حدیث نمبر: 891
حَدَّثَنَا يَحْيَى بْنُ يَحْيَى ، قَالَ : قَرَأْتُ عَلَى مَالِكٍ ، عَنْ ضَمْرَةَ بْنِ سَعِيدٍ الْمَازِنِيِّ ، عَنْ عُبَيْدِ اللَّهِ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ ، أَنَّ عُمَرَ بْنَ الْخَطَّابِ ، سَأَلَ أَبَا وَاقِدٍ اللَّيْثِيَّ ، " مَا كَانَ يَقْرَأُ بِهِ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فِي الْأَضْحَى وَالْفِطْرِ ؟ " فَقَالَ : " كَانَ يَقْرَأُ فِيهِمَا بِ ق وَالْقُرْآنِ الْمَجِيدِ وَاقْتَرَبَتِ السَّاعَةُ وَانْشَقَّ الْقَمَرُ " .

مالک نے ضمرہ بن سعید مازنی سے اور انہوں نے عبیداللہ بن عبداللہ سے روایت کی کہ حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ نے ابوواقد لیثی رضی اللہ عنہ سے پوچھا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم عید الاضحیٰ اور عید الفطر میں کون سی سورت قراءت فرماتے تھے؟ تو انہوں نے کہا: آپ صلی اللہ علیہ وسلم ان دونوں میں سورہ «ق والقرآن المجيد» اور سورہ «اقتربت الساعة وانشق القمر» پڑھا کرتے تھے۔

وحَدَّثَنَا إسحاق بْنُ إِبْرَاهِيمَ ، أَخْبَرَنَا أَبُو عَامِرٍ الْعَقَدِيُّ ، حَدَّثَنَا فُلَيْحٌ ، عَنْ ضَمْرَةَ بْنِ سَعِيدٍ ، عَنْ عُبَيْدِ اللَّهِ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عُتْبَةَ ، عَنْ أَبِي وَاقِدٍ اللَّيْثِيِّ ، قَالَ : " سَأَلَنِي عُمَرُ بْنُ الْخَطَّابِ عَمَّا قَرَأَ بِهِ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فِي يَوْمِ الْعِيدِ ، فَقُلْتُ : بِ اقْتَرَبَتِ السَّاعَةُ وَق وَالْقُرْآنِ الْمَجِيدِ " .

فلیح نے ضمرہ بن سعید سے، انہوں نے عبیداللہ بن عبداللہ بن عتبہ سے اور انہوں نے حضرت ابوواقد لیثی رضی اللہ عنہ سے روایت کی، انہوں نے فرمایا، حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ نے مجھ سے اس بارے میں پوچھا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے عید کی نماز میں کیا پڑھا؟ تو میں نے کہا: «اقتربت الساعة» اور «ق والقرآن المجيد»۔

حوالہ حدیث صحيح مسلم / كتاب صلاة العيدين / حدیث: 891
درجۂ حدیث محدثین: أحاديث صحيح مسلم كلها صحيحة
تخریج حدیث «أحاديث صحيح مسلم كلها صحيحة»
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح مسلم: 891 | سنن ترمذي: 534 | سنن ابي داود: 1154 | سنن ابن ماجه: 1282 | مسند الحميدي: 872

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 891 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
حضرت ابوواقد لیثی بیان کرتے ہیں کہ عمر بن خطاب رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے مجھ سے پوچھا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے عید کی نماز میں کیا پڑھا تھا؟ تو میں نے کہا: ﴿اقْتَرَ‌بَتِ السَّاعَةُ﴾ اور ﴿ق ۚ وَالْقُرْ‌آنِ الْمَجِيدِ﴾ کی قرآت کی تھی۔ [صحيح مسلم، حديث نمبر:2060]
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم عیدین میں سورۃ اعلیٰ اور سورۃ غاشیہ کی بجائے کبھی سورۃ ق اور سورۃ ﴿اقْتَرَبَتِ السَّاعَةُ﴾ بھی پڑھا کرتے تھے کیونکہ سورۃ ق میں قرآن مجید کی عظمت کے ذکر کے بعد مرنے کے بعد دوبارہ اٹھنے کو ثابت کیا ہے اور بتایا ہے کہ لوگوں کے اعمال واقوال کا ریکارڈ محفوظ رکھنے کے لیے ہوشیار اور حاضر باش فرشتے مقرر ہیں اور اس کے لیے ایک رجسٹر ہے جس میں ان کا اندراج ہو رہا ہے قیامت کی تصویر کشی ہے۔
مکذبین کے حالات کی تفصیل ہے اور ایمان داروں کی سرفرازی کا بیان ہے۔
قوموں کے عروج وزوال کی داستان ہے رسول کی ذمہ داری کا بیان اور اس کے لیے جس صبر واستقامت کی ضرورت ہے اس کے حصول کے لیے نماز کی تلقین ہے اس طرح یہ سورۃ انتہائی عبرت انگیز اور سبق آموز ہے۔
اسی طرح سورۃ ﴿اقْتَرَبَتِ السَّاعَةُ﴾ میں مختلف قوموں کے حالات وواقعات بیان کرکے ان کے انجام سے سبق لینے کی ہدایت ہے اوربتایا گیا ہے کہ قرآن مجید عبرت ونصیحت اور یاد دہانی حاصل کرنے کے لیے ہر پہلو سے آراستہ ہے اس لیے تم اس سے فائدہ اٹھا کر اپنا انجام اچھا بنا لو۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 891 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابي داود / حدیث: 1154 کی شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی ✍️
´عید الاضحی اور عیدالفطر میں کون سی سورتیں پڑھے؟`
عبیداللہ بن عبداللہ بن عتبہ بن مسعود سے روایت ہے کہ عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ نے ابوواقد الیثی رضی اللہ عنہ سے پوچھا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم عید الاضحی اور عید الفطر میں کون سی سورت پڑھتے تھے؟ آپ نے کہا: آپ صلی اللہ علیہ وسلم ان میں «ق والقرآن المجيد» اور «اقتربت الساعة وانشق القمر» پڑھتے تھے۔ [سنن ابي داود/تفرح أبواب الجمعة /حدیث: 1154]
1154۔ اردو حاشیہ:
عیدین میں ان سورتوں کی قرأت مسنون اور مستحب ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 1154 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابن ماجه / حدیث: 1282 کی شرح از مولانا عطا اللہ ساجد ✍️
´نماز عیدین میں پڑھی جانے والی سورتوں کا بیان۔`
عبیداللہ بن عبداللہ کہتے ہیں کہ عمر رضی اللہ عنہ عید کے دن نکلے تو ابوواقد لیثی رضی اللہ عنہ کے پاس یہ پوچھنے کے لیے انہوں نے آدمی بھیجا کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اس دن نماز عید میں کون سی سورۃ پڑھتے تھے، تو انہوں نے کہا: سورۃ «قٓ» اور «اقتربت الساعۃ» ۔ [سنن ابن ماجه/كتاب إقامة الصلاة والسنة/حدیث: 1282]
اردو حاشہ:
فائدہ: عیدین کی نمازوں میں دونوں احادیث میں مذکور سورتیں پڑھنا درست ہے۔
دونوں میں سے جس حدیث کے مطابق تلاوت کی جائےگی سنت پر عمل ہوجائے گا۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 1282 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: مسند الحميدي / حدیث: 872 کی شرح از محمد ابراہیم بن بشیر ✍️
872-عبید اللہ بن عبداللہ بیان کرتے ہیں: عید کے دن سیدنا عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ تشریف لائے انہوں نے سیدنا ابوواقد لیثی رضی اللہ عنہ سے دریافت کیا: اس دن نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے کون سی سورت کی تلاوت کی تھی؟ تو سیدنا ابوواقد رضی اللہ عنہ نے جواب دیا: سورہ ق اور سورہ اقتر بت کی۔ [مسند الحمیدی/حدیث نمبر:872]
فائدہ:
اس حدیث سے ثابت ہوا کہ رسول اللہ میڈیم عید نماز کی پہلی رکعت میں سورۃ ق اور دوسری رکعت میں سورۃ القمر کی تلاوت کرتے تھے۔ جبکہ ایک دوسری حدیث میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نماز جمعہ اور نماز عید کی پہلی رکعت میں سورۃ الاعلی اور دوسری رکعت میں سورۃ الغاشیہ پڑھتے تھے۔ [صحيح مسلم بصلوة المسافرين: 878]
علمائے کرام کو مسنون قرأت کا ہی اہتمام کرنا چاہیے۔
درج بالا اقتباس مسند الحمیدی شرح از محمد ابراهيم بن بشير، حدیث/صفحہ نمبر: 872 سے ماخوذ ہے۔