صحيح مسلم
كتاب صلاة المسافرين وقصرها— مسافروں کی نماز اور قصر کے احکام
باب جَوَازِ صَلاَةِ النَّافِلَةِ عَلَى الدَّابَّةِ فِي السَّفَرِ حَيْثُ تَوَجَّهَتْ: باب: سفر میں سواری پر نفل پڑھنے کا بیان۔
وحَدَّثَنِي مُحَمَّدُ بْنُ حَاتِمٍ ، حَدَّثَنَا عَفَّانُ بْنُ مُسْلِمٍ ، حَدَّثَنَا هَمَّامٌ ، حَدَّثَنَا أَنَسُ بْنُ سِيرِينَ ، قَالَ : تَلَقَّيْنَا أَنَسَ بْنَ مَالِكٍ ، حِينَ قَدِمَ الشَّامَ ، فَتَلَقَّيْنَاهُ بِعَيْنِ التَّمْرِ ، " فَرَأَيْتُهُ يُصَلِّي عَلَى حِمَارٍ وَوَجْهُهُ ذَلِكَ الْجَانِبَ " ، وَأَوْمَأَ هَمَّامٌ عَنْ يَسَارِ الْقِبْلَةِ ، فَقُلْتُ لَهُ : رَأَيْتُكَ تُصَلِّي لِغَيْرِ الْقِبْلَةِ ، قَالَ : لَوْلَا أَنِّي رَأَيْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، يَفْعَلُهُ ، لَمْ أَفْعَلْهُ .ہمام نے کہا: ہمیں انس بن سیرین نے حدیث بیان کی کہ جب حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ شام سے آئے تو ہم نے ان کا استقبال کیا، ہم عین التمر کے مقام پر جا کر ان سے ملے تو میں نے انہیں دیکھا، وہ گدھے پر نماز پڑھ رہے تھے اور ان کا رخ اس طرف تھا۔ ہمام نے قبلے کی بائیں طرف اشارہ کیا۔ تو میں (انس بن سیرین) نے ان سے کہا: میں نے آپ کو قبلے کی بائیں طرف نماز پڑھتے دیکھا ہے۔ انہوں نے کہا: اگر میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو ایسا کرتے ہوئے نہ دیکھا ہوتا تو میں (کبھی) ایسا نہ کرتا۔
تشریح، فوائد و مسائل
جب لوٹ کر بصرہ آئے تو انس بن سیرین آپ کے استقبال کو گئے اور آپ کو دیکھا کہ گدھے پر نفل نماز اشاروں سے ادا کر رہے ہیں اور منہ بھی غیر قبلہ کی طرف ہے۔
آپ سے پوچھا گیا تو فرمایا کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو بھی سواری پر نفل نماز ایسے ہی پڑھتے دیکھا ہے۔
یہ روایت مسلم میں عبد اللہ بن عمر ؓ سے یوں ہے: رأيتُ رَسولَ اللهِ صلَّى اللهُ عليه وسلَّم يُصَلِّي على حِمارٍ أو حِمارةٍ، وهو متوَجِّهٌ إلى خَيبَرَ کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو دیکھا آپ (نفل نماز)
گدھے پر ادا فرما رہے تھے اور آپ کا چہرہ مبارک خیبر کی طرف تھا۔
حضرت امام بخاری ؒ نے اس روایت کو ابراہیم بن طہمان کی سند سے نقل فرمایا۔
حافظ ابن حجر ؒ کہتے ہیں کہ مجھ کو یہ حدیث ابراہیم بن طہمان کے طریق سے موصولا نہیں ملی، البتہ سراج نے عمرو بن عامر سے، انہوں نے حجاج سے، اس لفظ سے روایت کیا ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم اپنی اونٹنی پر نماز پڑھتے چاہے جدھر وہ منہ کرتی تو حضر ت انس ؓ نے گدھے پر نماز پڑھنے کو اونٹنی کے اوپر پڑھنے پر قیاس کیا اور سراج نے یحییٰ بن سعید سے روایت کیا، انہوں نے حضرت انس ؓ سے کہ انہوں نے آنحضرت ﷺ کو گدھے پر نماز پڑھتے دیکھا اور آپ خیبر کی طرف منہ کئے ہوئے تھے۔
علامہ شوکانی ؒ فرماتے ہیں کہ نماز میں قبلہ کی طرف منہ کرنا بالاجماع فرض ہے۔
مگر جب آدمی عاجز ہو یا خوف ہو یا نفل نماز ہو تو ان حالات میں یہ فرض اٹھ جاتا ہے۔
نفل نماز کے لیے بھی ضروری ہے کہ شروع کرتے وقت نیت باندھنے پر منہ قبلہ رخ ہو بعد میں وہ سواری جدھر بھی رخ کرے نماز نفل ادا کرنا جائز ہے۔
عین التمر ایک گاؤں ملک شام میں عراق کی طرف واقع ہے۔
اس روایت سے ثابت ہو اکہ کسی ظالم حاکم کی شکایت بڑے حاکم کو پہنچانا معیوب نہیں ہے اور یہ کہ کسی بزرگ کے استقبال کے لیے چل کر جانا عین ثواب ہے اور یہ بھی کہ بڑے لوگوںسے چھوٹے آدمی مسائل کی تحقیق کر سکتے ہیں اور یہ بھی ثابت ہوا کہ دلیل پیش کرنے میں رسول اللہ ﷺ کی حدیث بڑی اہمیت رکھتی ہے کہ مومن کے لیے اس سے آگے گنجائش نہیں۔
اس لیے بالکل سچ کہا گیا ہے: اصل دیں آمد کلام اللہ معظم داشتن پس حدیث مصطفی برجاں مسلم داشتن یعنی دین کی بنیاد ہی یہ ہے کہ قرآن مجید کو حد درجہ قابل تعظیم کہا جائے اور پس احادیث نبوی کو دل وجان سے تسلیم کیا جائے۔
(1)
سواری پر نفل ادا کرنے کے لیے یہ ضروری نہیں کہ وہ جانور مأکول اللحم ہو اور اس کے فضلات وغیرہ پاک ہوں، البتہ یہ ضروری ہے کہ نماز پڑھتے وقت نمازی کے جسم یا کپڑوں کا کوئی حصہ نجاست آلود نہ ہو۔
(2)
رسول اللہ ﷺ کا بھی گدھے پر نفل ادا کرنا ثابت ہے، جیسا کہ حضرت انس ؓ سے روایت ہے کہ انہوں نے رسول اللہ ﷺ کو گدھے پر نفل پڑھتے دیکھا جبکہ آپ خیبر کی طرف جا رہے تھے۔
(سنن النسائي، المساجد، حدیث: 742)
اسی طرح حضرت عبداللہ بن عمر ؓ سے روایت ہے، انہوں نے فرمایا: میں نے رسول اللہ ﷺ کو گدھے پر نماز پڑھتے دیکھا جبکہ آپ کا چہرہ خیبر کی طرف تھا۔
(صحیح مسلم، صلاة المسافرین، حدیث: 1614(700)
ابراہیم بن طہمان کی روایت کو امام بخارى ؒ نے بیان نہیں کیا اور نہ متصل سند ہی سے ہمیں دستیاب ہو سکی ہے۔
شاہ ولی اللہ محدث دہلوی ؒ شرح تراجم بخاری میں لکھتے ہیں: امام بخاری ؒ نے اہتمام کے ساتھ یہ باب قائم کیا ہے تاکہ اس وہم کا رد کیا جائے کہ گدھے پر نماز جائز نہیں، کیونکہ یہ نجس ہونے کی بنا پر اللہ کی رحمت سے دور اور شیطان کے قریب ہوتا ہے۔
ان احادیث سے ثابت ہوا کہ گدھے پر نماز پڑھنے میں کوئی حرج نہیں اور نہ اس قسم کے وہم ہی میں پڑنے کی ضرورت ہے۔
انس بن مالک رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب سفر کرتے اور نفل پڑھنے کا ارادہ کرتے تو اپنی اونٹنی قبلہ رخ کر لیتے اور تکبیر کہتے پھر نماز پڑھتے رہتے خواہ آپ کی سواری کا رخ کسی بھی طرف ہو جائے۔ [سنن ابي داود/كتاب صلاة السفر /حدیث: 1225]
➊ دوران سفر میں نفل پڑھنا اپنے وقت کا بہترین مصرف اور اللہ ذوالجلال کے ہاں تقرب کا بہترین عمل ہے۔
➋ سواری پر نفل ہی پڑھے جا سکتے ہیں، فرائض نہیں۔ مگر یہ اس وقت جب سواری مسافر کے اپنے تصرف میں ہو۔ ہمارے دور کی سواریاں اور نظام سفر ریل گاڑی اور ہوائی جہاز وغیرہ۔ چونکہ مسافروں کے اپنے تصرف میں نہیں ہوتے، اس لئے ان پر فرض بھی ادا کر سکتے ہیں۔ بہرحال جہاں تک ممکن ہو، فرائض قریب ترین پڑاؤ پر ادا کئے جائیں، جیسے کشتی یا بحری جہاز میں اگر ساحل قریب نہ ہو تو بالاتفاق ان میں فرض نماز جائز ہے۔ ایسے ہی بس اور ہوائی جہاز وغیرہ کا معاملہ ہے۔ گویا جس طرح بھی ممکن ہو، فرض نماز کی ادائیگی کر لی جائے یا پھر جمع تقدیم یا جمع تاخیر پر عمل کر لیا جائے۔
➌ اس حدیث سے بھی یہ معلوم ہوا کہ وتر فرض نہیں ہیں بلکہ تاکیدی نفل ہیں۔
انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو گدھے پر نماز پڑھتے دیکھا آپ سوار ہو کر خیبر کی طرف جا رہے تھے، اور قبلہ آپ کے پیچھے تھا۔ ابوعبدالرحمٰن (نسائی) کہتے کہ ہم کسی ایسے شخص کو نہیں جانتے جس نے عمرو بن یحییٰ کی ان کے قول «يصلي على حمار» میں متابعت کی ہو ۱؎ اور یحییٰ بن سعید کی حدیث جو انس رضی اللہ عنہ سے مروی ہے، صحیح یہ ہے کہ وہ موقوف ہے ۲؎ واللہ سبحانہ وتعالیٰ اعلم بالصواب۔ [سنن نسائي/كتاب المساجد/حدیث: 742]
مزید برآں یہ کہ اس حدیث کی تائید حضرت انس بن مالک کی حدیث سے بھی ہوتی ہے، جسے اصطلاح میں شاہد کہا جاتا ہے۔ پھر ان میں تعارض اس لیے بھی نہیں رہتاکہ ممکن ہے کبھی گدھے پر سوار ہوں اور کبھی اونٹ پر، گویا یہ دو مختلف اوقات کی بات ہے جیسا کہ امام نووی رحمہ اللہ نے فرمایا ہے، اس لیے روایت کو ناقابل حجت قرار دینے کی بجائے، جبکہ راوی بھی ثقہ ہو، تطبیق دینا ہی بہتر ہے۔ پھر یہ اعتراض کہ حدیث انس کا مرفوع ہونا درست نہیں اور وجہ یہ ہے کہ یحییٰ بن سعید کے سوا دیگر رواۃ اسے حضرت انس سے موقوفاً ذکر کرتے ہیں جیسا کہ انس بن سیرین کی روایت میں ہے۔ دیکھیے: [صحیح مسلم، صلاۃ المسافرین، حدیث: 702]
یہ بھی محل نظر ہے کیونکہ اگر ایک نے موقوفاً بیان کیا ہو اور دوسرے نے مرفوعاً اور بیان کرنے والا ثقہ ہو تو یہ کوئی قابل جرح بات نہیں بلکہ ایک مزید فائدہ ہے۔ گویا یہ روایت موقوفاً اور مرفوعاً دونوں طرح ثابت ہے اور یہ کوئی قابل اعتراض بات نہیں۔ یوں سمجھئے، اگر ایک روایت مرسلا منقول ہو اور دوسری موصولاً، یا ایک منقطع ہو دوسری متصل، کیا آپس میں ان کا کوئی تضاد ہے؟ قطعاً نہیں بلکہ متصل اور موصول ہی کو قبول کیا جائے گا۔ یہاں بھی ایسے ہی ہے بلکہ اس موقوف روایت کا ابن عمر رضی اللہ عنہما سے مرفوع شاہد بھی ملتا ہے جسے امام مسلم رحمہ اللہ نے اپنی صحیح میں درج کیا ہے۔ بہرحال حق یہی ہے کہ دونوں احادیث صحیح ہیں۔ حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے بھی دونوں کو صحیح قرار دیا ہے بلکہ انہوں نے ان روایات کو ایک دوسری کا شاہد بنایا ہے۔ دیکھیے: [فتح الباري: 576/2، حدیث: 1100]
شیخ البانی رحمہ اللہ نے بھی ان دونوں روایات کو صحیح کہا ہے۔ دیکھیے: [صحیح سنن النسائي]
➋ یہ نفل نماز کی بات ہے۔ چونکہ نفل ہر وقت پڑھے جا سکتے ہیں، لہٰذا نفل کے لیے سہولتیں رکھی گئی ہیں کہ کھڑا ہو کر نہ پڑھنا چاہے تو بیٹھ کر پڑھ لے، اتر کر نہیں پڑھ سکتا تو سواری ہی پر پڑھ لے اور رکوع اور سجدہ کی بجائے اشارہ ہی کر لے۔
➌ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم آپ خیبر کی طرف تشریف لے جا رہے تھے اور خیبر شمال کی جانب ہے جب کہ مدینہ منورہ سے قبلہ جنوب کی جانب ہے۔
«. . . وعن عامر بن ربيعة رضي الله عنه قال: رايت رسول الله صلى الله عليه وآله وسلم يصلي على راحلته حيث توجهت به . . .»
”. . . سیدنا عامر بن ربیعہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنی اونٹنی پر نماز پڑھتے دیکھا ہے۔ اونٹنی جس طرف بھی رخ کرتی آپ صلی اللہ علیہ وسلم نماز پڑھتے رہتے . . .“ [بلوغ المرام/كتاب الصلاة/باب شــروط الصلاة: 166]
«يُومِئُ بِرَأْسِهِ» اپنے سر سے رکوع و سجود کے لیے اشارہ کرتے اور سجدے کے لیے رکوع کی بہ نسبت ذرا زیادہ جھکتے۔
«الْمَكْتُوبَة» لکھی ہوئی، یعنی فرض نماز۔
«اَلرِّكَابِ» ”را“ کے کسرہ اور ”کاف“ مخففہ کے ساتھ ہے۔ سواری کو کہتے ہیں، یعنی اونٹنی یا ہر وہ چیز جس سے سواری کا کام لیا جائے۔ یہاں اونٹنی مراد ہے۔
فائدہ:
حدیث ہذا سے معلوم ہوا کہ سفر کی حالت میں نفل نماز سواری پر ادا کی جا سکتی ہے، فرض نہیں، نیز ایک دفعہ سواری کا رخ یا اپنا رخ قبلہ کی طرف کر کے شروع کر لے، پھر اگر سواری کا رخ کسی دوسری جانب ہو جائے تب بھی نماز درست ہے۔ مگر یہ اس وقت ہے جب سواری مسافر کے اپنے تصرف میں ہو۔ ہمارے دور کی سواریاں، مثلاً: ریل گاڑی اور ہوائی جہاز وغیرہ چونکہ مسافروں کے اپنے تصرف میں نہیں ہوتے، اس لیے ایسے سفروں میں جمع تقدیم (ظہر اور عصر کو اکٹھا ظہر کے وقت میں اور مغرب و عشاء کو اکٹھا مغرب کے وقت میں پڑھنا) یا جمع تاخیر (ظہر اور عصر کو اکٹھا عصر کے وقت میں اور مغرب و عشاء کو اکٹھا عشاء کے وقت میں پڑھنا) کی سہولت سے فائدہ اٹھایا جائے۔ اگر سفر اتنا لمبا ہو کہ دو نمازوں (ظہر و عصر یا مغرب و عشاء) کا وقت دوران سفر ہی میں گزر جائے گا تو پھر سواری پر فرض بھی ادا کر سکتے ہیں، جیسے کشتی یا بحری جہاز میں اگر ساحل قریب نہ ہو تو بالاتفاق ان میں فرض نماز جائز ہے۔