حدیث نمبر: 746
746 - حَدَّثَنَا الْحُمَيْدِيُّ قَالَ: ثنا سُفْيَانُ، قَالَ: ثنا مُحَمَّدُ بْنُ عَجْلَانَ، أَنَّهُ سَمِعَ عِيَاضَ بْنَ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ سَعْدِ بْنِ أَبِي سَرْحٍ، أَنَّهُ سَمِعَ أَبَا سَعِيدٍ الْخُدْرِيَّ، يَقُولُ: كَانَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّي اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يُعْجِبُهُ هَذِهِ الْعَرَاجِينَ، يُمْسِكُهَا فِي يَدِهِ، وَيَدْخُلُ الْمَسْجِدَ وَهِيَ فِي يَدِهِ، فَرَأَي نُخَامَةً فِي قِبْلَةِ الْمَسْجِدِ، فَحَكَّهَا، ثُمَّ أَقْبَلَ عَلَي النَّاسِ مُغْضَبًا، فَقَالَ: «أَيُحِبُّ أَحَدُكُمْ أَنْ يُبْزَقَ فِي وَجْهِهِ» ، ثُمَّ قَالَ: «إِنَّ الْعَبْدَ إِذَا قَامَ إِلَي الصَّلَاةِ فَإِنَّمَا يُوَاجِهُ رَبَّهُ، فَلَا يَبْزُقْ بَيْنَ يَدَيْهِ، وَلَا عَنْ يَمِينِهِ، وَلْيَبْزُقْ عَنْ يَسَارِهِ، أَوْ تَحْتَ قَدَمِهِ الْيُسْرَي، فَإِنْ عَجَّلَتْ بِهِ بَادِرَةٌ وَهُوَ يُصَلِّي، فَلْيَتْفُلْ فِي ثَوْبِهِ، وَلَيْقُلْ هَكَذَا» ، وَدَلَّكَ سُفْيَانُ بِكُمِّهِ
اردو ترجمہ مسند الحمیدی

سیدنا ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ عراجین (زرد رنگ کی مخصوص قسم کی لکڑی) پسند تھی۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اسے اپنے ہاتھ میں رکھتے تھے۔ ایک مرتبہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم مسجد میں تشریف لائے۔ وہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ہاتھ میں تھی۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے مسجد کے قبلہ کی سمت میں (دیوار پر) بلغم لگا ہوا دیکھا، تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے کھرچ دیا۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم عالم میں لوگوں کی طرف متوجہ ہوئے اور ارشاد فرمایا: ”کیا کوئی شخص اس بات کو پسند کرتا ہے، اس کے چہرے کے سامنے کی طرف تھوک دیا جائے۔“ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ”جب بندہ نماز کے لیے کھڑا ہوتا ہے، تو وہ اپنے پروردگار کی طرف رخ کرتا ہے، تو اسے اپنے سامنے کی طرف یا اپنے دائیں طرف نہیں تھوکنا چاہئے۔ بلکہ اپنے بائیں پاؤں کے نیچے تھوک لینا چاہئے۔ اور اگر نماز کے دوران آدمی کو زیادہ شدت کے ساتھ تھوکنے کی ضرورت پیش آ جائے، تو اسے اپنے کپڑے پر تھوک کر پھر اسے اس طرح مل دینا چاہئے۔“ سفیان نامی راوی نے اپنی آستین کے ذریعے اسے مل کے دکھایا۔

حوالہ حدیث مسند الحميدي / حدیث: 746
درجۂ حدیث محدثین: إسناده حسن
تخریج حدیث «إسناده حسن وأخرجه البخاري فى «صحيحه» برقم: 408، 410، 414، ومسلم فى «صحيحه» برقم: 548، وابن حبان فى «صحيحه» برقم: 2268، 2270، 2271، والحاكم فى «مستدركه» برقم: 949، والنسائي فى «المجتبیٰ» برقم: 724 ، والنسائي فى «الكبریٰ» برقم: 806، 11655، وأبو داود فى «سننه» برقم: 480، والدارمي فى «مسنده» برقم: 1438، وابن ماجه فى «سننه» برقم: 761، والبيهقي فى«سننه الكبير» برقم: 3658، وأحمد فى «مسنده» ، برقم: 11182 برقم: 11222»
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح البخاري: 414 | سنن ابي داود: 480 | سنن نسائي: 726 | مسند الحميدي: 745

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 414 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
414. حضرت ابوسعید خدری ؓ سے روایت ہے، نبی ﷺ نے مسجد کے قبلے کی طرف بلغم دیکھا تو اسے ایک سنگریزے سے دور کر دیا، پھر آپ نے سامنے کی سمت یا دائیں طرف تھوکنے سے منع فرمایا اور بائیں جانب یا بائیں پاؤں کے نیچے تھوکنے کی اجازت دی۔ اس روایت کے ایک طریق میں امام زہری ؒ نے اپنے شیخ حمید طویل سے سماع کی تصریح بھی کی ہے، وہ ابوسعید خدری ؓ سے مذکورہ روایت کی طرح بیان کرتے ہیں۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:414]
حدیث حاشیہ:

عنوان میں بصاق (تھوک)
اور اس روایت میں بلغم کے ذکر سے امام بخاری ؒ یہ ثابت کرنا چاہتے ہیں کہ تھوک بلغم اور ناک کی رطوبت وغیرہ تمام ہی ناگوار اور قابل نفرت چیزیں ہیں، ان ناپسندیدہ چیزوں کا مسجد کے بارے میں ایک ہی حکم ہے۔
(فتح الباري: 661/1)

اس روایت میں بائیں طرف تھوکنے کے الفاظ سے امام بخاری ؒ نے ایک اختلاف کی طرف اشارہ فرمایا ہے۔
قاضی عیاض ؒ کے نزدیک مسجد میں تھوکنا جائز ہے، لیکن اس کا دفن نہ کرنا گناہ ہے، جبکہ امام نووی ؒ کہتے ہیں کہ مسجد میں تھوکنا گناہ ہے اور اس گناہ کی تلافی اس کا دفن کردینا ہے۔
امام بخاری ؒ کے قائم کردہ عنوان سے قاضی عیاض کے موقف کے راجح ہونے کی طرف اشارہ ہے۔
واللہ أعلم۔

روایت آخر میں ایک سند نقل کر کے امام بخاری ؒ نے یہ بھی وضاحت کردی ہے کہ روایت اگرچہ بصیغہ عن بیان ہوئی ہے، لیکن امام زہری ؒ کا سماع اپنے شیخ حمید بن عبدالرحمٰن سے ثابت ہے، لہٰذا اس میں تدلیس کا کوئی شبہ نہیں ہے۔
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 414 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن نسائي / حدیث: 726 کی شرح از حافظ محمد امین ✍️
´نماز میں سامنے یا داہنی طرف تھوکنا منع ہے۔`
ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے مسجد کی قبلہ (والی دیوار پر) بلغم دیکھا تو اسے کنکری سے کھرچ دیا، اور لوگوں کو اپنے سامنے اور دائیں طرف تھوکنے سے روکا، اور فرمایا: " (جنہیں ضرورت ہو) وہ اپنے بائیں تھوکے یا اپنے بائیں پاؤں کے نیچے۔‏‏‏‏" [سنن نسائي/كتاب المساجد/حدیث: 726]
726۔ اردو حاشیہ: دائیں طرف تھوکنا اس لیے منع ہے کہ دائیں طرف فرشتۂ رحمت ہوتا ہے اور بائیں طرف تھوکنا اس وقت جائز ہو گا جب کوئی دوسرا اس جانب نہ ہو کیونکہ یہ اس کی داہنی جانب ہو گی۔ یا قدم کے نیچے تھوک لے۔ نبیٔ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے ان فرامین کو ان مساجد پر محمول کیا جائے گا جہاں زمین کچی ہو کہ تھوکنے کے بعد اسے دفن کرنا بھی آسان ہو، نیز اس سے کسی کو اذیت بھی نہ پہنچے، یعنی ان خاص حالات کو بھی مدنظر رکھا جائے جن میں اس قسم کے احکام صادر ہوئے۔ آج کل تقریباً تمام یا اکثر مساجد پکی ہی بنی ہوتی ہیں بلکہ فرش پر سنگ مرمر لگا ہوتا ہے۔ مزید یہ کہ کچھ ایسی بھی ہیں جہاں چٹائیاں یا سرے سے پوری مسجد میں عمدہ اور نفیس قالین بچھپے ہوتے ہیں۔ وہاں تھوکنا یقیناًً نامناسب بلکہ تمام اہل مسجد کے لیے انتہائی اذیت کا باعث ہو گا۔ ممکن ہے آئندہ پیش آنے والے حالات کے پیش نظر ہی نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے کپڑے وغیرہ میں تھوک کر مسلنے کی ہدایت فرمائی ہو۔ آج کل اسی صورت کو اپنانا چاہیے تاکہ ضرورت بھی پوری ہو جائے اور مسجد بھی صاف رہے۔ (مزید دیکھیے، حدیث: 724)
درج بالا اقتباس سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 726 سے ماخوذ ہے۔