صحيح مسلم
كتاب الجنائز— جنازے کے احکام و مسائل
باب فِي التَّكْبِيرِ عَلَى الْجَنَازَةِ: باب: نماز جنازہ میں تکبیروں کا بیان۔
وحَدَّثَنِي زُهَيْرُ بْنُ حَرْبٍ ، وَعَلِيُّ بْنُ حُجْرٍ ، قَالَا : حَدَّثَنَا إِسْمَاعِيلُ . ح وحَدَّثَنَا يَحْيَى بْنُ أَيُّوبَ ، حَدَّثَنَا ابْنُ عُلَيَّةَ ، عَنْ أَيُّوبَ ، عَنْ أَبِي قِلَابَةَ ، عَنْ أَبِي الْمُهَلَّبِ ، عَنْ عِمْرَانَ بْنِ حُصَيْنٍ ، قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ : " إِنَّ أَخًا لَكُمْ قَدْ مَاتَ ، فَقُومُوا فَصَلُّوا عَلَيْهِ " ، يَعْنِي : النَّجَاشِيَ ، وَفِي رِوَايَةِ زُهَيْرٍ : " إِنَّ أَخَاكُمْ " .زہیر بن حرب، علی بن حجر، اور یحییٰ بن ایوب نے کہا: ہمیں اسماعیل بن علیہ نے ایوب سے حدیث سنائی، انہوں نے ابوقلابہ سے، انہوں نے ابومہلب سے اور انہوں نے حضرت عمران بن حصین رضی اللہ عنہ سے روایت کی، انہوں نے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”تمہارا ایک بھائی وفات پا گیا ہے لہذا تم اٹھو اور اس کی نماز جنازہ ادا کرو۔“ آپ کی مراد نجاشی سے تھی۔ اور زہیر کی روایت میں «إن أخالكم» (تمہارا ایک بھائی) کی بجائے «إن أخاكم» (تمہارا بھائی) کے الفاظ ہیں۔
حضرت عمران بن حصین رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”تمہارا بھائی فوت ہو چکا ہے، تو اٹھو اور اس کا جنازہ پڑھو۔“ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا مقصد نجاشی تھا، زہیر کی روایت میں «إِنَّ أَخًا لَكُمْ» کی بجائے «أَخَاكُمْ» ہے۔ (مقصد ایک ہی ہے)۔
تشریح، فوائد و مسائل
شاہ حبشہ کا لقب نجاشی ہے۔
اور حبشہ کا ہر بادشاہ نجاشی کہلاتا تھا۔
اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی میں مسلمان ہو کر مرنے والا نجاشی اصحمہ تھا جس کی وفات رجب 9ہجری میں ہوئی۔
2۔
اس حدیث سے ثابت ہوتا ہے کہ اگر کوئی ایسا انسان فوت ہوا جس کا امت مسلمہ کے ہاں مقام ومرتبہ اس کی خوبیوں اور کمالات کی بنا پر تسلیم شدہ ہو کہ سب لوگ اس کے احسان مند ہوں تو اس کا غائبانہ جنازہ پڑھا جائے گا۔
حافظ ابن تیمیہ رحمۃ اللہ علیہ اور حافظ ابن قیم رحمۃ اللہ علیہ نے اس معتدل مؤقف کو اختیار کیا ہے۔
ائمہ اربعہ کا اس بارے میں اختلاف ہے۔
امام شافعی رحمۃ اللہ علیہ اور امام احمد رحمۃ اللہ علیہ کے نزدیک غائبانہ جنازہ جائز ہے کیونکہ بقول امام شافعی رحمۃ اللہ علیہ صلاۃ جنازہ دعا ہے اور دعا موجود اورغائب دونوں کے لیے ہو سکتی ہے۔
حافظ ابن قیم رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں۔
آپﷺ کی زندگی میں آپ کے بہت سے ساتھی غائبانہ طور پر فوت ہوئے ہیں۔
لیکن آپﷺ نے کسی کی غائبانہ نماز جنازہ نہیں پڑھی۔
خلاصہ یہی ہے کہ کسی عظیم شخصیت کی خدمات کے اعتراف کے طور پر نماز جنازہ غائبانہ پڑھنا صحیح ہے اور ہر نیک آدمی کے لیے درست نہیں ہے۔
3۔
ائمہ اربعہ کا جنازہ کی چار تکبیرات ہونے پر اتفاق ہے۔
عمران بن حصین رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہم لوگوں سے فرمایا: " تمہارے بھائی نجاشی ۱؎ کا انتقال ہو گیا ہے۔ تم لوگ اٹھو اور ان کی نماز جنازہ پڑھو۔" تو ہم کھڑے ہوئے اور صف بندی کی جیسے میت کے لیے کی جاتی ہے " ۲؎۔ [سنن ترمذي/كتاب الجنائز/حدیث: 1039]
وضاحت:
1؎:
نجاشی حبشہ کے بادشاہ کا لقب تھاجیسے روم کے بادشاہ کا لقب قیصراورایران کے بادشاہ کا لقب کسریٰ تھا، نجاشی کا وصفی نام اصحمہ بن ابجرتھا اسی بادشاہ کے دورمیں مسلمانوں کی مکہ سے حبشہ کی جانب ہجرت ہوئی تھی، نبی اکرمﷺ نے 6ھ کے آخر یا محرم 7ھ میں نجاشی کو عمروبن امیہ ضمری کے ذریعہ اسلام قبول کرنے کی دعوت دی توانہوں نے آپ کے مکتوب گرامی کا بوسہ لیا، اسے اپنی آنکھوں سے لگایا اوراپنے تخت شاہی سے نیچے اترآیا اورجعفربن ابی طالب رضی اللہ عنہ کے ہاتھ پر اسلام قبول کیا انہوں نے نبی اکرمﷺکو یہ ساری تفصیل لکھ کر بھیج دی غزوئہ تبوک 9ھ کے بعد ماہ رجب میں ان کی وفات ہوئی۔
2؎:
اس سے بعض لوگوں نے صلاۃِجنازہ غائبانہ کے جواز پراستدلال کیا ہے، صلاۃِ جنازہ غائبانہ کے سلسلہ میں مناسب یہ ہے کہ اگرمیت کی صلاۃ جنازہ نہ پڑھی گئی ہو تب پڑھی جائے اوراگرپڑھی جاچکی ہے تو مسلمانوں کی طرف سے فرض کفایہ اداہوگیا الا یہ کہ کوئی محترم اورصالح شخصیت ہو تو پڑھنابہترہے یہی قول امام احمدبن حنبل شیخ الإسلام ابن تیمیہ اور ابن قیم رحہم اللہ کا ہے عام مسلمانوں کا جنازہ غائبانہ نبی اکرمﷺ سے ثابت نہیں ہے اورنہ ہی تعامل امت ہے۔
عمران بن حصین رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " تمہارا بھائی مر گیا ہے، اٹھو اس کی نماز جنازہ پڑھو۔" [سنن نسائي/كتاب الجنائز/حدیث: 1948]
عمران بن حصین رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہم سے فرمایا: " تمہارے بھائی نجاشی انتقال کر گئے ہیں تو تم اٹھو اور ان کی نماز جنازہ پڑھو "، تو ہم کھڑے ہوئے (اور) ہم نے ان پر اسی طرح صف بندی کی جس طرح میت پر کی جاتی ہے، اور ہم نے ان کی نماز (جنازہ) اسی طرح پڑھی جس طرح میت کی پڑھی جاتی ہے۔ [سنن نسائي/كتاب الجنائز/حدیث: 1977]