صحيح مسلم
کتاب فضائل القرآن وما يتعلق به— قرآن کے فضائل اور متعلقہ امور
باب فَضْلِ الْمَاهِرِ بِالْقُرْآنِ وَالَّذِي يَتَتَعْتَعُ فِيهِ: باب: قرآن کے ماہر اور اس کو اٹک اٹک کر پڑھنے والے کی فضیلت۔
حَدَّثَنَا قُتَيْبَةُ بْنُ سَعِيدٍ ، وَمُحَمَّدُ بْنُ عُبَيْدٍ الْغُبَرِيُّ جَمِيعًا ، عَنْ أَبِي عَوَانَةَ ، قَالَ ابْنُ عُبَيْدٍ : حَدَّثَنَا أَبُو عَوَانَةَ ، عَنْ قَتَادَةَ ، عَنْ زُرَارَةَ بْنِ أَوْفَى ، عَنْ سَعْدِ بْنِ هِشَامٍ ، عَنْ عَائِشَةَ ، قَالَتْ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " الْمَاهِرُ بِالْقُرْآنِ مَعَ السَّفَرَةِ الْكِرَامِ الْبَرَرَةِ ، وَالَّذِي يَقْرَأُ الْقُرْآنَ وَيَتَتَعْتَعُ فِيهِ وَهُوَ عَلَيْهِ شَاقٌّ ، لَهُ أَجْرَانِ " .حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا بیان کرتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جس نے قرآن مجید میں مہارت پیدا کرلی، (اور اس کی بنا پر قرآن کو بے تکلف رواں پڑھنے لگا) وہ معزز اور فرمانبردار فرشتوں کے ساتھ ہوگا۔ اور جو انسان قرآن مجید پڑھتا ہے اور(مہارت نہ ہونے کی وجہ سے زحمت اور مشقت کے ساتھ) اس میں اٹکتا ہے اور دشواری محسوس کرتا ہے اس کو دو اجر ملیں گے۔‘‘
وحَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ الْمُثَنَّى ، حَدَّثَنَا ابْنُ أَبِي عَدِيٍّ ، عَنْ سَعِيدٍ . ح وحَدَّثَنَا أَبُو بَكْرِ بْنُ أَبِي شَيْبَةَ ، حَدَّثَنَا وَكِيعٌ ، عَنْ هِشَامٍ الدَّسْتَوَائِيِّ كِلَاهُمَا ، عَنْ قَتَادَةَ ، بِهَذَا الإِسْنَادِ ، وقَالَ فِي حَدِيثِ وَكِيعٍ وَالَّذِي يَقْرَأُ وَهُوَ يَشْتَدُّ عَلَيْهِ ، لَهُ أَجْرَانِ .امام صاحب اپنے دوسرے اساتذہ سے یہی روایت بیان کرتے ہیں، وکیع کے الفاظ یہ ہیں، ”جوقراءت کرتا ہےاور وہ اس کے لیے گراں اور مشقت کا باعث ہے، اس کے لیے دو اجرہیں۔‘‘
تشریح، فوائد و مسائل
(1)
اَلْمَاهِرُ بِالْقُرْآن: جو قرآن مجید کے لفظ اور پڑھنے میں ماہر اور پختہ ہو۔
حفظ و اتقان کی وجہ سے قراءت کرنے میں لکنت اور زحمت نہیں ہوتی۔
(2)
اَلسَّفَرَةُ الْكِرَامُ الْبَرَرَةُ: سفرة، سافر کی جمع ہے مسافر، رسول اور ایلچی کو کہتے ہیں یا لکھنے والے اور اس سے مراد فرشتے ہیں۔
(3)
اَلكِرَامُ: كريم کی جمع ہے، معزز و محترم، اَلْبَرَرَةِ، بَارٌّ کی جمع ہے خوب کار وفادار اور اطاعت شعار۔
(4)
يَتَتَعْتَعُ فِيْهِ: اس میں اٹکتا ہے، توقف کرتا ہے، عدم مہارت کی بنا پر روانی پیدا نہیں ہوتی۔
فوائد ومسائل: اللہ تعالیٰ کے جو بندے قرآن کو اللہ کا کلام یقین کرتے ہوئے اس سے شغف و تعلق رکھتے ہیں اگر کثرت تلاوت اور اس کے اہتمام کی وجہ سے اس میں مہارت حاصل کر کے بے تکلف رواں پڑھتے ہیں، اس کے مطالب و معانی پر غور و فکر کرتے ہیں اور اس پر عمل کرنے کی کوشش کرتے ہیں ان کو معزز و محترم حامل وحی فرشتوں کی رفاقت و معیت کی سعادت حاصل ہو گی لیکن جو بندے ایمان کے تقاضے کی بنا پر قرآن مجید کی تلاوت کرتے ہیں لیکن صلاحیت ومہارت کی کمی کی وجہ سے تکلف کے ساتھ اٹک اٹک کر پڑھتے ہیں اور اجرو ثواب کے حصول کی خاطر، پڑھنے میں زحمت و مشقت برداشت کرتے ہیں ان کو بھی دل برداشتہ یا شکستہ دل ہونے کی ضرورت نہیں ہے ان کو تلاوت کے اجرو ثواب کے ساتھ زحمت و مشقت اٹھانے کا الگ ثواب ملتا ہے۔
ان ہی کے لئے دوگنا ثواب ہے کیونکہ وہ کافی مشقت کے بعد قراءت قرآن میں کامیاب ہوتے ہیں۔
1۔
ایک روایت میں ہے کہ قرآن مجید کا ماہر قیامت کے دن مکرم، نیک اور لکھنے والے فرشتوں کے ساتھ ہو گا۔
(صحیح مسلم، صلاہ المسافرین، حدیث: 1862(798)
2۔
قرآن کے ماہر سے مراد وہ حافظ قرآن جو قرآن مجید کو صحیح طور پر پڑھتا ہے اور دوران تلاوت میں کوئی دشواری اور مشکل محسوس نہیں کرتا، اورجو شخص قرآن کی تلاوت کرنے میں دقت محسوس کرتا ہے، اس کے با وجود پڑھتا رہتا ہے اسے دوگنا اجر ملے گا۔
ایک اجر تلاوت کرنے کا اوردوسرا اس میں تکلیف اٹھانے کا لیکن وہ ماہر قرآن کے مرتبے اور مقام کو نہیں پہنچ سکے گا کیونکہ اس کی شان ہی الگ ہے۔
حافظ ابن حجر رحمۃ اللہ علیہ نے اس معنی کو زیادہ واضح او راجح قرار دیا ہے۔
(فتح الباري: 885/8)
ام المؤمنین عائشہ رضی الله عنہا کہتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ” جو شخص قرآن پڑھتا ہے اور قرآن پڑھنے میں مہارت رکھتا ہے وہ بزرگ پاکباز فرشتوں کے ساتھ ہو گا، اور جو شخص قرآن پڑھتا ہے اور بڑی مشکل سے پڑھ پاتا ہے، پڑھنا اسے بہت شاق گزرتا ہے تو اسے دہرا اجر ملے گا “ ۱؎۔ [سنن ترمذي/كتاب فضائل القرآن/حدیث: 2904]
وضاحت:
1؎:
قرآن پڑھنے میں مہارت رکھنے والا ہو یعنی حافظ قرآن ہونے کے ساتھ قرآن کو تجوید اور اچھی آواز سے پڑھنے والا ہو، ایسا شخص نیکو کار بزرگ فرشتوں کے ساتھ ہو گا، اور جو مشقت کے ساتھ اٹک اٹک کر پڑھتا ہے اور اسے قرآن پڑھنے کا ذوق وشوق ہے تو اسے اس مشقت کی وجہ سے دگنا اجر ملے گا۔
ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتی ہیں کہ آپ نے فرمایا: ” جو شخص قرآن پڑھتا ہو اور اس میں ماہر ہو تو وہ بڑی عزت والے فرشتوں اور پیغمبروں کے ساتھ ہو گا اور جو شخص اٹک اٹک کر پریشانی کے ساتھ پڑھے تو اسے دہرا ثواب ملے گا۔“ [سنن ابي داود/كتاب تفريع أبواب الوتر /حدیث: 1454]
ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ” جو شخص قرآن کے پڑھنے میں ماہر ہو، وہ معزز اور نیک سفراء (فرشتوں) کے ساتھ ہو گا، اور جو شخص قرآن کو اٹک اٹک کر پڑھتا ہو اور اسے پڑھنے میں مشقت ہوتی ہو تو اس کو دو گنا ثواب ہے “ ۱؎۔ [سنن ابن ماجه/كتاب الأدب/حدیث: 3779]
فوائد و مسائل:
(1)
قرآن کے ماہر سے مراد حافظ اور تجوید کے ساتھ پڑھنے والا قاری یا عالم باعمل ہے۔
(2)
جو شخص تجوید کے ساتھ روانی سے نہیں پڑھ سکتا، اس کے باوجود شوق سے پڑھتا ہے، اور پڑھنے میں جو مشقت ہوتی ہے اسے برداشت کرتا ہے، اس کے لیے دگنا ثواب ہے۔
اس میں ان معمر حضرات کے لیے بڑی خوشخبری ہے جن کی زبان موٹی ہو جاتی ہے تو وہ کوشش کے باوجود صحت مخارج اور صفات حروف کا لحاظ رکھ کر الفاظ ادا نہیں کر سکتے، لہذا وہ تلاوت ترک نہ کریں بلکہ یہ عمل صالح جاری رکھیں۔
(3)
خلوص نیت کے ساتھ ادا کیا ہوا ناقص عمل بھی اللہ تعالی ٰ کو بہت پیارا ہے، جب وہ عمل نقص کے بغیر ادا کرنا ممکن نہ ہو۔