صحيح مسلم
كتاب الصلاة— نماز کے احکام و مسائل
باب الْقِرَاءَةِ فِي الْعِشَاءِ: باب: نماز عشاء کی نماز میں قرأت کا بیان۔
حَدَّثَنَا عُبَيْدُ اللَّهِ بْنُ مُعَاذٍ الْعَنْبَرِيُّ ، حَدَّثَنَا أَبِي ، حَدَّثَنَا شُعْبَةُ ، عَنْ عَدِيٍّ ، قَالَ : سَمِعْتُ الْبَرَاءَ يُحَدِّثُ ، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، " أَنَّهُ كَانَ فِي سَفَرٍ ، فَصَلَّى الْعِشَاءَ الآخِرَةَ ، فَقَرَأَ : فِي إِحْدَى الرَّكْعَتَيْنِ وَالتِّينِ وَالزَّيْتُونِ " .شعبہ نے عدی سے روایت کی، انہوں نے کہا: میں نے حضرت براء رضی اللہ عنہ کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے حدیث بیان کرتے ہوئے سنا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم سفر میں تھے، آپ نے عشاء کی نماز پڑھائی تو اس کی ایک رکعت میں «والتين والزيتون» پڑھی۔
حَدَّثَنَا قُتَيْبَةُ بْنُ سَعِيدٍ ، حَدَّثَنَا لَيْثٌ ، عَنْ يَحْيَى وَهُوَ ابْنُ سَعِيدٍ عَنْ عَدِيِّ بْنِ ثَابِتٍ ، عَنِ الْبَرَاءِ بْنِ عَازِبٍ ، أَنَّهُ قَالَ : " صَلَّيْتُ مَعَ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ الْعِشَاءَ ، فَقَرَأَ بِ التِّينِ وَالزَّيْتُونِ " .حضرت براء بن عازب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ عشاء کی نماز پڑھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے «وَالتِّينِ وَالزَّيْتُونِ» کی قرأت کی۔
حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ نُمَيْرٍ ، حَدَّثَنَا أَبِي ، حَدَّثَنَا مِسْعَرٌ ، عَنْ عَدِيِّ بْنِ ثَابِتٍ ، قَالَ : سَمِعْتُ الْبَرَاءَ بْنَ عَازِبٍ ، قَالَ : " سَمِعْتُ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَرَأَ فِي الْعِشَاءِ بِ : التِّينِ وَالزَّيْتُونِ ، فَمَا سَمِعْتُ أَحَدًا أَحْسَنَ صَوْتًا مِنْهُ " .حضرت براء بن عازب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے عشاء کی نماز میں «وَالتِّينِ وَالزَّيْتُونِ» سنی، میں نے کسی کو آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے زیادہ اچھی آواز میں پڑھتے نہیں سنا۔
تشریح، فوائد و مسائل
انہوں نے سنہ 24ھ میں رے کو فتح کیا۔
حضرت علی کے ساتھ جنگ نہروان میں شریک ہوئے۔
بہ زمانہ مصعب بن زبیر کوفہ میں وفات پائی۔
رضي اللہ عنه و أرضاہ۔
1۔
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ نماز میں دوران جماعت میں امام کو چاہیے کہ وہ خوش الحانی سے قرآن کریم کی تلاوت کرے اور تجوید کے قواعد کے مطابق اسے پڑھے۔
ہمارے علمائے کرام کو اس طرف خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم بلند آواز اور خوش الحانی سے قرآن پڑھتے تھے۔
2۔
امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے اس سے ثابت کیا ہے کہ آواز اور تلاوت بندے کا اپنا فعل ہے جو اللہ تعالیٰ کی طرف سے پیدا کیا ہوا ہے جبکہ جسے پڑھا جا رہا ہے وہ اللہ تعالیٰ کا کلام غیر مخلوق ہے۔
چونکہ امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ کو خلق قرآن کے حوالے سے سخت آزمائش سے گزرنا پڑتا تھا، اس لیے اس مسئلے کو دلائل وبراہین سے بیان کیا ہے اور ہر دلیل پر عنوان بندی بھی کی ہے جیسا کہ آئندہ ابواب سے ظاہر ہے۔
(1)
یہ (حدیث: 767)
پہلے گزر چکی ہے۔
اس میں وضاحت ہے کہ یہ دورانِ سفر کا واقعہ ہے۔
حافظ ابن حجر ؒ نے لکھا ہے کہ اکثر لوگ یہ سوال کرتے ہیں: آیا رسول اللہ ﷺ نے سورۂ والتین کو نماز عشاء کی پہلی رکعت میں تلاوت کیا تھا یا دوسری رکعت میں؟ یا اسے دونوں رکعات میں پڑھا؟ یعنی دوسری رکعت میں بھی اس کا اعادہ کیا، اگر کوئی دوسری سورت پڑھی تو وہ کون سی تھی؟ مجھے اس کا استحضار نہیں تھا یہاں تک میں نے علامہ ابو علی ابن السکن کی تالیف "کتاب الصحابة" دیکھی۔
اس میں زرعہ بن خلیفہ ؓ کے حالات میں لکھا ہے، وہ کہتے ہیں کہ ہم نے اپنے علاقے یمامہ میں رسول اللہ ﷺ کا تذکرہ سنا تو آپ کے پاس مدینہ منورہ میں حاضر ہوئے۔
آپ نے ہم پر اسلام پیش کیا تو ہم مسلمان ہو گئے۔
اس وقت آپ نے نماز میں ﴿وَالتِّينِ﴾ اور ﴿إِنَّا أَنزَلْنَاهُ فِي لَيْلَةِ الْقَدْرِ﴾ کی تلاوت فرمائی۔
اگر حضرت براء بن عازب ؓ کی تعین کردہ نماز عشاء یہی ہے تو ممکن ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے اس نماز کی پہلی رکعت میں ﴿وَالتِّينِ وَالزَّيْتُونِ﴾ اور دوسری رکعت میں سورۂ قدر کی تلاوت فرمائی ہو۔
لیکن حضرت براء بن عازب کی صراحت کے مطابق یہ واقعہ دوران سفر میں پیش آیا جبکہ حضرت زرعہ بن خلیفہ کا واقعہ مدینہ منورہ میں پیش آیا ہے۔
والله أعلم (2)
حافظ ابن حجر ؒ نے اس مقام پر لکھا ہے کہ ہم اس حدیث کی تشریح کتاب التوحید کے آخر میں کریں گے۔
لیکن کتاب سجود القرآن اور کتاب التوحید میں لکھا ہے کہ اس حدیث کی تشریح کتاب الصلاة میں گزرچکی ہے۔
(فتح الباري: 911/8)
(1)
سنن نسائی کی روایت میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے پہلی رکعت میں سورۂ والتین کی تلاوت فرمائی۔
چونکہ آپ سفر میں تھے اور دوران سفر میں تخفیف مطلوب ہوتی ہے، اس لیے آپ نے نماز عشاء میں چھوٹی چھوٹی سورتوں کی تلاوت فرمائی۔
اس سے پہلے حدیث ابو ہریرہ حضر پر محمول ہوگی کہ رسول اللہ ﷺ نے نماز عشاء میں اوساط مفصل سورتیں تلاوت کی تھیں۔
(فتح الباري: 324/2) (2)
یہ احادیث اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ نمازوں میں قراءت کی کوئی طے شدہ مقدار مقرر نہیں۔
امام کو چاہیے کہ وہ حالات وظروف کا لحاظ رکھتے قراءت کا تعین کرے، بہر حال مقتدی حضرات کا خیال رکھنا انتہائی ضروری ہے۔
(عمدة القاري: 472/4)
1۔
ایک روایت میں ہے،حضرت براء بن عازب رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے فرمایا: میں نے آپ سے زیادہ خوبصورت آواز والا کوئی نہیں دیکھا۔
(صحیح البخاري، التوحید، حدیث: 7546)
2۔
حافظ ابن حجر رحمۃ اللہ علیہ لکھتے ہیں کہ دوسری آیات سے معلوم ہوتا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے عشاء کی دوسری رکعت میں سورۃ القدر کی تلاوت کی تھی۔
(فتح الباري: 911/8)
براء رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ ہم لوگ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ ایک سفر میں نکلے آپ نے ہمیں عشاء پڑھائی اور دونوں رکعتوں میں سے کسی ایک رکعت میں «والتين والزيتون» پڑھی۔ [سنن ابي داود/كتاب صلاة السفر /حدیث: 1221]
امام کو چاہیے کہ اپنے مقتدیوں کے احوال کا خاص خیال رکھے ایسے ہی سفر میں نماز کی قرأت کو مختصر رکھنا مستحب ہے۔