حدیث نمبر: 6
وحَدَّثَنِي مُحَمَّدُ بْنُ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ نُمَيْرٍ وَزُهَيْرُ بْنُ حَرْبٍ ، قَالَا : حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ يَزِيدَ ، قَالَ : حَدَّثَنِي سَعِيدُ بْنُ أَبِى أَيُّوبَ ، قَالَ : حَدَّثَنِي أَبُو هَانِئٍ ، عَنْ أَبِي عُثْمَانَ مُسْلِمِ بْنِ يَسَارٍ ، عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ، عَنِ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، أَنَّهُ قَالَ : " سَيَكُونُ فِي آخِرِ أُمَّتِى ، أُنَاسٌ يُحَدِّثُونَكُمْ مَا لَمْ تَسْمَعُوا أَنْتُمْ ، وَلَا آبَاؤُكُمْ ، فَإِيَّاكُمْ وَإِيَّاهُمْ " .

محمد بن عبداللہ بن نمیر، زہیر بن حرب، عبداللہ بن یزید، سعد بن ابی ایوب، ابوہانی نے ابوعثمان مسلم بن یسار سے، انہوں نے ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کی کہ آپ نے فرمایا: ”میری امت کے آخری زمانے میں ایسے لوگ ہوں گے جو تمہارے سامنے ایسی حدیثیں بیان کریں گے جو تم نے سنی ہوں گی نہ تمہارے آباء نے، تم اس قماش کے لوگوں سے دور رہنا۔“

حوالہ حدیث صحيح مسلم / مقدمة / حدیث: 6
درجۂ حدیث محدثین: أحاديث صحيح مسلم كلها صحيحة
تخریج حدیث «أحاديث صحيح مسلم كلها صحيحة ، انفرد به مسلم كما في ((التحفة)) برقم (14621) وهو في ((جامع الاصول)) برقم (8193) »

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ مولانا عبد العزیز علوی
حضرت ابو ہریرہؓ رسول اللہ ﷺ سے روایت کرتے ہیں کہ آپ نے فرمایا: ’’میری امّت کے آخر میں ایسے لوگ ہوں گے، جو تمھیں ایسی حدیثیں سنائیں گے جن کو تم نےسنا ہوگا اور نہ ہی تمھارے آباؤ اجداد نے، چنانچہ تم اپنے آپ کو ان سے بچا کر رکھنا۔‘‘ [صحيح مسلم، حديث نمبر:15]
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل:
ایسی روایات جن سے سلف اورخلف (پہلے، پچھلے)
تمام مسلمان بے خبر ہوں، جبکہ اللہ نے دین (قرآن وسنت)
کی حفاظت کی ذمہ داری لی ہے، اگر صحیح ہوتیں تو وہ سب مسلمانوں سے کیسے اوجھل رہ سکتی تھیں، جھوٹے اور مکار، فریب باز لوگ، دوسروں کی گمراہی کے لیے انہیں گھڑیں گے، اس لیے ان کے فتنہ سے محفوظ رہنے کےلیے ان سے بچنے کی ضرورت ہوگی۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 15 سے ماخوذ ہے۔