صحيح مسلم
كتاب الجنائز— جنازے کے احکام و مسائل
باب الإِسْرَاعِ بِالْجَنَازَةِ: باب: جنازے کو جلدی لے جانے کا بیان۔
وحَدَّثَنَا أَبُو بَكْرِ بْنُ أَبِي شَيْبَةَ ، وَزُهَيْرُ بْنُ حَرْبٍ ، جَمِيعًا ، عَنْ ابْنِ عُيَيْنَةَ ، قَالَ أَبُو بَكْرٍ : حَدَّثَنَا سُفْيَانُ بْنُ عُيَيْنَةَ ، عَنْ الزُّهْرِيِّ ، عَنْ سَعِيدٍ ، عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، قَالَ : " أَسْرِعُوا بِالْجَنَازَةِ فَإِنْ تَكُ صَالِحَةً فَخَيْرٌ لَعَلَّهُ ، قَالَ : تُقَدِّمُونَهَا عَلَيْهِ ، وَإِنْ تَكُنْ غَيْرَ ذَلِكَ فَشَرٌّ تَضَعُونَهُ عَنْ رِقَابِكُمْ " ،سفیان بن عیینہ نے زہری سے، انہوں نے سعید بن مسیب سے، انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے اور انہوں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کی، آپ نے فرمایا: ”جنازے (کو لے جانے) میں جلدی کرو، اگر وہ (میت) نیک ہے تو جس کی طرف تم اس کو لے جا رہے ہو وہ خیر ہے، اگر وہ اس کے سوا ہے تو پھر وہ شر ہے جسے تم اپنی گردنوں سے اتار دو گے۔“
وحَدَّثَنِي مُحَمَّدُ بْنُ رَافِعٍ ، وَعَبْدُ بْنُ حُمَيْدٍ ، جَمِيعًا ، عَنْ عَبْدِ الرَّزَّاقِ ، أَخْبَرَنَا مَعْمَرٌ . ح وحَدَّثَنَا يَحْيَى بْنُ حَبِيبٍ ، حَدَّثَنَا رَوْحُ بْنُ عُبَادَةَ ، حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ أَبِي حَفْصَةَ ، كِلَاهُمَا ، عَنْ الزُّهْرِيِّ ، عَنْ سَعِيدٍ ، عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، غَيْرَ أَنَّ فِي حَدِيثِ مَعْمَرٍ ، قَالَ : لَا أَعْلَمُهُ إِلَّا رَفَعَ الْحَدِيثَ .معمر اور محمد بن ابی حفصہ دونوں نے زہری سے، انہوں نے سعید بن مسیب سے، انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، انہوں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے (یہی حدیث) روایت کی، لیکن معمر کی حدیث میں ہے، انہوں نے کہا: میں اس کے سوا اور کچھ نہیں جانتا کہ انہوں (ابوہریرہ رضی اللہ عنہ) نے اس حدیث کو مرفوع (رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے) بیان کیا ہے۔
وحَدَّثَنِي أَبُو الطَّاهِرِ ، وَحَرْمَلَةُ بْنُ يَحْيَى ، وَهَارُونُ بْنُ سَعِيدٍ الْأَيْلِيُّ ، قَالَ هَارُونُ حَدَّثَنَا ، وقَالَ الْآخَرَانِ : أَخْبَرَنَا ابْنُ وَهْبٍ ، أَخْبَرَنِي يُونُسُ بْنُ يَزِيدَ ، عَنْ ابْنِ شِهَابٍ ، قَالَ : حَدَّثَنِي أَبُو أُمَامَةَ بْنُ سَهْلِ بْنِ حُنَيْفٍ ، عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ، قَالَ : سَمِعْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، يَقُولُ : " أَسْرِعُوا بِالْجَنَازَةِ فَإِنْ كَانَتْ صَالِحَةً قَرَّبْتُمُوهَا إِلَى الْخَيْرِ ، وَإِنْ كَانَتْ غَيْرَ ذَلِكَ كَانَ شَرًّا تَضَعُونَهُ عَنْ رِقَابِكُمْ " .مصنف نے اپنی تین اساتذہ سے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی روایت بیان کرتے ہیں،وہ کہتےہیں،میں نےرسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا، جنازہ لے جاؤ کیونکہ اگر میت نیک ہے تو تم اسے بھلائی کے قریب کر رہے ہو اور اگر وہ اس کے سوا ہے تو تم شرکو اپنی گردنوں سے اتار رہے ہو۔‘‘
تشریح، فوائد و مسائل
ابوہریرہ رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ” جنازے کو تیز لے چلو کیونکہ اگر وہ نیک ہے تو تم اسے نیکی کی طرف (جلد) لے جاؤ گے، اور اگر اس کے علاوہ ہے تو وہ ایک شر ہے جسے تم (جلد) اپنی گردنوں سے اتار پھینکو گے۔“ [سنن نسائي/كتاب الجنائز/حدیث: 1911]
➋ جنازہ اٹھانے کے بعد تیز تیز چلو۔ بوجھ اٹھانے والا شخص فطری طور پر تیز تیز چلتا ہے، مگر اتنا تیز نہ چلے کہ میت کو جھٹکے لگیں۔
ابوہریرہ رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے سنا: ” جنازے کو جلدی لے چلو، کیونکہ اگر وہ نیک ہے تو تم اسے خیر کی طرف جلد لے جاؤ گے، اور اگر بد ہے تو شر کو اپنی گردنوں سے (جلد) اتار پھینکو گے۔“ [سنن نسائي/كتاب الجنائز/حدیث: 1912]
(1)
جنازے کو جلدی لے جانے سے مراد دوڑنا نہیں بلکہ عادت سے زیادہ تیز چلنا ہے۔
علماء کے نزدیک ایسا کرنا مستحب ہے، بلکہ پروقار طریقے سے جلدی کی جائے، تیز بھاگنے میں کسی غیر متوقع حادثے کا اندیشہ ہے۔
اس سے یہ بھی مراد ہو سکتا ہے کہ مرنے کے بعد اس کی تکفین میں جلدی کی جائے۔
(2)
البتہ طاعون زدہ، فالج کے مریض اور غشی طاری ہونے سے مرنے والے کے متعلق جلدی نہ کی جائے جب تک اس کے مرنے کی تسلی نہ ہو جائے۔
حافظ ابن حجر ؒ نے کم از کم ایک دن اور ایک رات انتظار کرنے کا لکھا ہے۔
(فتح الباري: 236/3)
لیکن انتظار کی مذکورہ تحدید محل نظر ہے۔
صرف موت کے وقوع کا یقین ہونا ضروری ہے، خواہ چند گھنٹوں کے بعد ہو جائے۔
بہرحال مرنے کے بعد میت کو زیادہ دیر تک رکھنا درست نہیں اور جنازہ اٹھا کر جلدی جلدی چلنا مستحب ہے۔
اس پر علمائے امت کا اتفاق ہے۔
والله أعلم۔
تاکہ وہ جلد اپنے انجام تک پہنچے۔
اور ہم ا پنے فریضہ سے سبکدوش ہوں اس لیے جنازہ کو جلدی لے جانا بالاتفاق مستحب ہے۔
اور ا بن حزم رحمۃ اللہ علیہ کے نزدیک فرض ہے۔
جمہور کے نزدیک عام رفتار سے تیزی مراد ہے بھاگنا جائز نہیں ہے لیکن احناف کے نزدیک زیادہ تیز رفتاری مراد ہے۔
یعنی بہت تیزی کرنی چائیے اور آج کل اس بات کو نظر انداز کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔
اللہ تعالیٰ ہمیں سنت پر چلنے کی توفیق دے۔
ابوہریرہ رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ جنازہ تیزی سے لے کر چلو ۱؎، اگر وہ نیک ہو گا تو اسے خیر کی طرف جلدی پہنچا دو گے، اور اگر وہ برا ہو گا تو اسے اپنی گردن سے اتار کر (جلد) رکھ دو گے۔ [سنن ترمذي/كتاب الجنائز/حدیث: 1015]
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ” جنازہ لے جانے میں جلدی کیا کرو کیونکہ اگر وہ نیک ہے تو تم اسے نیکی کی طرف پہنچانے میں جلدی کرو گے اور اگر نیک نہیں ہے تو تم شر کو جلد اپنی گر دنوں سے اتار پھینکو گے۔“ [سنن ابي داود/كتاب الجنائز /حدیث: 3181]
وفات ہوجانے کے بعد میت کو دفن کرنے میں جلدی کرنی چاہیے۔
دوردراز کے اقارب واحباب کو جمع کرنا اور ان کی آمد کے انتظار میں تاخیر کرنا ایک غیر شرعی اور نامناسب عمل ہے۔
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ” جنازہ کو جلدی لے کر چلو کیونکہ اگر وہ نیک ہے تو تم اس کو نیکی کی طرف جلدی پہنچا دو گے، اور اگر بد ہے تو بدی کو اپنی گردن سے اتار پھینکو گے۔“ [سنن ابن ماجه/كتاب الجنائز/حدیث: 1477]
فوائد و مسائل:
(1)
میت کو غسل دینے کے بعد کفن کرنے میں بلاوجہ تاخیر کرنا درست نہیں۔
(2)
بعض لوگ دفن کرنے میں اس لئے دیر کردیتے ہیں۔
کہ متوفی کے بعض قریبی رشتہ دار دوسرے شہر یا ملک سے آئیں گے تب دفن کیا جائے گا۔
یہ رواج غلط ہے۔
بعد میں آنے والے قبر پر جا کر میت کے حق میں دعا کریں۔
اورچاہیں تو قبر پر نماز جنازہ ادا کر لیں۔
اس کی دلیل صحیح بخاری کی یہ روایت ہے۔
کہ ایک خاتون مسجد نبویﷺ کی صفائی کیا کرتی تھی۔
ایک رات اس کی وفات ہوگئی۔
صحابہ کرام رضوان للہ عنہم اجمعین نے رسول اللہﷺ کوتکلیف دینا مناسب نہ سمجھا اور اس کا جنازہ پڑھ کر اسے دفن کردیا۔
جب رسول اللہﷺ کو اس خاتون کی وفات کا علم ہوا تو اس کی قبر پر جا کر جنازہ پڑھا۔
دیکھئے: (صحیح البخاري، الجنائز، باب الصلاۃ علی القبر بعد ما یدفن، حدیث: 1337)
(3)
جلدی دفن کرنے کی ایک حکمت یہ بھی ہے۔
کہ نیک مومن جلد اپنے ٹھکانے پر پہنچ جائے کیونکہ اس کے لئے اس جہاں میں خیر ہی خیر ہے اور بُرا آدمی جتنی جلدی گھر سے نکلے اتنا ہی بہتر ہے تاکہ دفن کرنے والے اپنے فرض سے جلد سبک دوش ہوجایئں۔
”سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ”جنازہ لے جانے میں جلدی کیا کرو۔ اس لئے کہ اگر مرنے والا صالح اور نیک آدمی تھا تو اس کے لئے بہتر ہو گا کہ اسے بہتر جگہ کی طرف جلدی لے جاؤ اور اگر دوسرا ہے (برا آدمی ہے) تو اپنی گردن سے اتار کر رکھ دو۔“ [بلوغ المرام /كتاب الجنائز/حدیث: 460]
«اَسْرِعُوا» چلنے میں جلدی کرو، یا اس کا مطلب یہ ہے کہ موت کے وقوع کے یقینی ہونے کے بعد میت کی تجہیز و تکفین میں جلدی کرو۔
«تَضَعُونَهُ» وضع سے ماخوذ ہے جس کے معنی اتار کر رکھ دینے کے ہیں۔ یہ حمل کے مقابلے میں بولا جاتا ہے جس کے معنی اٹھانے کے ہوتے ہیں۔ اور یہ کنایۃ ”اپنے سے دور کر دینے“ کے معنی میں مستعمل ہے۔
فائدہ:
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ وفات ہو جانے کی بعد میت کو دفن کرنے میں جلدی کرنی چاہیے، دور دراز کے اقارب و احباب کو جمع کرنا اور ان کی آمد کے انتظار میں تاخیر کرنا خلاف سنت ہے، نیز اسی طرح اگر کوئی شخص اپنے گھر سے دور کسی اور جگہ یا کسی دوسرے ملک میں فوت ہو جاتا ہے تو اسے اپنے ملک میں واپس لانے کے بجائے ادھر ہی دفن کر دینا چاہیے جس ملک میں اس کی وفات ہوئی ہے، مثلاً: اگر کوئی شخص حج یا عمرہ کرنے کے لیے سعودی عرب جاتا ہے اور وہاں اس کی موت واقع ہو جاتی ہے تو اسے واپس پاکستان لانے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ اسے ادھر ہی دفن اقرب الی السنہ ہے۔
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ جب کسی کے فوت ہونے کا یقینی علم ہو جائے تو اس کو دفنانے میں تاخیر نہیں کرنی چاہیے، بلکہ فوری دفنا دینا چاہیے، بس اتنے لوگوں تک اطلاع دینا ضروری ہے کہ بعض قبر کھودنے کے لیے آ جائیں اور کچھ میت کو غسل دینا شروع کر دیں، اور کچھ میت کو اٹھا کر قبرستان لے جائیں۔
نیز اس حدیث سے یہ بھی ثابت ہوا کہ میت بولتی ہے لیکن اس کی کیفیت ہم نہیں جانتے۔
یا رب العالمین راقم کو، اور اس کے اساتذہ کو اور اہل و عیال کو روز قیامت خادمین حدیث میں شمار فرما آمین۔