صحيح مسلم
كتاب الصلاة— نماز کے احکام و مسائل
باب النَّهْيِ عَنْ سَبْقِ الإِمَامِ بِرُكُوعٍ أَوْ سُجُودٍ وَنَحْوِهِمَا: باب: امام سے پہلے رکوع اور سجود وغیرہ کرنے کی ممانعت۔
حَدَّثَنَا خَلَفُ بْنُ هِشَامٍ ، وَأَبُو الرَّبِيعِ الزَّهْرَانِيُّ ، وَقُتَيْبَةُ بْنُ سَعِيدٍ كلهم ، عَنْ حَمَّادٍ ، قَالَ خَلَفٌ : حَدَّثَنَا حَمَّادُ بْنُ زَيْدٍ ، عَنْ مُحَمَّدِ بْنِ زِيَادٍ ، حَدَّثَنَا أَبُو هُرَيْرَةَ ، قَالَ : قَالَ مُحَمَّدٌ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ " أَمَا يَخْشَى الَّذِي يَرْفَعُ رَأْسَهُ قَبْلَ الإِمَامِ ، أَنْ يُحَوِّلَ اللَّهُ رَأْسَهُ ، رَأْسَ حِمَارٍ ؟ " .حماد بن زید نے محمد بن زیاد سے حدیث بیان کی، انہوں نے کہا: ہمیں حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے حدیث سنائی کہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جو شخص امام سے پہلے (رکوع و سجود سے) سر اٹھاتا ہے کیا وہ اس بات سے نہیں ڈرتا کہ اللہ تعالیٰ اس کے سر کو گدھے کے سر جیسا بنا دے؟“
حَدَّثَنَا عَمْرٌو النَّاقِدُ ، وَزُهَيْرُ بْنُ حَرْبٍ ، قَالَا : حَدَّثَنَا إِسْمَاعِيل بْنُ إِبْرَاهِيمَ ، عَنْ يُونُسَ ، عَنْ مُحَمَّدِ بْنِ زِيَادٍ ، عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ، قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ : " مَا يَأْمَنُ الَّذِي يَرْفَعُ رَأْسَهُ فِي صَلَاتِهِ قَبْلَ الإِمَامِ ، أَنْ يُحَوِّلَ اللَّهُ صُورَتَهُ فِي صُورَةِ حِمَارٍ ؟ " ،یونس نے محمد بن زیاد سے اور انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جو شخص اپنی نماز میں امام سے پہلے سر اٹھاتا ہے وہ اس بات سے محفوظ نہیں کہ اللہ تعالیٰ اس کی صورت گدھے کی صورت میں بدل دے۔“
حَدَّثَنَا عَبْدُ الرَّحْمَنِ بْنُ سَلَّامٍ الْجُمَحِيُّ ، وَعَبْدُ الرَّحْمَنِ بْنُ الرَّبِيعِ بْنِ مُسْلِمٍ جَمِيعًا ، عَنْ الرَّبِيعِ بْنِ مُسْلِمٍ . ح وحَدَّثَنَا عُبَيْدُ اللَّهِ بْنُ مُعَاذٍ ، حَدَّثَنَا أَبِي ، حَدَّثَنَا شُعْبَةُ . ح وحَدَّثَنَا أَبُو بَكْرِ بْنُ أَبِي شَيْبَةَ ، حَدَّثَنَا وَكِيعٌ ، عَنْ حَمَّادِ بْنِ سَلَمَةَ كُلُّهُمْ ، عَنْ مُحَمَّدِ بْنِ زِيَادٍ ، عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ، عَن النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ بِهَذَا ، غَيْرَ أَنَّ فِي حَدِيثِ الرَّبِيعِ بْنِ مُسْلِمٍ : " أَنْ يَجْعَلَ اللَّهُ وَجْهَهُ وَجْهَ حِمَارٍ " .ربیع بن مسلم، شعبہ اور حماد بن سلمہ سب نے مختلف سندوں سے محمد بن زیاد سے اور انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی اور انہوں نے یہی روایت نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے بیان کی۔ (ان راویوں میں سے) ربیع بن مسلم کی حدیث میں (اس کی صورت بدل دے کے بجائے) ”اور اللہ اس کا چہرہ گدھے کا چہرہ بنا دے“ کے الفاظ ہیں۔
تشریح، فوائد و مسائل
(1)
اگرچہ اس حدیث میں امام سے پہلے سر اٹھانے والے کے لیے وعید کا بیان ہے، تاہم دوران نماز میں کوئی کام بھی امام سے پہلے سرانجام دینا منع ہے۔
اس بارے میں ایک اور روایت بھی مشہور ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’جو شخص امام سے پہلے سر اٹھاتا ہے یا نیچے رکھتا ہے، اس کی پیشانی شیطان کے قبضے میں ہے۔
‘‘ اس کا ذکر حافظ ابن حجرؒ نے بھی فتح الباری (237/2)
میں کیا ہے لیکن یہ روایت مرفوعا صحیح نہیں۔
دیکھیے: (المعجم الأوسط: 5/385، حديث: 7692)
جمہور کے نزدیک ایسا کرنے والا گناہ گار تو ہوگا، لیکن اس کی نماز ہوجائے گی، لیکن صحیح بات یہ ہے کہ دانستہ ایسا کرنے والے کی نماز باطل ہے، چنانچہ حضرت عبداللہ بن عمر ؓ فرماتے ہیں کہ ایسے آدمی کی نماز سرے سے نہیں ہوتی، امام احمد وغیرہ کا بھی یہی موقف ہے کیونکہ نہی فساد کا تقاضا کرتی ہے۔
اگر اس کی نماز درست ہوتی تو اس کے لیے ثواب کی امید رکھی جاتی اور عقاب کا اندیشہ نہ ہوتا۔
(فتح الباري: 238/2)
علامہ سندھی ؒ فرماتے ہیں کہ ایسے آدمی کی نماز کو درست کہنے والوں پر تعجب ہے۔
یہ حضرات امام سے آگے نماز پڑھنے والے کی نماز کو تو درست نہیں کہتے، لیکن افعال میں آگے بڑھنے والے کی نماز کو درست قرار دیتے ہیں، حالانکہ اقتدا نماز کے افعال ہی میں کرنی ہوتی ہے اس اعتبار سے اگر جگہ میں امام سے آگے بڑھنے والے کی نماز فاسد ہے تو افعال میں آگے بڑھنے والے کی نماز بالاولیٰ فاسد ہونی چاہیے۔
(حاشیة السندي: 128/1) (2)
بعض لوگ حدیث میں بیان کردہ وعید کو مجاز پر محمول کرتے ہیں، یعنی ایسے شخص کی بے وقوفی اور کم عقلی کو ان الفاظ سے تعبیر کیا گیا ہے، کیونکہ اس امت میں مسخ جائز نہیں، علاوہ ازیں بکثرت اس حکم کی مخالفت کے باوجود کوئی واقعہ بھی تبدیلئ شکل کے متعلق منقول نہیں ہوا۔
یہ موقف مبنی بر حقیقت نہیں ہے، کیونکہ اس امت میں مسخ کی نفی علی الاطلاق درست نہیں۔
حضرت عائشہ ؓ سے مروی ایک حدیث کے الفاظ یہ ہیں: ’’اس امت کے آخری دور میں خسف، مسخ اور قذف واقع ہوگا۔
‘‘ رہی یہ بات کہ ایسا کوئی واقعہ رونما کیوں نہیں ہوا؟ تو یہ محض اللہ کا فضل ہے کہ ایسے شخص کو فوری طور پر سزا نہیں دی جاتی، کتنی ہی سزائیں ایسی ہیں کہ بندہ ان کا مستحق بن جاتا ہے، لیکن اللہ تعالیٰ اس سے درگزر فرماتا ہے، نیز حدیث سے صرف یہی معلوم ہوتا ہے کہ ایسا آدمی اس سزا کا مستحق ہے۔
یہ بھی ممکن ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اس قسم کے لوگوں کو ڈھیل دے رکھی ہو۔
(عمدة الأحکام: 313/4) (3)
حافظ ابن حجر ؒ نے اس بحث کے آخر میں بڑی عمدہ بات لکھی ہے کہ امام سے مسابقت کا سبب بندے کی جلد بازی ہوتی ہے تو ایسے انسان کو سوچنا چاہیے کہ وہ جتنی بھی جلدی کرے آخر سلام تو اس نے امام کے ساتھ ہی پھیرنا ہے۔
(فتح الباري: 238/2)
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ”جو شخص (امام سے پہلے) اپنا سر اٹھاتا ہے جبکہ وہ امام سجدے میں ہو، اسے ڈرنا چاہیئے کہ کہیں اللہ تعالیٰ اس کا سر گدھے کے سر جیسا نہ بنا دے یا اس کی شکل گدھے کی شکل نہ بنا دے۔“ [سنن ابي داود/كتاب الصلاة /حدیث: 623]
نماز کے اہم واجبات سے غافل رہنا انتہائی جاہل اور غبی ہونے کی علامت ہے، اسی معنی میں یہ وعید سنائی گئی ہے، لہٰذا مقتدی کو ہر حال میں اپنے امام کے پیچھے رہنا واجب ہے۔
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ” جو شخص اپنا سر امام سے پہلے اٹھا لیتا ہے کیا وہ (اس بات سے) نہیں ڈرتا کہ ۱؎ اللہ اس کا سر گدھے کے سر میں تبدیل نہ کر دے۔“ [سنن نسائي/كتاب الإمامة/حدیث: 829]
➋ یہ حدیث تشدید پر محمول ہے۔ جب کوئی شخص امام سے قبل نماز سے فارغ نہیں ہو سکتا تو پھر پہلے سر اٹھانا حماقت نہیں تو اور کیا ہے؟ لیکن ظاہری مفہوم کے مطابق اللہ تعالیٰ ایسے شخص کے سر کو گدھے کے سر جیسا بھی بنا سکتا ہے۔ اس وعید سے ڈرتے رہنا چاہیے۔
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ” جو شخص امام سے پہلے اپنا سر اٹھاتا ہے، کیا وہ اس بات سے نہیں ڈرتا کہ اللہ تعالیٰ اس کے سر کو گدھے کے سر سے بدل دے “ ۱؎۔ [سنن ابن ماجه/كتاب إقامة الصلاة والسنة/حدیث: 961]
فوائد و مسائل:
(1)
اس قدر سخت وعید سے ظاہر ہوتا ہے کہ امام سے پہلے سجدے اور رکوع سے سر اٹھانا بہت بڑا گنا ہ ہے۔
(2)
عام طور پراللہ تعالیٰ گناہوں کی اس قسم کی سزا دنیا میں نہیں دیتا لیکن ایسا ممکن ہے کہ کسی شخص کو دنیا میں ہی سزا مل جائے۔
بالخصوص جب وہ عناد یا تکبر کی بنا پر گناہ کا ارتکاب کرے۔
(3)
امام سے پہلے سراٹھا لینے سے اسے کوئی فائدہ حاصل نہیں ہوتا۔
اس جلد بازی کے ذریعے سے وہ امام سے پہلے نماز سے فارغ تو نہیں ہو سکتا۔
پھر ایسی بے فائدہ حرکت حماقت ہی تو ہے۔
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ نماز میں امام کی اقتدٱ کرنی چاہیے، نہ ہی اس سے پہلے سجدہ و رکوع میں جانا چاہیے، اور نہ ہی امام سے پہلے سجدہ و رکوع سے سر اٹھانا چاہیے۔ اور یہ بھی ثابت ہوا کہ شیطان ہمیشہ قرآن و حدیث کی مخالفت پر اکسا تا ہے ہمیں شیطان کی مخالفت کرنی چاہیے۔