822 - حَدَّثَنَا الْحُمَيْدِيُّ قَالَ: ثنا سُفْيَانُ، قَالَ: ثنا عَمْرُو بْنُ دِينَارٍ، عَنْ نَافِعِ بْنِ جُبَيْرٍ، قَالَ: اسْتَعْمَلَ مُعَاوِيَةُ بْنُ أَبِي سُفْيَانَ جَرِيرَ بْنَ عَبْدِ اللَّهِ عَلَي سَرِيَّةٍ، فَأَصَابَهُمْ بَرِدٌ شَدِيدٌ، فَأَقْفَلَهُمْ جَرِيرٌ، فَقَالَ لَهُ مُعَاوِيَةُ: لِمَ أَقْفَلْتَهُمْ؟ قَالَ جَرِيرٌ: إِنِّي سَمِعْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّي اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، يَقُولُ: «مَنْ لَا يَرْحَمُ النَّاسَ لَا يَرْحَمُهُ اللَّهُ» ، فَقَالَ لَهُ مُعَاوِيَةُ: أَنْتَ سَمِعْتَ هَذَا مِنْ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّي اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ؟ قَالَ: نَعَمْ.نافع بن جبیر بیان کرتے ہیں۔ سیدنا معاویہ بن ابوسفیان رضی اللہ عنہ نے سیدنا جریر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ کو ایک جنگی مہم کا سپہ سالار مقرر کیا۔ راستے میں انہیں شدید سردی لاحق ہوئی تو سیدنا جریر رضی اللہ عنہ انہیں لے کر واپس آ گئے۔ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نے ان سے دریافت کیا: آپ انہیں لے کر واپس کیوں آئے ہیں؟ تو سیدنا جریر رضی اللہ عنہ بولے: میں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ ارشاد فرماتے ہوئے سنا ہے: ”جو شخص لوگوں پر رحم نہیں کرتا اللہ تعالیٰ اس پر رحم نہیں کرتا۔“ تو سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نے ان سے دریافت کیا: آپ نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی زبانی یہ بات سنی ہے؟ تو انہوں نے جواب دیا: ”جی ہاں۔“
تشریح، فوائد و مسائل
(1)
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی رحمت وشفقت کا دائرہ اپنے پرائے، چھوٹے بڑے، ماتحت ملازمین اور حیوانات تک کو وسیع ہے۔
صاحب ایمان کو کسی بھی موقع پر کسی کے ساتھ ظلم وزیادتی کا معاملہ نہیں کرنا چاہیے۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم كا ارشاد گرامی ہے: ’’کسی بدبخت ہی سے رحمت چھینی جاتی ہے۔
‘‘ (جامع الترمذي، البروالصلة، حدیث: 1923)
حضرت عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’رحم کرنے والوں پر اللہ تعالیٰ رحم فرمائے گا۔
تم اہل زمین پر رحم کرو آسمان والا تم پر رحم کرے گا۔
‘‘ (سنن أبي داود، الأدب، حدیث: 4941)
کسی نے خوب کہا ہے: رہو مہرباں تم اہل زمیں پر، اللہ مہرباں ہوگا عرش بریں پر۔
(2)
حافظ ابن حجر رحمہ اللہ لکھتے ہیں کہ اہل ایمان کی رحمت وشفقت سے تمام اہل زمین کو فائدہ پہنچنا چاہیے، جس میں مومن، کافر، حیوان اور پرندے وغیرہ سب شامل ہیں، نیز اس رحمت میں کھانا کھلانا، پانی پلانا، دوسرے کا بوجھ اٹھانا اور تعاون میں ہاتھ بڑھانا سب کام شامل ہیں۔
انسان کو چاہیے کہ وہ خود پر غورو فکر کرتا رہے، اگر کسی کمی یا کوتاہی کا شکار ہے تو اللہ تعالیٰ سے اس کی تلافی کے لیے دعا کرتا رہے۔
اللہ تعالیٰ ہمارے اندر رحمت وشفقت کا جزبہ پیدا فرمائے۔
(فتح الباري: 541/10)
آمین
① اس حدیث میں اللہ تعالیٰ کی مخلوق بالخصوص انسانوں کے ساتھ رحمت و شفقت کی ترغیب دلائی گئی ہے۔ نیز اللہ تعالیٰ کی رحمت کے حصول کو مخلوق پر رحم سے مشروط کر دیا گیا ہے کہ اگر تم چاہتے ہو کہ اللہ تعالیٰ تم پر رحم کرے تو تم اس کی مخلوق پر رحم کرو۔ یہ بات یقینی ہے کہ ایک انسان جس قدر دوسرے انسان کی رحمت و شفقت کا محتاج ہوتا ہے اس سے کہیں بڑھ کر وہ خود اللہ تعالیٰ کی رحمت کا محتاج ہوتا ہے۔ اس کی رحمت کے بغیر دنیا و آخرت تباہ ہو جاتی ہے۔
② نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم جانوروں پر بھی رحمت اور شفقت کرتے تھے۔ اور اپنی امت کو بھی اس کی تعلیم دی۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے سواری کومنبر بنانے سے سے روکا ہے کہ انسان کسی جانور پر سوار ہو اور کھڑا کسی کے ساتھ گپ شپ کرتا رہے بلکہ فرمایا کہ نیچے اتر کر گفتگو کی جائے۔
اسی طرح جانوروں پر ان کی طاقت سے زیادہ بوجھ ڈالنے سے بھی روکا ہے۔ جانوروں پر لعنت کرنے اور ان کے چہرے کو داغنا حرام قرار دیا ہے۔ تیز چھری کے ساتھ جانور ذبح کرنے کا حکم دیا کہ جانور کو تکلیف نہ ہو۔ اسی طرح جانور کے سامنے چھری تیز کرنے سے منع کر دیا تاکہ موت سے پہلے یہ اسے نہ مار جائے۔
یہ ساری باتیں رحم پر دلالت کرتی ہیں۔ جو شخص ان باتوں کا خیال نہیں رکھتا اور اللہ تعالیٰ کی مخلوق پر رحم نہیں کرتا وہ اللہ تعالیٰ کی رحمت سے محروم رہتا ہے۔
③ ایک فاحشہ عورت نے ایک کتے پر ترس کھاتے ہوئے اسے پانی پلایا تو اللہ تعالیٰ نے اس پر رحم فرمادیا جبکہ دوسری طرف ایک عورت کو اس بات پر عذاب دیا گیا کہ اس نے ایک بلی کو باندھ دیا اور اس پر رحم نہ کیا حتیٰ کہ وہ اسی طرح مرگئی۔
اللہ تعالیٰ کا مخلوق پر رحم جہنم سے بچنے کا ذریعہ ہے۔ جبکہ ان پر ظلم جنت سے محرومی کا باعث ہے۔
④ جا گیر داروں کے لیے اور ماتحتوں سے ناروا سلوک کرنے والوں کے لیے لمحہ فکریہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مخلوق بلکہ اشرف المخلوقات انسانوں کے ساتھ حیوانوں جیسا سلوک انھیں کس تباہی کی طرف لے جائے گا۔ وہ تباہی اللہ تعالیٰ کی رحمت سے محرومی ہے۔
⑤ اس حدیث سے معلوم ہوا کہ مجبور اور لاچار شخص سے تعاون کرنا چاہیے اور محتاج کی ضرورت کا خیال رکھنا چاہیے۔
⑥) اللہ تعالیٰ صفت " رحمت" سے متصف ہے، اس کی شان کے لائق ہے اس کی رحمت میں وہ بشری علائق نہیں ہیں جو ایک انسان کے اندر ہوتے ہیں کہ وہ بسا اوقات رحمت و شفقت سے مغلوب ہو جا تا ہے۔