث سے تکیہ لگا کر کھانا منع ثابت ہو لیکن ابن ابی شیبہ نے حضرت ابن عباس اور حضرت خالد بن ولیدرضی اللہ عنہم وغیرہ سے اس کا جواز بھی نقل کیا ہے مگر خود آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا فعل موجود ہے جس کے آگے دیگر ہیچ۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 5399 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 5399 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
5399. سیدنا ابو حجیفہ ؓ ہی سے روایت ہے انہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ کی خدمت میں تھا کہ آپ نے اپنےپاس موجود ایک آدمی (صحابی) سے فرمایا: میں ٹیک لگا کر نہیں کھاتا۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:5399]
حدیث حاشیہ:
(1)
بعض حضرات کا خیال ہے کہ ٹیک لگا کر نہ کھانا صرف رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا خاصہ تھا، امت کے لیے منع نہیں ہے۔
امام بیہقی رحمہ اللہ نے اس کی تردید کی ہے کہ دوسرے لوگوں کے لیے بھی ایسا کرنا مکروہ ہے کیونکہ یہ متکبرین کا فعل ہے، تاہم کسی عذر کی وجہ سے ٹیک لگا کر کھایا جا سکتا ہے، لیکن حضرت ابن عباس، حضرت خالد بن ولید رضی اللہ عنہم، حضرت عبیدہ سلمانی، محمد بن سیرین، عطاء بن یسار اور امام زہری رحمہم اللہ مطلق طور پر ٹیک لگا کر کھانے کے قائل ہیں۔
(فتح الباري: 670/9)
ہمارے رجحان کے مطابق ٹیک لگا کر کھانا کراہت کے ساتھ جائز ہے۔
جائز اس لیے ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سے منع نہیں فرمایا اور کراہت اس لیے ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے طرز عمل کے خلاف ہے۔
(2)
کھانے والے کے لیے مستحب یہ ہے کہ کھاتے وقت درج ذیل صورتوں میں سے کوئی صورت اختیار کرے: ٭ اپنے گھٹنوں کے بل بیٹھے جیسا کہ تشہد میں بیٹھا جاتا ہے۔
٭ دایاں گھٹنا کھڑا کر کے بایاں پاؤں زمین پر بچھا دے۔
(فتح الباري: 671/9) (3)
ٹیک لگا کر کھانے کی کراہت اس لیے ہے کہ اس سے پیٹ بڑھنے کا اندیشہ ہے جیسا کہ ابراہیم نخعی رحمہ اللہ نے اسلاف سے نقل کیا ہے۔
(المصنف لابن أبي شیبة: 140/5)
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 5399 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 1830 کی شرح از ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی ✍️
´ٹیک لگا کر کھانے کی کراہت کا بیان۔`
ابوجحیفہ رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: میں ٹیک لگا کر نہیں کھاتا ۱؎۔ [سنن ترمذي/كتاب الأطعمة/حدیث: 1830]
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
ٹیک لگا نے کا کیا مطلب ہے؟ اس سلسلہ میں کئی باتیں کہی جاتی ہیں: (1)
کسی ایک جانب جھک کر کھانا جیسے دائیں یا بائیں ہاتھ یا کمنی پر ٹیک لگانا، (2)
زمین پر بچھے ہوئے گدے پر اطمینان و سہولت کی خاطر آلتی پالتی مار کر بیٹھنا تاکہ کھانا زیادہ کھایا جائے، بعض لوگ کہتے ہیں کہ اس طرح کے بیٹھنے کو ٹیک لگا کر بیٹھنا قرار دینا صحیح نہیں ہے، حافظ ابن حجر ؒ فرماتے ہیں کہ مستحب انداز بیٹھنے کا یہ ہے کہ پیروں کے تلوؤں پر گھٹنوں کے بل بیٹھے، یا دایاں پاؤں کھڑا رکھے اور بائیں پربیٹھے۔
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 1830 سے ماخوذ ہے۔